ٹھٹھہ: صوبہ سندھ کے علاقے گھارو میں ملزمان کی فائرنگ سے 2 پولیس اہلکار شہید اور 2 زخمی ہوگئے، ملزمان کے خلاف علاقے میں آپریشن کی تیاریاں مکمل کرلی گئیں۔
تفصیلات کے مطابق صوبہ سندھ کے علاقے گھارو میں 2 گروپوں میں کشیدگی کے مقدمے میں پولیس ملزمان کو گرفتار کرنے گئی جس کے دوران ملزمان نے پولیس پر فائرنگ کردی۔
ترجمان ٹھٹھہ پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ سے 2 پولیس اہلکار شہید ہوگئے۔
ترجمان کے مطابق شہید اہلکاروں میں اے ایس آئی سخی محمد بخش اور علی نواز چنڑ شامل ہیں، فائرنگ میں ڈی ایس پی اور ایس ایچ او زخمی بھی ہوئے ہیں جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا۔
واقعے کے بعد اعلیٰ پولیس افسران بھی گھارو پہنچ گئے ہیں، ملزمان کے خلاف علاقے میں آپریشن کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔
ٹھٹھہ:سندھ کے چھوٹے سے شہر گھارو میں ایک ایسا حیران کن ریسٹورنٹ بھی ہے، جس کی صفائی ستھرائی کا معیار کسی یورپی ریسٹورنٹ سے کم نہیں اور جہاں غیرملکی بھی کھانا کھانے آتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق گھارو میں عمران کیفے نامی ایک انوکھا ریسٹورنٹ ہے، جہاں بڑے شہروں کے ہوٹلوں سے بھی زیادہ صفائی کا خیال رکھا جاتا ہے، بیرے سیاہ رنگ کی بے داغ وردی اور صاف ستھرے جوتے پہنتے ہیں، جب کہ کک سر اور منہ ڈھانپ کر کھانا پکاتے ہیں۔
اے آر وائی کے پروگرام سرعام کی ٹیم نے ایک بار گھارو سے گزرتے ہوئے اس صاف ستھرے ریسٹورنٹ کو دیکھا تھا. پروگرام میزبان اقرار الحسن نے کچھ عرصے بعد اس کا تفصیلی دورہ کیا اور کیفے عمران کے مالک سے گفتگو کی۔
اس رپورٹ میں پروگرام میزبان نے وہاں موجود گاہکوں سے بات چیت کی، جنھوں نے اس کی کوالٹی کو نہ صرف اطمینان بخش بلکہ قابل تعریف ٹھہرایا۔ سرعام کی ٹیم نے فیملی ہال میں بیٹھے افراد خواتین و افراد سے بھی گفتگو کی۔
اس دوران وہاں چند غیرملکی بھی موجود تھے، جنھوں نے یہاں کے معیار کو بین الاقوامی معیارات کے عین مطابق اور قابل ستائش قرار دیا۔
بعد میں ٹیم نے ریسٹورنٹ کے کچن کا دورہ کیا۔ یاد رہے کہ عام طور ریسٹورنٹ کے کچن ہی سب سے زیادہ بری حالت میں ہوتے ہیں، البتہ یہاں صفائی کا مکمل خیال رکھا گیا تھا، اسٹور میں تمام چیزیں ترتیب سے رکھی تھیں اور کوکنگ ایریا میں بھی حفظان صحت کے اصولوں کا خیال رکھا گیا تھا۔
اس موقع پر کیفے کے مالک نے کہا کہ یہ ان کا ریسٹورنٹ کا اولین تجربہ ہے۔ انھوں نے ابتداہی سے اصولوں کو مقدم رکھا. یہ ان کے والدین اور اساتذہ کی تربیت ہے، جو ریسٹورنٹ میں دکھائی دے رہی ہے۔
کراچی :پاکستان اسٹیل ملز کےسی ای او میجرجنرل ریٹائرڈ ظہیراحمد خان نے کہا ہے کہ کے الیکٹرک کسی کی بات نہیں سنتی۔گھارو پمپنگ اسٹیشن پربجلی کی بندش سے پاکستان اسٹیل کو خطرہ ہے۔
کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب میں میجر جنرل ریٹائرڈ ظہیر احمد خان کا کہنا تھا کہ گھارو پمپنگ اسٹیشن پر فروری سے اب تک 44 مرتبہ ٹرپنگ ہوئی ہے ، جس سے پانی کا ذخیرہ 110 ملین گیلن سے کم ہوکر 25 ملین گیلن رہ گیا ہے ،انہوں نے کہا کہ پانی کی کمی کی وجہ سے رواں ماہ 20 فیصد پیداواری ہدف حاصل کرنا مشکل ہوگیا ہے ،
انہوں نے کہا کہ کے الیکٹرک کی لوڈ شیڈنگ کی وجہ سے پانی کے ریزروائیر کا لیول پندرہ گیلن کی کم ترین سطح پر آگیا ہے،جس کی وجہ سے اسٹیل ٹاؤن اور گلشن حدید کو پانی کی فراہمی بند ہوچکی ہے ، ظہیر احمد خان نے کہا کہ بجلی کی بندش اور پانی کی قلت سے اسٹیل ملز کے کچھ پلانٹس کو بند کیا گیا ہے اور اس وقت صرف دو پلانٹس کام کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی وزارت پیدوار حکومت سندھ اور گورنر سندھ پانی اور بجلی کے مسلے کو حل کریں