Tag: Genral Store

  • سعودی عرب : جنرل اسٹورز پر نئے قواعد و ضوابط نافذ، اہم ہدایات جاری

    سعودی عرب : جنرل اسٹورز پر نئے قواعد و ضوابط نافذ، اہم ہدایات جاری

    ریاض : سعودی حکومت نے بقالوں (جنرل اسٹور) اور غذائی اشیا کے مراکز پر نئے قوانین نافذ کرنے کا اعلان کیا ہے، خلاف ورزی کرنے والے مالکان کیخلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

    اس حوالے سے سعودی عرب میں مکہ مکرمہ میونسپلٹی کے ترجمان نے کہا ہے کہ بقالوں (جنرل اسٹور) اور غذائی اشیا کے مراکز پر نئے ضوابط کا اطلاق 10 فروری 2021 سے ہوگا۔

    سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق نئے قواعد و ضوابط پر عمل درآمد کا پہلا مرحلہ10 فروری اور دوسرا مرحلہ29 جون سے شروع ہوگا۔

    پہلے مرحلے کے دوران جنرل اسٹورز اور غذائی اشیا کے مراکز کے کارکنان سے مؤثر ہیلتھ سرٹیفکیٹ طلب کیے جائیں گے۔ تمام اشیاء پر قیمتوں کے ٹیگ لگانے ہوں گے اور سی سی ٹی وی کیمرے نصب کرنا ہوں گے۔

    ذرائع کے مطابق دوسرے مرحلے کے تحت جنرل اسٹورز اور غذائی اشیا کے مراکز کو قواعد وضوابط کی لازمی پابندی کرنا ہوگی۔

    ان ضوابط میں اہم یہ ہے کہ تمام صارفین کو ان کے سامان کے ای بلز جاری کرنا ہوں گے اور نئے بورڈز کی خصوصیات کی پابندی بھی کرنا ہوگی۔

    اس کے علاوہ جنرل اسٹور اور غذائی اشیا کے مرکز کا بیرونی حصہ مکمل شفاف رکھنا ہوگا، بیرونی دروازہ ایسا نصب کرانا ہوگا جس سے اندر کا منظر باہر سے صاف دکھائی دے۔

    جنرل اسٹور یا غذائی اشیاء کے مرکز کے ایک ایک حصے میں روشنی کا مکمل انتطام رکھنا ہوگا۔ فرشِ، چھت، ریک (اسٹینڈ) اور دیگر اشیاء ذخیرہ کرنے کی جگہیں صاف ستھری رکھنا ہوں گی۔

    میونسپلٹی ترجمان کے مطابق ڈیپ فریزر اور اس کے آس پاس کی جگہوں کی صفائی کا اہتمام کرنا ہوگا۔ ریک کے درمیان فاصلے کی پابندی کرنا ہوگی۔

    صفائی کے آلات کو کھانے پینے کی اشیاء سے دور رکھنا ہوگا اور ہر جنرل اسٹور اور غذائی اشیاء کے مرکز میں عملے کو آگ بجھانے والے سلینڈر مہیا کرنا ہوں گے۔

  • سعودائزیشن: سعودی حکومت نے اہم فیصلہ کرلیا

    سعودائزیشن: سعودی حکومت نے اہم فیصلہ کرلیا

    ریاض : سعودی وزارت افرادی قوت و سماجی بہبود نے کہا ہے کہ بقالوں (جنرل اسٹورز) کی سعودائزیشن میں تیزی لائی جائے گی۔ لائحہ عمل تیار کیا جارہا ہے۔

    جنرل سٹورز کی سعودائزیشن میں تیزی لانے کا فیصلہ مملکت بھر میں ریٹیل سیکٹر کی سعودائزیشن اور سعودیوں کے نام سے غیرملکیوں کے کاروبار کے انسداد کے تحت کیا گیا ہے۔

    سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق وزارت افرادی قوت و سماجی بہبود کے ماتحت تجارتی سرگرمیوں کی سعودائزیشن کے ادارے کے ڈائریکٹر عبدالسلام التویجری نے مشرقی ریجن کے ایوان صنعت و تجارت کے زیر انتظام سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ متعلقہ اداروں کے تعاون سے جنرل اسٹورز کی سعودائزیشن کا تیسرا مرحلہ جلد شروع کیا جا رہا ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ وزارت افرادی قوت نو قسم کی تجارتی سرگرمیوں کی 70 فیصد سعودائزیشن کا فیصلہ کرچکی ہے۔ اس حوالے سے تجارتی اداروں کو تین سے چار ماہ کی مہلت دی جائے گی۔

    ان کا کہنا تھا کہ بیشتر تجارتی ادارے اپنے یہاں سعودی شہریوں کے تقرر کے سلسلے میں پرعزم ہیں جبکہ وہ مقامی نوجوانوں کو تجارتی سرگرمیوں سے منسلک ہونے کا اہل بنانے کا طریقہ کار بھی دریافت کرنے لگے ہیں۔ وہ چاہتے ہیں کہ یہ ہدف حاصل ہو اور اس سلسلے میں جہاں سے انہیں جو تعاون مل سکتا ہو اسے حاصل کیا جائے۔

    یاد رہے کہ وزارت افرادی قوت نے حال ہی میں قہوہ، چائے، شہد، چینی، مصالحہ جات، پانی، مشروبات، پھلوں، سبزیوں، کھجوروں، پودوں، زرعی مواد، کتابوں، تحائف، کھلونوں، اسٹیشنری اور طلبہ کو مطلوب خدمات کی سعودائزیشن کا فیصلہ جاری کیا تھا۔