Tag: ghari khuda baksh

  • ابھی جوان ہوں زیادہ کام کرسکتا ہوں، قائم علی شاہ

    ابھی جوان ہوں زیادہ کام کرسکتا ہوں، قائم علی شاہ

    لاڑکانہ: سابق وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا ہے کہ جب تک ہاتھ پاؤں سلامت ہیں اسی طرح قوم کی خدمت کرتا رہوں گا۔

    تفصیلات کے مطابق سابق وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ اپنی صاحبزادی نفیسہ شاہ کے ہمراہ سخت سیکیورٹی میں گڑھی خدا بخش پہنچے، جہاں انہوں نے ذوالفقار علی بھٹو اور شہید بے نظیر بھٹو کے مزار پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔

    مزار پر حاضری دینے کے بعد سید قائم علی شاہ نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’’میں ابھی جوانوں سے بھی زیادہ جوان ہوں اور اُن سے زیادہ کام کرنے کی صلاحیت رکھتا ہوں‘‘۔

    وزیر اعلیٰ سندھ کے عہدے سے منصب سے مستعفیٰ ہونے کے بعد قائم علی شاہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ ’’جب تک زندہ ہوں قوم کی خدمت کرتا رہوں گا ‘‘۔

    قائم علی شاہ کا کہنا تھا ’’، پاکستان پیپلزپارٹی عوامی جماعت ہے اور ایک سمندر کی مانند ہے، جس میں سب سما سکتے ہیں، انہوں نے مراد علی شاہ سمیت سندھ کابینہ کے ممبران کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا‘‘۔

    قائم علی شاہ نے کہا ’’میں پیپلزپارٹی کا کارکن ہوں قیادت کا ہر فیصلے کے آگے سرخمِ تسلیم کروں گا کیونکہ پی پی صوبے کی فلاح اور عوامی خدمت پر یقین رکھتی ہے‘‘۔

     

  • بے نظیر کی برسی،  سابق صدر آصف زرداری کی مزار پر حاضری

    بے نظیر کی برسی، سابق صدر آصف زرداری کی مزار پر حاضری

    گڑھی خدابخش : دہشت گردوں کے حملے میں شہید ہونے والی بے نظیر بھٹو کی برسی آج منائی جارہی ہے، پیپلزپارٹی کے رہنماؤں اور کارکنوں کی بڑی تعداد گڑھی خدابخش پہنچ چکی ہے۔

    شہید محترمہ بینظیربھٹو کی ساتویں برسی آج منائی جارہی ہے، اپنی قائد کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کیلئے جیالوں کی بڑی تعداد گڑھی خدابخش پہنچ چکی ہے، سابق صدر آصف علی زرداری اور بختاور بھٹو زررداری نے بینظیر بھٹو کے مزار پرحاضری دی اوران کی قبر پر پھول نچھاور کیے۔

    پیپلزپارٹی کے دیگر رہنماء بھی برسی کی تقریب میں شرکت کیلئے پہنچ چکے ہیں، پنجاب سے پیپلزپارٹی کے رہنماؤں کا قافلہ پہنچ گیا ہے، برسی کی تقریب کیلئے سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے گئے، کارکنوں کو سخت چیکنگ کے بعد مزار کی طرف جانے کی اجازت دی جارہی ہے۔

    برسی کی تقریبات کے دوران چھ ہزار سے زائد پولیس اور رینجرز اہل کار تعینات کیے گئے ہیں ۔ جلسہ گاہ اور اطراف کے علاقوں میں ایک سو سے زائد سی سی ٹی وی کیمرے بھی نصب کیے گئے ہیں۔

    شہید محترمہ بینظیر بھٹو ستائیس دسمبر دوہزار سات کو راولپنڈی میں جلسے کے بعد دہشت گردوں کے حملے میں شہید ہوگئی تھیں۔