Tag: Ghulam Qadir Thebo

  • غلام قادر تھیبو ایڈیشنل آئی جی کراچی تعینات

    غلام قادر تھیبو ایڈیشنل آئی جی کراچی تعینات

    کراچی: سندھ پولیس میں بڑے پیمانے پر تقرر و تبادلے کرتے ہوئے غلام قادر تھیبو کو ایڈیشنل آئی جی کراچی تعینات کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت نے ایک بار پھر سندھ پولیس میں بڑے پیمانے پر تقرر و تبادلے کردیے۔

    سندھ حکومت نے سردار عبد المجید دستی کو ایڈیشنل انسپکٹر جنرل سندھ پولیس تعینات کردیا ہے۔ غلام قادر تھیبو کو ایڈیشنل آئی جی کراچی تعینات کردیا گیا۔

    غلام قادر تھیبو سے قبل مشتاق مہر ایڈیشنل آئی جی کراچی کے عہدے پر کام کر رہے تھے تاہم اب انہیں ایڈیشنل آئی جی ٹریفک تعینات مقرر کردیا گیا ہے۔

    یاد رہے کہ سردار عبد المجید دستی کو انسپکٹر جنرل سندھ پولیس بھی مقرر کیا گیا تھا تاہم ان کے پیش رو اللہ ڈنو خواجہ کے عہدے سے سبکدوش ہونے کا معاملہ سندھ ہائیکورٹ میں لے جایا گیا۔ کیس کا فیصلہ عدالت نے محفوظ کرلیا ہے۔

    سندھ حکومت کے احکامات کے مطابق خادم حسین بھٹی کو ایڈیشنل آئی جی ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ، امیر شیخ کو ڈی آئی جی ٹیکنیکل اینڈ ٹرانسپورٹ مقرر کیا گیا انہیں جبکہ ڈی آئی جی ٹریننگ سندھ کا اضافی چارج بھی دے دیا گیا۔

    آفتاب پٹھان کو ایڈیشنل آئی جی پی کرائم برانچ کا مقرر کیا گیا ہے۔

    عمران یعقوب ڈی آئی جی ٹریفک لائسنس اینڈ ٹریننگ کراچی اور نواز شیخ ڈی آئی جی سیکیورٹی کراچی تعینات کردیے گئے ہیں۔

    مذکورہ بالا تمام تقرریوں اور تبادلوں کا نوٹیفیکیشن جاری کردیا گیا ہے۔


  • غلام قادر تھیبو کو نیا آئی جی سندھ مقرر کرنے کا حتمی فیصلہ

    غلام قادر تھیبو کو نیا آئی جی سندھ مقرر کرنے کا حتمی فیصلہ

    کراچی : آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ کو تبدیل کرکے غلام قادری تھیبو کو نیا آئی جی سندھ مقرر کرنے کا حتمی فیصلہ کرلیا گیا،سمری وفاق کو ارسال کردی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ کو ہٹانے کے لیے سندھ حکومت اور وفاق میں معاملات طے پا گئے ہیں، غلام قادر تھیبو کو نیا آئی جی سندھ مقرر کیا جائے گا۔

    اس حوالے سے نئے آئی جی کے لئے سمری وفاق کو بھیج دی گئی ہے۔ نئے آئی جی سندھ کی تقرری کا نوٹی فکیشن جلد جاری کر دیا جائے گا۔

    مزید پڑھیں: آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ کو برقرا رکھنے کا فیصلہ

    یاد رہے کہ اس سے قبل وفاق اور سندھ حکومت نے متفقہ طور پر اے ڈی خواجہ کو بطور آئی جی سندھ برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا تھا۔

    مزید پڑھیں: آئی جی سندھ، اے آئی جی اور چیئرمین اینٹی کرپشن کی تبدیلی پر غور

    وفاقی اور سندھ حکومت نے آئی جی اے ڈی خواجہ کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے اتفاق کیا تھا کہ انہوں نے پولیس میں میرٹ پر بھرتیاں کیں جب کہ تقرری و تبادلوں میں بھی میرٹ کو ہی مد نظر رکھا گیا ہے اس لیے ان کے تبادلے سے سفارش کلچر دوبارہ اٹھنے کا خدشہ ہے۔

  • انٹر بورڈ کراچی پر اینٹی کرپشن کا چھاپہ ، ملازمین نے ہڑتال کردی

    انٹر بورڈ کراچی پر اینٹی کرپشن کا چھاپہ ، ملازمین نے ہڑتال کردی

    کراچی: اینٹی کرپشن یونٹ نے انٹرمیڈیٹ بورڈ آفس میں چھاپے کے دوران اہم ریکارڈ ضبط کر کے ایک ملازم کو گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق اینٹی کرپشن یونٹ کی جانب سے انٹر بورڈ آف کراچی میں کارروائی کی گئی جو 48 گھنٹوں سے زائد وقت تک جاری رہی اس دوران داخلی و خارجی راستوں کو بند کرتے ہوئے بورڈ آفس میں موجود ملازمین کو بھی گھر جانے کی اجازت نہیں دی گئی۔

    چیئرمین اینٹی کرپشن غلام قادر تھیبو نے کارروائی کے اختتام پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’’انٹر کے نتائج میں گھپلوں کے ثبوت موصول ہونے کے بعد کارروائی عمل میں لائی گئی، اس دوران 94 سے زائد گھپلوں کے کیسز سامنے آئے ہیں‘‘۔

    انہوں نے مزید بتایا کہ ’’تمام شواہد اکٹھے کرلیے گئے ہیں اور انٹر بورڈ سے ایک شخص کو گرفتار کیا گیا ہے جس سے تفتیش کی جائے گی اور ملزم کی نشاندہی پر بلاامتیاز کارروائی کی جائےگی‘‘۔

    دوسری جانب چیئرمین انٹر بورڈ اختر غوری نے نتائج میں ردوبدل کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’’اینٹی کرپشن کے ڈپٹی ڈائریکٹر نے اچانک دورہ کیا تو ہم نے تعاون کیا، اُن کا مزید کہنا تھا کہ ’’امتحانی کاپیاں سنیئراساتذہ چیک کرتے ہیں جنہیں کوڈ اور ڈی کوڈ کیا جاتا ہے‘‘۔

    اُنہوں نے مزید کہا کہ ’’کاپیوں کی جانچ پڑتال میں چار مرحلے ہوتے ہیں جب کہ آخری مرحلے میں بھی کاپیوں کو کراس چیک کیا جاتا ہے جس سے نتائج میں تبدیلی ممکن ہی نہیں ہے، اخترغوری نے گرفتاری کے حوالے سے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ’’ڈپٹی کنٹرولر کے اسسٹنٹ عادل کو گرفتار کیا گیا ہے جو بورڈ کا مستقل ملازم نہیں ہے‘‘۔

    سپلا کی جانب سے اینٹی کرپشن کی کارروائی کے خلاف احتجاجاً ہڑتال کا اعلان کردیا گیا۔ ملازمین کا کہنا ہے کہ ’’ہمیں ہراساں کرنے کا سلسلہ ختم کرکے اور ادارے میں بے جا مداخلت بند کی جائے‘‘۔

    سندھ پروفیسرز اینڈ لیکچررز  ایسوسی ایشن (سپلا)کے ملازمین نے اینٹی کرپشن یونٹ پر الزام عائد کیا ہے کہ ’’کارروائی کے دوران کمپیوٹر سرور خراب کردیا گیا جس کے باعث  پری میڈیکل کے نتائج اب وقت پر تیار نہیں کیے جاسکتے اور اس کے اجرا میں ایک ماہ سے زائد وقت لگ سکتا ہے‘‘۔

  • سابق ایڈیشنل آئی جی اور آئی جی سندھ کے درمیان تنازعات منظر عام پر آگئے

    سابق ایڈیشنل آئی جی اور آئی جی سندھ کے درمیان تنازعات منظر عام پر آگئے

    کراچی : سابق ایڈیشنل آئی جی غلام قادر تھیبو اور آئی جی سندھ غلام حیدر جمالی کے درمیان تنازعات منظر عام پر آگئے۔

    تفصیلات کے مطابق آئی جی اور سابق ایڈیشنل آئی جی میں اختلافات منظر عام پر آگئے، سابق ایڈیشنل آئی جی غلام قادر تھیبو نے آئی جی کے خلاف سوشل میڈیا پر دل بھر کے بھڑاس نکالی۔

    غلام قادر تھیبو نے کہا کہ چودہ ماہ دن رات کام کیا اپنی اور اپنے خاندان کی زندگی تک داؤ پر لگادی، بدعنوان اور نااہل افسر نے سیاسی آشیرباد پر او ایس ڈی بنوادیا، انہوں نے بتایا کہ ان کے دور میں کراچی میں جرائم کی سطح میں تاریخی کمی ہوئی۔

    انہوں نے دعویٰ کیا کہ ایپکس کمیٹی کو بالائے طاق رکھ کر ان کا تبادلہ کیا گیا ہے۔

    انہوں نے موجودہ آئی جی سندھ کے بارے میں انکشاف کیا کہ دیگراعلی افسران بھی ان سے سخت نالاں ہیں اور اس بات پر بات ختم کردی کیسا ملک اور کیسے لوگ، سابق آئی جی اپنا سوشل میڈیا کا کارڈ بھی سوشل میڈیا پر لگادیا۔

  • ڈی ایس پی مجید نظامی کے قاتلوں کی شناخت ہوگئی، پولیس چیف

    ڈی ایس پی مجید نظامی کے قاتلوں کی شناخت ہوگئی، پولیس چیف

    کراچی : کراچی پولیس چیف غلام قادر تھیبو کا کہنا ہے کہ ڈی ایس پی مجید عباسی پرہونے والے قاتلانہ حملے میں ملوث گروہ کی شناخت کرلی گئی ہے، عنقریب گرفتاریاں ہوں گی۔

    ڈی ایس پی سائٹ مجید نظامی کو آج بروز منگل گھرسے دفتر جاتے ہوئے لطیف ٹاؤن سے متصل علاقے ظفرٹاؤن میں اندھا دھند نشانہ بنایا گیا۔
    تفصیلات کے مطابق منگل کے روز سائٹ ٹاؤن کے ڈی ایس پی مجید عباسی شاہ لطیف ٹاؤن سے متصل علاقے ظفر ٹاؤن میں واقع اپنے گھر سے دفتر کی جانب گامزن تھے کہ نامعلوم افراد نے ان کی گاڑی پراندھا دھند فائرنگ کردی۔

    ڈی ایس پی مجید نظامی جائے وقوعہ پر ہی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگئے ان کی میت کو قانونی کاروائی کے لئے جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔

    غلام قادر تھیبو نے اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حملہ آور گروہ کو کافی عرصہ پہلے ہی شناخت کرلیا گیا تھا۔

    ان کا کہنا تھا کہ یہ ایک ہی گروہ ہے جو کہ آج سے قبل بھی پولیس افسران کے قتل کی وارداتوں میں ملوث رہا ہے۔

    پولیس چیف نے مزید کہا کہ جائے وقوعہ سے شواہد اکھٹے کرلئے گئے ہیں اور انہیں پہلے موجود شوواہد سے ملا کرتفتیش کو آگے بڑھایا جائے گا جس کے نتیجے میں جلد گرفتاریاں ہوں گی۔

    ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ڈی ایس پی مجید ںظامی کو مختلف نوعیت کے ہتھیاروں سے نشانہ بنایا گیا ہے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ ماہ کی 10 تاریخ کو بھی کراچی کے علاقے گلستانِ جوہر میں ڈی ایس پی ذوالفقارزیدی قاتلانہ حملے میں جاں بحق ہوگئے تھے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈی ایس پی مجید عباسی اپنے علاقے میں جرائم پیشہ افراد کی سرکوبی میں انتہائی جانفشانی سے مصروف تھے جس کے سبب انہیں کافی عرصے سے دھمکیاں مل رہی تھیں۔

  • ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام قادر تھیبو کا سندھ حکومت کو خط

    ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام قادر تھیبو کا سندھ حکومت کو خط

    کراچی : ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام قادر تھیبو نے کراچی کے ہر ڈسٹرکٹ میں جلسے جلوس اور اجتماعات کیلئے مقامات مختص کرنے کیلئے سندھ حکومت کو خط لکھ دیا ۔

    جس میں ایڈیشنل آئی جی کراچی نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ مذہبی اور سیاسی جماعتوں کے احتجاجی اور دیگر حوالوں سے ہونیوالی ریلیوں اور جلسے جلوسوں کے باعث عوام کے جان و مال کو لاحق خطرات مزید بڑھ جاتے ہیں۔

    لہذا کراچی کے ہر ڈسٹرکٹ میں جلسے جلوسوں اور اجتماعات کیلئے مقامات مختص کئے جائیں۔

    اس سلسلے میں ایڈیشنل آئی جی کراچی نے خط میں تجاویز دیتے ہوئے کہا ہے کہ ڈسٹرکٹ ایسٹ کے لئے جناح گراونڈ، ڈسٹرکٹ ملی کیلئے اسٹارگراونڈ، ڈسٹرکٹ سینٹرل کیلئے انو بھائی پارک، ڈسٹرکٹ ساؤتھ کیلئے جہانگیر پارک جبکہ ڈسٹرکٹ سٹی کیلئے کے ایم سی گراونڈ کو عوامی اجتماعات کیلئے مختص کیا جائے۔

    ترجمان سندھ پولیس کے مطابق حکومت سندھ کو خط لکھنے کے حوالے سے ایڈیشنل آئی جی کراچی نے تمام زونل ڈی آئی جیز اور ایس ایس پیز سے مشاورت کے بعد آئی جی سندھ غلام حیدر جمالی کے توسط سے خط کو متعلقہ حکام کو خط ارسال کردیا ہے۔

  • وقاص شاہ کے قتل کی تحقیقات کیلئے ٹیم تشکیل دی جائے گی، ایڈیشنل آئی جی کراچی

    وقاص شاہ کے قتل کی تحقیقات کیلئے ٹیم تشکیل دی جائے گی، ایڈیشنل آئی جی کراچی

    کراچی : ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام قادر تھیبو نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم کے کارکن وقاص شاہ کے قتل کی تحقیقات کیلئے ٹیم تشکیل دی جائے گی۔

    ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام قادر تھیبو نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ایم کیو ایم کے کارکن وقاص شاہ کو لگنے والی گولی چھوٹے ہتھیار کی تھی، مکمل تحقیقات کے بعد قاتل کی شناخت ممکن ہوگی۔

    غلام قادرتھیبو نےکہا کہ اگر کسی کو اعتماد نہیں تو انویسٹیگیشن ٹرانسفر کر دیں گے۔

    ایڈیشنل آئی جی نے کہا کہ نائن زیرو کو فول پروف سیکورٹی فراہم کی گئی تھی، انکا مزید کہنا تھا کہ شہر میں جہاں بھی خطرہ ہوگا وہ سیکیورٹی فراہم کریں گے۔

    یاد رہے کہ نائن زیرو پر رینجرز کے چھاپے کے دوران جواں سال کارکن وقاص علی شاہ  گولی لگنے سے جاں بحق ہوگئے تھے اور ان کی ہلاکت اب تک معمہ بنی ہوئی ہے۔

  • کراچی میں ٹارگٹ کلنگ ختم ہو گئی ہے، ایڈیشنل آئی جی سندھ

    کراچی میں ٹارگٹ کلنگ ختم ہو گئی ہے، ایڈیشنل آئی جی سندھ

    کراچی: ایڈیشنل آئی جی سندھ غلام قادر تھیبو نے داعش اور طالبان کو کلین چٹ دے دی،کہتے ہیں کہ داعش کے نام پرکوئی بھی کارروائی کرسکتا ہےاور طالبان کے کسی ممکنہ حملےکی کوئی خفیہ اطلاع نہیں۔ کراچی میں ٹارگٹ کلنگ ختم ہو گئی ہے۔

    اے آر وائی نیوز سندھ کے بیورو چیف ایس ایم شکیل کو انٹرویو میں ایڈیشنل آئی جی سندھ غلام قادر تھیبو کا کہنا تھا کہ  اسکولوں پر حملے میں طالبان کے ملوث ہونے کے ثبوت نہیں ملے ۔

    انکا کہتا تھا کہ داعش کا کوئی وجود نہیں ان کے نام پر کوئی بھی کارروائی کر سکتا ہے،  ایڈیشنل آئی جی نےیہ بھی کہا کہ کراچی میں تین ماہ سے کوئی بینک ڈکیتی نہیں پڑی اور پھر انہوں نے یہ بھی کہا کہ پولیس نے چند ماہ میں ڈکیتی کی 23 وارداتوں کے ملزم بے نقاب کئے۔

     ایک جانب ایڈیشنل آئی جی سندھ کا کہنا تھا کہ آپریشن ضرب عضب کااثر کراچی پر بھی پڑ سکتاہے تو ساتھ ہی یہ بھی کہ گئے کہ ایئرپورٹ حملے کے بعد سے کراچی میں دہشگردی کی کوئی واردات نہیں ہوئی، انکا کہنا تھا کہ پولیس کے اقدامات کے بعد شہر میں امن آیا ہے اور ٹارگٹ کلنگ کا تناسب چودہ سے کم ہو کر ایک یا دو رہ گیا ہے ۔

  • پروفیسرسبط جعفر، پروفیسرشکیل اوج کے قاتل کو پکڑلیا ہے، کراچی پولیس چیف

    پروفیسرسبط جعفر، پروفیسرشکیل اوج کے قاتل کو پکڑلیا ہے، کراچی پولیس چیف

    کراچی: صاحب علم شخصیات ڈاکٹر شکیل اوج اور پروفیسر سبط جعفر کو قتل کرنے والے گروہ کا ایک رکن گرفتار کرلیا گیا۔

    کراچی پولیس ہیڈ آفس میں پریس کانفرنس کے دوران غلام قادر تھیبو کاکہنا تھا کہ پروفیسر سبط جعفر اور ڈاکٹر شکیل اوج کے قتل میں شریک ٹارگٹ کلرز کے گروہ کا ایک رکن منصور گرفتار کرلیا ہے،کراچی پولیس کے سربراہ کا کہنا ہے دونوں صاحب علم افراد کو قتل کرنے میں منصور شامل تھا، ملزم منصور سندھ گورمنٹ اسپتال لیاقت آباد میں ملازمت کرتا ہے

     کراچی پولیس کے سربراہ کا کہنا ہے کہ ملزم منصور کا تعلق ایک سیاسی جماعت سے ہے جس نے انیس سو ترانوے میں مخالف سیاسی جماعت کے کارکنوں کو قتل کرنے کا اعتراف کیا ہے۔ ملزم نے رینجرز اہلکاروں پر فائرنگ اور لوٹ مار کی متعدد وارداتوں کا بھی اعتراف کیا ہے، ان کا کہنا تھا کہ دیگر قاتل بھی جلد گرفتار کرلیے جائیں گے ۔

    انہوں نے کہا کہ پولیس کی کوششوں سے ٹارگٹ کلنگ میں پچھلے سال کی نسبت کمی آئی اور صرف انتیس افراد اس ماہ قتل کیئے گئے، کراچی پولیس چیف نے ایک بار پھر کہا کہ سیاسی جماعتوںمیں جرائم پیشہ افراد موجود ہیں۔

  • کراچی داخلی اور خارجی راستوں پر پاک فوج تعینات

    کراچی داخلی اور خارجی راستوں پر پاک فوج تعینات

    کراچی :ایڈیشنل آئی جی غلام قادر تھیبو کا کہنا ہے کہ داخلی اور خارجی راستوں پر پولیس رینجرز کے ساتھ فوج کے دستے بھی تعینات کئے گئے ہیں۔

    انھوں نے بتایا کہ دوسرے شہروں سے آنے والے افراد کی مانیٹرنگ، اسلحہ اوربارود کی اسمگلنگ روکنے کیلئے جب تک مستقل چیک پوسٹیں قائم نہیں ہوجاتیں، اس وقت تک پولیس رینجرز کے ساتھ فوج اپنے فرائض انجام دیتی رہے گی۔

    ان کا مزید کہنا تھا نیشنل ہائی وے ، سپرہائی وے پرچوکیاں قائم کی جائیں گی، جس سے منشیات، اسلحہ اور غیر قانونی آمدورفت کی روک تھام کو یقینی بنایا جائے گا، مستقل چوکیاں تعمیر ہونے پر موبائل ٹیمیں کام کریں گے

    تفصیلات کے مطابق ایڈیشنل آئی جی سندھ غلام قادر تھیبو نے کراچی کے داخلی اور خارجی راستوں سپر ہائی وے، نیشنل ہائی وے اور حب میں فوج، پولیس اور رینجرز کے جوانوں پر مشتمل دفاعی ٹیموں کو تعینات کرنے کا حکم دیا ہے۔

    غلام قادر تھیبو نے مزید کہا ہے کہ دہشتگردی کا خطرہ ہے، اس لئے سکیورٹی کو سخت کیا گیا ہے، ایڈیشنل آئی جی نے دفاعی ٹیموں کو ہدایت کی ہے کہ ہر گاڑی کی چیکنگ سخت طریقے سے کی جائے۔