مانچسٹر: سابق برطانوی رکن پارلیمنٹ جارج گیلوے نے انکشاف کیا ہے کہ مانچسٹر ایئرپورٹ پر پولیس نے پولیس فیملی پر تشدد کیا۔
ایک ویڈیو میں سابق برطانوی رکن پارلیمنٹ جارج گیلوے نے دعویٰ کیا ہے کہ مانچسٹر ایئرپورٹ پر جن افراد کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا وہ حاضر سروس پولیس اہلکار کی فیملی ہے۔
انھوں نے کہا ’’میں نے تشدد کے شکار افراد کے انکل اور بھائی سے بات کی ہے، یہ دونوں پولیس کے حاضر سروس افسران ہیں، یہ اہم بات ہے، وہ ایک پولیس فیملی تھی جس پر وحشیانہ طور پر خود پولیس نے تشدد کیا۔‘‘
جارج گیلوے نے کہا ’’جب وہ زمین پر بے بس پڑے ہوئے تھے اور کوئی مزاحمت نہیں کر رہے تھے، تب انھیں چہروں پر ٹھوکریں ماری گئیں، پولیس بوٹس کے ساتھ ان کے سروں پر لاتیں ماری گئیں۔‘‘
ایئرپورٹ پر پاکستانی نوجوانوں پر تشدد کی تکلیف دہ ویڈیو، میئر مانچسٹر کا رد عمل سامنے آ گیا
سابق رکن پارلیمنٹ نے کہا انھیں اس واقعے کی ایسی ویڈیوز بھی مل گئی ہیں جو لوگوں نے نہیں دیکھیں، وہ وائرل ہونے والی ویڈیو سے کہیں زیادہ تکلیف دہ اور سنگین ہیں۔
انھوں نے کہا ’’ہم یہاں ایسے نہیں کر سکتے، ایسا تو غزہ میں کیا جا رہا ہے، ہو سکتا ہے ایسا منی ایپلس یا شکاگو میں ہوتا ہو، لیکن مانچسٹر ایئرپورٹ پر سیکڑوں شہر آنے اور جانے والے خوف زدہ لوگوں کے سامنے ایسا نہیں کیا جا سکتا، یہ انتہائی سنگین معاملہ ہے‘‘
جارج گیلوے کا کہنا تھا کہ وہ فی الوقت راشڈیل میں نہیں ہیں، اور ان کی کسی احتجاج کے سلسلے میں کسی سے بات نہیں ہوئی، نہ ہی یہ کیس دیکھنے والے وکیل احمد یعقوب سے بات ہوئی، انھوں نے کہا کہ وہ جمعہ کو راشڈیل میں بلال مسجد میں نماز کے لیے موجود ہوں گے، اور متاثرین کے خاندان سے ملاقات کریں گے۔