Tag: Germany’s

  • جرمنی کا وطن میں چھٹیاں منانے والے شامی مہاجرین کی سیاسی پناہ ختم کرنے کا اعلان

    جرمنی کا وطن میں چھٹیاں منانے والے شامی مہاجرین کی سیاسی پناہ ختم کرنے کا اعلان

    برلن:جرمن وزیر داخلہ ہورسٹ زیہوفر نے کہا ہے کہ چھٹیاں منانے کے لیے شام جانے والے مہاجرین کو جرمنی میں حاصل سیاسی پناہ ختم کر دی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق جرمنی کے وفاقی وزیر داخلہ ہورسٹ زیہوفر نے ملک میں مقیم ایسے شامی مہاجرین کے خلاف سخت اقدامات کرنے کا اعلان کیا جو مختصر مدت کے لیے چھٹیاں منانے اپنے وطن واپس جاتے ہیں۔

    حالیہ دنوں میں کچھ مہاجرین چھٹیاں منانے وطن لوٹے اور بعد ازاں انہوں نے شام میں چھٹیاں مناتے ہوئے تصاویر اور پیغامات بھی سوشل میڈیا پر شیئر کیے تھے۔

    زیہوفر کا کہنا تھاکہ اگر کوئی شامی مہاجر چھٹیاں منانے کے لیے باقاعدگی سے شام جاتا ہے تو وہ یہ دعویٰ نہیں کر سکتا کہ اسے شام میں خطرہ ہے، ہم ایسے افراد سے (جرمنی میں انہیں فراہم کردہ) مہاجر کا درجہ واپس لے لیں گے۔

    ان کا کہنا تھا کہ جرمن حکام کو جوں ہی کسی مہاجر کے اپنے آبائی وطن جانے کی اطلاع ملے گی، وہ اس کے پناہ کے درجے کے بارے میں فوری طور پر تحقیقات اور کارروائی شروع کر دیں گے۔

    وطن اور قدامت پسند جرمن وزیر داخلہ نے تاہم یہ نہیں بتایا کہ ان کی اس پالیسی سے کتنے مہاجرین متاثر ہوں گے،جرمنی کے وفاقی دفتر برائے مہاجرت اور مہاجرین (بی اے ایم ایف) کے اہلکار چھٹیاں منانے کے لیے اپنے آبائی وطنوں کا رخ کرنے والے مہاجرین پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔

    خبر رساں اداروں کا کہنا تھا کہ حالیہ دنوں کے دوران کئی ایسے واقعات سامنے آئے جن میں بی اے ایم ایف نے سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی تصاویر اور معلومات کی بنا پر مہاجرین کو خبردار کیا۔

    میڈیا ذرائع کے مطابق خانہ جنگی کے شکار ملک شام کی خراب صورت حال کے باعث شامی مہاجرین کو جرمنی سے ملک بدر کر کے ان کو واپس وطن بھیجے جانے پر پابندی عائد ہے۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا تھا کہ یہ پابندی رواں برس کے آخر میں ختم ہو جائے گی تاہم شام کی موجودہ صورت حال کے پیش نظر پابندی کی مدت میں اضافہ کیا جا سکتا ہے۔

  • 4 ہزار کلومیٹر طویل ریس جیتنے والی دنیا کی پہلی خاتون

    4 ہزار کلومیٹر طویل ریس جیتنے والی دنیا کی پہلی خاتون

    برلن : جرمنی کی فیونا کولبنگر نے 200 مردوں کو شکست دیتے ہوئے مختلف ممالک کے 4ہزار کلومیٹر پر مبنی ریس جیتنے والی پہلی خاتون کا اعزاز حاصل کرلیا۔

    تفصیلات کےمطابق جرمنی سے تعلق رکھنے والی کینسر کی 24 سالہ تحقیق کار فیونا کولبنگر براعظم یورپ میں منعقدہ ہزاروں کلومیٹر طویل سائیکل ریس 10 روز میں مکمل کرنے والی پہلی خاتون کھلاڑی بن گئیں۔

    جرمن خاتون نےلمبی سائیکل ریس کے دوران طوفان، جھلسادینے والی گرمی اور برفیلی بارش کا سامنا کیا، بلغاریہ کے سمندری شہر برگس سے شروع ہونے والی پانچ ممالک سے ہوتی ہوئی فرانس کے مغرب میں شہر بریسٹ میں اختتام پذیر ہوئی۔

    جرمن خاتون کا 4000 کلومیٹرکا فاصلہ سائیکل پر 10 روز 2 گھنٹے 48 منٹ میں طے کرنے کے بعد کہنا تھا کہ ’یہ مزید سخت ہوسکتی تھی جس کےلیے مجھے مزید جاگنا پڑتا‘۔

    فیونا کولبنگر کا کہنا تھا کہ ’میں ریس جیتنے پر بہت حیران ہوں‘ جو 265 سائیکل سواروں میں ایک ہے جس میں 40 خواتین بھی شامل تھیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ’جب میں اس ریس میں آئی تو میرا خیال تھا کہ میں خواتین میں پہلی پوزیشن حاصل کرسکتی ہوں لیکن یہ نہیں سوچا تھا کہ میں پوری ریس کی فاتح بن جاؤں گی‘۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ اعصاب پر قابو رکھنے والی برداشت کی سائیکل ریس میں دوسری پوزیشن برطانوی کھلاڑی بین ڈیویس نے حاصل کری، جنہوں نے 10 روز 13 گھٹنے اور10 منٹ میں یہ ریس مکمل کی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ ٹرانس کونٹینٹل ریس (کئی ممالک اور ہزاروں کلومیٹر پر مشتمل ریس) پہلی مرتبہ سنہ 2013 میں شروع ہوئی تھی جس میں سائیکل سواروں نے لندن سے اسنتبول تک کا طویل فاصلہ طے کیا تھا۔

    پہلی ٹرانس کونٹینٹل ریس میں پہلی پوزیشن بیلجیئم کے کرسٹوف الیگیرٹ نے جیتی تھی۔

  • اُرسلا فان ڈیئر لایَن یورپین کمیشن کی پہلی خاتون چیف نامزد

    اُرسلا فان ڈیئر لایَن یورپین کمیشن کی پہلی خاتون چیف نامزد

    برسلز : یورپی یونین کے سربراہوں نے پہلی مرتبہ ایک خاتون سیاست دان کو یورپین کمیشن کی سربراہی کےلیے نامزد کرکے نئی تاریخ رقم کردی۔

    تفصیلات کے مطابق یورپی یونین کے رہنماؤں نے جرمنی کی خاتون کو یورپین کمیشن کا سربراہ نامزد کرکے تاریخ رقم کردی ہے، جرمن خاتو ن وزیر ودفاع اُرسلا فان ڈیئر لایَن یورپی کمیشن کے چیف جین کلاڈ جنکر کی جگہ فرائض انجام دیں گی۔

    برطانوی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ یہ حیران کن نامزدگی جین کلاڈ جنکر کے جانشین بننے والے اہم امید وار کی منسوخی کے بعد سامنے آئی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف کی چیف کرسٹین لاگارڈ کو یورپین سینٹر بینک کی سربراہ نامزد کیا گیا ہے کرٹین لاگارڈ یورپین سینٹرل بینک کی سربراہ نامزد ہونے والی پہلی خاتون ہیں۔

    میڈیا ذرائع کا کہنا تھا کہ مذکورہ نامزدگیوں سے متعلق اعلان گزشتہ دنوں مشکل و طویل بحث مباحثے کے کیا گیا ہے۔

    یورپی یونین کے سربراہوں نے پانچ اعلیٰ سطح کے عہدوں کےلیے افراد کو نامزد کرنا تھا، جن میں سے چار افراد کو نامزد کردیا گیا ہے۔

    یورپی سربراہوں نے بیلجیئم کے وزیر اعظم چارلس مائیکل یورپی کونسل کا نیا صدر نامزد کیا جو ڈونلڈ ٹسک کی جگہ ذمہ داریاں سنبھالیں گے جبکہ اسپین سے تعلق رکھنے والے سیاست دان جوسیپ بوریل کو خارجہ پالیسی کا چیف مقرر کیا گیا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا تھا کہ یورپین پارلیمنٹ کے صدر کی نامزدگی آج کی جائے گی، جن میں جرمنی سے تعلق رکھنے والے سیاست دان مین فریڈویبر اور بلغاریہ کے سرگئی اسٹین شیو ممکنہ امید وار ہیں۔

    یورپی کونسل کے صدر ڈونلڈ ٹسک نے مذکورہ نامزدگیوں پر رد عمل دیتے ہوئے کہا ’ہم یورپین پارلیمنٹ کے پہلے اجلاس میں ہونے والی نامزدگیوں پر متفق ہیں‘۔

    ڈونلڈ ٹسک کا کہنا تھا کہ جرمنی نے اتحادیوں کے معاملے پر اُرسلا فان ڈیئر لایَن کی نامزدگی میں شرکت نہیں کی لیکن نشاندہی کی کہ چانسلر انجیلا مرکل نے ذاتی طور پر اُرسلا فان ڈیئر کی حمایت کی۔

  • برلن :‌ 85 افراد کے قاتل کی سزا کے خلاف اپیل

    برلن :‌ 85 افراد کے قاتل کی سزا کے خلاف اپیل

    برلن : درجنوں افراد کو قتل کرنے والے جرمن شہری نے عمر قید کی سزا کے خلاف اپیل دائر کردی، سرکاری طور پر ہوگیل کا شکار بننے والے افراد کی مجموعی تعداد 91 تک جا پہنچی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق جرمنی میں قتل کی 85 کارروائیوں کے مجرم قرار دیے جانے والے شخص نے اپنی عمر قید کی سزا کے خلاف اپیل کر دی ہے۔42سالہ جرمن نیلس ہوگیل کے خلاف عدالتی فیصلہ گذشتہ ہفتے جاری ہوا تھا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ ہوگیل نے 2000 سے 2005 تک ایک ہسپتال میں کام کے دوران درجنوں مریضوں کو انجیکشن لگا کر موت کی نیند سلایا تھا, مقتولین کی عمریں 34 سے 96 برس کے درمیان تھیں۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا تھا کہ گذشتہ جمعرات کے روز جاری ہونے والے عدالتی فیصلے سے قبل ہوگیل کو 6 مزید افراد کے قتل کا مجرم ٹھہرایا گیا تھا۔ اس طرح سرکاری طور پر ہوگیل کا شکار بننے والے افراد کی مجموعی تعداد 91 تک جا پہنچی ہے۔

    ذرائع کا کہنا تھا کہ البتہ موت کا شکار بننے والے افراد کی حقیقی تعداد کبھی معلوم نہیں ہو سکے گی کیوں کہ ان میں بہت سے لوگوں کی لاشوں کو جلا دیا گیا۔

    پولیس کو شبہ ہے کہ ہوگیل نے درحقیقت 200 سے زیادہ افراد کی زندگی کا چراغ بجھایا، اولڈنبرگ کی عدالت نے ہوگیل کو عمر قید کی سزا سنائی، فیصلے کے ساتھ ایسی شرائط بھی منسلک ہیں جن کے سبب ہوگیل کا جیل کی سلاخوں کے پیچھے 15 سال گزارنے سے پہلے باہر آنا مشکل ہو گا۔