Tag: Ghaziabad

  • مندر پر حملہ، آلٹ نیوز کے شریک بانی محمد زبیر کے خلاف ایف آئی آر درج

    مندر پر حملہ، آلٹ نیوز کے شریک بانی محمد زبیر کے خلاف ایف آئی آر درج

    غازی آباد: بھارتی ریاست اترپردیش کے شہر غازی آباد میں ایک متنازعہ پنڈت یتی نرسنگھا نند کے ایک معاون کی شکایت کے بعد آلٹ نیوز کے شریک بانی محمد زبیر کے خلاف پیر کو ایک ایف آئی آر درج کر دی گئی ہے۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق نرسنگھا نند کو پیغمبر اسلام کی شان میں گستاخی پر متعدد ایف آئی آرز اور مسلم گروپوں کے احتجاج کا سامنا ہے، اس کے خلاف احتجاج کرنے پر بی جے پی لیڈر اُدیتا تیاگی نے پولیس اسٹیشن میں محمد زبیر کے خلاف غازی آباد کے ڈاسنا دیوی مندر پر حملے کی ایف آئی آر درج کرا دی ہے۔

    ایف آئی آر میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ محمد زبیر اور دیگر 2 مسلم لیڈرز ارشد مدنی اور اسدالدین اویسی نے شہر کے اطراف مسلمانوں کو مشتعل کرنے کی کوشش کی، اور انھیں ترغیب دی کہ وہ ڈاسنا میں شیوشکتی دھام مندر پر حملہ کرنے کے لیے باہر کے لوگوں کو جمع کریں۔‘‘

    واضح رہے کہ 5 اکتوبر کو ایک ہجوم نے مندر پر حملہ کر دیا تھا، محمد زبیر پر الزام ہے کہ انھوں نے انٹرنیٹ پر ایک ویڈیو شیئر کی جو وائرل ہو گئی اور اس کے بعد مسلمانوں کے ہجوم نے شیوشکتی دھام کا محاصرہ کرنے کی کوشش کی۔

    خاتون لیڈر اُدیتا تیاگی نے پولیس کو دی گئی اپنی شکایت میں الزام لگایا کہ اویسی، زبیر، مدنی، اور دیگر مسلم رہنماؤں نے مسلسل عوام کو یہ ترغیب دی تھی کہ وہ یتی نرسنگھا نند سرسوتی کو قتل کریں۔ خاتون نے پولیس سے مطالبہ کیا کہ وہ فرقہ وارانہ تشدد کو ہوا دینے والوں کے خلاف کارروائی کرے۔

    پولیس نے محمد زبیر کے خلاف اشتعال انگیز ٹویٹس کے ذریعے مسلمانوں کو ڈاسنا دیوی مندر پر حملے کے لیے اکسانے کے الزام پر ایف آئی آر درج کر لی۔

  • ویڈیو: خواتین نے بی جے پی رہنما کے کپڑے پھاڑ دیے

    ویڈیو: خواتین نے بی جے پی رہنما کے کپڑے پھاڑ دیے

    غازی آباد: بھارتی ریاست اترپردیش میں خواتین سمیت عوام نے بھارتیہ جنتا پارٹی کے ایک اقلیتی رہنما رضوان خان میر کی پٹائی کر دی، اور ان کے کپڑے پھاڑ دیے۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق مغربی اترپردیش کے علاقے غازی آباد میں بی جے پی اقلیتی مورچہ کے سابق صدر رضوان خان میر کی پٹائی کی ایک ویڈیو سامنے آئی ہے۔

    ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بہت سارے افراد نے پولیس کی گاڑی کی موجودگی میں رضوان میر کو پکڑ رکھا ہے اور انھیں مار ر ہے ہیں، لوگوں کی پٹائی سے بی جے پی رہنما لہو لہان دکھائی دیتے ہیں۔

    خواتین نے بھی رضوان میر کو پیٹا، لوگوں نے ان کے کپڑے پھاڑ دیے اور پٹائی کر کے ان کا سر پھاڑ دیا، پٹنے کے بعد رضوان کو پولیس اہل کار بچا کر لے گئے۔

    یہ واقعہ شالیمار گارڈن تھانہ علاقے میں بھارت ماتا چوک کے قریب پیش آیا، معلوم ہوا کہ بی جے پی لیڈر اور دوسری پارٹی کے درمیان ایک دکان پر قبضہ اور کرایہ کو لے کر اتوار کو جھگڑا ہوا تھا۔

    رضوان میر نے کچھ عرصہ قبل بھارت ماتا چوک پر ایک دکان کرائے پر لی تھی، دکان کے مالک عبدالصابر سے کرایہ پر جھگڑا ہوا، اس کے بعد عبدالصابر کے لوگوں نے ان کی پٹائی کر دی، پٹائی کرنے والوں میں زیادہ تر خواتین تھیں۔

    بی جے پی لیڈر کی شکایت پر پولیس نے مقدمہ درج کر کے 4 لوگوں کو گرفتار کر لیا ہے۔

  • مالک مکان کے ہاتھوں کرائے دار کا قتل، لاش کے ساتھ بہیمانہ سلوک

    مالک مکان کے ہاتھوں کرائے دار کا قتل، لاش کے ساتھ بہیمانہ سلوک

    نئی دہلی : بھارت میں مالک مکان نے اپنے کرائے دار کو قتل کرکے لاش کے ٹکڑے کرکے مختلف مقامات پر پھینک دیئےم پولیس نے ملزم کودو ماہ بعد گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا۔

    بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق یہ ہولناک واقعہ بھارتی ریاست اتر پردیش میں غازی آباد کے علاقے مودی نگر میں پیش آیا، مقتول انکیت نامی شخص ملزم امیش کا کرائے دار تھا۔

    مقتول نے اپنے والدین کی موت کے بعد اپنی زمین ایک کروڑ روپے میں بیچی تھی، جس میں سے اس نے تقریباً 40لاکھ روپے امیش کو کاروبار کی غرض سے دیے تھے جسے ملزم واپس کرنے کی پوزیشن میں نہیں تھا۔

    ملزم نے انکیت کی رقم کی واپس ادائیگی سے بچنے کے لیے 6 اکتوبر کو انکیت کو قتل کرنے کا منصوبہ بنایا، انکیت کھوکھر کو گلا دبا کر قتل کیا گیا۔

    انکیت نے بھگت پور میں اپنا آبائی گھر فروخت کرکے یہ رقم اپنے بینک اکاﺅنٹ میں رکھی ہوئی تھی، ملزم نے انکیت کی لاش کے ٹکڑے کرکے شہر کے مختلف علاقوں اور مضافاتی جنگل میں پھینک دیئے۔

    انکیت کے دوست اس کے اچانک لاپتہ ہوجانے پر فکرمند ہوئے اور پولیس کو مطلع کیا، پولیس نے تحقیقات شروع کیں تو مشکوک جانتے ہوئے ملزم کو گرفتارکرکے تفتیش کی۔ دوران تفتیش ملزم نے جرم کا اعتراف کرلیا۔

    ملزم کی نشاندہی پر پولیس لاش کے متعدد ٹکڑے بازیاب کرچکی ہے۔ رپورٹ کے مطابق انکیت یونیورسٹی آف لکھنؤ سے پی ایچ ڈی کر رہا تھا اور چند سال قبل اپنے ماں باپ کے انتقال کے بعد سے اکیلا رہ رہا تھا۔

  • بھارت: پالتو کتے کو آہنی زنجیر سے پھانسی دینے کی پریشان کن ویڈیو وائرل

    بھارت: پالتو کتے کو آہنی زنجیر سے پھانسی دینے کی پریشان کن ویڈیو وائرل

    نئی دہلی: بھارت میں 3 نوجوانوں کی ایک کتے کو آہنی زنجیر سے پھانسی دینے کی پریشان کن ویڈیو وائرل ہورہی ہے جس نے لوگوں میں غم و غصے اور بے چینی کی لہر دوڑا دی۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق یہ ویڈیو ریاست اتر پردیش کے شہر غازی آباد کی ہے، ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ تین افراد ایک سیاہ کتے کے گرد کھڑے ہیں اور کتا گلے میں آہنی زنجیر کے ساتھ فضا میں معلق ہے۔

    ایک نوجوان زنجیر کو پکڑ کے کھینچتا ہے اور دیوار کے ساتھ ٹانگ لگا کر زنجیر کو زور لگاتا ہے۔

    زنجیر زور سے کھینچنے کے بعد فضا میں معلق کتا بے حس و حرکت ہوجاتا ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ یہ ویڈیو 3 ماہ قبل کی ہے اور اب اس کے وائرل ہونے کے بعد ویڈیو میں دکھائی دینے والے کتے کے مالک کو سوال و جواب کے لیے تھانے طلب کرلیا گیا ہے۔

    خیال رہے کہ سگ گزیدگی کے بڑھتے واقعات کے سبب اس سے قبل ممبئی میں آوارہ کتوں کو کھانا کھلانے پر یومیہ 5 ہزار روپے جرمانے کا اعلان کیا گیا تھا۔

    نوئیڈا میں بھی راہ گیروں پر حملہ کرنے والے پالتو بلی یا کتے کے مالکان پر 10 ہزار روپے جرمانہ اور متاثرہ شخص کے علاج معالجے کی ذمہ داری عائد کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔

  • ویڈیو: جم ٹرینر کرسی پر بیٹھے بیٹھے اچانک موت کا شکار ہو گئے

    ویڈیو: جم ٹرینر کرسی پر بیٹھے بیٹھے اچانک موت کا شکار ہو گئے

    غازی آباد: بھارتی ریاست اترپردیش میں ایک جم ٹرینر کرسی پر بیٹھے بیٹھے اچانک موت کا شکار ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق ایک اور چونکا دینے والے واقعے میں، اتر پردیش کے غازی آباد ضلع میں ایک جم ٹرینر کی کرسی پر بیٹھے بیٹھے دل کا دورہ پڑنے سے موت واقع ہو گئی۔

    یہ واقعہ منگل کی رات 7 بجے اس وقت پیش آیا جب جم ٹرینر کام کر رہا تھا اور اچانک کرسی پر پیچھے کی طرف ڈھ گیا۔

    یہ حادثہ عمارت میں نصب سی سی ٹی وی نے قید کر لیا، جم ٹرینر کو قریبی اسپتال لے جایا گیا لیکن ڈاکٹروں نے انھیں مردہ قرار دے دیا۔

    مقتول کی شناخت عادل کے نام سے ہوئی ہے، جن کی عمر 33 سال تھی۔

    ایک بیان میں عادل کے اہل خانہ نے بتایا کہ وہ پچھلے کچھ دنوں سے بخار کی شکایت کر رہے تھے، تاہم انھوں نے پھر بھی جم جانا بند نہیں کیا تھا۔

  • ’خونی گنے کے جوس‘ کی فروخت، ویڈیو وائرل

    ’خونی گنے کے جوس‘ کی فروخت، ویڈیو وائرل

    موسم گرما میں تپتی دھوپ کے دوران اگر آپ گھر سے باہر سڑک پر ہوں، اور ایسے میں آپ کو گنے کے جوس کا اسٹال دکھائی دے جائے، تو آپ یقیناً اس کی طرف دوڑ پڑیں گے۔

    لیکن اگر آپ کو زرد گنے کے جوس کی جگہ سرخ رنگ کا خونی جوس پیش کیا جائے تو آپ کو کیسا لگے گا؟

    بھارتی ریاست اتر پردیش کے شہر غازی آباد کے شہری آج کل اسی الجھن کا شکار ہیں، غازی آباد میں ’خونی گنے کا جوس‘ بیچنے والا ایک شخص بے حد مقبول ہورہا ہے۔

    مذکورہ جوس والے کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر بے حد وائرل ہورہی ہے جو خون جیسا سرخ مشروب خون جمع کرنے والی تھیلی میں ڈال کر فروخت کر رہا ہے۔

    دراصل یہ دکاندار گنے کے جوس میں پودینے اور چقندر کا جوس ملاتا ہے جس کی وجہ سے یہ ایک سرخ رنگ کا مشروب بن جاتا ہے، یہ دیکھنے میں تو بہت عجیب لگتا ہے لیکن نہایت ذائقہ دار ہے۔

    سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر اس ویڈیو کو 22 گھنٹوں میں 74 ہزار سے زائد افراد نے دیکھا اور مختلف تبصرے کیے۔

    کچھ افراد نے اس جوس کو پینے کا ارادہ ظاہر کیا جبکہ کچھ نے گنے کے جوس میں اس قسم کی ملاوٹ پر ناپسندیدگی کا اظہار بھی کیا۔

  • بھارت: شہری علاقے میں تیندوے کی موجودگی نے لوگوں کی نیندیں اڑا دیں

    بھارت: شہری علاقے میں تیندوے کی موجودگی نے لوگوں کی نیندیں اڑا دیں

    بھارت کے شہر غازی آباد میں تیندوے کی موجودگی نے خوف و ہراس پھیلا دیا، کئی دن گزرنے کے بعد بھی حکام تیندوے کا سراغ لگانے میں ناکام ہیں۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست اتر پردیش کے شہر غازی آباد میں ایک علاقے میں تیندوا دیکھا گیا۔

    تیندوا ایک گھر کے باہر لگے سی سی ٹی وی کیمرا میں ریکارڈ ہوا جب وہ رات کے وقت گلیوں میں گھوم رہا تھا۔

    تیندوے کی موجودگی کی اطلاع پر ضلعی فارسٹ ڈپارٹمنٹ نے فوری طور پر تلاش کا آغاز کیا اور رات کے وقت کیمپ لگا کر بھی اس تلاش جاری رکھی تاہم دو دن گزرنے کے بعد بھی تیندوے کا سراغ نہیں ملا۔

    حکام کا کہنا ہے کہ پکی سڑکوں کی وجہ سے تیندوے کے قدموں کے نشانات بھی نہیں ملے جس کی وجہ سے اسے ڈھونڈنے میں دشواری ہورہی ہے۔

    تیندوے کی وجہ سے مقامی افراد خوف و ہراس کا شکار ہیں، حکام کی جانب سے انہیں رات کے وقت بلا ضرورت باہر نہ نکلنے اور گھروں کے دروازے بند رکھنے کی تاکید کی گئی ہے۔

    کئی افراد چوکیداری کی غرض سے جاگ کر راتیں گزار رہے ہیں۔

  • بیٹسمین کا جان لیوا شاٹ، گیند بولر کے سر پر جا لگی (کمزور دل افراد ویڈیو نہ دیکھیں)

    بیٹسمین کا جان لیوا شاٹ، گیند بولر کے سر پر جا لگی (کمزور دل افراد ویڈیو نہ دیکھیں)

    اترپردیش: بھارت کے شہر غازی آباد میں ایک میچ کے دوران بلے باز نے گیند کو ہٹ کیا تو گیند 120 میل فی گھنٹہ رفتار سے سیدھی جا کر بولر کے سر پر لگی، اور وہ اگلے ہی لمحے وہیں پر ڈھیر ہو گئے۔

    اس واقعے کی دل دہلا دینے والی ویڈیو بھی سامنے آ گئی ہے، گیند جیسے ہی بولر کو لگی اور وہ زمین پر بے حس و حرکت ہو کر گر گئے، تو لوگ یہی سمجھے کہ وہ مر گیا ہے، لیکن 120 میل فی گھنٹہ رفتار کی گیند سر پر ٹکرانے کے بعد بھی وہ خوش قسمت نکلے۔

    ویڈیو میں بیٹسمین کو سیدھی ڈرائیو کھیلتے دیکھا جا سکتا ہے، پھر گیند بولر کے سر سے ٹکرائی اور وہ زمین پر گر گئے۔ وکٹ کیپر اور دوسرے کھلاڑی دوڑتے ہوئے ان کے پاس آئے، اکثر نے یہی سمجھا کہ وہ مر چکا ہے، کیوں ایسے جان لیوا واقعات پہلے بھی رونما ہو چکے ہیں، تاہم بولر صرف بے ہوش ہو کر گر گئے تھے، اور ان کے دائیں کان کی لو گہری سرخ تھی، جہاں گیند لگی تھی۔

    یہ واقعہ 3 اپریل کو بھارتی ریاست اترپردیش کے شہر غازی آباد میں واقع VVIP کرکٹ اکیڈمی میں پیش آیا، بولر کو فوراً قریبی اسپتال لے جایا گیا، ابھی ڈاکٹر ان کا جائزہ لے رہے تھے کہ انھیں خود ہی ہوش آ گیا، لیکن تب تک ان کی موت کی افواہیں بھی گردش کرنے لگ گئی تھیں، جس پر انھیں اپنے زندہ ہونے کا ایک ویڈیو پیغام دینا پڑا۔

    کھلاڑی، جس کا نام معلوم نہیں ہو سکا، نے پیغام میں کہا ’میں مرا نہیں، زندہ ہوں۔‘ انھوں نے مزید کہا یہ افواہ گردش کر رہی تھی کہ میں موقع ہی پر مر گیا تھا لیکن یہ درست نہیں، میں بس کچھ وقت کے لیے بے ہوش ہو گیا تھا، میں اب ٹھیک ہوں اور سر میں تھوڑا سا درد اور چکر ہیں، تاہم میں جلد ہی دوبارہ کھیلنے آؤں گا۔

    یہ خدشہ ظاہر کیا جا رہا تھا کہ بولر کی سماعت کو نقصان پہنچا ہوگا لیکن ڈاکٹرز نے کہا کہ وہ بہت خوش قسمت ہے کیوں کہ اسے کوئی ایسا نقصان نہیں پہنچا۔

    یاد رہے کہ نومبر 2014 میں آسٹریلوی کرکٹر 25 سالہ فلپ ہفس بیٹنگ کے دوران گردن پر گیند لگنے سے ہلاک ہو گئے تھے۔