Tag: ghulam sarwar khan

  • سی اے اے کو ریگولیٹری اور سروس ڈویژنوں میں تقسیم کیا جا رہا ہے، غلام سرور خان

    سی اے اے کو ریگولیٹری اور سروس ڈویژنوں میں تقسیم کیا جا رہا ہے، غلام سرور خان

    کراچی : وفاقی وزیر برائے ہوابازی غلام سرور خان نے کہا ہے کہ سول ایویشن اتھارٹی کو باضابطہ طور پر ریگولیٹری اور سروس ڈویژنوں میں تقسیم کیا جا رہا ہے۔

    اپنے ایک بیان میں وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت ائیرپورٹ کے معاملات کو بین الاقوامی ضابطوں کے مطابق ڈھالنے کے لیے سول ایوی ایشن اتھارٹی کو دو حصوں میں تقسیم کر رہی ہے تاکہ عالمی مروجہ قوانین( ایکاؤ) کی پاسداری کی جاسکے اور عوام دوست ایئرپورٹ انفراسٹرکچر بھی بنایا جا سکے۔

    غلام سرور خان کا مزید کہنا تھا کہ ایوی ایشن اتھارٹی کو ریگولیٹری باڈی اور ایئرپورٹ سروسز پاکستان میں تقسیم کیا جائے گا، ریگولیٹری باڈی کو کابینہ ڈویژن کی سپرد کیا جائے گا۔

    دوسری ڈویژن کی اٸیرپورٹ سروس پاکستان ایوی ایشن ڈویژن کے ماتحت ہوگی۔ وفاقی وزیر برائے ہوابازی نے کہا کہ اس تقسیم کا مقصد مسافروں کو اچھی سروس دینا، دونوں ڈویژنوں کی افرادی قوت کو الگ کرنا، آمدن بڑھانا قومی اور بین الاقوامی قوانین کی پاسداری کرنا ہے۔

    غلام سرور خان کے مطابق یہ تقسیم نیشنل ایوی ایشن پالیسی2019 کے تحت کی جارہی ہے، یہ بین الاقوامی قانون ایکاٶ کا بھی ایک اہم نقطہ ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ایٸرپورٹ سروس پاکستان، ایس ای سی پی سے رجسٹر ہوگی۔

    اس کے تحت 43 ایئرپورٹ ہوں گے اور ایٸرپوٹ سروس پاکستان کمرشل ماڈل پر چلائی جائے گی۔ اثاثوں کی تشخیص کے بعد دلچسپی لینے والی پارٹیوں کو ایک سبسیڈی کمپنی میں سرمایہ کاری کے لیے بلایا جائے گی۔

    یہ سبسڈی کمپنی تین ایئرپورٹ، لاہور، کراچی اور اسلام آباد پر کام کرے گی۔ دوسرے ماڈل کے تحت ان تین ایئرپورٹس پر اوپن ٹینڈر کے تحت آؤٹ سورسنگ کی جائے گی۔

    غلام سرور خان نے مزیدکہا کہ اگر دونوں ماڈل پر کام نہ ہوسکا تو کمپنی جوائنٹ وینچر میں بھی جا سکتی ہے اگر کسی بھی ماڈل پر کام نہ ہوسکا تو کمپنی ایئرپورٹ کو خود آپریٹ کرے گی۔

    اگست2019 تک مینجمنٹ کمیٹی کو بدلا جائے گا، رولز آف بزنس بنائے جاٸیں گے اور لیگل ریویو بھی کیا جائے گا۔30ستمبر2019 تک مالی علیحدگی ،مڈ پروسس ریویو، اسٹیک ہولڈر ریویو کیا جائے گا، دسمبر2019 تک آئی ٹی سیکٹر اور افرادی قوت پر کام ہوگا اور ستمبر2020 تک ایکاؤ آڈٹ ہوگا۔

  • ائیر پورٹس پر سامان کی پلاسٹک ریپنگ کے ریٹس کم سے کم ہونی چاہیے، غلام سرور خان

    ائیر پورٹس پر سامان کی پلاسٹک ریپنگ کے ریٹس کم سے کم ہونی چاہیے، غلام سرور خان

    کراچی : ائیر پورٹس پر مسافروں سے پلاسٹک ریپنگ کے سو روپے وصول کرنے پر وفاقی وزیر برائے ہوا بازی غلام سرور خان نے اظہار برہمی کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ سامان کی پلاسٹک ریپنگ کے ریٹس کم سے کم ہونی چاہیے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے ہوابازی غلام سرور خان نے ائیر پورٹس پر مسافروں سے پلاسٹک ریپنگ کے سو روپے وصول کرنے کا سختی سے نوٹس لیا ہے، وفاقی وزیر برائے ہوابازی نے اسلام آباد انٹرنیشنل ائیرپورٹ کا دورہ کیا۔

    اس موقع پر ایئرپورٹ مینیجر طاہر سکندر نے وفاقی وزیر کو بریفنگ دی، وفاقی وزیر کو انٹیگریٹڈ بلڈنگ مینجمنٹ سسٹم کے بارے میں اور ایئر پورٹ پر موجود انسانی وسائل کے بارے میں آگاہی دی۔

    اس کے علاوہ ایئرپورٹ پر موجود کار پارکنگ کے مسائل اور گرین چینل پر بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ وفاقی وزیر نے یونائیٹڈ ٹرانسپورٹ سسٹم اور ایئرپورٹ کی صفائی کے بارے میں بھی استفسار کیا۔

    بعد ازاں وفاقی وزیر نے ایئرپورٹ پر موجود ٹراما سینٹر اور شفا فارمیسی کا بھی دورہ کیا، غلام سرور خان کا کہنا تھا کہ سامان کی پلاسٹک ریپنگ کے ریٹس کم سے کم ہونے چاہیئں۔

    تمام ایئرپورٹس پر مساوی پلاسٹک ریپنگ پالیسی لاگو ہونی چاہیے اور پلاسٹک ریپنگ کے ریٹس نمایاں جگہ پر لگائے جائیں تاکہ تمام مسافر ان ریٹس کو باآسانی دیکھ سکیں۔

    غلام سرور خان کا مزید کہنا تھا کہ اس سلسلے میں سول ایوی ایشن کی ایگزیکٹو کمیٹی اہم کردار کی حامل ہے۔ وفاقی وزیر نے ڈی جی سی اے اے کو ہدایت کی کہ تمام ایئرپورٹس پر مسافروں کے سامان کی ریپنگ پچاس روپے وصول کی جائے اور ایئرپورٹس پر مسافروں کو زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کی جائے۔

    وفاقی وزیر برائے ہوا بازی نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کا ویژن ہے کہ تمام ایئرپورٹس بین الاقوامی معیار کے مطابق ہوں،آنے اور جانے والے مسافروں کو ایئرپورٹ پر زیادہ سے زیادہ سہولیات میسر ہوں۔

  • عازمین حج کو ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائیں، غلام سرور خان

    عازمین حج کو ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائیں، غلام سرور خان

    لاہور : وفاقی وزیر ہوا بازی غلام سرور خان نے کہا ہے کہ عازمین حج کو ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائیں، انہوں نے ایئر پورٹ پر ہونے والے فائرنگ کے واقعے کا نوٹس لے کر رپورٹ طلب کرلی۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر ہوا بازی غلام سرور خان نے علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیرپورٹ لاہور کا دورہ کیا، انہوں نے ایئر پورٹ کے احاطے میں ہونے والی فائرنگ کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے سی اے اے اور اے ایس ایف کو فائرنگ کے واقعے کی تفصیلی رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت کی۔

    وفاقی وزیر نے فائرنگ حادثے کے جائے وقوعہ کا دورہ بھی کیا، اس موقع پر ائیرپورٹ منیجر اور چیف آپریٹنگ آفیسر علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیرپورٹ نذیر احمد خان نے ائیرپورٹ کے انتظامی امور پر وفاقی وزیر کو بریفنگ دی۔

    اس کے علاوہ اے ایس ایف کے ڈائریکٹر سیکورٹی کرنل علی ٹیپو نے بھی ائیرپورٹ کے سیکورٹی امور کے بارے میں وفاقی وزیر کو آگاہ کیا اور فائرنگ کے واقعے سے متعلق تفصیلات بتائیں۔

    اپنے دورے کے دوران غلام سرور خان نے حج ایریا پر لگائے گئے چیک ان، امیگریشن اور کسٹم کاؤنٹرز پر عازمین حج کو دی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا، وفاقی وزیر نے سی اے اے اور دیگر متعلقہ اداروں کو مسافروں خاص طور پرعازمین حج کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرنے کی سختی سے تاکید کی۔

  • اپوزیشن کی تمام جماعتیں ایک پیج پرنہیں ہیں، غلام سرور خان

    اپوزیشن کی تمام جماعتیں ایک پیج پرنہیں ہیں، غلام سرور خان

    اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے ہوا بازی غلام سرور خان کا کہنا ہے کہ اپوزیشن کی تمام جماعتیں ایک پیج پر نہیں ہیں، تمام جماعتوں کی ایک سوچ اور ایجنڈا نہیں ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے ہوا بازی غلام سرور خان نے کہا کہ مسلم لیگ ن کے کچھ لوگ پاکستان تحریک انصاف میں شامل ہونے والے ہیں۔

    غلام سرور خان نے کہا کہ چیئرمین سینیٹ تبدیل نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ کسی نے بھی اے پی سی پرتوجہ نہیں دی، سب نے کرکٹ میچ دیکھا۔

    انہوں نے کہا کہ اپوزیشن چیئرمین سینیٹ کے خلاف نمبرگیم کرنا چاہتی ہے، اپوزیشن کواس سے بھی کم تنخواہ پرگزارا کرنا پڑے گا۔

    وفاقی وزیر نے کہا کہ اپوزیشن کی تمام جماعتیں ایک پیج پر نہیں ہیں، تمام جماعتوں کی ایک سوچ اور ایجنڈا نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن میں بھی ٹوٹ پھوٹ شروع ہوچکی ہے۔

    غلام سرور خان نے مزید کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے الائنس سیسہ پلائی دیوارثابت ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ (ن ) لیگ کے کچھ لوگ پی ٹی آئی میں شامل ہونے والے ہیں۔

    اے پی سی میں انکوائری کمیشن کی مخالفت حساب نہ دینے کا بہانہ ہے، فردوس عاشق اعوان

    یاد رہے کہ گزشتہ روز معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ اے پی سی میں انکوائری کمیشن کی مخالفت حساب نہ دینے کا بہانہ ہے اور نیشنل ڈویلپمنٹ کونسل کو مسترد کرنا قومی ترقی کے عمل میں رکاوٹ بننے کے مترادف ہے۔

  • وزیراعظم 1985سے احتساب کا عمل شروع کریں، ہم بھی تیار ہیں، غلام سرور

    وزیراعظم 1985سے احتساب کا عمل شروع کریں، ہم بھی تیار ہیں، غلام سرور

    اسلام آباد : وفاقی وزیر ہوا بازی غلام سرور خان نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان انیس سو پچاسی سے احتساب کا عمل شروع کریں، ہم بھی حساب دینے کے لیے تیار ہیں۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے قومی اسمبلی کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ1985سے پی پی اور ن لیگ کے بہت سے دوستوں کو جانتا ہوں، جو اس وقت کچھ نہیں تھے مگر اب وہ بہت کچھ بن گئے ہیں، اب شریف صرف نام کے شریف ہیں۔

    وفاقی وزیر نے وزیر اعظم عمران خان کو تجویز پیش کی کہ وزیراعظم عمران خان سال انیس سو پچاسی سے احتساب شروع کریں، ہم بھی حساب دینے کے لیے تیار ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم آج بھی اس بات پر قائم ہیں کہ مودی کا جو یار ہے غدار ہے۔

    مزید پڑھیں: پی ٹی آئی حکومت احتساب کوبطورہتھیاراستعمال کررہی ہے، بختاور بھٹو

    واضح رہے کہ سابق وزیراعظم شہید بے نظیر بھٹو کی صاحبزادی بختاور بھٹو نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر گرفتاریوں پر ردعمل دیتے ہوئے کہا تھا کہ پی ٹی آئی حکومت احتساب کو بطور ہتھیار استعمال کررہی ہے، مشرف اور ضیاالحق بھی اس فارمولے سے مطلوبہ نتائج حاصل نہ کر سکے تھے، پی ٹی آئی کی کمزورحکومت کیسے کچھ حاصل کرسکتی ہے؟

     

  • تمام ایئرپورٹس پر جوائنٹ سرچ بیگج کی عمل داری کو یقینی بنایا جائے، غلام سرور خان

    تمام ایئرپورٹس پر جوائنٹ سرچ بیگج کی عمل داری کو یقینی بنایا جائے، غلام سرور خان

    کراچی : وفاقی وزیر براۓ ہوا بازی ،غلام سرور خان نے ہدایات جاری کی ہیں کہ ملک بھر کے ایئرپورٹس پر جوائنٹ سرچ بیگج کی عمل داری کو یقینی بنایا جائے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے ہوا بازی غلام سرور نے اے آر وائی نیوز کی خبر کا نو ٹس لیتے ہوئے تمام اداروں کو عمل درآمد کرنے سے متعلق احکامات جاری کر دئیے۔

    وفاقی وزیر نے ملک بھر کے ایئرپورٹس پر جوائنٹ بیگج سرچ کاؤنٹر کی عملداری میں غفلت کا معاملہ ہونے نوٹس لیا ہے، انہوں نے کہا کہ اے این ایف، محکمہ کسٹمز اور سی اے اے کے قائم کردہ جوائنٹ سرچ بیگج کی عملداری کو یقینی بنایا جائے۔

    وفاقی وزیر غلام سرور خان کا کہنا ہے کہ تمام ملکی ایئرپورٹس پر مسافروں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہا رکیا کہ ایوی ایشن انڈسٹری کو وزیر اعظم عمران خان کے وژن کے مطابق جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کریں گے۔

    مزید پڑھیں: مسافروں کی تین تین جگہ تلاشی، سول ایوی ایشن نے نئے احکامات جاری کردیئے

    واضح رہے کہ ملک کے مختلف ایئرپورٹس پر بیرون ملک جانے والوں کی تین تین جگہ تلاشی کی شکایت پر سول ایوی ایشن اتھارٹی حکام نے اے این ایف، اے ایس ایف اور کسٹمز کو ایک ہی کاوئنٹر پر تلاشی کی ہدایت جاری کی تھی۔

  • سول ایوی ایشن سیاحت کے فروغ کیلئے بھرپور کردار ادا کر رہی ہے، غلام سرور خان

    سول ایوی ایشن سیاحت کے فروغ کیلئے بھرپور کردار ادا کر رہی ہے، غلام سرور خان

    کراچی :  وفاقی وزیر برائے ہوا بازی غلام سرور خان نے کہا ہے کہ سیاحت کے فروغ کے لیے سی اے اے نے ٹی پی آر ائی لائسنس متعارف کرادیا ہے، وزیراعظم کے وژن کے مطابق ایوی ایشن اپنا بھرپور کردار ادا کر رہی ہے۔

    یہ بات انہوں نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے ہوا بازی غلام سرور خان کی صدارت میں ایوی ایشن ڈویژن کا اہم اجلاس ہوا۔

    اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ سیاحت کے فروغ کے لیے سی اے اے نے ٹی پی آر ائی لائسنس متعارف کرادیا ہے، وزیراعظم عمران خان کی سیاحت کے وژن کے مطابق ایوی ایشن ڈویژن اپنا بھرپور کردار ادا کر رہی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ سی اے اے کے نئے لائسنس کو ٹورزم پروموشن اینڈ ریجنل انٹیگریشن کا نام دیا گیا ہے، سی اے اے نے ایئر آپریٹرز کے لائسنس کے اجراء اور تجدید کے نظر ثانی شدہ تقاضے جاری کر دیئے ہیں،۔

    مزید پڑھیں: سول ایوی ایشن نے سیاحت کے فروغ کیلئے ٹی پی آر آئی لائسنس متعارف کرادیا

    نئے تقاضوں کے مطابق ایئر آپریٹرز سرٹیفکیٹ کی اقسام 3 سے بڑھا کر 4 کر دی گئی ہیں، غلام سرور خان کا مزید کہنا تھا کہ اس لائسنس کے لیے کمپنی کو ایس ای سی پی سے مربوط ہونا چاہیے،سول ایوی ایشن اتھارٹی نے وزیراعظم کے سیاحت کو فروغ دینے کے لیے یہ قدم اٹھایا ہے۔

  • برٹش ایئرویز کے فضائی آپریشن کی بحالی کے فیصلے کو خوش آمدید کہتے ہیں، غلام سرور خان

    برٹش ایئرویز کے فضائی آپریشن کی بحالی کے فیصلے کو خوش آمدید کہتے ہیں، غلام سرور خان

    کراچی : وفاقی وزیر ایوی ایشن غلام سرور خان نے کہا ہے کہ برٹش ایئر ویز کے فضائی آپریشن کے بحالی کے فیصلے کو خوش آمدید کہتے ہیں، آج برٹش ایئر ویز کا طیارہ اسلام آباد ایئر پورٹ پر لینڈ کرے گا۔

    یہ بات انہوں نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہی۔ وفاقی وزیر ایوی ایشن غلام سرور خان نے برٹش ایئز ویز کے پاکستان میں فضائی آپریشن کی بحالی پر ویڈیو پیغام جاری کردیا۔

    ان کا کہنا ہے کہ3جون کو برٹش ایئر ویز کا طیارہ اسلام آباد ایئر پورٹ پر لینڈ کرے گا، برٹش ایئر ویز کو پاکستان میں آپریشن کے بحالی پر خوشی ہے، برٹش ایئر ویز نے2008میں سیکیورٹی کی صورت حال وجہ فضائی آپریشن معطل کیا تھا۔

    پاکستان میں سیکیورٹی صورتحال میں بہتری اور موجودہ جمہوری حکومت پر اعتماد کیا، برٹش ایئر ویز کو پاکستان میں فضائی آپریشن کے بحالی کے فیصلے کو خوش آمدید کہتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ برٹش ایئر ویز کی فضائی آپریشن کی بحالی سے ایوی ایشن ڈویزن کی حوصلہ افزائی ہوگی، برٹش ایئر ویز کی بحالی کے باعث دیگر یورپین ملکوں کی فضائی کمپنیاں پاکستان سے رجوع کر رہی ہیں جس سے ایوی ایشن انڈسٹری کو فروغ ملے گا،3جون کا دن ایوی ایشن کی تاریخ میں اہم دن ثابت ہوگا۔

    برٹش ایئر ویز کی تین ہفتہ وار پروازیں اسلام آباد آئیں گی، مسافروں کی سہولت کے ساتھ ساتھ سیاحت کے شعبہ میں بھی ترقی ہوگی، برٹش ہائی کمیشن اور برطانوی حکومت اور برٹش ایئر ویز انتظامیہ کا مشکور ہوں۔

  • معاشی بدحالی کے ذمہ دار وہی لوگ ہیں جنہوں نے غریب کا خون چوسا، غلام سرورخان

    معاشی بدحالی کے ذمہ دار وہی لوگ ہیں جنہوں نے غریب کا خون چوسا، غلام سرورخان

    راولپنڈی : وفاقی وزیر ہوا بازی غلام سرورخان نے کہا ہے کہ معاشی بدحالی کے ذمہ دار وہی لوگ ہیں جنہوں نے غریب کا خون چوسا، احتساب کی بات کی جائے تو وہ کہتے ہیں کہ ہم تحریک چلائیں گے۔

    یہ بات انہوں نے راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی، غلام سرورخان نے کہا کہ ملکی سلامتی کیلئے ہمیں ایک ہونا ہوگا اتفاق و اتحاد وقت کی اہم ضرورت ہے۔

    کیا پی ٹی ایم اندھی ہے؟ آج بھی ایک فوجی شہید ہوا، جو وہاں دوسری بات کرتے ہیں وہ ہمارے نہیں ہوسکتے، ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ35سال اقتدار میں رہنے والے کس منہ سے مہنگائی کی بات کرتے ہیں۔

    معاشی بدحالی کے ذمہ دار وہی لوگ ہیں جنہوں نے غریب کا خون چوسا، احتساب کی بات کی جائے تو کہتے ہیں کہ ہم تحریک چلائیں گے، ان کے ناپاک عزائم اس ملک کا کچھ نہیں بگاڑ سکتے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ یہ تھانے اور جیلیں ملک خزانہ لوٹنے والوں کا مقدر ہوں گی اور انہیں پائی پائی کا حساب دینا ہوگا۔

    مزید پڑھیں: آج پاکستان جمود کے دور میں داخل ہو چکا ہے: سابق وزیر اعظم شاہد خاقان

    واضح رہے کہ سابق وزیر اعظم اور ن لیگ کے رہنما شاہد خاقان عباسی نے اعلان کیا ہے کہ موجودہ سلیکٹڈ حکومت کا تجربہ ناکام ہوچکا، ملکی خود مختاری داؤ پرلگانے والوں کیخلاف تحریک چلائیں گے، حکومت گرانی پڑی تو گرائیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ خارجہ پالیسی اور ملکی سلامتی معیشت کے تابع ہوچکی ہے۔ عدلیہ کی ٹارگٹ کلنگ کی جارہی ہے ہم گرفتاریوں سے نہیں ڈریں گے۔

  • آذربائیجان اورپاکستان  کے درمیان براہ راست پروازیں عنقریب شروع کی جائیں گی

    آذربائیجان اورپاکستان کے درمیان براہ راست پروازیں عنقریب شروع کی جائیں گی

    اسلام آباد : وفاقی وزیر برائے ہوا بازی غلام سرور خان نے کہا ہے کہ آذربائیجان اور پاکستان کے درمیان براہ راست پروازیں عنقریب شروع کی جائیں گی۔

    یہ بات بروز سوموار علی علیزادہ، آذربائیجان کے سفیر سے ملاقات کے دوران کہی، دونوں نے ہوا بازی کے شعبے میں باہمی تعلقات پر اتفاق رائے کیا۔

    غلام سرور خان نے مزید کہا کہ پاکستان اور آذربائیجان کے برادرانہ تعلقات ہیں اور یہ تعلقات تعظیم اور ایک دوسرے پر بھروسے کی وجہ سے قائم ہیں۔

    اسی طرح علی علیزادہ نے یہ واضح کیا کہ آذربایجان بھی پاکستان سے اپنے روابط بڑھانے پر یقین رکھتا ہے.1993 میں پاکستان اور آذربائیجان کے مابین ڈرافٹ ایئر سروس ایگریمنٹ بنایا گیا۔

    تیس ستمبر 2009 میں دونوں ممالک کے درمیان ایک ایم او یو بھی بنایا گیا جس کے تحت پی آئی اے (پاکستان) کو 7 ہفتہ وار فلائٹس پندرہ سو سیٹوں کے ساتھ دی جانی تھیں،اسی طرح ازل سلک وے ویسٹ( آذربائیجان) کو بھی 7 ہفتہ وار فلائٹس پندرہ سو سیٹوں کے ساتھ دی جانی تھی۔