Tag: glacier collapse

  • ویڈیو : سوئٹزر لینڈ کا پورا گاﺅں صفحہ ہستی سے مٹ گیا

    ویڈیو : سوئٹزر لینڈ کا پورا گاﺅں صفحہ ہستی سے مٹ گیا

    سوئٹزر لینڈ کے گاﺅں بلاٹن کا 90 فیصد حصہ لینڈ سلائینڈنگ کی وجہ سے زمین بوس ہوگیا، برفانی تودے نے اس وجود ہی ختم کر ڈالا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق عالمی سطح پر حسین ترین اور ترقی یافتہ ملک کہلائے جانے والے سوئٹزرلینڈ کے گاﺅں بلاٹن کا برفانی تودا گرنے سے 90 فیصد حصہ زمین بوس ہوگیا۔

    برف، مٹی اور پتھروں کے سیلاب سے بلاٹن کا بڑا حصہ اب دفن ہوچکا ہے جبکہ وہاں کا ایک شخص لاپتہ ہوا ہے، مقامی حکومت نے پہلے ہی سخت موسم کے خطرے کے پیش نظر گاؤں کے مکینوں بلکہ جانوروں کو بھی علاقے سے نکال کر محفوظ مقام پر منتقل کردیا تھا۔

    رپورٹ کے مطابق سوئس الپس میں ایک بڑے برفانی تودے کے ٹوٹنے سے برف، مٹی اور چٹانوں کا زبردست طوفان آیا، جس نے ایک گاؤں کے بڑے حصے کو ڈھانپ دیا۔ اس گاؤں کو رواں ماہ پہلے ہی چٹانوں کے کھسکنے کے خدشے کے باعث خالی کرا لیا گیا تھا۔

    جنوبی ویلیس علاقے کے سیکیورٹی سربراہ اسٹیفان گانزر نے میڈیا کو بتایا کہ خطرہ ابھی ختم نہیں ہوا، صورتحال مزید خراب ہو سکتی ہے۔

    رپورٹ کے مطابق مذکورہ گاؤں کو پچھلے سال بھی برف کی چٹان گرنے کے پیش نظر خالی کرایا گیا تھا۔

  • شاہراہ بابوسر ناران، بابوسر ٹاپ کے مقام پر موسمی خرابی، گلیشیئر ٹوٹنے کا خطرہ

    شاہراہ بابوسر ناران، بابوسر ٹاپ کے مقام پر موسمی خرابی، گلیشیئر ٹوٹنے کا خطرہ

    چلاس: شاہراہ بابوسر ناران اور بابوسر ٹاپ کے مقام پر موسمی خرابی کے باعث برفانی تودے، گلیشئر اور لینڈ سلائیڈنگ کا شدید خطرہ پیدا ہو گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر دیامر فیاض احمد نے کہا ہے کہ موسمی خرابی کے باعث شاہراہ بابوسر ناران اور بابوسر ٹاپ کے مقام پر برفانی تودے، گلیشئر اور لینڈ سلائیڈنگ کا شدید خطرہ ہے، زیرو پوائنٹ سے ٹریفک روکنے کے احکامات جاری کر دیے گئے ہیں۔

    انھوں نے بتایا کہ بابوسر شاہراہ 8 ماہ بند ہونے سے جگہ جگہ سلائیڈنگ سے روڈ تنگ ہو گئے ہیں، ون وے کلیئر کر کے ٹریفک ریگولیشن کے مطابق بحال کیا جا رہا ہے، تاہم 2 کلو میٹر برف کے باعث ٹریفک متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

    ڈی سی کا کہنا تھا کہ این ایچ اے کو روڈ کلیئر کرنے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں، کچھ گاڑیاں آج ٹاپ سے بغیر اطلاع گلگت بلتستان میں داخل ہوئیں، ایک گاڑی بابوسر کے مقام پر حادثے کا شکار ہونے سے 3 افراد زخمی ہوئے۔

    انھوں نے کہا کہ بابوسر شاہراہ کو مکمل کلیئر کرنے کے بعد باقاعدہ نوٹیفکیشن کیا جائے گا، شاہراہ بابوسر پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز پولیس نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ بابوسر ناران روڈ برف ہٹانے کے بعد ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا، ابتدائی طور پر بابوسر ناران روڈ پر چھوٹی گاڑیوں کے لیے سفر کی اجازت دی گئی ہے۔ پولیس کا کہنا تھا کہ بابوسر روڈ کھلتے ہی ناران سائیڈ سے آنے والا کیری ڈبہ بابوسر کے مقام پر حادثے کا شکار ہو گیا، جس میں 3 افراد زخمی ہو گئے، جنھیں آر ایچ کیو اسپتال منتقل کیا گیا۔

    پولیس کا کہنا تھا کہ تا حکم ثانی بابوسر ناران روڈ پر رات کو سفر کرنے پر پابندی عائد ہے، رات کو سفر کرنے پر پابندی کے پیش نظر زیرو پوائنٹ کے مقام پر سیاحوں کو روکا جانے لگا ہے۔

    ادھر کمشنر دیامر استور ڈویژن التمش جنجوعہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ سیاح اور ٹرانسپورٹرز بابوسر ناران جھلکڈ شاہراہ پر سفر سے اجتناب کریں، بابوسر ناران روڈ کو کھولنے کے لیے بھاری مشینری سے برف کی کٹائی کی گئی تھی، جس سے باقی ماندہ برف پگھل کر سلائیڈنگ کا خطرہ ہے۔

    انھوں نے کہا بابوسر شاہراہ کو مکمل کھولنے کے لیے مشینری بابوسر ٹاپ کے دونوں اطراف کام کر رہی ہے، بابوسر روڈ پر سلائیڈنگ اور پھسلن کی وجہ سے ہر قسم کی ٹریفک پر پابندی عائد ہے، خلاف ورزی کرنے والے کسی بھی حادثے کے خود ذمہ دار ہوں گے۔