Tag: Girl kidnapping

  • تفتیشی افسر نے میری بیٹی کو اغوا کیا ہے: والد کی عدالت میں دہائی

    تفتیشی افسر نے میری بیٹی کو اغوا کیا ہے: والد کی عدالت میں دہائی

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی سے مبینہ طور پر اغوا شدہ لڑکی کے والد نے عدالت کے سامنے دہائی دیتے ہوئے کہا کہ تفتیشی افسر نے میری بیٹی کو اغوا کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ ہائیکورٹ میں مبینہ طور پر اغوا شدہ لڑکی کی عدم بازیابی کے خلاف درخواست پر سماعت ہوئی۔ لڑکی کے والد اور تفتیشی افسر عدالت میں پیش ہوئے۔

    لڑکی کے والد نے عدالت میں موجود تفتیشی افسر پر اغوا کا الزام عائد کردیا۔ والد نے کہا کہ میری بیٹی کو سعید آباد سے سنہ 2014 میں اغوا کیا گیا۔

    تفتیشی افسر نے عدالت میں کہا کہ لڑکی نے پسند کی شادی کی ہے اور اب وہ اٹک بھاگ گئی ہے۔ افسر نے والد کی طرف اشارہ کر کے کہا کہ یہ ہمارے ساتھ چلیں ہم لڑکی کو بازیاب کرواتےہیں۔

    لڑکی کے اہلخانہ نے پولیس کے ساتھ اٹک جانے سے انکار کردیا، لڑکی کے والد نے کہا کہ جس تفتیشی افسر نے بیٹی اغوا کی اس کے ساتھ کیسے جائیں۔

    عدالت نے ڈی آئی جی ویسٹ کو لڑکی کی تلاش سے متعلق نئی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دینے کا حکم دے دیا۔

  • فیصل آباد: پولیس اہلکار نے بچی کو اغواء کرلیا، باپ کی خودکشی کی دھمکی

    فیصل آباد: پولیس اہلکار نے بچی کو اغواء کرلیا، باپ کی خودکشی کی دھمکی

    فیصل آباد : پولیس اہلکار نے بیمار ماں کے پاس اسپتال جانے والی چودہ سالہ لڑکی کو اغواء کرلیا، انکوائری میں اے ایس آئی قصوروار ہونے کے باوجود سات ماہ بعد بھی سکیورٹی گارڈ کی بیٹی بازیاب نہ ہو سکی، مغویہ کے باپ نے وزیراعلیٰ ہاؤس کے باہر خودکشی کرنے کا اعلان کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق فیصل آباد کے علاقے گٹی کے رہائشی سکیورٹی گارڈ گل ناصر شاہ نے آئی جی پنجاب کو دی گئی درخواست میں کہا ہے کہ اس کی چودہ سالہ بیٹی رضیہ سولہ مارچ کی رات اپنی بیمار ماں کے پاس الائیڈ اسپتال جاتے ہوئے راستہ بھول گئی۔

    اسی دوران تھانہ ملت ٹاؤن کا اے ایس آئی حماد یوسف اور کانسٹیبل شہزاد گجر لڑکی کو اپنے ساتھ تھانے لے گئے جس کے بعد سے وہ لاپتہ ہے۔

    ایس پی مدینہ ڈویژن کی انکوائری میں اے ایس آئی حماد یوسف کو لڑکی کے اغواء کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے اسے سخت سزا دینے کی سفارش کی گئی لیکن ابھی تک اس کے خلاف کوئی کارروائی کی گئی اور نہ ہی مغویہ کو بازیاب کروایا جاسکا ہے۔

    انکوائری رپورٹ میں بچی کو بازیاب نہ کرنے پر تھانہ ملت ٹاؤن کے اس وقت کے ایس ایچ او رانا راشد اور تفتیش میں مجرمانہ غفلت برتنے پر اے ایس آئی سعید انور کے خلاف بھی محکمانہ کارروائی کی سفارش کی گئی لیکن اس کے باوجود سابق سی پی او افضال کوثر نے ایس ایچ او رانا راشد کو کو اہم بااثر سیاسی شخصیت کی ایما پر تھانہ بٹالہ کالونی میں ایس ایچ او تعینات کردیا۔

    میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مغویہ کے والد گل ناصر کا کہنا ہے کہ اگر اس کی بیٹی بازیاب نہ ہوئی تو وہ لاہور جا کر وزیراعلیٰ ہاؤس کے باہر خودکشی کر لے گا۔