Tag: girja ghar

  • گرجا گھر کی زمین پر قبضے کا ملزم گرفتار، اہم انکشافات

    گرجا گھر کی زمین پر قبضے کا ملزم گرفتار، اہم انکشافات

    لاہور : محکمہ اینٹی کرپشن کے اہلکاروں نے گرجا گھر کی زمین جعل سازی سے ہتھیانے اور جعلی کاغذآت کی تیاری کے الزام میں ایک پٹواری سمیت دوملزمان کو گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق اینٹی کرپشن پنجاب کے اہلکاروں نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے گرجا گھر کی زمین پر قبضے کے الزام میں اسٹامپ فروش وحید احمد کو لاہور سے گرفتار کیا ہے۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ گرجا گھر کی زمین کے کاغذات پر ظفراقبال کی جگہ ملزم وحید نے انگوٹھے لگائے، قانون کو چکما دینے کیلئے ظفر اقبال نے ہبہ نامے پر وحید احمد کے انگوٹھے لگوائے۔

    ذرائع کے مطابق ظفر اقبال کے حق میں جعلی ہبہ نامہ تیار کرنے میں وحید احمد ملوث تھا جبکہ دیگر جعلی کاغذات کی تیاری میں وحید احمد کے ملوث ہونے کی تحقیقات کی جارہی ہیں۔

    واضح رہے کہ فاطمہ جناح روڈ کراچی میں واقع2.42ایکڑ زمین لاہور ڈائسن چرچ کی ملکیت ہے، ملزم ظفر اقبال، وحید احمد نے جعل سازی سے بشپ آف لاہور سے ہبہ نامہ بنوایا اور اسی کی مدد سے ظفر اقبال نے زمین اپنے نام پر منتقل کروائی۔

    اینٹی کرپشن حکام کا کہنا ہے کہ سال2019میں ظفراقبال نے زمین کا لیز ایگریمنٹ افضل قائم خانی کے ساتھ کیا، ملزمان کے خلاف تھانہ اینٹی کرپشن لاہور میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

    علاوہ ازیں اینٹی کرپشن اہلکاروں نے دوسری کارروائی میں جعلی فرد جاری کرنے پر قصور سے پٹواری محمد طفیل کو گرفتار کیا ہے، ملزم طفیل نے شوکت علی کو جعل سازی سے16مرلہ زمین کی فرد جاری کی تھی۔

    اینٹی کرپشن حکام کے مطابق شوکت علی نے جعلی فرد کے ذریعے زمین کو فروخت کر دیا، تھانہ اینٹی کرپشن شیخوپورہ کو مقدمے میں مطلوب اشتہاری ملزم بھی گرفتار کیا گیا ہے۔

    محکمہ اینٹی کرپشن ذرائع کے مطابق ملزم محمد امجد نے بھائی کی جائیداد کےحوالے سے جعلی پاور آف اٹارنی تیار کی، محمد امجد نے پاور آف اٹارنی سے بھائی کی جائیداد اپنی بیوی کو ٹرانسفر کی۔

    سرکل آفیسر شیخوپورہ نے محمد امجد کو گرفتار کرلیا، خاتون نے ضمانت حاصل کرلی، مقدمے میں نامزد دیگر ملزمان سابق سب رجسٹرار منیر شاہ اور انصر کی گرفتاری کی کوشش جاری ہے۔

  • مسیحی برادری آج ایسٹرکا تہوارمنا رہی ہے، صدر اور وزیراعظم کی مبارکباد

    مسیحی برادری آج ایسٹرکا تہوارمنا رہی ہے، صدر اور وزیراعظم کی مبارکباد

    کراچی : دنیابھرکی طرح پاکستان میں بھی مسیحی برادری آج ایسٹرکا تہوار منا رہی ہے۔صدر اور وزیراعظم نےمسیحی براردی کوایسٹرکی مبارکباد دیتے ہوئے نیک خواہشات کااظہار کیا۔

    ملک بھر میں ایسٹر کا آغاز گرجا گھروں میں امن و سلامتی کی دعاؤں کےساتھ ہوا۔ مسیحی برادری نےایسٹرکیلئےخصوصی عبادات کااہتمام کیا۔

    گرجا گھروں میں شمعیں روشن کی گئیں اور خصوصی گیت بھی گائےگئے۔ کوئٹہ، کراچی، پشاور اور لاہورمیں بھی مسیحی برادری ایسٹرکا تہوارمذہبی عقیدت سےمنا رہی ہے۔

    گرجا گھروں میں سخت سیکیورٹی انتظامات بھی کیےگئےہیں۔ صدرممنون حسین نےمسیحی برادری کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی آئین اقلیتوں کےحقوق کےتحفظ کی ضمانت دیتاہے۔

    وزیر اعظم نوازشریف کا کہنا تھا کہ ملکی ترقی میں مسیحی برادری سمیت تمام اقلیتوں کا کردارلائق تحسین ہے۔