Tag: ghazi

  • اسلام آباد: 37 پولیس افسران و جوان غازی قرار

    اسلام آباد: 37 پولیس افسران و جوان غازی قرار

    اسلام آباد: آئی جی اسلام آباد محمد احسن یونس نے 37 پولیس افسران اور جوانوں کو اسلام آباد پولیس کے غازی ڈکلیئر کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد پولیس کے سینتیس اہل کاروں کو غازی کا اعزاز دیا گیا ہے، یہ جوان فرائض کی انجام دہی کے دوران جرائم پیشہ عناصر کی گولیوں سے زخمی ہوئے تھے۔

    آئی جی اسلام آباد محمد احسن یونس نے ان غازیوں کے اعزاز میں ایک پُر وقار تقریب کا اہتمام کیا، جس میں انھوں نے اہل کاروں کو غازی کے بیجز لگائے۔

    آئی جی اسلام آباد نے تقریب سے خطاب میں کہا میں نے غازیوں کے لیے ایک نظام بنا دیا ہے جو میرے جانے کے بعد بھی جاری رہے گا، خصوصی کمیٹی غازیوں کو مختلف ربنز کے حوالے سے سفارشات دے گی۔

    ان کا کہنا تھا احتساب کے ساتھ ساتھ پولیس اہل کاروں کے جذبے کو سراہنا بھی ضروری ہے، اسلام آباد کے شہریوں کو بتانا ہے کہ یہ پولیس اہل کار آپ کے لیے جان کی قربانی بھی دے سکتے ہیں۔

    آئی جی نے کہا ماڈرن ڈے پولیسنگ ٹیکنالوجی کے ساتھ میڈیا کے بغیر بھی مکمل نہیں، ہم میڈیا کے سامنے ہر غلط کام کے لیے جواب دہ ہیں، لیکن فورس اچھا کام کرے تو سراہا جانا چاہیے، اس بات کو سمجھیں یہ پولیس آپ کی ہے۔

    انھوں نے مزید کہا کہ فورس کی اچھائیاں اور برائیاں کسی بھی دوسرے شعبے کی طرح ہو سکتی ہیں، اس محکمے کی نوکری ہم نے اپنی مرضی سے خود منتخب کی ہے، جہاں اپنی فورس کا خیال رکھنا میری اوّلین ذمہ داری ہے، پولیس بطور ایک فورس اور سرونٹ اپنے آپ کو شہریوں کے سامنے پیش کریں۔

    آئی جی پولیس کا کہنا تھا کہ ہم پولیس اسٹیشن میں عام شہری کا تجربہ بہتر بنانے کی کوشش کر رہے ہیں، حکومت کی جانب سے دیا گیا بجٹ رولز کے مطابق استعمال کریں گے، ہماری خواہش ہے کہ تفتیش کی لاگت افسر کو ملتے ہی اسے شکایت کنندہ کو بھی میسج کے ذریعے بھیجا جائے۔

  • شہیدوں کے ساتھی ان غازیوں کو سلام جو ہمارے خواب پورے کرتے ادھورے ہوگئے، آئی ایس پی آر

    شہیدوں کے ساتھی ان غازیوں کو سلام جو ہمارے خواب پورے کرتے ادھورے ہوگئے، آئی ایس پی آر

    راولپنڈی: پاک فوج کی جانب سے یومِ دفاع و شہداء 2018 پر وطن کی خاطر لڑنے والے غازیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے پیغام میں کہا گیا ہے کہ شہیدوں کے ساتھ پاکستان کے غازی بھی داد کے حقدار ہیں، جو جنگ میں معذور ہوکر بھی وطن پر مرمٹنے کو تیار ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل آصف غفور نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹرپریومِ دفاع وشہدا 2018 کے حوالے سے نیا پرومو جاری کیا ہے۔

    جاری کیے گئے نئے پرومو میں پاک فوج کے غازیوں کو دکھایا گیا ہے جبکہ مختلف آپریشنز میں زخمی ہونے والے پاک فوج کے غازی بھی پرومو میں شامل ہیں ، کئی غازی زخمی ہونے کے باعث ٹانگوں اورہاتھوں سے محروم ہوئے لیکن اعضا کی محرومی کے باوجود وطن کے لیے مرمٹنے کا جذبہ برقرار ہے۔

    ڈی جی آئی ایس پی آرمیجر جنرل آصف غفور نے اپنے پیغام میں کہا کہ شہیدوں کے ساتھی اوران غازیوں کو سلام جو ہمارے خواب پورے کرتے ادھورے ہوگئے۔ ہمیں پیارہے پاکستان سے۔

    اس سے قبل جاری ہونے والے پرومو آئی ایس پی آر کی جانب سے پاکستانی میڈیا کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا گیا تھا، میڈیا کا شہدا کی قربانیوں کو اجاگر کرنے میں اہم کردارہے، شکریہ پاکستان میڈیا۔

    مزید پڑھیں : نشان حیدر پانے والے شہدا کو خراج تحسین پیش

    یاد رہے پاک فوج کی جانب سے ہمیں پیار ہے پاکستان سے‘ مہم کے سلسلے میں خصوصی پروموز جاری کئے تھے، جس میں نشانِ حیدر حاصل کرنے والے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا گیا تھا جبکہ پہلی بارملک کے ان سیاست دانوں کو بھی خراجِ عقیدت پیش کیا گیا، جو دہشت گردوں کے حملوں میں شہید ہوئے۔

    واضح رہے پاک فوج نے یوم دفاع و شہدا 2018 کو ’ہمیں پیار ہے پاکستان ’سے کے نام سے منفرد انداز میں منانے اعلان کیا تھا اور اس حوالے سے آئی ایس پی آر اس نے نیا نغمہ بھی جاری کیا تھا۔

    ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ یومِ دفاع و شہدا 2018 پر قوم کے شہیدوں اور ان کے گھر والوں کو یاد کیا جائے گا اور قوم سے درخواست کی تھی کہ وہ 6 ستمبر یومِ دفاع و شہدا پر تمام شہدا کے گھر جا کر انھیں خراجِ عقیدت پیش کریں۔