Tag: Ghosle Mein Anda

  • سوشل میڈیا پر منفرد آئس کریم کی ویڈیو پر مزاحیہ تبصرے

    سوشل میڈیا پر منفرد آئس کریم کی ویڈیو پر مزاحیہ تبصرے

    سوشل میڈیا پر ایک شیف کی جانب سے بنائی گئی منفرد آئس کریم کے انداز کا مذاق بنا دیا گیا، صارفین نے میمز بناکر اس کی تخلیق پر دلچسپ تبصرے کیے۔

    کسی بھی ہنرمند شخص کیلئے اس کی تخلیق بہت اہمیت کی حامل ہوتی ہے کیونکہ اس کی کوشش ہوتی ہے کہ وہ اپنے ہنر سے دوسروں سے داد وصول کرے لیکن بعض اوقات لینے دے دینے پڑ جاتے ہیں۔

    کچھ ایسا ہی ایک شیف کے ساتھ ہوا جس نے نازک کیریمل سلک تاروں کا استعمال کرتے ہوئے اپنی منفرد ڈش کو نہایت خوبصورتی سے سجایا اور اس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کی۔

    کہتے ہیں کہ کھانے پینے کی کوئی بھی چیز ہم پہلے اپنی آنکھوں سے کھاتے ہیں، ہماری آنکھیں کھانے سے پہلے ہی اس کا ذائقہ محسوس کرتی ہیں یعنی جو چیز دیکھنے میں اچھی لگتی ہے اسے کھانے کا دل بھی چاہتا ہے۔

    اس بات کا ادراک ان شیفس کو بھی ہوتا ہے اور وہ اپنی کسی بھی ڈش کی پریزنٹینشن بہتر سے بہتر انداز میں کرنے کی کوشش کرتے ہیں تاکہ دیکھنے والوں کی آنکھوں کو بھلی لگے۔

    جب ایک شیف اپنی ڈش کو بنانے کیلئے محنت اور اپنا قیمتی وقت لگاتا ہے لیکن اس کے جواب اسے تعریف کے بجائے تنقید کا سامنا کرنا پڑے یقیناً اسے مایوسی ہوگی۔

    ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ شیف ایک بڑے چمچے کا استعمال کرتے ہوئے پگھلے ہوئے کیریمل کو دو گلاسوں کے درمیان پھیلا کر اسے تار کی شکل میں بناتا ہے اور اس تار گچھے کو کپ میں رکھی آئس کریم کے گرد پھیلا دیتا ہے۔

    مذکورہ آئس کریم تیار ہونے کے بعد ایسے لگ رہی ہے کہ جیسے کسی گھونسلے کے بیچ میں انڈا رکھا ہوا ہے اور چاروں طرف اس کے تنکے ہیں، بظاہر تو یہ کوئی معیوب یا بری بات نہیں لیکن صارفین نے مذاق میں اس ڈش کو تختہ مشق بنا لیا۔

    بہت سے صارفین نے شیف کی تخلیقی صلاحیت کی تعریف تو نہ کی البتہ اسے چڑیا کے گھونسلے میں رکھے ہوئے انڈے سے تعبیر کیا، کچھ نے کہا کہ کیریمل کے اضافے سے آئس کریم کی قیمت میں نمایاں اضافہ ہو جائے گا۔ "لے بھائی بن گیا 50 سے 500″۔

    مذکورہ ویڈیو کو انسٹا گرام پر پوسٹ کرنے کے بعد اسے اب تک تقریباً ساڑھے سات ملین لوگوں نے دیکھا اور اپنے اپنے انداز میں دلچسپ تبصرے بھی کیے۔