Tag: Ghulam Nabi Memon

  • نئے آئی جی سندھ کی تعیناتی، نوٹیفکیشن جاری

    نئے آئی جی سندھ کی تعیناتی، نوٹیفکیشن جاری

    کراچی : صوبہ سندھ میں نگراں حکومت کے قیام کے بعد اب صوبے کے آئی جی کو بھی تبدیل کردیا گیا ہے، رفعت مختار آئی جی سندھ ہوں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے پولیس سروس آف پاکستان کے گریڈ 21 کے افسر رفعت مختار کو انسپکٹر جنرل سندھ پولیس تعینات کردیا ہے جس کا باقاعدہ بھی نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔

    آئی جی سندھ

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ گریڈ 21 پنجاب پولیس کے افسر رفعت مختار کو آئی جی سندھ تعینات کردیا گیا جبکہ غلام نبی میمن کو اسٹیبلشمنٹ ڈویژن رپورٹ کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔

    اس سے قبل آئی جی سندھ رفعت مختار آر پی او فیصل آباد اور بہاولپور بھی تعینات رہے ہیں اس کے علاوہ رفعت مختار ڈی آئی جی موٹر ویز کے طور پر بھی خدمات انجام دیتے رہے۔

    یاد رہے کہ اس سے قبل غلام نبی میمن آئی جی سندھ پولیس تعینات تھے انہیں 02 جون 2022 میں اس عہدے پر تعینات کیا گیا تھا، غلام نبی میمن ان دنوں چھٹیوں پر عمرے کی ادائیگی کے لیے گئے ہوئے ہیں۔۔

  • منشیات کیس میں مجرم کو پھانسی ہونے پر تفتیشی افسر کے لیے 3 لاکھ روپے انعام کا اعلان

    منشیات کیس میں مجرم کو پھانسی ہونے پر تفتیشی افسر کے لیے 3 لاکھ روپے انعام کا اعلان

    کراچی: انسپکٹر جنرل آف پولیس سندھ غلام نبی میمن نے منشیات کیس میں مجرم کو پھانسی ہونے پر تفتیشی افسر کے لیے 3 لاکھ روپے انعام کا اعلان کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ منشیات کیس میں اگر مجرم کو پھانسی تک کی سزا ہو تو کیس کے تفتیشی افسر کو 3 لاکھ روپے انعام دیا جائے گا۔

    انھوں نے کہا کہ اگر ہائیکورٹ بھی موت کی سزا برقرار رکھتی ہے تو تفتیشی افسر کو مزید 2 لاکھ روپے ملیں گے۔

    غلام نبی میمن نے کہا کہ اسٹریٹ کرائم ایک پرانا ایشو ہے، جس کے ساتھ کرائم ہوتا ہے سوسائٹی اور پولیس کو اس کے ساتھ کھڑا ہونا چاہیے، کرمنلز کو پکڑا جانا چاہیے اور سزا ہونی چاہیے۔

    پولیس کے رویوں پر بات کرتے ہوئے آئی جی سندھ نے کہا ’’کرائم ہوتا ہے تو ایف آئی آر ہونی چاہیے، اس سلسلے میں جو ایس ایچ اوز کوتاہی برتتے ہیں ان کو عہدے سے ہٹا دیتا ہوں، ایس ایچ اوز کو کہا ہے کہ کرائم کم کرنے کے لیے ایف آئی آر درج نہ کرنا ٹھیک نہیں ہے۔‘‘

    انھوں نے کہا کہ کچھ لوگوں کو سزا ہوگی تو اس کے مثبت نتائج برآمد ہوں گے، اچھی کارکردگی پر تفتیشی افسران کو انعامات بھی دیے ہیں، اوراچھی کارکردگی والے پولیس افسران کو انعام دینے کے لیے فنڈز کی سفارش بھی کی ہے۔

  • آئی جی سندھ کا پولیس ملازمین کے لیے اہم اقدامات کا فیصلہ

    آئی جی سندھ کا پولیس ملازمین کے لیے اہم اقدامات کا فیصلہ

    کراچی: آئی جی سندھ نے پولیس ملازمین کے لیے اہم اقدامات کا فیصلہ کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ پولیس ملازمین کی رہائش گاہوں اور پرائیویٹ اسپتالوں میں علاج کا معاملہ حل ہونے کے قریب ہے۔

    اس سلسلے میں آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے بتایا کہ سب سے پہلے افسران و اہل کاروں کی رہائش کے مسئلے پر کام کیا جا رہا ہے، اہل کاروں کی اپنی رہائش ہوگی تو پولیس سکون سے کام کر سکے گی، انھوں نے کہا کہ رہائش کے مسئلے کے حل کے لیے وہ پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ کے محکمے کے ساتھ رابطے میں ہیں۔

    آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے زیر التوا معاملات اور اسکیموں پر کام کے حوالے سے کہا کہ ملازمین کے لیے ایسی اسکیم بنا رہے ہیں جس میں زیادہ سے زیادہ گھر بن سکیں، اقساط والی اسکیم بھی لائی جا رہی ہے، تاکہ پولیس ملازمین سہولت سے ذاتی گھر بنا سکیں۔

    غلام نبی میمن کے مطابق پولیس ملازمین کے لیے ہیلتھ کارڈ کی سہولت بھی لائی جا رہی ہے، جس کے تحت افسران و اہلکار پرائیویٹ اسپتال میں علاج کروا سکیں گے، اس میں میڈیکل کارڈ کی حد 2 لاکھ 50 ہزار روپے تک ہوگی۔

    ’شکاگو، کوالالمپور، ڈھاکا اور نیو دہلی سمیت دیگر شہروں سے کراچی بہتر ہے‘

    انھوں نے کہا کہ سول سرونٹ والی سہولیات حاصل کرنے کی کوشش کریں گے، اس وقت سندھ پولیس کے بجٹ کا 85 فی صد تنخواہوں میں چلا جاتا ہے۔

  • ’شکاگو، کوالالمپور، ڈھاکا اور نیو دہلی سمیت دیگر شہروں سے کراچی بہتر ہے‘

    ’شکاگو، کوالالمپور، ڈھاکا اور نیو دہلی سمیت دیگر شہروں سے کراچی بہتر ہے‘

    کراچی: حال ہی میں تعینات ہونے والے آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے خصوصی گفتگو میں بتایا کہ کرائم انڈیکس میں شکاگو، کوالالمپور، ڈھاکا اور نیو دہلی سمیت کئی دیگر شہروں سے کراچی بہتر ہے۔

    تفصیلات کے مطابق آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کی، انھوں نے شہر قائد میں اسٹریٹ کرائمز کی ابتر صورت حال پر اپنا مؤقف پیش کیا، اور اس سلسلے میں کیسز کے جلد فیصلوں کی ضرورت پر زور دیا۔

    آئی جی سندھ نے کہا ورلڈ کرائم انڈیکس میں کراچی کا کرائم گراف دن بدن نیچے آ رہا ہے، ایک وقت تھا جب کراچی کرائم انڈیکس میں 13 ویں نمبر پر تھا، آج کراچی 129 نمبر پر ہے، دنیا کے بڑے شہروں شکاگو، کوالالمپور، ڈھاکا اور نیو دہلی سمیت دیگر شہروں سے کراچی بہتر ہے۔

    انھوں نے کہا اسٹریٹ کرائم کیسز کا فیصلہ فوری ہونا چاہیے، یہ ایسا پہلو ہے جس پر اسٹیک ہولڈرز کو بیٹھ کر غور کرنا ہوگا، پولیس کو احکامات ہیں کہ اسٹریٹ کرائم پر فوری رپورٹ درج کریں، اندراج سے ہی اندازہ ہوتا ہے کتنے کیسز رپورٹ ہوئے۔

    میڈیا کے حوالے سے غلام نبی میمن کا کہنا تھا کہ جب اسٹریٹ کرائم کے کیسز زیادہ ہوتے ہیں تو میڈیا اس پر تنقید کرتا ہے، اگر تنقید مثبت ہو تو ہم جواب دیں گے، ہمیں ایف آئی آر فری رجسٹریشن پر جانا ہوگا تاکہ مقدمات کے بعد مدعی کو پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے، اور کیس کا فیصلہ جلد ہوگا تو انصاف کے تقاضے پورے ہوں گے، مدعی بھی فیصلے سے خوش ہوگا۔

    انھوں نے ایک اہم نکتہ اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ کیس پراپرٹی کا قانون بنانا چاہیے، تاکہ عدالت میں ثبوت کے طور پر دکھائے جانے کے بعد پراپرٹی فورا مالک کو واپس مل جائے۔

    آئی جی سندھ نے کہا مجھے پروفیشنلی جو کام کرنے چاہیے وہ میں کر رہا ہوں، حکومت چاہتی ہے کہ امن و امان کی صورت حال بہتر ہو، ہم چاہیں گے کہ بہترین پولیسنگ کر کے عوام کو سہولیات فراہم کریں، بہتر سے بہتر پولیسنگ کرکے کرائم کے گراف کو نیچے لایا جائے گا۔

    غلام نبی میمن کا کہنا تھا کہ کراچی کو بہتر سے بہتر ہونا چاہیے، ہماری پوری کوشش ہے کہ پولیس کی نفری کو بڑھائیں، انویسٹیگیشن برانچ میں بہتری کی کوشش کر رہے ہیں، شہریوں کی مدد سے 44 ہزار کیمرے لگائے جا چکے ہیں، مختصر یہ کہ شہر کی بہتری کے لیے اچھے کام ہو رہے ہیں، اور حکومت سندھ کے تعاون سے سیف سٹی پروجیکٹ بھی جلد مکمل ہو جائے گا۔

  • سندھ پولیس کے زخمی اہل کار کی ایئر ایمبولینس میں پہلی بار منتقلی، آئی جی سندھ کا بڑا قدم

    سندھ پولیس کے زخمی اہل کار کی ایئر ایمبولینس میں پہلی بار منتقلی، آئی جی سندھ کا بڑا قدم

    کراچی: آئی جی سندھ غلام نبی میمن کے حکم پر سندھ پولیس کی تاریخ میں پہلی مرتبہ کسی زخمی اہل کار کو ایئر ایمبولینس کے ذریعے رحیم یار خان سے کراچی منتقل کر دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ پولیس کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ایئر ایمبولینس کا استعمال کیا گیا ہے، سر پر گولی لگنے سے زخمی اہل کار کو ایئر ایمبولینس کی سہولت فراہم کی گئی۔

    کشمور میں جرائم پیشہ افراد کی فائرنگ سے سب انسپکٹر نبی بخش زخمی ہوا تھا، ڈاکٹرز نے جان بچانے کے لیے طبی امداد کی اور وینٹی لیٹر کا کہا، پولیس حکام کے مطابق سندھ پولیس نے اس سلسلے میں پہلی بار ایئر ایمبولینس کا استعمال کرتے ہوئے سب انسپکٹر نبی بخش کو رحیم یار خان سے کراچی منتقل کیا۔

    سب انسپکٹر نبی بخش کی حالت اب خطرے سے باہر ہے، پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ایئر ایمبولینس کا انتظام سندھ حکومت نے کر کے دیا تھا۔

    یاد رہے کہ غلام نبی میمن پہلے ایڈیشنل آئی جی کراچی تھے، جنھوں نے کراچی پولیس کے زخمی ہونے والے اہل کاروں کے لیے کراچی کے نجی اسپتال میں فوری علاج کے احکامات دیے تھے، اور اب وہ پہلے آئی جی بنے ہیں جنھوں نے ایک اہل کار کی جان بچانے کے لیے ایئر ایمبولینس کا انتظام کیا۔

  • غلام نبی میمن نے ایڈیشنل آئی جی کراچی کا عہدہ سنبھال لیا

    غلام نبی میمن نے ایڈیشنل آئی جی کراچی کا عہدہ سنبھال لیا

    کراچی : نئے ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام نبی میمن نے عہدے کا چارج سنبھال لیا، جس کے بعد کراچی پولیس سیٹ اپ میں ممکنہ طور پر پھر تبدیلی کی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق غلام نبی میمن نے ایڈیشنل آئی جی کراچی کا عہدہ سنبھال لیا، کےپی اوپہنچنے پر سابق ایڈیشنل آئی جی کراچی نے ان کا استقبال کیا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ کراچی پولیس سیٹ اپ میں ممکنہ طورپرپھرتبدیلی کی جائے گی، غلام نبی میمن اپنی سابقہ حکمت عملی کو لے کرہی چلیں گے۔

    ذرائع کے مطابق معمولی ردو بدل اورباصلاحیت افسران کی تعیناتی کی جائےگی اور کراچی پولیس کےتمام ایس ایچ اوزکی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا۔

    ذرائع نے کہا ہے کہ ایک مرتبہ پھرشہریوں کےمقدمات فوری درج کیےجائیں گے، ماڈل تھانےسمیت دیگرامورپرمشاورت کی جائےگی۔

    ذرائع کا کہنا تھا آرگنائزکرائم میں ملوث پولیس افسران واہلکاروں کےخلاف کارروائی ہوگی اور ایس ایچ اوزکی تعیناتی صرف میرٹ کی بنیاد پر کی جائے گی۔

  • اسٹریٹ کرائم کی روک تھام میں ناکامی، عمران یعقوب  فارغ ، غلام نبی میمن ایڈیشنل آئی جی کراچی  تعینات

    اسٹریٹ کرائم کی روک تھام میں ناکامی، عمران یعقوب فارغ ، غلام نبی میمن ایڈیشنل آئی جی کراچی تعینات

    کراچی : اسٹریٹ کرائم کی روک تھام میں ناکامی پر عمران یعقوب منہاس کو عہدے سے ہٹاتے ہوئے غلام نبی میمن کو ایڈیشنل آئی جی کراچی تعینات کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں اسٹریٹ کرائم کی روک تھام میں ناکامی پر ایڈیشنل آئی جی کراچی عمران یعقوب منہاس کو ہٹانے کا فیصلہ کرلیا۔

    سندھ حکومت نے عمران یعقوب منہاس کی جگہ غلام نبی میمن کوایڈیشنل آئی جی کراچی تعینات کردیا اور اس حوالے سے نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا۔

    کچھ عرصہ قبل گریڈ21 کی سیٹ بنا کر اے آئی جی رینک افسر کو تعینات کیاگیاتھا ، اس کے بعد سی ٹی ڈی کی سیٹ ختم کر کے گریڈ20 کے افسر عمر شاہد کو چارج دیا گیا اور اب پھر سی ٹی ڈی کی سیٹ پر گریڈ 21 کے افسرغلام نبی میمن کو تعینات کیا گیا ہے۔

    غلام نبی میمن پہلے بھی کراچی پولیس چیف رہے چکے ہیں ، غلام نبی میمن نےبطورکراچی پولیس چیف کافی اصلاحات کی کوشش کی۔

    عمران یعقوب منہاس کا دور پولیس اصلاحات پرمایوس کن رہا ، گزشتہ 10روز میں لوٹ مار کے دوران مزاحمت پر11 افراد لقمہ اجل بنے۔

  • کراچی: ڈبل سواری کی پابندی سے استثنیٰ ختم، صحافی اور پولیس اہل کار بھی پابند ہوں گے

    کراچی: ڈبل سواری کی پابندی سے استثنیٰ ختم، صحافی اور پولیس اہل کار بھی پابند ہوں گے

    کراچی: محکمہ داخلہ سندھ نے مستثنیٰ افراد کو موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی میں دی جانے والی رعایت ختم کر دی۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق محکمہ داخلہ سندھ نے کرونا وائرس کے پیش نظر موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی سے مستثنیٰ افراد کو دی جانے والی رعایت بھی ختم کردی، ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام نبی میمن نے بھی پابندی کی تصدیق کردی۔

    ایڈیشنل آئی جی کا کہنا ہے کہ ڈبل سواری کی کسی بھی صورت اجازت نہیں ہے، پولیس افسران اور اہلکار ڈبل سواری پر پابندی کو یقینی بنائیں۔

    غلام نبی میمن کا کہنا تھا کہ پابندی کی خلاف ورزی پر قانون کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

    نمائندہ اے آروائی نیوز کے مطابق ایڈیشنل آئی جی سندھ کا کہنا ہے کہ مستثنیٰ‌افراد پر ڈبل سواری پر پابندی محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے لگائی گئی ہے.

    فیملی کے ساتھ بھی موٹرسائیکل پر نہ نکلیں، خاتون ایس ایچ ا و کی تنبیہ

    دوسری جانب ملیر میں پولیس نے ڈبل سواری پر شہریوں کی بڑی تعداد کو روک لیا، شہری خواتین اور بچوں کے ساتھ موٹر سائیکل پر سفر کررہے تھے۔ خاتون ایس ایچ او نے تنبیہ کرتے ہوئے کہا کہ  ابھی وارننگ دے کر چھوڑ رہی ہیں،فیملی کے ساتھ بھی موٹرسائیکل پر نہ نکلیں۔

    واضح رہے کہ کرونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے محکمہ داخلہ سندھ نے پہلے ہی ڈبل سواری پر پابندی عائد کررکھی ہے اور خلاف ورزی کرنے والے متعدد افراد کو گرفتار کرکے مقدمات درج کیے گئے ہیں۔

    یاد رہے کہ کرونا وائرس کے پیش نظر سندھ سمیت کراچی میں 22 مارچ سے لاک ڈاؤن جاری ہے اور سندھ حکومت نے 30 اپریل تک لاک ڈاؤن میں توسیع کی تھی۔

  • نئےکراچی پولیس چیف کا پولیس کی کالی بھیڑوں کیخلاف پہلا حکم

    نئےکراچی پولیس چیف کا پولیس کی کالی بھیڑوں کیخلاف پہلا حکم

    کراچی : نئےکراچی پولیس چیف غلام نبی میمن پولیس کی کالی بھیڑوں کی فہرست تیار کرنے کاحکم دے دیا اور ہدایت کی تمام متعلقہ افسران فوری طور پر فہرست بنا کر ارسال کریں۔

    تفصیلات کے مطابق نئے کراچی پولیس چیف غلام نبی میمن نے پولیس کی کالی بھیڑوں کیخلاف پہلا حکم دیتے ہوئے پولیس ملازمین کی فہرست تیار کرنے کی ہدایت کردی، اے ڈی آئی جی اسٹیبلشمنٹ دہری شہرت پر فہرست مرتب کریں گے۔

    کراچی پولیس چیف کی جانب سے ایسٹ،ویسٹ اورساؤتھ زون کےڈی آئی جیزکو خط لکھاگیا جبکہ ڈی آئی جی سی آئی اے،ایس ایس پی محافظ فورس کوبھی خط ارسال کیا گیا ہے۔

    خط میں ہدایت کی ہے کہ تمام متعلقہ افسران فوری طورپرفہرست بناکرارسال کریں۔

    یاد رہے گذشتہ ہفتے ایڈیشنل انسپکٹر جنرل (آئی جی) کراچی ڈاکٹر امیر شیخ کو ان کے عہدے سے ہٹا کر غلام نبی میمن کو کراچی پولیس چیف تعینات کیا گیا تھا۔

    ایڈیشنل آئی جی کراچی ڈاکٹر امیر شیخ نے تقرری کے بعد اپنی مدت بھی پوری نہیں کی، ان کی تقرری کی مدت ملازمت ڈیڑھ سال بنتی ہے۔ امیر شیخ 11 ماہ قبل کراچی پولیس چیف بنے تھے۔ ذرائع کا کہنا تھا کہ ارشاد رانجھانی کیس کے بعد سندھ سرکار امیر شیخ سے سخت ناراض تھی۔

  • ڈاکٹر امیر شیخ اے آئی جی کے عہدے سے فارغ، غلام نبی میمن نئے کراچی پولیس چیف تعینات

    ڈاکٹر امیر شیخ اے آئی جی کے عہدے سے فارغ، غلام نبی میمن نئے کراچی پولیس چیف تعینات

    کراچی: ایڈیشنل انسپکٹر جنرل (آئی جی) کراچی ڈاکٹر امیر شیخ کو ان کے عہدے سے ہٹا کر غلام نبی میمن کو کراچی پولیس چیف تعینات کر دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت کی جانب سے پولیس آرڈر پاس ہونے کے بعد پہلا بڑا فیصلہ کرتے ہوئے ایڈیشنل آئی جی کراچی ڈاکٹر امیر شیخ کو ہٹانے کا حکم دے دیا گیا۔

    ایڈیشنل آئی جی کراچی ڈاکٹر امیر شیخ نے تقرری کے بعد اپنی مدت بھی پوری نہیں کی، ان کی تقرری کی مدت ملازمت ڈیڑھ سال بنتی ہے۔ امیر شیخ 11 ماہ قبل کراچی پولیس چیف بنے تھے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ارشاد رانجھانی کیس کے بعد سندھ سرکار امیر شیخ سے سخت ناراض تھی۔

    ڈاکٹر امیر شیخ کو ہٹانے کے بعد غلام نبی میمن کو کراچی پولیس چیف تعینات کر دیا گیا۔ ان کے علاوہ بھی سندھ پولیس میں بڑے پیمانے پر تبادلے و تقرریاں کی گئی ہیں۔

    امیر شیخ کو ایڈیشنل آئی جی آپریشن تعینات کیا گیا ہے، ایڈیشنل آئی جی حیدر آباد کا بھی تبادلہ کردیا گیا۔ ولی اللہ ڈل کو ایڈیشنل آئی جی اسپیشل برانچ سے ایڈیشنل آئی جی حیدر آباد تعینات کردیا گیا۔

    عمران یعقوب منہاس کو ایڈیشنل آئی جی اسپیشل برانچ، فرحت علی جونیجو کو ڈی آئی جی اسپیشل برانچ اور قمر زمان کو ڈی آئی جی ٹریفک لائسنس اور ٹریننگ تعینات کر دیا گیا ہے۔

    تمام تقرریوں اور تبادلوں کے نوٹیفکیشن جاری کردیے گئے ہیں۔