Tag: Geneva Conference

  • جنیوا کانفرنس : عالمی اداروں نے 9 ارب ڈالر سے زائد کے اعلانات کیے، دفتر خارجہ

    اسلام آباد : جنیوا میں ہونے والی بین الاقوامی ڈونرز کانفرنس میں مختلف ممالک اور عالمی اداروں نے سیلاب زدگان کی امداد کیلیے نو ارب ڈالر سے زائد کے اعلانات کیے۔

    یہ بات ترجمان دفتر خارجہ نے اپنے جاری بیان میں بتائی ، انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی ڈونرز کانفرنس میں پاکستان نے موسمیاتی طور پر مستحکم، دیرپا تعمیرنو اور بحالی کا جامع منصوبہ پیش کیا۔

    ترجمان کے مطابق پاکستان نے بحالی کے کاموں کے لئے 16ارب ڈالر سے زائد کا تخمینہ پیش کیا، عالمی برادری نے بھی سیلاب متاثرین کے ساتھ بھرپور اظہار یکجہتی کیا، اس موقع پر مختلف ممالک اور عالمی اداروں نے9ارب ڈالر سے زائد کےاعلانات کیے۔

    اس کے علاوہ پاکستان کو سیلاب زدگان کے تباہ شدہ علاقوں کی تعمیرنو اور بحالی کے لیے مزید تعاون کی یقین دہانیاں بھی کرائی گئیں،اور اس کے لیے ایکشن پلان بھی سامنے آیا، جس میں بہترگورننس، ریاستی اداروں کی استعداد کار میں بہتری شامل ہے۔

    دفتر خارجہ کے مطابق سیلاب متاثرین کے روزگار اور ذرائع معاش کی بحالی، ان کی سماجی شمولیت، بنیادی خدمات کی بحالی اور ڈھانچہ سازی بھی ایکشن پلان میں شامل ہے

    ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ متاثرین کو صحت بحران، سردی، آئندہ بارشوں سے بچانا اور روزگار فراہمی اولین ترجیح ہے، قدرتی آفات، آئندہ سیلاب سے بچاؤ کے لیے اقدامات طویل المیعاد حکمت عملی کا حصہ ہیں۔

    انہوں نے بتایا کہ سرکاری و نجی شعبے کی شمولیت سے جامع مالیاتی منصوبہ مرتب کیا جائے گا، اقوام متحدہ ادارہ ترقی کے تحت منصوبہ سازی مرکز کو مزید فعال کیا جائے گا،

    دفتر خارجہ کے مطابق اخراجات کی شفافیت اور اس کی کڑی نگرانی کے لیے مربوط میکانزم تشکیل دیا جائے گا، پاکستان بین الاقوامی شراکت دار معاون گروپ تشکیل دیا جائے گا۔

  • ’’سیلاب زدگان کیلئے رقم ملنے میں تقریباً 3 سال لگیں گے‘‘

    ’’سیلاب زدگان کیلئے رقم ملنے میں تقریباً 3 سال لگیں گے‘‘

    اسلام آباد : وزارت خزانہ کے سابق اقتصادی مشیر اور سابق ڈی جی ڈیبٹ آفس ڈاکٹر اشفاق حسن خان نے کہا ہے کہ اعلانات تو ہوگئے لیکن رقم ملنے میں2سے3سال لگیں گے۔

    یہ بات انہوں نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام دی رپورٹرز میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہی، انہوں نے کہا کہ اشیاء خورد ونوش بہت زیادہ مہنگی ہونے سے غریب عوام شدید پریشان ہیں۔

    ڈاکٹر اشفاق حسن نے کہا کہ مہنگائی سے مڈل کلاس بھی شدید متاثر ہے، ہم اب مہنگائی پلس میں چلے گئے ہیں، آنے والے دن مزید سخت ہوسکتے ہیں۔

    پرتعیش اشیا کی درآمدات پر فوری پابندی لگائی جائے، ’’ایکسپریس‘‘ کو انٹرویو۔ فوٹو: فائل

    جنیوا کانفرنس کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ ماضی قریب میں آنے والے زلزلے میں بھی عالمی برادری کی جانب سے متعدد اعلانات کیے گئے تھے، صرف اعلانات ہونا الگ اور پیسے مل جانا دوسری چیز ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ اعلانات ہوگئے ہیں اس کامطلب یہ نہیں کہ کل ہی رقم مل جائےگی یہ رقم ملنے میں2سے3سال لگیں گے، اے ڈی بی ہرسال پاکستان کیلئے اعلانات کرتا ہے لیکن رقم دینے میں وقت لگتا ہے۔

    ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے جو کمرشل بینکوں کی بات کی وہ انتہائی غیرذمہ دارانہ بیان تھا، اس بات سے مارکیٹ میں خوف پیدا ہوگیا ہے، لوگ اب اپنے ڈالرز نکالنے کی کوشش کریں گے انہیں ایسا بیان نہیں دینا چاہیے تھا۔

    ایک کتاب میں لکھا تھا کہ جب حکومت اشتہارات کا سہارا لینے لگے تو سمجھو اس نے کچھ نہیں کیا، کیونکہ جب آپ نے کوئی اچھا کام کیا ہوتا تو اشتہارات کی ضرورت نہ ہوتی، اچھا کام کیا ہو تو عوام کو خود ہی نظر آجاتا ہے۔

    بغیر الیکشن کے کسی کے پاس کوئی حل ہے تو اچھی بات ہے، حکومت کی مدت بڑھادیں گے تو کیا اس سے معیشت بہتر ہوجائے گی؟ آج معیشت جہاں کھڑی ہے مدت بڑھائی تو مزید نقصان ہوگا۔