Tag: Gilgit Baltistan

  • گلگت بلتستان کی آئینی حیثیت بحال کی جائے، الطاف حسین

    گلگت بلتستان کی آئینی حیثیت بحال کی جائے، الطاف حسین

    لندن : متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے مطالبہ کیا ہے کہ گلگت بلتستان کے عوام کو ان کے جائز حقوق کی فراہمی کیلئے گلگت بلتستان کی آئینی حیثیت بحال کی جائے اور اسے آزادکشمیر کی طرز پر اسٹیٹ سبجیکٹ رول کی سہولت دی جائے ۔

    ایک بیان میں الطاف حسین نے کہاکہ ایم کیوایم، ملک کی واحد لبرل ، جمہوری اور ترقی پسند جماعت ہے جو ملک سے فرسودہ جاگیردارانہ نظام کے خاتمے اور مظلوم عوام کے بنیادی حقوق کیلئے عملی جدوجہد کررہی ہے ۔

    ایم کیوایم ،ملک میں ایسے معاشرے کا قیام چاہتی ہے جہاں ہرشہری کو بلاامتیاز رنگ ونسل ، زبان ،قومیت، مسلک ، فقہ اور مذہب یکساں حقوق میسر ہوں۔

    الطاف حسین نے کہاکہ آج تک گلگت بلتستان کی آئینی حیثیت کو بحال نہیں کیا گیا ہے جس کے باعث وہاں کے عوام سیاسی ، معاشی اور حقوق سے محروم ہیں ۔

    حکومت کا یہ فرض ہے کہ وہ گلگت بلتستان کے عوام کو ان کے آئینی ، قانونی اور انسانی حقوق کی فراہمی یقینی بنائے ۔ الطاف حسین نے مطالبہ کیا کہ گلگت بلتستان کی آئینی حیثیت بحال کی جائے ، وہاں آزادکشمیر طرز کا سیٹ اپ دیا جائے۔

    گلگت بلتستان کے عوام کی معاشی حالت بہتر بنانے کیلئے وہاں کے تمام تاریخی راستوں کو کھولاجائے اورعوام کو آزادکشمیر کی طرز پر اسٹیٹ سبجیکٹ رول کی سہولت دی جائے تاکہ پاکستان کے مختلف شہروں میں آباد گلگتی اور بلتستانی عوام گلگت بلتستان کی قانون ساز اسمبلی میں ووٹ کا حق استعمال کرسکیں۔

    الطاف حسین نے گلگت بلتستان کے عوام کو یقین دلایا کہ ایم کیوایم ، گلگت بلتستان سمیت ملک بھرکے مظلوم عوام کے حقوق کیلئے ہرسطح پر آواز بلند کرتی رہے گی ۔

  • حکومت نے گلگت بلتستان میں دھاندلی کا منصوبہ بنا لیا، عمران خان

    حکومت نے گلگت بلتستان میں دھاندلی کا منصوبہ بنا لیا، عمران خان

    اسلام آباد : تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے ارکان کو سینیٹ کے الیکشن میں وفاداری بدلنے کے لئے پر کشش پیشکشیں کی گئیں لیکن انہوں نے اُن کو مسترد کردیا۔

    اسلام آباد میں گلگت بلتستان یوتھ ونگ سے خطاب کرتے ہوئے تحریک انصاف کے قائد نے کہا کہ تحریک انصاف کے خیبر پختونخوا اسبلی کے بیشتر ارکان نے کروڑں روپے کبھی اکٹھے نہیں دیکھے تھے لیکن انہوں پھر بھی سینیٹ کے الیکشن میں اپنی وفاداری نہیں بدلی جو قابل ستائش ہے۔

    انہوں نے کہا کہ حکومت نے اب گلگت بلتستان میں اپنا گورنر مقرر کر کے دھاندلی کا منصوبہ بنا لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے کوئی میچ غیر جانبدار امپائر کے ساتھ نہیں کھیلا۔

    انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں بلدیاتی انتخابات جون میں ہونگے جس کے بعد نیا خیبر پختونخوا سامنے آئے گا۔ انہون نے الزام عائد کیا کہ این اے 122 میں زبردست دھاندلی کی گئی ہے۔

    اس موقع پر تحریک انصاف کے وائس چئیرمین شاہ محمود قریشی نے کہا کہ سینیٹ الیکشن میں پیپلزپارٹی نے فاٹا کے ارکان کو کروڑوں روپے اور سینیٹ کی ڈپٹی چئیرمین شپ دینے کی پیشکش کی تھی اور جب حکومت کو پتہ چلا تو اس نے راتوں رات آرڈیننس جاری کرکے اس کو رکوا دیا۔

    انہوں نے کہا کہ پیلپز پارٹی اور ن لیگ منصفانہ انتخابات پر یقین نہیں رکھتیں۔

  • گلگت جیل سے فرار قیدوں کی تلاش، انتظامیہ کی دوڑیں لگ گئیں

    گلگت جیل سے فرار قیدوں کی تلاش، انتظامیہ کی دوڑیں لگ گئیں

    گلگت : جیل سے فرار قیدیوں کے لئے سرچ آپریشن کا دائرہ بڑھا دیا گیا ، تین روز گزرگئے، سانحہ نانگا پربت کے مفرور قیدیوں کو جیسے آسمان کھا گیا یا زمین نگل گئی۔

    گلگت ڈسٹرکٹ جیل سے فرار قیدیوں نے سیکیورٹی اداروں کو تھکا کر رکھ دیا۔ دن ہو یا رات اشتہاری بھگوڑوں کی تلاش میں سرچ آپریشن جاری ہے۔

    جس کی نگرانی سیکریٹری داخلہ گلگت بلتستان سبطین احمد کر رہے ہیں۔ سرچ آپریشن کا دائرہ گلگت کے مضافات تک بڑھا دیا گیا ہے۔

    مضافاتی علاقوں میں بھی سرچ آپریشن کیا گیا اورکئی مشکوک افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔ قیدیوں کی تلاش کے لئے سراغ رساں کتوں سے بھی مدد لی جارہی ہے۔

    سیکیورٹی اداروں نے جیل وارڈن سمیت عملے کے سات اہلکاروں کا ایک ہفتے کیلئے جسمانی ریمانڈ حاصل کر لیا ہے۔ قیدیوں کے فرارکے بعد ڈپٹی سپریڈنٹ جیل سمیت تمام عملے معطل کردیا گیا تھا ۔

    حکومت نے ملزمان کے بارے میں معلومات پر بیس لاکھ روپے انعام  دینےکا اعلان کررکھا ہے۔

  • نوازشریف غلطیوں پرغلطیاں نہ کریں، خورشید شاہ

    نوازشریف غلطیوں پرغلطیاں نہ کریں، خورشید شاہ

    اسلام آباد : اپوزیشن لیڈرخورشید شاہ کہتے ہیں کہ حکومت گلگت بلتستان میں الیکشن سےپہلے دھاندلی کا منصوبہ بنارہی ہے۔ نوازشریف غلطیوں پر غلطیاں نہ کریں۔

    تفصیلات کے مطابق گلگت بلتستان کے اعلیٰ سرکاری عہدوں پر ن لیگ کے من پسند افراد کی تقرری پر پیپلزپارٹی کی تشویش میں اضافہ ہورہا ہے۔

    اس سلسلے میں قومی اسمبلی میں قائدحزب اختلاف سید خورشید شاہ نےگلگت بلتستان میں وزیراعلیٰ کی تقرری پرتنقید کرتےہوئےکہا کہ ن لیگ نےگلگت بلتستان میں پری پلان دھاندلی کا منصوبہ بنالیاہے۔

    گورنر اورچیف الیکشن کمشنراپنا لگانے کےبعد حکومت نےوزیراعلیٰ کا منصب بھی من پسند شخص سونپ دیا۔ خورشید شاہ نے کہا کہ نوازشریف سے درخواست ہے کہ غلطیوں پرغلطی نہ کریں۔

    انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان میں دھاندلی سے ثابت ہورہا ہے کہ عام انتخابات میں بھی دھاندلی ہوئی۔ اپوزیشن لیڈرنےکہا کہ تحریک انصاف کا پارلیمنٹ میں نہ آناملک ،جمہوریت اور آئین کیلئے نقصان دہ ہوگا۔

  • گلگت بلتستان میں حکومتی مداخلت، اپوزیشن کا احتجاج

    گلگت بلتستان میں حکومتی مداخلت، اپوزیشن کا احتجاج

    اسلام آباد: اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نےوزیراعظم کو خط میں گلگت بلتستان کے عبوری سیٹ اپ میں مداخلت پر احتجاج کیا ہے۔

    قائدحزب اختلاف خورشید شاہ نے وزیراعظم کو خط میں حکومت کی جانب سے گلگت بلتستان کے عبوری سیٹ اپ میں مداخلت پر احتجاج کیا ہے۔

     انہوں نے خط میں کہا ہے کہ گلگت بلتستان وزیراعلی کے لیے مزید پانچ ناموں کوشامل کرنا آئین کے خلاف ہے۔

     انہوں نے کہا کہ اٹھارویں ترمیم میں تمام صوبوں اور گلگت بلتستان میں عبوری سیٹ اپ سے متعلق واضح طریقہ کار موجو دہے۔

    واضح رہے کہ وزیراعظم نواز شریف نے گلگت بلتستان کونسل کے چیئرمین کی حیثیت سے نگران کابینہ کی منظوری دے دی، جس کے بعد گلگت بلتستان نگراں حکومت کی کابینہ میں سات ارکان کی نامزدگی کا نوٹی فکیشن جاری کردیا گیا ہے۔

  • جنگ جیو کا کارنامہ، گلگت کو پاکستان سے الگ کردیا

    جنگ جیو کا کارنامہ، گلگت کو پاکستان سے الگ کردیا

    کراچی : جنگ گروپ نے میر شکیل کے خلاف فیصلہ آنے پر گلگت بلتستان کو پاکستان سے باہر قرار دے دیا ہے۔

    جیو کی پاکستان کی اکائی پر ضرب لگانے کی ایک اور گھناؤنی کوشش، میر شکیل کے خلاف عدالتی فیصلہ آنے پر گلگت بلتستان کو پاکستان سے باہر قرار دینے پر تُل گیا، گلگت بلتستان کی عدالتیں پاکستانی شہری کے خلاف فیصلہ نہیں دی سکتیں، یہ کہہ کر جیو نے بھارت کی آشاکا اظہار کر ڈالا جبکہ جولائی دوہزار دس میں گلگت بلتستان کی عدالت فیصلہ دی چکی ہے کہ گلگت پاکستان کا حصہ ہے۔

    اگر جیو اور میر شکیل کوعدالت کے فیصلے پر اعتراض ہے تو دوران سماعت رجوع کرکے اپنا موقف کیوں پیش نہیں کیا؟ لیکن جیو گروپ ایک بار پھر ایسے نکات کو سامنے لایا جس سے ملکی اور بین الاقوامی رائے عامہ کو گمراہ کیا جاسکے اور بھارت کو ایک بار پھر پاکستان کے خلاف بولنے کا موقع مل جائے، بالکل اسی طرح جب انیس اپریل دوہزار چودہ کو حامد میر پرقاتلانہ حملے کا ذمہ دار سابق ڈی جی آئی ایس آئی کوٹھہرا کر دنیا بھر میں پاکستان کی جگ ہنسائی کا سبب بنا تھا۔

    عدالت کے فیصلے پر اعتراض اٹھانے والے قانون کے اتنے ہی پابند ہیں، رات کی تاریکی میں منہ چھپا کر ملک سے فرارہونے کے بجائے عدالت پیش ہو جاتے، میر شکیل اگر گلگت بلتستان پاکستان نہیں تو کارگل جنگ کے شہید جوان لالک جان کو ملک کا سب سے اعلی اعزاز نشان حیدر کیوں دیا گیا۔

  • مقامی عدالت نےمیرشکیل کے وارنٹ جاری کردیے

    مقامی عدالت نےمیرشکیل کے وارنٹ جاری کردیے

    کراچی: مقامی عدالت نے جھوٹی خبر شائع کرنے پر جنگ جیو گروپ کے مالک میر شکیل الرحمان اوروجاہت ایچ خان کے وارنٹ جاری کردیئے۔

    کریک ڈویلپمنٹ کے پروجیکٹ آرکیڈین کیخلاف جھوٹی خبریں شائع کرنے پر جنگ جیو گروپ کے مالک میر شکیل الرحمان اور وجاہت ایچ خان کے خلاف کراچی کی سیشن کورٹ میں درخوست دائر کی گئی تھی، جس پر سیشن جج ساؤتھ کی عدالت نے وارنٹ جاری کیے ہیں، عدالت نے مقامی ایس ایچ او کو دونوں ملزمان کو پندرہ ستمبر تک پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔

  • گلگت بلتستان: میرشکیل الرحمان و دیگرملزمان اشتہاری قرار

    گلگت بلتستان: میرشکیل الرحمان و دیگرملزمان اشتہاری قرار

    گلگت بلتستان : انسداد دہشتگردی کی عدالت نے جیو، جنگ گروپ کے سربراہ میرشکیل الرحمن سمیت دیگرملزمان کو اشتہاری قراردیتے ہوئے ان کی جائیدادیں ضبط کرنے کے احکامات جاری کر دیئے ہیں۔

    گلگت بلتستان کی انسداد دہشتگردی کی عدالت نے پچیس اگست کو میرشکیل الرحمان اور شائستہ لودھی سمیت دیگرملزمان کوعدالت کے روبرو پیش ہونے کے احکامات جاری کئے تھے لیکن ملزمان عدالت میں حاضر نہ ہوئے، جس پر انسدداد دہشتگردی کی عدالت نے جیو جنگ گروپ کے سربراہ میرشکیل الرحمان، شائستہ لودھی ، وینا ملک اور اسد ملک کو اشتہاری قرار دیدیا ہے۔

    عدالت نے کمشنر کراچی، کمشنر راولپنڈی اور ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کواحکامات جاری کئے ہیں کہ میر شکیل الرحمان سمیت دیگر ملزمان کی جائیدادوں کو بھی قرق کرکے رپورٹ آئندہ ماہ کی سات تاریخ کو پیش کی جائے۔

    عدالت کا کہنا تھا کہ میر شکیل الرحمان جان بوجھ کر عدالت میں پیش نہیں ہو رہے، عدالت گیارہ ستمبرکو ملزمان پر فرد جرم عائد کرے گی۔