Tag: Get Rid

  • آنکھوں کے نیچے حلقے کیسے ختم کیے جائیں؟

    آنکھوں کے نیچے حلقے کیسے ختم کیے جائیں؟

    آنکھوں کے نیچے اگر سیاہ حلقے ہوں تو پورے چہرے کا تاثر خراب ہوسکتا ہے، اس سے چھٹکارا پانا مشکل تو ہوتا ہے لیکن ناممکن نہیں۔

    اکثر آنکھوں کے پپوٹوں کی رنگت چہرے کی جلد کی نسبت کافی گہری ہوجاتی ہے جس سے چہرہ تھکا ہوا اور مضطرب محسوس ہوتا ہے، یہ عموماً نیند کی کمی، جلدی الرجی، حمل، جینیات، ادویات کا استعمال، سورج کی مضر شعاعیں، غیر صحت مند طرز زندگی اور عمر رسیدگی کی وجہ سے جنم لینے لگتے ہیں۔

    آنکھوں کے گرد جلد کی رنگت کا گہرا ہونا کوئی خطرے کی بات نہیں ہے لیکن یہ بنیادی صحت کے مسائل کی نشاندہی کر سکتی ہے۔

    اس کے لیے ضروری ہے کہ جلد کو ہائیڈریٹ رکھا جائے، ہائیڈریٹ رہنا آپ کی مجموعی صحت اور جلد کی تندرستی کے لیے انتہائی اہم ہے، سوتے وقت سر کو اونچا کرنا بھی مددگار ثابت ہوسکتا ہے۔

    اس کے لیے کچھ قدرتی علاج بھی اس ضمن میں کار گر ثابت ہوں گے جو یہاں پیش کیے جارہے ہیں۔

    ٹماٹر

    ٹماٹر ایک مقبول قدرتی علاج ہے، اس کا مسلسل استعمال سیاہ دھبوں کو دور کرنے میں معاون ثابت ہوتا ہے۔

    ٹماٹر کا ایک ٹکڑا براہ راست ہر آنکھ پر 10 منٹ کے لیے رکھ سکتے ہیں، بہترین نتائج کے لیے ہفتے میں تین بار اس عمل کو دہرائیں۔

    کھیرا

    کھیرے کے ٹکڑے آنکھوں کے گرد گہری رنگت کو صاف کرنے میں اپنی مثال نہیں رکھتے کیونکہ ان میں جلد کو ہلکا کرنے کے ساتھ تیزابی خصوصیات بھی ہوتی ہیں۔

    ٹماٹر کے ٹکڑوں کی طرح کھیرے کے ٹکڑوں کو 10 سے 15 منٹ تک آنکھوں پر رکھا جاسکتا ہے۔

    ٹی بیگز

    سبز اور کالی چائے میں موجود اینٹی آکسیڈنٹس سوزش اور رنگت کو کم کرنے میں مدد دیتے ہیں، دو استعمال شدہ ٹی بیگز کو 2 گھنٹے کے لیے فریج میں رکھنے کے بعد انہیں 15 منٹ کے لیے آنکھوں پر رکھیں، ساتھ ہی پلکوں پر بادام کے تیل کا مساج بھی کریں۔

  • ناخنوں سے فنگس کا چھٹکارا کیسے ممکن ہے؟

    ناخنوں سے فنگس کا چھٹکارا کیسے ممکن ہے؟

    ہاتھ پاؤں کی انگلیوں کے ناخن حفاظت مانگتے ہیں، دیکھا گیا ہے کہ لوگوں کی اکثریت ہاتھوں کی انگلیوں کی حفاظت تو کرتی ہیں تاہم پیروں اور اس کے ناخنوں پر اتنی توجہ نہیں دیتی، جس کے نتیجے میں کئی مسائل جنم لیتے ہیں ان ہی میں ناخنوں میں فنگس کا ہونا شامل ہے۔

    پیر عموماً جرابوں اور جوتوں میں چھپے ہوئے ہوتے ہیں، اس لیے یہ اکثر پسینے کے سبب گیلے رہتے ہیں اور اس طرح ان میں کئی طرح کے جراثیم پنپنے لگتے ہیں جو ان میں فنگس کا سبب بنتے ہیں۔

    فنگس کی وجہ سے جو علامات ظاہر ہوتی ہیں، ان میں ناگوار مہک لیے مادے کا اخراج، پیر کے ناخنوں کے رنگ میں تبدیلی ہونا شامل ہیں۔

    اسی لیے ضروری ہے کہ اس فنگس کا فوری علاج کیا جائے، یہاں پر اس فنگس کے لیے قدرتی گھریلو علاج پیش کیا جا رہا ہے جو نقصان دہ کیمیکلز سے پاک ہونے کے ساتھ ساتھ فائدہ مند بھی ہے۔

    اشیا

    ڈراپر: 1 عدد

    اینٹی سیپٹک ماؤتھ واش: 3 کپ

    سیب کا سرکہ: 3 کپ

    ٹی ٹری آئل

    تھائیم کا تیل

    زیتون کا تیل

    ٹوتھ برش

    ایک بڑے ٹب میں 3 کپ اینٹی سیپٹک ماؤتھ واش اور 3 کپ سیب کا سرکہ ڈالیں، پیروں کو ٹب میں 30 منٹ تک ڈبو کر رکھیں۔

    ٹب سے پیروں کو نکال کر صاف تولیہ کا استعمال کرتے ہوئے اچھی طرح خشک کریں۔

    اب تھائیم آئل، ٹی ٹری آئل اور زیتون کے تیل کے برابر حصے کو ڈراپر میں ڈال کر اچھی طرح مکس کریں۔ ڈراپر کی مدد سے ناخنوں پر تیل لگائیں اور 15 منٹ تک لگا رہنے دیں۔

    ناخنوں میں تیل کے مکسچر کو آہستہ سے صاف کرنے کے لیے ٹوتھ برش کو استعمال کریں، اس عمل کو اس وقت تک جاری رکھیں جب تک کہ فنگس مکمل طور پر صاف نہ ہو جائے۔

  • موسم سرما میں خشک ہونٹوں سے کیسے نجات پائی جائے؟

    موسم سرما میں خشک ہونٹوں سے کیسے نجات پائی جائے؟

    موسم سرما میں خشکی سے ہونٹ پھٹ جاتے ہیں جو بعض اوقات تکلیف دہ صورت بھی اختیار کرلیتے ہیں، علاوہ ازیں ہارمونل تبدیلیوں، خون کی کمی یا سگریٹ نوشی کی وجہ ہونٹ کالے بھی پڑجاتے ہیں۔

    ہونٹوں کی خشکی دور کرنے اور ان کا رنگ بحال کرنے کے لیے ذیل میں کچھ طریقے بتائے جارہے ہیں۔

    ایک چمچ اصلی گھی میں 2 وٹامن ای کے کیپسول اور ایک چمچ گاجر کا تیل شامل کریں اور اسے دن میں دو سے 3 بار ہونٹوں پر لگائیں۔

    دیسی گھی میں چٹکی بھر نمک (پنک سالٹ یا سادہ نمک) اور شہد ڈال کر ہونٹوں پر اس کا مساج بھی کیا جاسکتا ہے، اس سے ہونٹوں سے مردہ جلد بھی صاف ہوگی جبکہ ان کی ملائمت میں بھی اضافہ ہوگا۔

    ہونٹوں کی رنگت بحال کرنے کے لیے ایک چمچ دودھ میں گلاب کی 3 سے 4 پتیاں اور انار کا ایک پھول شامل کریں، اس کا پیسٹ بنا لیں اور اسے اصلی گھی اور وٹامن ای کے کیپسول والے آمیزے میں شامل کر کے لگائیں۔

    یہ تمام اشیا ہونٹوں کی خشکی دور کر کے انہیں نرم و ملائم بنائیں گی جبکہ ان کی گلابی رنگت بھی بحال ہوگی۔

  • کیل مہاسوں کو فوری طور پر ختم کرنے کا طریقہ

    کیل مہاسوں کو فوری طور پر ختم کرنے کا طریقہ

    کیل مہاسے اور دانے ایک طرف تو چہرے کو بدنما بنا دیتے ہیں وہیں یہ نشان چھوڑ کر جلد کو بھی داغدار کردیتے ہیں تاہم ان سے چھٹکارا پانا اتنا بھی مشکل نہیں ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مارننگ شو گڈ مارننگ پاکستان میں ندا یاسر نے بتایا کہ ٹی ٹری آئل جو بازار میں آسانی سے دستیاب ہوتا ہے اس سلسلے میں بہت معاون ثابت ہوسکتا ہے۔

    ٹی ٹری آئل سے فوری طور پر سرخی اور سوجن کم ہوجاتی ہے جس کے بعد پمپل کو باآسانی میک اپ سے چھپایا جاسکتا ہے۔

    ایک اور طریقہ بیٹنو ویٹ کریم لگانے کا بھی ہے، یہ بھی ہر طرح کی الرجی، خارش یا سوجن کو فوری طور پر کم کر کے جلد کو نارمل کرنے میں مدد دیتی ہے۔

  • ایکنی سے چھٹکارے کا بہترین نسخہ

    ایکنی سے چھٹکارے کا بہترین نسخہ

    اکثر افراد کو چہرے کی ایکنی کا مسئلہ سارا سال رہتا ہے لیکن اس مسئلے سے نہایت آسانی سے چھٹکارا پایا جاسکتا ہے۔

    اے آر وائی ڈیجیٹل کے پروگرام گڈ مارننگ پاکستان میں فرح محمود نے ایکنی کے لیے نہایت سان اور کارآمد نسخہ بتایا۔

    انہوں نے بتایا کہ ایک چمچ گندم، آدھا چمچ ہلدی اور 1 چمچ شہد شامل کریں، اسے گرین ٹی شامل کر کے اچھی طرح مکس کریں۔

    اس آمیزے کو چہرے پر ماسک کی طرح لگائیں، خشک ہوجانے پر سادے پانی سے دھو لیں۔

    اس عمل کو باقاعدگی سے انجام دینے پر آہستہ آہستہ چہرے سے ایکنی اور ان کے دھبوں کا خاتمہ ہوجائے گا۔

  • بالوں کی خشکی سے نجات پانے کا جادوئی نسخہ

    بالوں کی خشکی سے نجات پانے کا جادوئی نسخہ

    بالوں کی خشکی ایسا مسئلہ ہے جس کی وجہ سے نہ صرف بال تیزی سے جھڑنے شروع ہوجاتے ہیں بلکہ بال بے رونق بھی دکھائی دینے لگتے ہیں۔

    یوں تو بالوں کی خشکی دور کرنے کے کئی طریقے ہیں جنہیں باقاعدگی سے آزمایا جائے تو اچھے نتائج حاصل ہوتے ہیں، آج ہم آپ کو ایک اور طریقہ بتانے جارہے ہیں۔

    ماہرین کے مطابق اسپرین بالوں اور جلد کے لیے بہترین جز ہے۔ اسپرین ایسے اجزا (سیلی کائی لیک ایسڈ) سے بھرپور دوا ہے جو بیشتر خشکی سے نجات دلانے والے شیمپوز کا حصہ ہوتے ہیں۔

    اسپرین کی 2 گولیوں کو پیس کر سفوف کی شکل دیں اور سر پر لگانے کے لیے جتنا شیمپو لیتے ہیں اس میں شامل کرلیں، اس مکسچر کو اپنے بالوں پر ایک سے دو منٹ تک لگا رہنے دیں اور پھر اچھی طرح دھولیں۔

    اس کے بعد دوبارہ سادہ شیمپو سے سر دھوئیں، اس کا جادوئی اثر دیکھ کر آپ حیران رہ جائیں گے۔

    تاہم یاد رہے کہ بالوں کی خشکی کی وجہ ناقص غذا بھی ہے لہٰذا چکنائی اور پروٹین سے بھرپور غذاؤں کا استعمال کریں اور ہفتے میں ایک سے دو بار تیل سے مساج بھی ضرور کریں۔

  • سوجی ہوئی آنکھوں کا گھر میں علاج ممکن

    سوجی ہوئی آنکھوں کا گھر میں علاج ممکن

    بعض جسمانی خرابیوں یا نیند کے بے ترتیب شیڈول سے آنکھیں بسا اوقات سوج جاتی ہیں، ایسی پفی آنکھوں کا گھر میں ہی نہایت آسانی سے علاج کیا جاسکتا ہے۔

    اے آر وائی ڈیجیٹل کے مارننگ شو گڈ مارننگ پاکستان میں رانی آپا نے سوجی ہوئی آنکھوں کا آسان علاج بتایا۔

    انہوں نے بتایا کہ یہ زیادہ تر معدے کی خرابی سے ہوتا ہے، کسی میڈیکشن کے سببب بھی ہونے لگتا ہے یا بعض لوگوں کو بغیر کسی وجہ کے سو کر اٹھنے کے بعد یہ شکایت ہوتی ہے۔

    رانی آپا کے مطابق کچی کیری آنکھوں کے لیے بہترین ہے، اس میں اے، بی اور سی تینوں وٹامن ہوتے ہیں۔ ایک کیری لے کر اسے پانی کے ساتھ اچھی طرح بلینڈ کرلیں اور تین چار چمچے ایک پیالے میں الگ کریں۔

    اب اس میں 2 چٹکی سہاگہ، ایک چمچ خشک دودھ، اور چند قطرے بادام کے تیل کے شامل کریں۔

    اچھی طرح مکس کرنے کے بعد آنکھوں کے اوپر ململ کا کپڑا رکھیں اور اس آمیزے کو اس کے اوپر لگا لیں، پندرہ منٹ لگائے رکھنے کے بعد صاف پانی سے آنکھیں دھو لیں۔

    رانی آپا کے مطابق اس عمل کو 15 روز تک باقاعدگی سے دہرائیں، آنکھوں کی سوجن، اس کے ار گرد جھریاں اور سیاہ حلقے غائب ہوجائیں گے۔

  • جلد کی خشکی سے بچنے کے لیے آسان تجاویز

    جلد کی خشکی سے بچنے کے لیے آسان تجاویز

    اکثر اوقات پانی کی کمی کی وجہ سے جلد خشکی کا شکار ہو جاتی ہے جس کے باعث چہرہ بے رونق لگنے لگتا ہے، ماہرین اس صورتحال سے بچنے کے لیے مختلف تجاویز دیتے ہیں۔

    ذیل میں کچھ تراکیب بتائی جارہی ہیں جنہیں اپنا کر جلد کی خشکی سے چھٹکارا پایا جا سکتا ہے۔

    سبز چائے اور شہد

    اجزا

    تیار سبز چائے: 1 چمچ

    شہد: 1 چمچ

    ان اجزا کو اچھی طرح سے مکس کرلیں تاکہ آمیزہ تیار ہو جائے، آمیزے کو جلد پر لگائیں اور ایک منٹ کے لیے آہستہ سے مساج کریں۔ اس آمیزے کو 15 منٹ کے لیے جلد پر لگائے رکھیں، پھر مرکب کو ٹھنڈے پانی سے دھو لیں۔

    ہفتے میں ایک بار یہ نسخہ آزمائیں۔

    پپیتا اور دہی

    پپیتا: 1 چمچ

    دہی: 1 کپ

    لیموں کا رس: چٹکی بھر

    شہد: ایک چٹکی

    تمام اجزا کو اچھی طرح سے مکس کر لیں، اس آمیزے کو جلد پر لگائیں اور ایک منٹ کے لیے آہستہ سے مساج کریں۔ 15 منٹ بعد چہرہ صاف پانی سے دھو لیں۔

    کھیرا اور ایلو ویرا

    اجزا

    کٹی ہوئی ککڑی: نصف عدد

    ایلو ویرا جیل: 2 چمچ

    دونوں کو مکس کر کے اچھی طرح چہرے پر مساج کریں اور آدھے گھنٹے بعد صاف پانی سے چہرہ دھو لیں۔

  • ان نقصان دہ اشیا کو اپنے گھر سے نکال باہر کریں

    ان نقصان دہ اشیا کو اپنے گھر سے نکال باہر کریں

    بعض لوگ اپنے گھر کو بہت سے سامان سے بھر دیتے ہیں جس کا مقصد ضرورت کے وقت کسی شے کی دستیابی، گھر کو خوبصورت بنانا اور سہولت پیدا کرنا ہوتا ہے۔

    تاہم ان میں سے کچھ چیزیں ایسی ہوتی ہیں جو نقصان دہ بن سکتی ہیں اور ماہرین ایسی اشیا کو گھر میں نہ رکھنے کی تجویز دیتے ہیں۔ آئیں جانتے ہیں ایسی کون سی اشیا ہیں جو آپ کے گھر میں موجود ہیں اور آپ کو نقصان پہنچا سکتی ہیں۔

    پلاسٹک کے ڈبے

    پلاسٹک کے ڈبے کچن اور فریج میں مختلف اشیا محفوظ کرنے کے لیے نہایت کارآمد ثابت ہوتے ہیں لیکن یہ ڈبے آپ کے قاتل بھی بن سکتے ہیں۔ اگر آپ کے گھر میں موجود پلاسٹک کے ڈبوں پر ’پی سی‘ لکھا ہے تو ایسے ڈبوں کو ایک لمحہ بھی سوچے بغیر کوڑے دان کی نذر کردیں۔

    پی سی کا مطلب ہے پولی کاربونیٹ، اس عنصر میں ایک زہریلا کیمیکل بسفینول اے (بی پی اے) شامل کیا جاتا ہے۔ یہ کیمیکل تنفس کے مسائل، امراض قلب، اور بلڈ پریشر کا سبب بن سکتا ہے۔

    پلاسٹک کے ان ڈبوں کی جگہ آپ شیشے کے ڈبے استعمال کر سکتے ہیں۔

    ایئر فریشنر

    گھر کو خوشبوؤں سے مہکا دینے والا ایئر فریشنر اپنے اندر بے شمار کیمیکلز رکھتا ہے اور یہی وجہ ہے کہ اس کی خوشبو طویل وقت تک موجود رہتی ہے۔ مستقل ایئر فریشنر کا استعمال آپ کی صحت کے لیے خطرات پیدا کر سکتا ہے۔

    خوشبو کے لیے پھولوں والے پودے گھر میں رکھے جاسکتے ہیں۔ گلاب و موتیا کے تازہ پھول بھی کمرے کو خوشبو سے مہکا دیتے ہیں۔

    پرانا ٹوتھ برش

    ٹوتھ برش کے استعمال کے عرصے کو کم رکھیں، ٹوتھ برش جراثیم ذخیرہ کرنے کی آئیڈیل جگہ ہے۔ ماہرین کے مطابق ہر 3 سے 4 ماہ بعد ٹوتھ برش تبدیل کر لینا چاہیئے چاہے وہ بہتر حالت میں ہی کیوں نہ موجود ہو۔

    ماہرین کے مطابق جب ہم بخار، نزلہ، زکام یا کسی اور بیماری کے دوران ٹوتھ برش استعمال کرتے ہیں تو بیماری کے جراثیم برش میں بھی جگہ بنا لیتے ہیں۔

    صحت مند ہونے کے بعد وہی ٹوتھ برش دوبارہ استعمال کرنا اس بیماری کو واپس بلانے کے مترادف ہے۔

    پرانے کپڑے

    پرانے اور غیر ضروری کپڑے جمع کیے رکھنا بے وقوفانہ عمل ہے۔ جن کپڑوں کی آپ کو ضروت نہ ہو انہیں کسی ضرورت مند کو دے دیں۔

    ماہرین کے مطابق ایسی الماری جس میں بے تحاشہ کپڑے ٹھنسے ہوں، ہر بار کھلنے پر آپ کو ذہنی تناؤ میں مبتلا کر دیتی ہے۔

    غیر ضروری کپڑے رکھنے سے آپ کا دماغ آپ کو یہ تاثر بھی دیتا ہے کہ آپ کے پاس بہت سے کپڑے موجود ہیں اور آپ کو خریداری کرنے کی ضرورت نہیں۔

    یہ دھوکہ اس وقت مشکل سے دو چار کر سکتا ہے جب آپ کو پتہ چلے کہ کسی اہم موقع کے لیے آپ کے پاس واقعی کوئی مناسب لباس موجود نہیں۔

    پلاسٹک کے کٹنگ بورڈ

    کٹنگ یا چوپنگ بورڈ سبزیاں کاٹنے کے عمل میں آسانی پیدا کرتا ہے تاہم اگر یہ پلاسٹک کا ہو تو آپ کی کٹی ہوئی سبزیوں کو جراثیموں سے بھر سکتا ہے۔

    ہر بار جب پلاسٹک کے کٹنگ بورڈ پر چھری سے خراش لگتی ہے تو اس میں جراثیموں کی رہائش کے لیے ایک نئی جگہ پیدا ہوجاتی ہے۔

    پلاسٹک کی جگہ لکڑی کے کٹنگ بورڈ استعمال کریں۔ لکڑی قدرتی طور پر اینٹی بائیوٹک خصوصیات رکھتی ہے لہٰذا اس پر کاٹی جانے والی سبزیوں سے آپ ایک صحت بخش کھانا تیار کرسکتے ہیں۔

  • آدھے سر کے درد سے نجات حاصل کرنے کے طریقے

    آدھے سر کے درد سے نجات حاصل کرنے کے طریقے

    آدھے سر کا اذیت ناک درد جسے میگرین بھی کہا جاتا ہے نہایت تکلیف دہ ہوتا ہے جو اپنے مریض کو کسی بھی کام کے قابل نہیں چھوڑتا۔ یہ درد سر کے کسی ایک حصے میں اٹھتا ہے اور مریض کو ناقابل برداشت تکلیف کا شکار بنا دیتا ہے۔

    میگرین کا کوئی باقاعدہ علاج نہیں ہے تاہم گھریلو ٹوٹکے اپنا کر وقتی طور پر آرام حاصل کیا جاسکتا ہے۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ میگرین کے مریضوں کو چاہیئے کہ اپنا طرز زندگی ایسا رکھیں جس میں سر درد اٹھنے کا امکان کم سے کم ہو جیسے اسکرینز کا بہت کم استعمال، وقت پر آرام اور دماغ کو زیادہ تھکانے سے گریز کیا جائے۔

    آج ہم آپ کو ایسے ہی کچھ طریقے بتا رہے ہیں جنہیں میگرین ہونے کے وقت اپنا کر آپ اس تکلیف کو کسی حد تک کم کرسکتے ہیں۔

    مزید پڑھیں: آدھے سر کے اذیت ناک درد سے نجات کے لیے دوا تیار

    ٹھنڈک سے مدد لیں

    آدھے سر کے درد کے وقت سر کو ٹھنڈک پہنچائیں، سب سے بہترین طریقہ ٹھنڈے پانی کا شاور لینا ہے۔

    ایک اور طریقہ برف سے مدد لینے کا بھی ہے۔ تولیہ میں برف کے چند ٹکڑے لپیٹ کر 15 منٹ کے لیے ماتھے پر رکھیں، 15 منٹ بعد ہٹا کر دیکھیں سر درد میں واضح کمی محسوس ہوگی۔ اگر سر درد باقی ہے تو 15 منٹ بعد مزید برف رکھیں۔

    سر کو آرام پہنچائیں

    سر کے بالوں کو جکڑ کر رکھنا بھی سر میں تکلیف پیدا کرتا ہے۔ سر درد کے وقت خواتین کو چاہیئے کہ بالوں کو ڈھیلا کردیں تاکہ مسلز کو آرام مل سکے۔ اسی طرح اگر آپ نے سر پر اسکارف یا ہیٹ پہنا ہوا ہے تو سر درد کے وقت اسے اتار دیں۔

    مدھم روشنیاں

    میگرین کے وقت جس جگہ آپ موجود ہیں وہاں کی روشنیاں مدھم کردیں، کھڑکیوں پر پردے ڈال دیں۔ مستقل سر درد کا شکار رہنے والوں کو کمپیوٹر اور موبائل کی برائٹ نیس کم رکھنی چاہیئے۔

    تیز دھوپ میں نکلتے ہوئے سن گلاسز کا استعمال لازمی کریں۔

    جبڑے کو تکلیف نہ دیں

    بعض اوقات بہت دیر تک چیونگم چبانے سے بھی سر درد کا احساس ہوتا ہے، اسی طرح پین یا کوئی سخت چیز چبانے، دانت پیسنے کی عادت بھی سر درد پیدا کرسکتی ہے۔ اس بارے میں ماہر دندان سے رجوع کریں اور اس عادت سے چھٹکارہ پانے کی کوشش کریں۔

    کافی بہترین حل

    سر درد اور تھکن کا فوری علاج کافی ہے، کافی کا ایک بہترین کپ سر درد میں خاصی حد تک کمی کرسکتا ہے۔