Tag: general elections

  • بنگلادیش میں عام انتخابات کے لیے پولنگ جاری

    بنگلادیش میں عام انتخابات کے لیے پولنگ جاری

    ڈھاکا: بنگلادیش میں عام انتخابات کے لیے پولنگ کا عمل شروع ہو چکا ہے، اپوزیشن جماعتوں نے انتخابات کا بائیکاٹ کیا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق بنگلادیش میں عام انتخابات کے لیے پولنگ جاری ہے، ملک بھر میں ووٹنگ کا آغاز مقامی وقت کے مطابق صبح 8 بجے شروع ہوا جو شام 4 بجے تک جاری رہے گا۔

    اپوزیشن کے بائیکاٹ کے سبب وزیر اعظم حسینہ واجد کی جیت کا امکان ہے، دوسری جانب اپوزیشن جماعتوں نے 2 روزہ ملک گیر ہڑتال کی کال دی ہے اور عوام سے ووٹ نہ ڈالنے کی اپیل کی گئی ہے۔

    انتخابات سے ایک روز قبل کئی پولنگ بوتھ جلا دیے گئے، ٹرین کو آگ لگا دی گئی جس سے دو بچوں سمیت 4 افراد ہلاک ہوئے، آگ لگانے کے واقعات فوج کی تعنیاتی کے بعد پیش آئے، پولیس نے اپوزیشن کو واقعے کا ذمے دار قرار دے کر 7 ارکان کو گرفتارکر لیا ہے، تاہم اپوزیشن نے الزامات مسترد کر دیے ہیں، وزیر اعظم شیخ حسینہ نے بنگلادیش نیشنل پارٹی کو دہشت گرد تنظیم قرار دیا ہے۔

    ڈھاکا میں مسافر ٹرین کو آگ لگادی گئی، متعدد ہلاک

    امریکی اخبارات نے انتخابات کو مغربی ممالک کے ساتھ تعلقات کا امتحان قرار دے دیا ہے، بی این پی کے بائیکاٹ کے بعد شیخ حسینہ واجد کی عوامی مسلم لیگ کی کامیابی یقینی دکھائی دے رہی ہے، بی این پی نے وزیر اعظم سے استعفے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔

    یاد رہے کہ بی این پی نے 2014 کے انتخابات کا بھی بائیکاٹ کیا تھا، اور 2018 کے انتخابات میں دھاندلی کے الزامات لگائے تھے، بی این پی کی جانب سے آج اور کل ملک گیر ہڑتال کا اعلان کیا گیا ہے، ہڑتال کے دوران بنگلادیش میں مظاہرے شروع ہو گئے ہیں، جب کہ مشتعل مظاہرین کے خلاف پولیس کریک ڈاؤن کر رہی ہے۔

    کئی مقامات پر پولنگ اسٹیشنز جلائے گئے ہیں، دارالحکومت ڈھاکا میں 14 پولنگ اسٹیشنوں کو آگ لگائی گئی، گزشتہ روز مظاہروں میں مسافر ٹرین کو بھی جلا دیا گیا تھا، اقوام متحدہ کے نمائندہ خصوصی نے ایک بیان میں تبصرہ کیا کہ بنگلادیش میں انتخابات میں جابرانہ ماحول پریشان کن ہے۔

  • عام انتخابات 2024، سیاسی جماعتوں کے لیے ضابطہ اخلاق تیار

    عام انتخابات 2024، سیاسی جماعتوں کے لیے ضابطہ اخلاق تیار

    اسلام آباد: عام انتخابات 2024 کے لیے سیاسی جماعتوں کے لیے ضابطہ اخلاق تیار کر لیا گیا۔

    ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن نے عام انتخابات کے سلسلے میں سیاسی جماعتوں کی مشاورت سے ضابطہ اخلاق تیار کر لیا، جسے الیکشن شیڈول کے ساتھ جاری کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن نے سیاسی جماعتوں کی تجاویز کو بھی ضابطہ اخلاق میں شامل کیا ہے، سیاسی جماعتیں امیدوار پاکستان کی خود مختاری کے خلاف بات نہیں کریں گی، اور انتخابی مہم کے دوران الیکشن کمیشن کی تضحیک سے اجتناب کریں گی۔

    سیاسی جماعتیں اور امیدوار کسی کو دست برداری کے لیے تحائف، لالچ یا رشوت سے گریز کریں گی، اور ان کی جانب سے انتخابی عملے اور پولنگ ایجنٹس کے تحفظ کے لیے مکمل تعاون کیا جائے گا، سیاسی جماعتیں جنرل نشستوں پر 5 فی صد خواتین کوٹے پر عمل درآمد کو بھی یقینی بنائیں گی۔

    سیاسی جماعتیں، امیدوار پولنگ کے دن تشدد کی ترغیب سے سختی سے اجتناب کریں گی، انتخابی مہم کے دوران ہتھیار، آتشیں اسلحے کی نمائش پر مکمل پابندی ہوگی، عوامی اجتماعات میں اور پولنگ اسٹیشن کے اطراف ہوائی فائرنگ اور پٹاخوں کی اجازت نہیں ہوگی۔

    ضابطہ اخلاق کے مطابق الیکشن ایجنٹ کا متعلقہ حلقے کا ووٹر ہونا لازم قرار دیا گیا ہے، اور قومی اسمبلی امیدوار الیکشن میں 1 کروڑ روپے تک اخراجات کر سکیں گے، صوبائی اسمبلی امیدوار 40 لاکھ روپے سے زائد اخراجات نہیں کر سکیں گے، جب کہ کامیاب امیدوار انتخابی اخراجات کی تفصیلات ریٹرننگ افسران کو جمع کرائیں گے۔

  • عام انتخابات کے لیے ڈیجیٹل انفارمیشن ایپ متعارف کرانے کا فیصلہ

    عام انتخابات کے لیے ڈیجیٹل انفارمیشن ایپ متعارف کرانے کا فیصلہ

    اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے عام انتخابات کے لیے ڈیجیٹل انفارمیشن ایپ متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن کی عام انتخابات کے لیے تیاریاں جاری ہیں، کمیشن نے عالمی مبصرین کو کارڈ جاری کرنے کے لیے حکمت عملی مرتب کر لی، جب کہ معلومات کی بروقت فراہمی کے لیے ڈیجیٹل انفارمیشن ایپ متعارف کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق عالمی مبصرین کے لیے خصوصی فیچرز ایکریڈیشن کارڈز کی چھپائی آخری مراحل میں داخل ہے، عالمی مبصرین وزارت خارجہ کی آن لائن سروس پر درخواست اور ویزا حاصل کر سکیں گے، جب کہ الیکشن کمیشن کو وزارت خارجہ عالمی مبصرین کی مکمل فہرست فراہم کرے گا۔

    الیکشن کمیشن کے ذرائع کا کہنا ہے کہ عالمی مبصرین کی سیکیورٹی کلیئرنس وزارت داخلہ کرے گی، یورپی یونین، کامن ویلتھ سمیت بیش تر فورمز کو مراسلے بھجوا دیے گئے ہیں۔

    عالمی مبصرین کے لیے الیکشن کمیشن کے مرکزی سیکریٹریٹ اسلام آباد میں ایک ڈیسک قائم کیا جائے گا، اور چاروں صوبائی الیکشن کمشنرز کے دفاتر میں سہولت سینٹر قائم ہوں گے۔

  • ایم کیو ایم کا مصطفیٰ کمال کے حوالے سے اہم فیصلہ

    ایم کیو ایم کا مصطفیٰ کمال کے حوالے سے اہم فیصلہ

    کراچی: ایم کیو ایم پاکستان نے سابق میئر کراچی مصطفیٰ کمال کو عام انتخابات میں اتارنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

    ذرائع ایم کیو ایم کے مطابق آئندہ عام انتخابات کے حوالے سے ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کا مشاورتی اجلاس منعقد ہوا، جس میں عام انتخابات کے حوالے سے مختلف معاملات پر مشاورت کی گئی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں سینیئر ڈپٹی کنوینر مصطفیٰ کمال کو الیکشن میں اتارنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، اجلاس میں مصطفیٰ کمال کو بلدیہ این اے 249 سے الیکشن لڑانے پر بھی غور کیا گیا۔

    تاہم مصطفیٰ کمال اور کتنی نشستوں اور کہاں کہاں سے انتخابات میں حصہ لیں گے، اس کا فیصلہ آئندہ کے اجلاس میں کیے جانے کا امکان ہے۔

  • عام انتخابات، الیکشن کمیشن میں غیر ملکی مبصرین اور میڈیا کو مدعو کرنے کی تیاریاں مکمل

    عام انتخابات، الیکشن کمیشن میں غیر ملکی مبصرین اور میڈیا کو مدعو کرنے کی تیاریاں مکمل

    اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ملک میں عام انتخابات کے سلسلے میں غیر ملکی مبصرین اور میڈیا کو مدعو کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق ملک میں عام انتخابات کے سلسلے میں الیکشن کمیشن میں غیر ملکی مبصرین و میڈیا کو مدعو کرنے کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں، غیر ملکی مبصرین اور میڈیا کے لیے ضابطہ اخلاق بھی بنایا جا چکا ہے۔

    ذرائع الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ انتخابی شیڈول جاری ہونے کے ساتھ ہی غیر ملکی مبصرین کو دعوت نامے بھجوا دیے جائیں گے، اس سلسلے میں غیر ملکی مبصرین و میڈیا کو خصوصی سیکیورٹی فیچرز کے کارڈ جاری کیے جائیں گے، جو تیار کیے جا چکے ہیں۔

    ذرائع کے مطابق غیر ملکی مبصرین و میڈیا کو پولنگ اسٹیشن کے اندر رسائی دی جائے گی، اور وہ ووٹوں کی گنتی کا شفاف عمل اور نتائج کی تیاری کا جائزہ بھی لے سکیں گے۔

  • جے یو آئی کا عام انتخابات میں بھرپور حصہ لینے کا فیصلہ، پاک افغان اختلافی بیانات پر اظہار تشویش

    جے یو آئی کا عام انتخابات میں بھرپور حصہ لینے کا فیصلہ، پاک افغان اختلافی بیانات پر اظہار تشویش

    اسلام آباد: جمعیت علمائے اسلام (ف) نے عام انتخابات میں بھرپور حصہ لینے کا فیصلہ کر لیا ہے، دوسری طرف جے یو آئی نے پاک افغان اختلافی بیانات پر اظہار تشویش بھی کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق مولانا فضل الرحمان کی زیر صدارت جے یو آئی مرکزی مجلس عاملہ کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ جے یو آئی عام انتخابات میں بھرپور حصہ لے گی۔

    اجلاس میں آئندہ عام انتخابات کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا، اور عام انتخابات کے حوالے سے مختلف تجاویز زیر بحث آئیں، ترجمان نے کہا کہ انتخابات کی تیاریوں سے متعلق جے یو آئی کا اجلاس آج بھی جاری رہے گا۔

    اجلاس میں جے یو آئی نے پاکستان اور افغانستان کے درمیان اختلافی بیانات پر تشویش کا اظہار بھی کیا، جے یو آئی نے مشورہ دیا ہے کہ دونوں برادر اسلامی ممالک افہام و تفہیم کا راستہ اختیار کریں، حالات کی بہتری کے لیے سیاسی و عسکری سطح پر دونوں ملکوں میں رابطہ ہونا چاہیے۔

    غفور حیدری نے کہا دونوں ممالک میں باہمی اعتماد کی بحالی کے لیے روابط جاری رکھنا ناگزیر ہے، جے یو آئی کا مؤقف تھا کہ دونوں ملکوں میں امن و استحکام افغانستان اور پاکستان کی ضرورت ہے، پاکستان اور افغانستان کو اس حوالے سے کردار ادا کرنے کے لیے آگے بڑھنا ہوگا۔

  • الیکشن کمیشن نے پنجاب کے عام انتخابات کا شیڈول جاری کر دیا

    الیکشن کمیشن نے پنجاب کے عام انتخابات کا شیڈول جاری کر دیا

    اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے پنجاب کے عام انتخابات کا شیڈول جاری کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان نے صوبہ پنجاب میں عام انتخابات کا شیڈول جاری کر دیا ہے، اپیلیں جمع کرانے کے لیے 10 اپریل کی تاریخ مقرر کی گئی ہے اور 17 اپریل تک اپیلیں نمٹائی جائیں گی۔

    الیکشن کمیشن کے شیڈول کے مطابق نظرثانی شدہ فہرست 18 اپریل کو جاری کی جائے گی، 19 اپریل کو امیدوار کاغذات واپس لے سکیں گے، جب کہ 20 اپریل کو انتخابی نشانات الاٹ کیے جائیں گے، اور انتخابات کے لیے پولنگ 14 مئی کو ہوگی۔

    واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ صوبہ پنجاب میں 14 مئی کو عام انتخابات کرانے سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے پر من و عن عمل کیا جائے گا۔

    الیکشن کمیشن کا 14 مئی کو پنجاب میں عام انتخابات کرانے کا فیصلہ

    الیکشن کمیشن پنجاب کی نگراں حکومت سے رابطہ کر کے انتظامی اور سیکیورٹی معاملات پر مشاورت کرے گا، فنڈز کے حصول کے لیے بھی وزارت خزانہ سے رابطے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

  • سپریم کورٹ کا حکم: الیکشن کمیشن کا 14 مئی کو پنجاب میں عام انتخابات کرانے کا فیصلہ

    سپریم کورٹ کا حکم: الیکشن کمیشن کا 14 مئی کو پنجاب میں عام انتخابات کرانے کا فیصلہ

    اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ کے حکم پر 14 مئی کو پنجاب میں عام انتخابات کرانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ذرائع الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ صوبہ پنجاب میں چودہ مئی کو عام انتخابات کرانے سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے پر من و عن عمل کیا جائے گا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن پنجاب میں انتخابات کرانے کے لیے تیار ہے، اور پنجاب کی نگران حکومت سے رابطے کا فیصلہ کیا گیا ہے، نگراں حکومت سے انتظامی اور سیکیورٹی معاملات پر مشاورت کی جائے گی۔

    ذرائع الیکشن کمیشن کے مطابق فنڈز کے حصول کے لیے بھی وزارت خزانہ سے رابطے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

  • پنجاب، کے پی میں عام انتخابات اپریل میں کیے جائیں: الیکشن کمیشن کی تجویز

    اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پنجاب اور خیبر پختون خوا میں عام انتخابات اپریل میں کرنے کی تجویز سامنے رکھ دی ہے۔

    ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن کی جانب سے اپریل کے پہلے ہفتے میں پنجاب، خیبر پختونخوا میں عام انتخابات کی تجویز سامنے آئی ہے، تاہم پولنگ کب ہوگی، اس کا حتمی فیصلہ گورنرز کریں گے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ اسمبلی تحلیل ہونے کے بعد الیکشن کمیشن 90 روز میں عام انتخابات کرانے کا پابند ہے، اس سلسلے میں الیکشن کمیشن اگلے ہفتے گورنرز سے خط و کتابت کا آغاز کرے گا۔

    ذرائع کے مطابق پنجاب اور کے پی کے میں عام انتخابات میں قانونی رکاوٹ آڑے نہیں آ سکتی، الیکشن کمیشن نے فیصلہ کیا ہے کہ نئی مردم شماری پر بھی الیکشن مقررہ دنوں میں ہی کرائے جائیں گے، جب کہ الیکشن کمیشن 2017 کی مردم شماری اور حلقہ بندیوں کے مطابق انتخابات کرائے گا۔

    الیکشن کمیشن نے فیصلہ کیا ہے کہ آئندہ 2 ہفتوں میں مشاورت کر کے عام انتخابات کا شیڈول تیار کیا جائے، اور تجویز سامنے رکھی گئی ہے کہ اتوار کے روز پولنگ ہو، کیوں کہ چھٹی کے روز ٹرن آؤٹ زیادہ ہوتا ہے۔

    ذرائع الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ ای سی پی کی جانب سے گورنرز کو ایک سے زائد پولنگ ڈیز کی تجویز ارسال کی جائے گی، جب کہ پولنگ ڈے کا حتمی فیصلہ پنجاب اور کے پی گورنرزکریں گے، کیوں کہ الیکشن کمیشن آئین کے تحت پولنگ ڈے پر صرف تجویز گورنر کو بھیج سکتا ہے۔

    ذرائع کے مطابق پولنگ ڈے مقرر کرنے کا اختیار صوبوں میں گورنرز کے پاس ہے، جب کہ قومی اسمبلی اور چاروں صوبوں میں ایک ساتھ عام انتخابات کا اختیار صدر مملکت کو ہے۔

  • انتخابات 2018، سیکیورٹی کے فُول پروف انتظامات مکمل

    انتخابات 2018، سیکیورٹی کے فُول پروف انتظامات مکمل

    اسلام آباد : عام انتخابات 2018 کے لئے سیکیورٹی کو حتمی شکل دیدی گئی، پاک فوج کے ساڑھے3 لاکھ اور محکمہ پولیس کے ساڑھے 4 لاکھ سے زائد اہلکار تعینات کر دیئے گئے جبکہ 17 ہزار سے زائد پولنگ اسٹیشنز کو انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق عام انتخابات دوہزاراٹھارہ کے لئے سیکیورٹی انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں، آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ انتخابات کی ڈیوٹی کے لئے فوجی جوانوں کی تعیناتی مکمل کرلی گئی، تعیناتی کا مقصد شفاف انتخابات کے انعقاد میں معاونت ہے۔

    انتخابی عمل کےدوران پاک فوج کے ساڑھے تین لاکھ اور محکمہ پولیس کے ساڑھے چارلاکھ جوان تعینات کئے گئے ہیں۔

    الیکشن کمیشن کے مطابق بیلٹ پیپرز میں پہلی مرتبہ سیکیورٹی فیچرز شامل کیا گیا ہے، پچاسی ہزار سے زائد پولنگ اسٹیشنزمیں سے سترہ ہزارسے زائد کو انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے جبکہ درجنوں پولنگ اسٹیشنز پر خفیہ کیمرے بھی نصب کردیئے گئے ہیں۔


    مزید پڑھیں :  الیکشن ڈیوٹی کے لیے فوجی جوان تعینات کردیے گئے، آئی ایس پی آر


    الیکشن کمیشن نے خبردار کیا ہے کہ تمام حلقوں میں دس فیصد خواتین کے ووٹ لازمی ہوں گے، جس حلقہ میں خواتین ووٹوں کی تعداد دس فیصد سے کم ہوئی، اس کے نتائج کالعدم قرار دیئےجائیں گے اور خواتین کو زبردستی روکنےکی شکایت پرکارروائی کی جائے گی۔

    خیال رہے کہ ملک بھر میں عام انتخابات کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہے، کل دس کروڑ پچپن لاکھ سے زائد ووٹرز حق رائے دہی استعمال کریں گے ۔

    قومی اورصوبائی اسمبلیوں کی نشستوں کےلیےآزادامیدواروں سمیت مختلف سیاسی جماعتوں کےگیارہ ہزارسےزائد امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہے،پولنگ صبح آٹھ بجےسےبلا تعطل شام 6بجے تک جاری رہے گی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔