بھارت: ورنداون کے گیسٹ ہاؤس سے پنجاب کی رہائشی لڑکی کی لاش ملنے سے سنسنی پھیل گئی، کہا جارہا ہے کہ لڑکی صرف 5 دن پہلے رہنے کے لیے یہاں پہنچی تھی، پولیس نے آپریٹر کو گرفتار کرلیا ہے۔
غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق گزشتہ شب یوپی کے ورنداون کوتوالی میں واقع ایک گیسٹ ہاؤس میں پنجاب کی رہنے والی ایک لڑکی کی لاش ملنے سے خوف و ہراس پھیل گیا۔
بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ لڑکی نے 5 روز قبل گیسٹ ہاؤس میں کمرہ لیا تھا اور تب سے وہیں رہائش اختیار کی ہوئی تھی، اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچ گئی اور لڑکی کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے روان کردیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ گیسٹ ہاؤس آپریٹر کو بھی حراست میں لے کر تحقیقات شروع کردی گئی ہیں، جبکہ لڑکی اور اس کے اہل خانہ کے بارے میں معلومات بھی جمع کررہے ہیں۔ وہ پنجاب سے ورنداون کیوں آئی، یہ خودکشی ہے یا قتل، اس کی بھی تحقیقات جاری ہیں۔
پولیس کے مطابق بھارت کے پنجاب کی سنیتا (30)سالہ پانچ دن پہلے گیسٹ ہاؤس آپریٹر کے ساتھ یہاں پہنچی تھی، لڑکی نے گیسٹ ہاؤس کی پہلی منزل پر ایک کمرہ بک کروایا تھا۔
سینے میں چاقو کیسے پہنچا؟ طبی تاریخ کا نایاب واقعہ، ڈاکٹرز بھی دنگ رہ گئے
دو دن تک کمرے سے کوئی نکلتا ہوا نظر نہیں آیا اور نہ ہی کوئی حرکت ہوئی تو گیسٹ ہاؤس میں موجود عملے کو شک ہوا، کمرے کے اندر جھانکا گیا تو لڑکی کی لاش فرش پر پڑی ہوئی ملی۔
پولیس نے لڑکی کے کمرے سے ضروری شواہد اکٹھے کر لیے ہیں۔ گیسٹ ہاؤس آپریٹر سے پوچھ گچھ کی گئی ہے۔ پولیس کے مطابق ابھی تک یہ واضح نہیں ہے کہ لڑکی کی موت کیسے ہوئی۔ پولیس قتل اور خودکشی دونوں زاویوں سے تحقیقات میں مصروف ہے۔