Tag: #GilgitBaltistan

  • گلگت : شرپسندوں کے ہاتھوں جلائے جانے والے اسکول دوبارہ کھول دیئے گئے

    گلگت : شرپسندوں کے ہاتھوں جلائے جانے والے اسکول دوبارہ کھول دیئے گئے

    گلگت : دیامر اور چلاس میں دہشت گردوں کے ہاتھوں تباہ ہونے والے اسکولوں میں ایک بار پھر زندگی کے رنگ نظر آنے لگے، دھماکوں سے تباہ شدہ اسکول دوبارہ تعمیر ہونے کے بعد کھل گئے۔

    تفصیلات کے مطابق گلگت بلتستان کے ضلع دیامر اور چلاس میں رواں ماہ کے اوائل میں دہشت گردی کا شکار ہونے والے اسکولوں کو تعمیر کے بعد کھول دیا گیا ہے، علم کی متلاشی بچیاں مستقبل کے خوابوں کو پورا کرنے کے لئے پھر سے خوشی خوشی اسکول پہنچ گئیں۔

    اس حوالے سے ترجمان گلگت بلتستان فیض اللہ فراق کا کہنا ہے کہ دیامر میں تباہ شدہ زیادہ اسکولوں کی تعمیر مکمل کرکے فعال کردیا گیا ہے۔

    دیامر کی عوام امن پسند اور طلباء و طالبات علم کی متلاشی ہیں، شرپسندی پر قابو اور ہنگامی بنیادوں پر تباہ شدہ اسکولوں کی بحالی حکومت کی بڑی کامیابی ہے، گلگلت میں گرمی کی چھٹیوں کے بعد سرکاری اسکولوں میں پہلا دن تھا، تدریسی عمل معمول کے مطابق جاری رہا۔

    مزید پڑھیں: چلاس میں لڑکیوں کے 12 اسکول نذر آتش

    واضح رہے کہ گلگت کےعلاقوں دیامر اورچلاس میں تعلیم دشمنوں نے لڑکیوں کے بارہ اسکول مکمل طور پر جلا ڈالے تھے، پولیس کے مطابق نذر آتش کیے جانے والے اسکول دیامر، داریل، رونئی، تکیہ اور تبوڑ سمیت مختلف علاقوں میں قائم تھے، دو پرائمری اسکولوں کو دھماکہ خیز مواد سے بھی تباہ کیا گیا۔

    مزید پڑھیں: دیامر میں اسکول جلانے میں ملوث تخریب کاروں کے 6 مزید سہولت کار گرفتار

    اس حوالے سے سیکیورٹی فورسز نے کارروائی کرتے ہوئے شر پسند عناصر کی سہولت کاری کرنے والے ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے، ملزمان کی گرفتاری اور تلاش میں دیامر جرگے نے مرکزی کردار ادا کیا۔

  • گلگت بلتستان، دیامرمیں سیشن جج کی گاڑی پر فائرنگ، کوئی نقصان نہیں ہوا

    گلگت بلتستان، دیامرمیں سیشن جج کی گاڑی پر فائرنگ، کوئی نقصان نہیں ہوا

    گلگت: دیا مر کے علاقے تانگیر میں سیشن جج ملک عنایت کی گاڑی پر دہشت گردوں نے فائرنگ کی تاہم خوش قسمتی سے حادثے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

    تفصیلات کے مطابق گلگت کے سیشن جج ملک عنایت علی الصباح اپنی گاڑی میں فیملی کے ہمراہ تانگیر کے علاقے سے گزر رہے تھے کہ اچانک دہشت گردوں نے اُن کی گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ شروع کردی، واقعے کے بعد پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچی اور شواہد اکھٹے کیے۔

    پولیس حکام کے مطابق فائرنگ کے نتیجے میں ملک عنایت محفوظ رہے تاہم اُن کی گاڑی کو نقصان پہنچا۔

    واضح رہے کہ 2 روز قبل گلگت بلتستان کے ضلع دیامرکے علاقے چلاس میں جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب نامعلوم تعلیم دشمن دہشت گردوں نے 12 لڑکیوں کے اسکولوں میں توڑ پھوڑ کے بعد انہیں آگ لگا دی تھی۔

    مزید پڑھیں: چلاس میں اسکول جلانےوالوں کےخلاف آپریشن‘ ایک دہشت گرد ہلاک

    دیامر میں اسکولوں کو آگ لگانے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے خلاف آپریشن شروع کیا جس میں متعدد مشکوک افراد کو حراست میں لیا گیا جبکہ ایک کارروائی کے دوران شرپسندوں نے سیکیورٹی اہلکاروں پر فائرنگ بھی کی جس کے نتیجے میں 1 شہید اور تین زخمی ہوگئے۔

    بعد ازاں تانگیر کے علاقے میں میں آپریشن کیا، اس دوران دہشت گردوں اور پولیس کے درمیان فائرنگ کے تبادلہ ہوا جس میں ایک دہشت گرد مارا بھی گیا۔

    پولیس کے مطابق ہلاک ملزم گزشتہ روز پولیس اہلکار کی شہادت میں ملوث تھا جبکہ پولیس نے آپریشن کے دوران 5 ملزمان کو گرفتار بھی کیا۔

    ترجمان گلگت بلتستان حکومت کا کہنا تھا کہ اسکول نذر آتش کرنے والے عناصر نے ماضی میں سیکیورٹی اہلکاروں کوبھی نشانہ بنایا، سیکیورٹی اداروں کے سرچ آپریشن میں ایک دہشت گرد ہلاک ہوا۔