Tag: German Minister

  • روس کو شکست دینا ممکن نہیں، جرمن وزیر خارجہ

    روس کو شکست دینا ممکن نہیں، جرمن وزیر خارجہ

    برلن : جرمن وزیر خارجہ جوہان وڈیفول  نے کہا ہے کہ یوکرین اور روس کے درمیان جنگ کا خاتمہ صرف بات چیت سے ہی ممکن ہے اور میدانِ جنگ سے روس کو مکمل شکست دینا ممکن نہیں۔

    انہوں نے کہا کہ یوکرین کو امن مذاکرات میں ایک "مضبوط پوزیشن” دلانے کے لیے اس کی مدد کرنا ضروری ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے دعویٰ کیا کہ روس جرمنی کے لیے خطرہ بن رہا ہے اور اسی لیے جرمنی اپنی فوج کو مضبوط کر رہا ہے اور دفاعی اخراجات بڑھا رہا ہے۔

    مزید برآں دی مرر کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ جرمنی کے نئے چانسلر فریڈرش مرز کے اقتدار میں آنے کے بعد روس کے خلاف جرمنی کا رویہ اور سخت ہوگیا ہے۔

    رپورٹ کے مطابق جوہان وڈیفول نے بتایا کہ یوکرین کو دی جانے والی جرمن میزائلوں سے حملے کی حدود ختم کر دی ہیں، یوکرین کو ٹورس میزائل دینے کا اشارہ بھی دیا ہے، جن کی رینج 500 کلومیٹر ہے اور یہ ماسکو تک مار کر سکتے ہیں۔

    جرمنی نے یوکرین کو 5.2 ارب یورو (تقریباً 5.6 ارب ڈالر) کی فوجی امداد کا بھی اعلان کیا ہے، جس کا زیادہ تر حصہ یوکرین میں ہی دور مار ہتھیاروں کی تیاری پر خرچ ہوگا۔

    روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے ان اقدامات پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ جرمنی اب جنگ میں براہ راست شامل ہو چکا ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ جرمنی ماضی میں بھی ایسی ہی پالیسیوں کے باعث تباہی کی طرف گیا تھا۔

    جرمن وزیر خارجہ نے کہا کہ روس کی شکست کا تصور غیر حقیقی تھا، یوکرین نے مزاحمت کی مگر ناکام رہا، یوکرین کو مضبوط پوزیشن دلانا ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ جرمنی کو روس سے خطرہ ہے، دفاعی اخراجات میں اضافہ ناگزیر ہے، جرمن وزیر خارجہ نے یوکرین کیلئے5.6 ارب ڈالر کے نئے دفاعی پیکج کا بھی اعلان کیا۔

  • جرمنی نے افغان مہاجرین کو ملک سے نکالنے کا مطالبہ کردیا

    جرمنی نے افغان مہاجرین کو ملک سے نکالنے کا مطالبہ کردیا

    جرمنی کی وفاقی کابینہ کے وزیر مائیکل کریٹسمر نے افغان مہاجرین کو ملک سے نکالنے کا مطالبہ کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان اور ایران کے بعد جرمنی نے بھی غیر قانونی افغان باشندوں کے متعلق سخت اقدامات کرنے کا ارادہ ظاہر کردیا ہے۔

    رپورٹس کے مطابق غیر قانونی افغان شہریوں سے متعلق جرمن حکام کا بھی اہم بیان سامنے آگیا، سیکسنی کے منسٹر نے اس بات پر زور دیا کہ وفاقی حکومت افغان تارکین وطن کو انکے وطن واپس بھیجنے کے لیے اقدامات کرے۔

    مائیکل کریٹسمر کا کہنا تھا کہ ہم نے افغان باشندوں کو پناہ دی، لیکن ان میں سے کچھ مجرم ہیں اور دہشت گردی کی کارروائیوں میں بھی ملوث ہیں، افغان شہریوں کی مجرمانہ کارروائیاں جرمن معاشرے کے لیے ناقابل قبول ہیں اور وزارت خارجہ اور امیگریشن حکام کو بھی اس پر غور کرنا چاہیے، متعلقہ ادارے افغان شہریوں کیخلاف کارروائی کریں اور جرائم کے مرتکب افراد کو افغانستان بھیج دیں۔

    جرمن کابینہ میں افغان تارکین وطن کی بے دخلی پر بحث، جرمنی کے شہر مینہیم میں حالیہ حملے کے بعد شدت اختیار کر چکی ہے، 31 مئی 2024 کو مینہیم میں اسلام مخالف مظاہرے کے دوران افغان شہری نے ایک پولیس افسر کو قتل اور متعدد افراد کو زخمی کر دیا تھا۔

    ماسکو اور مینہیم میں دہشتگرد حملوں کے بعد تمام یورپی ممالک کی جانب سے افغان شہریوں کے متعلق خدشات ظاہر کیے جارہے ہیں، ان حالات کی روشنی میں پاکستان کے غیر قانونی افغان شہریوں کو اپنے وطن واپس بھیجنے کے فیصلے کی بھی عالمی سطح پر تائید کی جارہی ہے۔

  • کورونا ویکسین کب تک تیار ہوگی؟ جرمن وزیر نے بتا دیا

    کورونا ویکسین کب تک تیار ہوگی؟ جرمن وزیر نے بتا دیا

    برلن : جرمنی کے وزیر صحت نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کے لیے ویکسین تیار کرنے میں کئی سال لگ سکتے ہیں، ویکسین کی تیاری سب سے زیادہ مشکل اور چیلنجنگ کام ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق جرمن وزیر صحت جینس اسفہان نے کہا ہے کہ ان کو انتہائی خوشی ہوگی اگر ویکسین اگلے چند ماہ میں تیار ہو جائے۔

     انہوں نے کہا کہ مشکلات آڑے آنے کی صورت میں ویکسین کی تیاری میں کئی سال بھی لگ سکتے ہیں، جیسا کہ دیگر ویکسینز کی تیاری میں دیکھنے میں آیا ہے ان کا کہنا ہے کہ ادویات میں ویکسین کی تیاری سب سے زیادہ مشکل اور چیلنجنگ کام ہے۔

    دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نےیہ  دعویٰ کیا ہے کہ امریکہ رواں سال کے آخر  تک  کورونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسین بنانے میں کامیاب ہو جائے گا۔

    گزشتہ روز ورچوول ٹاؤن ہال میٹنگ کے دوران گفتگو میں انہوں نے کہا کہ امریکی سائنسدان اس سال کے آخر تک کورونا وائرس کے علاج سے متعلق ویکسین تیار کرلیں گے اور مجھے خوشی ہوگی اگر کوئی ملک ویکسین کی تیاری میں امریکی ماہرین کوشکست دینے میں کامیاب ہوجائے۔

    واضح رہے اس سال کے شروع میں جب امریکہ میں کورونا وائرس پھیل گیا تو امریکی ماہر انتھونی فاؤچی اور دوسرے طبی ماہرین نے کہا تھا کہ ایک ویکسین تیار کرنے میں 12 سے 18 ماہ کے درمیان کا وقت لگے گا۔

     دنیا بھر میں اب تک کورونا وائرس کے متاثرین کی تعداد 35 لاکھ سے تجاوز کرگئی ہے،  روس میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 10 ہزار سے زائد نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد ملک میں کورونا کے متاثرین کی کل تعداد ایک لاکھ 45ہزار 268 ہوگئی ہے، روس میں اب تک کورونا سے ایک ہزار 356 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔