کراچی(17 جولائی 2025): شہر قائد میں نامعلوم سمت سے آنے والی پراسرار گولی لگنے سے گھر میں موجود 11سالہ بچی جاں بحق ہوگئی۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق کراچی کے علاقے علاقے سائٹ ایریا مستان چالی میں نامعلوم سمت سے آنے والی پراسرار گولی لگنے سے ایک بچی کے جاں بحق ہونے کا واقعہ پیش آیا ہے۔
پولیس کے مطابق جاں بحق بچی کی شناخت گیارہ سالہ زینت گل زادہ کے نام سے ہوئی، تین بہنوں میں سب سے چھوٹی بچی گھر کی چھت پر کھیل رہی تھی۔
مزید پڑھیں : نامعلوم سمت سے گولی لگنے کے واقعات ، بچے سمیت 6 افراد زخمی
پولیس کا کہنا ہے کہ جاں بحق بچی کا باپ چوکیداری کا کام کرتا ہے، لاش اسپتال منتقل کر دی، تاہم قریب میں شادی کی تقریب میں ہوائی فائرنگ کی جارہی تھی۔۔ پولیس نے دلہا اور اس کے والد کو حراست میں لے لیا۔
واضح رہے کہ ڈیڑھ ماہ کے دوران نامعلوم سمت سے آنے والی گولیاں لگنے سے 4 کمسن و نوعمر بچے و لڑکیاں زندگی سے محروم ہوگئے۔
گزشتہ ماہ جون میں نامعلوم سمت سے آنے والی گولیاں لگنے 27 جون کو کلاکوٹ عثمان آباد گلی نمبر 3 نامعلوم سمت سے آنے والی گولی سر پر لگنے سے 3 سالہ فرقان شدید زخمی ہوا جو بعدازاں زندگی کی بازی ہار گیا۔
اس سے قبل جون 22 جون کو ملیر سعود آباد میں نامعلوم سمت سے آنے والی گولی سر پر لگ کر شدید زخمی ہونے والی 11 سالہ کرسیٹنا زندگی کی بازی ہار گئی تھی جبکہ 6 جون کو چاکیواڑہ کے علاقے بہار کالونی میں بھی گھر کے اندر نامعلوم سمت سے آنے والی گولی سر پر لگنے شدید زخمی 5 سالہ محمد یحییٰ بھی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے زندگی کی بازی ہار گیا تھا۔