Tag: gives

  • بھارت میں چیونگم نہ کھانے پر شوہر کی بیوی کو ایک ساتھ 3 طلاقیں

    بھارت میں چیونگم نہ کھانے پر شوہر کی بیوی کو ایک ساتھ 3 طلاقیں

    نئی دہلی : بھارت شہر لکھنؤ میں شوہر نے چیونگم نہ کھانے پر بیوی کو ایک ساتھ 3 طلاق دے دیں، بھارتی پولیس کا کہنا ہے کہ راشد کے خلاف مسلم وومن پروٹیکشن رائٹس آن میرج ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اترپردیش کے دارالحکومت لکھنؤ کی سول عدالت میں میاں، بیوی موجود تھے، جہاں راشد نے اپنے بیوی سیمی کو چیونگم پیش کی لیکن خاتون نے لینے سے انکار کردیا،اس حوالے سے مزید بتایا گیا کہ راشد کی اہلیہ سیمی نے سسرالیوں کے خلاف جہیز کے نام پر ہراساں کرنے کا مقدمہ دائر کیا تھا، جس کی سماعت کے لیے دونوں عدالت کے احاطے میں موجود تھے۔

    پولیس نے بتایا کہ سماعت سے قبل راشد کی اہلیہ اپنے وکیل سے بات کررہی تھی کہ اس دوران راشد نے سیمی کو چیونگم پیش کی لیکن اس نے قبول کرنے سے انکار کردیا، اہلیہ کے انکار پر راشد کو غصہ آیا اور اس نے سیمی کے وکیل کے سامنے ہی ایک ساتھ 3 طلاق دے دیں۔

    واضح رہے کہ بھارت میں ایک ساتھ تین طلاق قابل سزا جرم ہے۔

    ایس ایچ او پانڈے نے بتایا کہ سیمی کی راشد سے 2004 میں شادی ہوئی تھی بعدازاں سسرال والوں کی جانب سے جہیز کے معاملے پر ہراساں کرنے پر سیمی نے مقدمہ درج کروا دیا تھا۔

    پولیس کے مطابق راشد کے خلاف مسلم وومن (پروٹیکشن رائٹس آن میرج) ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا۔

    خیال رہے کہ گزشتہ برس 25 اکتوبر کو بھارت میں ایک ساتھ 3 طلاق دینے پر پہلی گرفتاری عمل میں آئی تھی،اترپردیش میں پولیس نے بیوی کو بیک وقت تین طلاق دینے پر شوہر کو گرفتار کرلیا تھا۔

    واضح رہے کہ 30 جولائی کو بھارت میں لوک سبھا (ایوانِ زیریں) کے بعد راجیا سبھا (ایوان بالا) سے بھی ایک ساتھ تین طلاق کو قابل سزا جرم قرار دینے کا بل کثرت رائے سے منظور کر لیا گیا تھا۔

    جس پر بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے بھی مسلم ویمن (پروٹیکشن رائٹس آن میریج) بل منظور ہونے پر مسرت کا اظہار کیا،بل کے تحت ایک ساتھ تین طلاق دینے والے شخص کو 3 سال کی سزا ہے۔

    بھارت کی سب سے بڑی اپوزیشن جماعت کانگریس نے کہا تھا کہ اگر ان کی جماعت انتخابات میں کامیاب ہوگئی تو وہ وزیراعظم نریندر مودی کی حکومت کے جاری کردہ اس حکم نامے کو ختم کردے گی، جس میں ایک ساتھ 3 طلاق دینے پر مسلمان مردوں کو جیل بھیجنے کا کہا گیا تھا۔

    بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کا کہنا تھا کہ خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے یہ کام ضروری ہے لیکن کانگریس کا کہنا تھا کہ اس کے تحت مسلمان مردوں کو غیر منصفانہ طور پر سزا دی جائے گی۔

  • سعودی خاتون آرٹسٹ نے مناسک حج کو مصوری میں ڈھال دیا

    سعودی خاتون آرٹسٹ نے مناسک حج کو مصوری میں ڈھال دیا

    ریاض : سعودی خاتون آرٹسٹ نے وال پینٹنگز کے ذریعے طواف ، وقوف عرفات اور رمی جمرات کو جدت طرازی کے ساتھ لوگوں کے سامنے پیش کیا۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی خاتون آرٹسٹ عواطف عبدالعزیز المالکی نے مناسک حج کو خوب صورت انداز سے اپنی وال پینٹنگز میں سمویا ہے۔ اس حوالے سے انہوں نے طواف ، وقوف عرفات اور رمی جمرات کو جدت طرازی کے ساتھ لوگوں کے سامنے پیش کیا۔

    عرب ٹی وی سے بات چیت کرتے ہوئے عواطف نے بتایا کہ میں نے یہ پسند کیا کہ نماز اور طواف کی عبادت، حرمین شریفین، روضہ مبارک اور مقامات مقدسہ کو اس طرح فن پاروں میں مجسم کیا جائے کہ وہ ہر جگہ ہمارے سامنے رہیں، کسی بھی مسلمان کے لیے یہ خوب صورت ترین منظر ہے۔

    خاتون کا کہنا تھا کہ میں نے اپنی پینٹنگز کے ذریعے وقوف عرفات، رمی جمرات اوور دیگر مناسک حج کو نمایاں کیا ہے،سعودی آرٹسٹ نے واضح کیا کہ وہ مختلف پیمائش کی وال پینٹگز تیار کرتی ہیں جو 14 میٹر تک پہنچ جاتی ہیں۔

    عواطف کا کہنا تھاکہ انہوں نے پینٹنگ بنانے کا آغاز 25 برس پہلے کیا جب وہ پرائمری اسکول میں زیر تعلیم تھیں بعد ازاں یونیورسٹی سے فارغ التحصیل ہو کر ٹیچر بننے کے بعد پینٹنگ کے شوق کی تصویر پایہ تکمیل تک پہنچی۔

    باصلاحیت سعودی آرٹسٹ کے مطابق انہوں نے آرٹ کے حوالے سے مختلف نوعیت کے کام انجام دیے۔ ان میں آرٹ اسکولز میں سرگرمیاں اور کرداروں اور گھوڑوں کی تصاویر شامل ہیں۔

    عرب خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ عواطف کا کام اس لحاظ سے بھی منفرد ہے کہ انہوں نے گذشتہ برس فن پاروں کی نمائش میں بڑے شعراءکے قصیدوں کو پینٹنگ میں ڈھال کر پیش کیا۔

    انہوں نے مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کی بہت سی پینٹنگز بنائیں۔ عواطف نے مملکت میں اور اس کے بیرون بہت سے ایونٹس میں شرکت کی۔

  • مصرمیں 30 ہزار بچوں کو نئی زندگی کی امید دینے والی بیلجین خاتون

    مصرمیں 30 ہزار بچوں کو نئی زندگی کی امید دینے والی بیلجین خاتون

    قاہرہ:بیلجیم سے تعلق رکھنے والی افریقی نڑاد ویلویا جیکسن وہ باہمت خاتون ہیں جنہوں مصر کے دارالحکومت قاہرہ میں سڑکوں پر پھرنے والے 30 ہزار سے زیادہ بچوں کو ٹھکانہ اور سکونت فراہم کی۔ انہوں نے اس مقصد کے لیے 2003 میں مصر میں ایک ادارہ قائم کیا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق ویلویا نے بتایا کہ وہ تین بچوں کی ماں ہیں اور دنیا بھر میں بچوں کو درپیش مسائل کو شدید طور پر محسوس کرتی ہیں،انہوں نے اس مسئلے کے حوالے سے سال 2000 میں بیلجیم میں نمایاں اقدامات کے بارے میں سوچا۔ بعد ازاں ویلویا افریقا واپس لوٹ آئیں جس کو وہ اپنا آبائی علاقہ شمار کرتی ہیں۔

    ویلویا نے واضح کیا کہ وہ بیلجیم سے کوچ کر کے قاہرہ آئیں تا کہ خود کو سڑکوں پر رہنے والے بچوں کے لیے وقف کر دیں۔ ان میں بعض بچوں کو پیدائش پر چھوڑ دیا گیا اور دیگر بہت سے ایسے ہیں جن کا کوئی خاندان نہیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ ویلویا نے 2003 میں قاہرہ میں ایک چیریٹی ادارہ قائم کیا جو اب تک قاہرہ کی سڑکوں پر پھرنے والے 30 ہزار بچوں کو بچا چکا ہے، اس سلسلے میں قاہرہ کی سڑکوں پر آگاہی کے لیے دو ٹیمیں مصروف عمل ہیں۔

    ان کے علاوہ ایک استقبالیہ مرکز بھی ہے جہاں ہر ماہ تقریبا 700 بچے طبی اور نفسیاتی نہگداشت کے ساتھ ساتھ بامقصد زندگی گزارنے کے واسطے تربیت بھی پاتے ہیں۔

    بیلجین خاتون کے مطابق ان کے ادارے کے یتیم خانے میں 1200 سے زیادہ بچے موجود ہیں۔ ان بچوں کو سڑکوں پر سے لایا جاتا ہے جن میں سے اکثر شدید نوعیت کی پیچیدگیوں کا شکار ہوتے ہیں، ان کی ذہن سازی اور علاج کے لیے طویل عرصہ درکار ہوتا ہے۔

    ویلویا کا ادارہ ان بچوں کو اُن کے گھر والوں تک دوبارہ پہنچانے پر بھی کام کرتا ہے، اس کے علاوہ سماجی یک جہتی کی وزارت کے تعاون سے ایسے گھرانوں کو بھی تلاش کیا جاتا ہے جو ان بچوں کو گود لے کر ان کے مستقبل کو بہتر بنانے میں معاون ثابت ہوں۔

    ویلویا کے ادارے میں 180 مصری ملازمین اور اہل کار کام کر رہے ہیں۔ ویلویا کی خواہش ہوتی ہے کہ وہ قاہرہ اور برسلز کے درمیان اپنے وقت کو مناسب طور پر تقسیم کریں اور ادارے میں حتی الامکان اپنی موجودگی کو یقینی بنائیں۔

  • ایرانی نژاد فرانسیسی خاتون اسکالر گرفتار، میکرون کا اظہار تشویش

    ایرانی نژاد فرانسیسی خاتون اسکالر گرفتار، میکرون کا اظہار تشویش

    تہران : ایرانی وزارت انصاف نے خاتون اسکالر فاریبہ عادل کی گرفتاری پر مؤقف اختیار کیا ہے کہ ’عدالتی کارروائی شروع ہونے کے ساتھ ساتھ مزید معلومات عام کی جائیں گی‘۔

    تفصیلات کے مطابق ایرانی حکومت نے ایک ایرانی نڑاد فرانسیسی خاتون اسکالر فاریبہ عادل خواہ کو گرفتار کر لیا ہے، تہران حکومت نے گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے مزید تفصیلات ظاہر نہیں کیں۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ایرانی وزارت انصاف کے ترجمان نے بتایاکہ عدالتی کارروائی شروع ہونے کے ساتھ ساتھ مزید معلومات عام کی جائیں گی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ حراست میں لی گئی ساٹھ سالہ خاتون اسکالر انتھروپولوجسٹ یا ماہر بشریات ہیں۔

    فرانسیسی صدر ایمانویل ماکروں نے ان کی گرفتاری پر تشویش ظاہر کی ہے، فرانسیسی وزارت خارجہ نے فاریبہ عادل خواہ کی گرفتاری کے حوالے سے تہران حکومت سے معلومات بھی طلب کی ہیں۔

    ایران میں قید برطانوی شہری نے 15 روز بعد بھوک ہڑتال ختم کردی

    واضح رہے کہ اس سے قبل ایرانی  حکام کی جانب سے ایرانی نژاد برطانوی خاتون نازنین زعزی کو بھی گرفتار کیا جاچکا ہے، جو ابھی تک ایرانی جیل میں قید ہیں۔

    برطانوی شہری کو سپاہِ پاسداران انقلاب نے اپریل 2016ءمیں تہران کے ہوائی اڈے سے گرفتار کیا تھا، وہ اس وقت اپنی بائیس ماہ کی بچی گبریلا کے ہمراہ ایران میں اپنے خاندان سے ملنے کے بعد واپس برطانیہ جارہی تھیں۔

  • سنیں 30 روپے دے دیں! شوہر نے بیوی کو طلاق دے دی

    سنیں 30 روپے دے دیں! شوہر نے بیوی کو طلاق دے دی

    نئی دہلی : بھارت میں ایک شخص نے سبزی خریدنے کےلیے 30روپے مانگنے پر بیوی کو مارکیٹ میں ہی تین طلاقیں دے دیں، زینب کے والد نے بتایا کہ بیٹی اور داماد کے درمیان شادی کے بعد سے ناچاکی جاری تھی۔

    تفصیلات کے مطابق تین طلاقوں کا افسوس ناک واقعہ بھارتی ریاست اتر پردیش کی راؤجی نامی مارکیٹ میں پیش آیا جب ایک شخص نے معمولی سی بات پر اپنی اہلیہ کو خود سے جدا کردیا۔

    بھارتی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ میں 32 سالہ صابر اپنی 30 سالہ اہلیہ زینب کے ساتھ راﺅ جی مارکیٹ میں گھریلو اشیاءکی خریدو فروخت میں مصروف تھا کہاہلیہ زینب سے شاپنگ کے دوران سبزی خریدنے کے لیے 30 روپے مانگ لیے جس پر صابر شدید غصّے میں آگیا اور زینب کو پیچکس سے تشدد کا نشانہ بنانے لگا۔

    واقعے کے عینی شاہدین نے خبر رساں ادارے کو بتایا کہ پیچ کس سے خاتون پر حملہ کرنے کے بعد شوہر نے ایک ہی ساتھ 3 طلاقیں بھی دے دیں۔

    متاثرہ خاتون زینب کے والد نے میڈیا سے گفتگو کے دوران بتایا کہ شادی کے بعد سے ہی ان کی بیٹی اور داماد کے درمیان تعلقات کشیدگی کا شکار رہے ہیں، صابر نے پہلے بھی میری بیٹی کو تشدد کا نشانہ بناتے ہوئے ڈنڈے سے مارا تھا جبکہ زینب کے سسرالیوں نے بھی شروع سے اس کے ساتھ ناروا سلوک رکھا ہے۔

    دوسری جانب دادڑی پولیس اسٹیشن میں صابر کے خلاف ایف آئی آر درج کی جا چکی ہے جس میں شوہر اور اس کے خاندان کی جانب سے لڑکی پر تشدد کرنے کے جرم میں دفعہ 498اے جان بوجھ کر لڑکی کی بے عزتی کرنے اور گھر کا ماحول خراب کرنے پر دفعہ 504 لڑکی کو مجرمانہ دھمکیاں دینے پر دفعہ 506 عائد کی گئی ہے۔

  • فلسطینوں کو8 روز میں گاؤں خان الا احمر خالی کرنے کی دھمکی

    فلسطینوں کو8 روز میں گاؤں خان الا احمر خالی کرنے کی دھمکی

    یروشلم : غاصب ریاست اسرائیل نے مقبوضہ فلسطین کے گاؤں خان الا احمر کو منہدم کرنے کے لیے علاقہ مکینوں کو آٹھ روز میں گاؤں خالی کرنے کا دھمکی آمیز نوٹس جاری کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق غاصب اسرائیل کی جانب سے مقبوضہ فلسطین کے متعدد گاؤں اور دیہات مسمار کرنے کے بعد مشہور گاؤں خان الااحمر کو مسمار کرنے کے سلسلے میں علاقہ مکینوں کو گاؤں خالی کرنے کا دھمکی آمیز نوٹس جاری کردیا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کا کہنا تھا کہ صیہونی ریاست کی جانب سے گاؤں کے رہائشیوں کو نوٹس جاری کیا گیا ہے کہ 8 روز میں گاؤں خالی کیا جائے وگرنہ زبردستی گاؤں بدر کیا جائے گا۔

    خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ گاؤں کے مکینوں کی جانب سے اسرائیلی عدالت میں گاؤں کو مسمار کرنے کے خلاف درخواست دی گئی جسے عدالت نے مسترد کرتے ہوئے حکومت کو گاؤں مسمار کرنے کا حکم دیا تھا۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ اسرائیلی وزارت دفاع کی جانب سے رہائشیوں کو جاری نوٹس میں کہا گیا ہے کہ یکم اکتوبر تک گاؤں خالی کرکے تمام مکانات کو منہدم کرکے چلے جائیں، اگر علاقہ مکینوں نے مزاحمت کی تو حکومت خود گاؤں کو منہدم کرے گی۔

    خیال رہے مقبوضہ فلسطین کے گاؤں خان الااحمر میں کل 180 افراد رہائش پذیر ہیں۔

    غیر ملکی نیوز ایجنسی کے مطابق یورپی ممالک نے کہا ہے کہ اسرائیل خان الااحمر کو مسمار کرکے دو ملکی حل خلاف کام کررہا ہے۔

    دوسری جانب سے فلسطینی گاؤں کان الااحمر کے رہائشیوں نے اسرائیلی دھمکیوں کو رد کرتے ہوئے کہا ’ہم اپنی زمین کو چھوڑ کر ہرگز نہیں جائیں گے‘۔

    غیر ملکی نیوز ایجنسی کا کہنا ہے کہ مقبوضہ بیت المقدس سے چند کلومیٹر کے فاصلے پر واقع گاؤں خان الاحمر دو مقبوضہ علاقوں کے درمیان واقع ہے جو مالے ادومن اور کفار ادومن کے نام سے جانے جاتے ہیں۔

    غاصب صیہونی ریاست اسرائیل مذکورہ علاقوں کو مزید توسیع دینا چاہتا ہے جس کے بعد مغربی کنارہ (ویسٹ بینک) عملی طور پر دو حصوں میں تقسیم ہوجائے گا۔

    یہاں 40 خاندان آباد ہیں جن کی اکثریت خیموں میں رہتی ہے۔ خان الاحمر کو 1993ء میں اوسلو معاہدے کے تحت باقاعدہ سی ایریا کے تحت محفوظ علاقہ قرار دیا گیا تھا۔ قبل ازیں جولائی میں یہاں اسرائیلی بلڈوزروں نے کئی ٹینٹ ہٹا دیئے تھے۔


    مزید پڑھیں : فلسطینیوں کے لیے آواز اٹھانے والا امریکی پروفیسر اسرائیل میں گرفتار


    یاد رہے کہ ایک ہفتہ قبل اسرائیلی فورسز کی جانب سے 66 سالہ فرانسیسی امریکی پروفیسر فرینک رومانو کو مغربی کنارے پر واقع گاؤں الخان الاحمر سے صیہونی فورسز کے امور میں رکاوٹ ڈالنے کے جرم میں حراست میں لیا گیا ہے۔

    امریکی پروفیسر کو الخان الاحمر سے فلسطینی شہریوں کی املاک منہدم ہونے سے بچانے کے لیے لگائی جانے والے رکاوٹوں کو ہٹانے والے بلڈوزر کے سامنے کھڑے ہوگئے تھے جس کے باعث انہیں فلسطینی کارکن کے ہمراہ اسرائیلی فورسز نے حراست میں لیا تھا۔

  • چین نے نئے ٹیکسز کے باعث امریکا کے سامنے گھٹنے ٹیکے ہیں، ڈونلڈ ٹرمپ

    چین نے نئے ٹیکسز کے باعث امریکا کے سامنے گھٹنے ٹیکے ہیں، ڈونلڈ ٹرمپ

    واشنگٹن : امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی معاشی پالیسیوں پر تنقید کرنے والوں کو نشانہ بناتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ’چین پر محصولات عائد کرنے سے بیجنگ مذاکرات کرنے کے لیے امریکا کے سامنے سرنگوں ہوا ہے‘۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر محصولات کے حوالے سے بنائی جانے والی پالیسی پر تنقید کرنے والوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ بیجنگ پر ٹیکس عائد کرنے سے چین امریکا کے ساتھ مذاکرات کرنے کے لیے تیار ہوا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ ٹرمپ نے ٹویٹر پر دعویٰ کیا تھا کہ چینی اشیاء پر ٹیکس عائد کرنے کے بعد کسی کو یقین نہیں تھا کہ چین مذاکرات کے لیے امریکا کے سامنے سرنگوں ہوجائے گا۔

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ مجھے علم تھا چینی اشیاء پر محصولات عائد کرنے سے نتائج اچھے ہی آئیں گے، لیکن چند بے وقوف لوگ مجھ پر تنقید کررہے تھے اور میری معاشی پالیسیوں کا مذاق اڑا رہے تھے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ ٹیکسز کے حوالے سے امریکی پالیسی میں تبدیلی سے بہتر نتائج سامنے آئیں گے، جس کے باعث امریکی معیشت میں اضافہ ہوگا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کی پالیسیوں سے مقامی تاجروں میں امید کی نئی کرن پیدا ہوئی ہے، کیوں کہ چین کی مارکیٹ میں 27 فیصد تک کمی واقع ہوئی ہے۔

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ٹویٹر پر کیے گئے ٹویٹ میں ’امریکا فرسٹ‘ کا نعرہ بھی تحریر کیا تھا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکا درآمد کی جانے والی چینی مصنوعات پر 34 ارب ڈالرز کے محصولات عائد کرچکے ہیں، جبکہ مستقبل میں امریکا کی جانب سے چین پر مزید 16 ارب ڈالر کے ٹیکس عائد کیے جائیں گے۔