Tag: Girl Dead

  • خونخوار پالتو کتے نے 10 سالہ بچی کو بھنبھوڑ کر مار ڈالا

    خونخوار پالتو کتے نے 10 سالہ بچی کو بھنبھوڑ کر مار ڈالا

    برطانیہ میں گھر کے خونخوار پالتو کتے نے اپنی مالکن کی 10 سالہ بچی کو بھنبھوڑ کر مار ڈالا جس کی لاش گھر کے اندر سے ملی۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ یہ کتا اپنے بچپن سے اس خاندان کے ساتھ تھا تاہم یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ حملہ کرنے کی کیا وجہ بنی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق یہ واقعہ گزشتہ شام تقریباً 4 بجے شمالی یارکشائر کے علاقے مالٹن میں واقع ایک گھر میں پیش آیا۔

    گھر کی مالکن چیختی ہوئی گھر سے باہر نکلی کہ پالتو کتے نے میری بیٹی پر حملہ کرکے اسے جان سے مار دیا ہے، اس کی آواز سن کر پڑوسی اس کی مدد کے لیے گھر کے اندر گیا لیکن جب تک بچی اپنی جان گنوا چکی تھی۔

    خاتون کے ایک رشتہ دار نے کتے کو فوری طور پر ایک گاڑی میں بند کر دیا، اطلاع ملتے ہی مقامی پولیس جائے وقوعہ پر پہنچی اور لاش کو قبضے میں لے لیا۔

    policeman

    پولیس افسر کا کہنا تھا کہ یہ منظر بہت ہولناک تھا، معلوم نہیں کہ کتے نے حملہ کس وقت کیا لیکن ظاہر ہے کہ بچی کے جسم بازو، چہرے اور ٹانگوں پر زخموں کے بہت زیادہ نشانات تھے۔

    پولیس کے مطابق بچی بہت خوبصورت اور ذہین بتائی گئی ہے، جسے موقع پر ہی مردہ قرار دے دیا گیا جبکہ یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ پالتو کتے کو بھی مار دیا جائے گا۔

    علاقہ مکینوں کے مطابق یہ خاندان حالیہ گرمی کے دنوں میں ہی یہاں منتقل ہوا تھا اور یہ بچی ان کی اکلوتی اولاد تھی۔

    ایک علاقہ مکین نے بتایا کہ یہ’ایکس ایل بُلی‘ کی نسل سے ہے جو جسامت میں بہت بڑا کتا ہے، اور اس کا بہت خیال رکھا جاتا تھا لیکن پولیس ابھی تک اس بات کی تصدیق نہیں کر سکی کہ آیا یہ ممنوعہ نسل کا کتا ہے یا نہیں۔

    سال 1991 سے اس نسل کے کتے کو پالنا ممنوع قرار دیا گیا تھا، یہ پابندی اس نسل کے کتوں کے متعدد مہلک حملوں کے بڑھتے ہوئے واقعات کے بعد عائد کی گئی تھی اور سرکاری اجازت کے بغیر اس کو پالنے کی سختی سے ممانعت اور قابل سزا جرم ہے۔

  • ویڈیو : تیز رفتار بس اور کار میں خوفناک تصادم، دیکھنے والے دم بخود رہ گئے

    ویڈیو : تیز رفتار بس اور کار میں خوفناک تصادم، دیکھنے والے دم بخود رہ گئے

    بھارت میں تیز رفتار بس ڈرائیور سے بےقابو ہوکر کار سے جا ٹکرائی اور الٹ گئی، ٹریفک حادثے میں ایک نوجوان لڑکی ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر زیرِ گردش ہے۔

    یہ اندوہناک ٹریفک حادثہ گزشتہ روز صبح کنجوانی بائی پاس جموں شہر کے مضافات میں پیش آیا، جس کا منظر جائے وقوعہ پر لگے سی سی ٹی وی کیمرے میں محفوظ ہوگیا۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق پولیس حکام کا کہنا ہے کہ تیز رفتاری کے باعث منی بس ڈرائیور کے کنٹرول سے باپر ہوگئی اور سامنے سے آنے والی کار سے ٹکرا کر الٹ گئی۔

    سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ بس کتنی رفتار سے آرہی ہے اور کار سے ٹکرانے کے بعد اُلٹ کر سڑک پر دور تک پھسل جاتی ہے۔

    accident

    مذکورہ ٹریفک حادثے میں بس میں سوار 18 سالہ طالبہ نے موقع پر ہی دم توڑ دیا جبکہ دیگر 8 افراد شدید زخمی ہوگئے جنہیں طبی امداد کیلئے قریبی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں دو کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے، زخمی طلبہ اسکول جا رہے تھے۔

  • ٹک ٹاک پر نیا چیلنج : دس سالہ بچی کی موت کا سبب بن گیا

    ٹک ٹاک پر نیا چیلنج : دس سالہ بچی کی موت کا سبب بن گیا

    روم : ٹک ٹاک پر گیمز کا جنون ایک اور  ننھی سی جان لے گیا،  اٹلی کی دس سالہ بچی چیلنج  پورا کرنے کوشش میں گلا گھٹنے سے فوری طور پر ہلاک ہوگئی۔

    اٹلی کے شہر پیلرمو کے اسپتال میں بےہوشی کی حالت میں آنے والی بچی کو ڈاکٹروں نے مردہ قرار دے دیا، ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ بچی کا گلہ اس حد تک دب گیا تھا کہ اس کا اثر اس کے دل پر پڑا۔ ڈاکٹرز کے مطابق بچی کو بچانے کی پوری کوشش کرنے کے باوجود وہ زندہ نہ رہ سکی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ٹک ٹاک بلیک آؤٹ چیلنج کو پورا کرنے کی کوشش میں دس سالہ بچی نے حادثاتی طور پر خود کو ہلاک کرلیا، اطالوی بچی نے سوشل میڈیا ویڈیو کے لئے بیلٹ سے اپنا گلا گھونٹ لیا۔

    اسپتال میں متوفی بچی کے والدین بیٹی اس درد ناک موت کی خبر سن پر غم سے نڈھال ہوگئے، انہوں نے بیٹی کی موت کے بعد اسپتال انتظامیہ کو اس کے جسمانی اعضاء عطیہ کرنے کی اجازت دے دی ہے۔

    واضح رہے کہ بلیک آؤٹ چیلنج گزشتہ ایک سال سے ٹک ٹاک سمیت سوشل میڈیا کے مختلف پلیٹ فارمز  پر  تیزی سے گردش کررہا ہے، فی الحال اسے ٹک ٹاک پر سب سے زیادہ کھیلا جانے والا چیلنج سمجھا جاتا ہے۔

    اس کھیل کو "بیہوشی کا کھیل” ، "گھٹن کا کھیل” یا ” اسپیڈ ڈریمنگ” کے نام سے بھی جانا جاتا ہے ، اس چیلینج کے تحت صارفین خود کو کچھ سیکنڈ کے لئے خطرناک اسٹنٹ سے گزارتے ہیں۔

    یاد رہے کہ اس سے قبل بلو وہیل، پب جی اور اسی طرح کے خطرناک اور جان لیوا کھیلوں نے بھی پوری دنیا میں متعدد نوجوانوں کی جان لی تھی۔

    اس حوالے سے ماہرین نے صارفین خصوصاً نوجوانوں کے والدین کو ان آن لائن چیلنجز سے وابستہ خطرات سے خبردار کیا ہے، جن میں بیہوشی، دورے، دماغ کو نقصان اور یہاں تک کہ موت بھی شامل ہے۔