Tag: ghous ali shah

  • سابق وزیر اعلیٰ سندھ سمیت اہم افراد پی ٹی آئی میں شامل

    سابق وزیر اعلیٰ سندھ سمیت اہم افراد پی ٹی آئی میں شامل

    کراچی: وزیر اعظم عمران خان کے کراچی دورے کے موقع پر کئی اہم افراد نے پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق سابق وزیر اعلیٰ سندھ غوث علی شاہ، سابق وفاقی وزیر سید ظفر علی شاہ، اور بیرسٹر مرتضیٰ مہیسر پی ٹی آئی میں شامل ہو گئے ہیں۔

    ان رہنماؤں نے گورنر ہاؤس میں وزیر اعظم سے ملاقات کے بعد باقاعدہ شمولیت کا اعلان کیا، عمران خان نے رہنماؤں کو پارٹی میں خوش آمدید کہتے ہوئے پارٹی مفلر پہنائے۔

    وزیر اعظم عمران خان سے ایس یو پی سربراہ جلال محمود شاہ نے بھی ملاقات کی، جس میں گورنر سندھ عمران اسماعیل، اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ بھی موجود تھے۔

    وزیراعظم کی کراچی کی بہتری کیلئے سندھ حکومت کو ملکر کام کرنے کی پیشکش

    ذرائع کا کہنا ہے کہ آج ڈاکٹر ارباب غلام رحیم کی بھی وزیر اعظم عمران خان سے گورنر ہاؤس میں ملاقات ہوئی ہے، جس میں سندھ میں پی ٹی آئی کو آنے والے الیکشن میں مزید مضبوط بنانے پر بات چیت ہوئی۔

    ڈاکٹر ارباب غلام رحیم نے پی ٹی آئی میں اندرون سندھ کے حوالے سے پیش رفت پر تبادلۂ خیال کیا، انھوں نے عمران خان کو اندرون سندھ کے دورے سے اہم شخصیات کی پی ٹی آئی میں شمولیت سے بھی آگاہ کیا۔

  • غوث علی شاہ کی ناراض لیگی رہنمائوں سے ملاقات

    غوث علی شاہ کی ناراض لیگی رہنمائوں سے ملاقات

    لاہور: سینیٹ کے انتخابات میں لیگی دھڑوں کےاتحادکیلئے کوشاں سابق وزیر اعلیٰ سندھ سید غوث علی شاہ نے لاہور میں ن لیگ کے ناراض رہنماﺅں سے ملاقاتیں کی ہیں۔

    لاہور میں سردار ذوالفقار علی خان کھوسہ کی رہائش گاہ پر ملاقات میں لیگی دھڑوں کے اتحاد کیلئے کوششیں تیز کرنے پر اتفاق کیا گیا۔

    ملاقات میں طے کیا گیا کہ آئندہ ہفتے ناراض لیگی رہنما ذوالفقار علی کھوسہ کی قیادت میں سندھ کےرہنماﺅں سے کراچی میں ملاقات کریں گے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ سندھ کی سطح پر اس اتحاد کیلئے غوث علی شاہ کی پیر پگارااورپرویز مشرف سے بھی ملاقات ہوچکی ہے جبکہ پنجاب کے رہنماﺅں جن میں مسلم لیگ ق کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین ، عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید ، مسلم لیگ ضیاءکے سربراہ اعجاز الحق کو اعتماد میں لے لیا گیا ہے۔

  • این اے 215،غوث علی شاہ کامیاب،وسان علی کالعدم قرار

    این اے 215،غوث علی شاہ کامیاب،وسان علی کالعدم قرار

    کراچی: الیکشن ٹریبونل نے حلقہ این اے دو سوپندرہ خیرپور میں غوث علی شاہ کو کامیاب قرار دے دیا۔الیکشن ٹربیونل نے این اے دو سو پندرہ کی عذرداری کا فیصلہ سنا دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق الیکشن ٹریبونل نے ن لیگ کے غوث علی شاہ کو کامیاب قرار دے دیا۔ غوث علی شاہ نے این اے دو سو پندرہ میں وسان علی کی کامیابی کو چیلنج کیا تھا جس کے بعد الیکشن ٹریبونل نے وسان علی کو کالعدم قرار دے دیا ۔

    الیکشن ٹریبونل نے ایک لاکھ چوہترہزار دو سو چورانوے ووٹ نادرا کو تصدیق کے لیے بھیجے تھے ،نادرا نے رپورٹ میں ننانوے ہزار سات سو باون ووٹ ناقابل شناخت قرار دیئے تھے۔

    علاوہ ازیں متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے الیکشن ٹریبونل کی جانب سے حلقہ این اے 215 سے نواب وسان کی کامیابی کو کالعدم قراردینے اور سید غوث علی شاہ کو کامیاب قراردینے پر سید غوث علی شاہ اور ان کے اہل خانہ کو دلی مبارکباد پیش کی ہے ۔

    ایک بیان میں الطاف حسین نے سید غوث علی شاہ کو مبارکباد دیتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ آپ کو قوم اور اپنے حلقہ کے عوام کی زیادہ سے زیادہ خدمت کرنے کی توفیق عطا فرمائے(آمین)

  • سندھ میں مسلم لیگیوں نے نیا سیاسی اتحاد بنانے کا اعلان کردیا

    سندھ میں مسلم لیگیوں نے نیا سیاسی اتحاد بنانے کا اعلان کردیا

    کراچی: سندھ کے مختلف سیاسی رہنماؤں اور تین سابق وزرائے اعلیٰ نے صوبے میں ایک نیا سیاسی اتحاد بنانے کا اعلان کردیا ہے۔

    سندھ کے چار سابق وزراء اعلی کی ملاقات سابق وزیر اعلی سندھ ارباب غلام رحیم کی رہائش گاہ پر ہوئی جس میں فنکشنل مسلم لیگ سندھ کے صدر صدرالدین راشدی نے بھی شرکت کی ۔

    میڈیا سے گفتگو میں لیاقت جتوئی نے کہا کہ سندھ میں کرپشن انتہاء پر ہے، گڈ گورننس نظر نہیں آتی، صوبے میں لاء ہے نہ کوئی آرڈر، پولیس کی سرپرستی میں چور ڈاکو دندنا رہے ہیں، کوئی ترقیاتی کام نہیں ہوا، اندرون سندھ لوگ بچے فروخت کرنے پر مجبور ہوگئے، ہزاروں اسکول بند ہیں، اسپتالوں میں دوائیاں موجود نہیں۔

    انہوں نے کہا کہ سندھ کی بہتری کیلئے ایم کیو ایم کے دوستوں سے بات کریں گے، ملنے میں برائی نہیں، دھاندلیوں کا معاملہ بھی انتہائی سنگین ہے، سندھ حکومت کو سمجھا سمجھا کر تھک گئے، کچھ نہ ہونے پر ہی اتحاد بنایا ہے، ریفرنڈم کرالیں کس نے کام کیا ہے پتا چل جائے گا، سیاست نہیں چمکانا چاہتے، اتحاد قوم کی ضرورت ہے۔

    سابق وزیراعلی سندھ سید غوث علی شاہ نے کہا کہ مسلم لیگ نواز نے سندھ کے الیکشن میں ہونے والی دھاندلی پر خاموشی اختیار کی اور پیپلزپارٹی کا ساتھ دیا۔ مسلم لیگ فنکشنل سندھ کے صدر صدرالدین راشدی نے کہا کہ مسلم لیگ کے جو رہنماء گھر بیٹھ گئے ہیں انہیں دوبارہ سیاست میں لانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ تمام رہنماوں کا کہنا تھا کہ سندھ کو تباہی سے نکالنے کے لئے اتحاد ضروری ہے پیپلزپارٹی نے سندھ کو کرپشن کے دلدل میں دھکیل دیا ۔