Tag: Glasgow

  • زمین کے مستقبل کے لیے اہم سمجھوتا ہو گیا

    زمین کے مستقبل کے لیے اہم سمجھوتا ہو گیا

    گلاسکو: اسکاٹ لینڈ میں ہونے والی یو این کانفرنس کوپ 26 میں شرکا آخرکار ایک سمجھوتے پر متفق ہو گئے ہیں، اجلاس میں عالمی درجۂ حرارت میں اضافہ 1.5 ڈگری تک رکھنے کا ہدف مقرر کر دیا گیا۔

    اسکاٹ لینڈ کے شہر گلاسکو میں آب و ہوا سے متعلق اقوام متحدہ کی کانفرنس میں ایک روز کی توسیع کے بعد، بالکل آخری لمحات میں تبدیلیاں کی گئیں، اور شرکار ایک سمجھوتے پر متفق ہو گئے۔

    اراکین نے اس پر اتفاق کیا کہ عالمی درجۂ حرارت میں اضافے کی اوسط شرح کو، صنعتی دور سے پہلے کی سطحوں سے، 1.5 ڈگری سینٹی گریڈ تک محدود کرنے کی کوششوں کو آگے بڑھایا جائے گا۔

    سمجھوتے کے مطابق ممالک 2022 کے آخر تک 2030 تک کے اپنے اخراج میں کمی کے اہداف کا جائزہ لیں گے اور انھیں مستحکم بنائیں گے۔

    اس سمجھوتے میں ممالک سے 2015 کے پیرس معاہدے سے زیادہ مضبوط اقدامات کا مطالبہ کیا گیا ہے، جس میں مذکورہ اضافے کو 2 ڈگری سینٹی گریڈ سے خاصا کم رکھنے کا کہا گیا تھا، اب نیا ہدف اس حد کو 1.5 ڈگری رکھنا ہے۔

    آب و ہوا سے متعلق گلاسکو سمجھوتے کے تحت ترقی پذیر ممالک کو اقدامات اٹھانے کے لیے دی جانے والی مالی امداد میں اضافہ کیا جائے گا، تاکہ وہ کوئلے سے بجلی کی بے دریغ پیداوار کو مرحلہ وار کم کرنے کی جانب کوششوں میں تیزی لائیں۔

  • آدھی رات کو آسمان پہ اڑتی پراسرار شے نے شہریوں کو پریشان کردیا

    آدھی رات کو آسمان پہ اڑتی پراسرار شے نے شہریوں کو پریشان کردیا

    اسکاٹ لینڈ کے شہر گلاسگو میں آسمان پر ایک پراسرار شے دکھائی دی جس نے شہریوں کو خوف اور الجھن میں ڈال دیا۔

    گلاسگو کے علاقے میری ہل کی رہائشی ایک خاتون نے بتایا کہ رات کے وقت انہوں نے آسمان پر ایک پراسرار شے دیکھی۔

    اڑتی ہوئی یہ شے بلند و بالا عمارتوں کے درمیان سے گزرتی ہوئی فضا میں غائب ہوگئی، اس کی ہیئت واضح نہیں تھی جس کی وجہ سے اندازہ نہیں لگایا جاسکا کہ یہ کیا تھا۔

    یاد رہے کہ دنیا کے مختلف حصوں میں آسمان پر اس طرح کی پراسرار اشیا دکھائی دیتی ہیں جنہیں مقامی افراد اڑن طشتری خیال کرتے ہیں۔

    کچھ عرصہ قبل طیارے میں سفر کرنے والے ایک مسافر نے بھی کھڑکی سے ایسی ہی ایک پراسرار شے کی ویڈیو بنائی تھی۔

    ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ سفید رنگ کی ایک پراسرار شے طیارے کے ساتھ سفر کر رہی ہے اور بار بار اپنی ہئیت بھی بدلتی ہے۔

    مذکورہ شخص کا کہنا تھا کہ شروع میں اسے لگا کہ یہ بادل کا چھوٹا سا ٹکڑا ہے، طیارہ اس وقت 10 سے 30 ہزار فٹ کی بلندی پر تھا اور یہ پراسرار شے طیارے کے ساتھ حرکت کر رہی تھی، بعد ازاں اس نے اپنی ہئیت بدل لی۔

  • شہری انجانے میں اپنی سائیکل چرانے والے چور کی مدد کرنے پہنچ گیا

    شہری انجانے میں اپنی سائیکل چرانے والے چور کی مدد کرنے پہنچ گیا

    اسکاٹ لینڈ میں ایک سائیکل چور اس وقت عجیب وغریب صورتحال کا شکار ہوگیا جب اس کی چرائی ہوئی سائیکل عین سائیکل کے مالک کے گھر کے سامنے خراب ہوگئی اور سائیکل کا مالک ہی اس کی مدد کرنے پہنچ گیا۔

    جان ڈیولن نامی شہری نائٹ شفٹ مکمل کر کے اپنے گھر آرہا تھا کہ گھر کے قریب اس نے ایک شخص کو سائیکل کے ساتھ زور آزمائی کرتے ہوئے پایا، وہ اس شخص کی مدد کے لیے پہنچ گیا۔

    اس دوران اسے سائیکل پر ایک اسٹیکر دکھائی دیا جو اسے جانا پہچانا لگا، سائیکل کے ساتھ لگا ہیلمٹ بھی اسے شناسا لگا، تب اچانک اسے احساس ہوا کہ یہ اسی کی سائیکل ہے جو چند روز قبل گھر کے باہر سے چوری ہوگئی تھی۔

    جان نے اس شخص کو بتایا کہ یہ اس کی سائیکل ہے تو چور نے دوبارہ سائیکل اٹھائی اور بھاگنے لگا، اس دوران اس نے جیب سے چاقو نکال کر جان کو دھمکیاں بھی دیں۔

    جان نے چور کا پیچھا کرتے ہوئے پولیس کو فون کردیا جو فوراً ہی موقع پر پہنچ کر چور کو پکڑنے میں کامیاب ہوگئی۔ بعد ازاں چور نے جان کے گھر کے بیرونی حصے میں نقب لگانے اور سائیکل چرانے کا اعتراف کرلیا۔

    مقامی عدالت نے چور کو 15 ماہ قید کی سزا سنا دی۔

  • یورپ اسمگل کی گئی لڑکیوں سے پاکستانیوں کی فرضی شادیوں کا انکشاف

    یورپ اسمگل کی گئی لڑکیوں سے پاکستانیوں کی فرضی شادیوں کا انکشاف

    گلاسکو: برطانیہ میں مشرقی یورپ سے اسمگل کرکے لائی جانے والی لڑکیوں سے پاکستانی شہریوں کی فرضی شادیوں کا انکشاف ہوا ہے، جرائم پیشہ گروہ خواتین کو جنسی استحصال اور انہیں جعلی شادیوں پر مجبور کررہے ہیں۔

    بی بی سی کے مطابق مشرقی یورپ سے ملازمت کا جھانسہ دے کر اسمگل کی جانے والی خواتین کو گلاسکو لاکر ان کی فرضی شادیاں کرائی جاتی ہیں جن میں سب سے زیادہ افراد کا تعلق پاکستان سے ہے۔

    برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے پروگرام بعنوان ’انسان برائے فروخت‘ میں ایک رپورٹ پیش کی گئی ہے جس میں بتایا گیا کہ سلواکیہ سے تعلق رکھنے والی ایک لڑکی کو تین مرتبہ اسمگل کر کے گلاسگولایا گیا۔

    مردوں کی اکثریت کا تعلق پاکستان سے ہے

    علاوہ ازیں اور بہت سی خواتین کو ان مردوں سے جعلی شادیوں پر مجبور کیا گیا جن میں اکثریت کا تعلق پاکستان سے تھا اور جو برطانیہ کی شہریت حاصل کرنے کے خواہاں تھے۔

    لڑکیوں کا تعلق پسماندہ طبقات سے ہے

    جعلی شادیوں کے لیے استعمال کی جانے والی لڑکیوں کا تعلق غریب اور پسماندہ طبقوں سے ہوتا ہے، جوملازمت کے جھانسے میں آکر ان جرائم پیشہ افراد کے چنگل میں پھنس جاتی ہیں۔

    لڑکیاں ملازمہ بننے پر مجبور، جنسی استحصال بھی ہوتا ہے

    یورپول میں انسداد انسانی اسمگلنگ کی اہلکار انجیلا مولنر نے کہا ہے کہ شادی کے خواہش مند مرد برطانیہ کی شہریت حاصل کرنے کے لیے یورپی شہریت رکھنے والی کسی خاتون سے شادی کرنا چاہتے ہیں۔

    خواتین جرائم پیشہ گروہوں کے شکنجے میں رہتی ہیں

    مولنر کے مطابق ان فرضی شادیوں کے بعد خواتین جرائم پیشہ گروہوں کے شکنجے میں رہتی ہیں اور انہیں یا تو فرضی شوہروں کے گھروں میں گھریلو ملازماؤں کے طور پر رہنا پڑتا ہے جہاں ان کا جنسی استحصال بھی کیا جاتا ہے۔

    منشیات کے بعد انسانی اسمگلنگ سب سے منافع بخش کاروبار ہے

    ان کا مزید کہنا تھا کہ انسانی اسمگلنگ منشیات کے بعد سب سے زیادہ منافع بخش کاروبار ہے اور جبری مشقت اور جنسی استحصال خواتین کو اسکاٹ لینڈ سمگل کیے جانے کی دو بڑ ی وجوہات ہیں۔

  • یورپین ایم ٹی وی ایوارڈز کا میلہ ون ڈائریکشن بینڈ نے جیت لیا

    یورپین ایم ٹی وی ایوارڈز کا میلہ ون ڈائریکشن بینڈ نے جیت لیا

    اسکاٹ لینڈ: گلاسگو میں ہونیوالے ایم ٹی وی ایوارڈز کا میلہ برطانوی میوزک گروپ ون ڈائریکشن نے جیت لیا، رنگارنگ تقریب میں ہالی وڈ کے معروف سنگرز نے شاندار پر فارمنس سے چار چاند لگا دئیے۔

    میوزک کے سب سے بڑے ایم ٹی وی ایوارڈ کی رنگارنگ شام اسکاٹ لینڈ کے شہر گلاسگو میں سجی، جس میں میوزک انڈسٹری کے ساتھ ساتھ شوبز سے وابستہ افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی، ایونٹ میں مشہور گلوکاروں کی شرکت نے تقریب کو چار چاند لگا دئیے۔

    ایم ٹی وی وڈیو میوزک ایوارڈز کا میلہ برطانوی میوزک گروپ ’’ون ڈائریکشن‘‘ نے لوٹ لیا، جہنوں نے سال کے بہترین پاپ سانگ کے ایوارڈ سمیت تین ایوارڈ ز جیتے ۔

    آریانہ گرانڈ اور کیٹی پیڑی نے دو دو ایوارڈ اپنے نام کیے، معروف گلوکار کا ایوارڈ جسٹن بیبر نے حاصل کیا، رنگارنگ شام کو معروف پاپ سنگرز نے اپنی پَرفارمنس سے مزید دلکش بنا دیا۔

  • گلاسگو :کامن ویلتھ گیمزرنگا رنگ تقریب کے ساتھ اختتام پذیر

    گلاسگو :کامن ویلتھ گیمزرنگا رنگ تقریب کے ساتھ اختتام پذیر

    گلاسگو : بیسویں کامن ویلتھ گیمز رنگا رنگ تقریب کے ساتھ گلاسگو میں اختتام پذیر ہوگئے۔ اختتامی تقریب میں فنکاروں کی پرفارمنس نے تقریب کو چار چاند لگادیئے۔بیسویں کامن ویلتھ گیمز انگلینڈ کی حکمرانی کے ساتھ اختتام پذیر ہوگئے۔ اختتامی تقریب میں مشہور گلوکارہ کائیلی مینوگ سمیت کئی فنکاروں نے پرفارم کرکے سماں باندھ دیا۔

    اختتامی تقریب کو دیکھنے کے لئے اسٹیڈیم میں چالیس ہزار سے زائد افراد اسٹیڈیم میں موجود تھے۔ دلکش تقریب میں فنکاروں کی پرفارمنس نے سماں باندھ دیا۔ میزبان اسکاٹ لینڈ، آسٹریلیا اور انگلینڈ کے مختلف فنکار وں نے تقریب میں اپنے فن کے جلوے بکھیرے۔

    دولت مشترکہ کھیلوں کی اختتامی تقریب گلاسگو کے آسمانوں پر قوس قزح کے رنگ سجا کر اختتام پذیر ہوگئی۔ تقریب کے اختتام پر کامن ویلتھ گیمز کا جھنڈا آسٹریلیا کے حوالے کیا گیا جہاں دوہزار اٹھارہ میں کامن ویلتھ گیمز منعقد ہوں گے۔

  • کامن ویلتھ گیمز: 2پاکستانی ریسلرز کوارٹرفائنل میں پہنچ کر ناکام

    کامن ویلتھ گیمز: 2پاکستانی ریسلرز کوارٹرفائنل میں پہنچ کر ناکام

    گلاسگو: کامن ویلتھ گیمز میں دو پاکستانی ریسلرز کوارٹرفائنل میں پہنچ کر ناکام ہوگئے، ٹیبل ٹینس میں بھی قومی کھلاڑیوں کو پہلے راؤنڈ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

    کامن ویلتھ گیمز کے آٹھویں روز پاکستانی ریسلرز محمد انعام اور محمد سلمان نے چھیاسی اور پینسٹھ کلو گرام کیٹگری کے پری کوارٹرفائنل میں تو اپنے حریفوں کو پچھاڑ دیا لیکن کوارٹرفائنل میں قسمت نے ان کا ساتھ نہیں دیا۔

    دونوں ریسلرز کو کینیڈا کے حریفوں نے شکست دے کر ایونٹ سے باہر کردیا، پاکستان اس سے قبل ٹورنامنٹ میں ریسلنگ میں دو میڈلز جیت چکا ہے، ٹیبل ٹینس کے ویمنز ڈبلز میں بھی پاکستانی جوڑی پہلے ہی راؤنڈ میں ناکام ہوگئی، شمالی آئرلینڈ کی ٹیم نے پاکستانی کھلاڑیوں کو باآسانی اسٹریٹ گیمز میں زیر کیا۔

    کامن ویلتھ گیمز میں پاکستان اب تک صرف تین میڈلز ہی جیت سکا ہے۔

  • پاکستان نے کامن ویلتھ گیمز میں تین تمغے جیت لئے

    پاکستان نے کامن ویلتھ گیمز میں تین تمغے جیت لئے

    گلاسگو: کامن ویلتھ گیمز جاری ہیں اور آج آٹھویں روز بھی کئی ایونٹس میں میڈلز کی جنگ ہورہی ہے پاکستانی ریسلر بھی قسمت آزمائی کررہے ہیں۔ انگلینڈ اڑتیس میڈلز کے ساتھ سر فہرست ہے۔

    کامن ویلتھ گیمز میں آسٹریلیا اور انگلینڈ کے درمیان سخت مقابلہ ہے۔ میڈلز ٹیبل پر انگلینڈ اڑتیس میڈلز کے ساتھ ٹاپ پر ہے۔ آسٹریلیا پینتیس طلائی تمغے حاصل کرکے دوسرے نمبر پر ہے۔ مجموعی طور پر دونوں ممالک کے درمیان ایک میڈل کا فرق ہے۔

    آسٹریلیا ایک سو چھ اور انگلینڈ ایک سو پانچ میڈلز اپنے نام کرچکا ہے۔ آج بھی ایتھلیٹکس، بیڈمنٹن، سائیکلنگ، ڈائیونگ، ہاکی، نیٹ بال ٹیبل ٹینس، ویٹ لفٹنگ اور ریسلنگ میں سنسنی خیز مقابلے ہورہے ہیں۔ پاکستانی ریلسر بھی قسمت آزمائی کررہے ہیں۔ جبکہ ٹیبل ٹینس کے ویمنز ڈبلز میں پاکستانی جوڑی پہلے ہی راؤنڈ میں ناکام ہوگئی۔ کامن ویلتھ گیمز میں پاکستان اب تک صرف تین میڈلز ہی جیت سکا ہے۔

  • کامن ویلتھ گیمز:انگلینڈ بارہ طلائی تمغوں کے ساتھ سرفہرست

    کامن ویلتھ گیمز:انگلینڈ بارہ طلائی تمغوں کے ساتھ سرفہرست

        گلاسگو :کامن ویلتھ گیمز میں میڈلز کے حصول کی جنگ جاری ہے۔ آج بھی پندرہ ایونٹس میں ایتھلیٹس مدمقابل ہیں۔ پاکستانی ایتھلیٹس بھی ایکشن میں ہیں۔ اسکاٹ لینڈ کے شہر گلاسگو میں جاری کامن ویلتھ گیمز میں انگلینڈ کے ایتھلیٹس چھائے ہوئے ہیں۔ انگلینڈ مجموعی طور پر بارہ طلائی تمغوں کے ساتھ ٹاپ پوزیشن پر ہے۔

    آسٹریلیا گیارہ گولڈ میڈل لے کر دوسرے نمبر پر موجود ہے میزبان اسکاٹ لینڈ سات طلائی تمغوں کے ساتھ تیسری پوزیشن پر ہے۔ ایونٹ میں پاکستانی ایتھلیٹس نمایاں کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے۔۔ دوسرے روز مردوں کے لان بالز میں انگلینڈ نے یکطرفہ مقابلے کے بعد پاکستان کو نو کے مقابلے چوبیس گول سے شکست دی۔

    شوٹنگ کے مقابلوں میں بھی قومی ایتھلیٹ خاطر خواہ کارکردگی کا مظاہرہ نہ کرسکے۔مردوں کی اسکیٹ کوالیفائنگ راؤنڈ میں پاکستان کے عثمان چاند سرسٹھ پوائنٹس کےساتھ تیرہویں نمبر پررہے۔

    خواتین کی دس میٹر ائیر پسٹل کوالیفائنگ راؤنڈ میں مہوش فرحان پندرہویں نمبر پر رہیں۔ مردوں کی انہتر کلو گرام ویٹ کیٹگری میں پاکستان کے حسن آصف ناکام ہوگئے۔

    کھیلوں میں آج تیسرے روز پاکستانی ایتھلیٹ، شوٹنگ، سوئمنگ اور لان بالز کے ایونٹ میں قسمت آزمائی کریں گے۔

  • دولت مشترکہ کھیلوں کا کل سے ہورہا ہے گلاسگو میں آغاز

    دولت مشترکہ کھیلوں کا کل سے ہورہا ہے گلاسگو میں آغاز

    کراچی: کامن ویلتھ گیمز کا آغاز کل سے اسکاٹ لینڈ کے شہر گلاسگو میں ہورہا ہے، پاکستان آٹھ کھیلوں میں میڈلز کے لئے قسمت آزمائی کرے گا۔

    کامن ویلتھ گیمز تئیس جولائی سے تین اگست تک گلاسگو میں جاری رہیں گے،پاکستان کا باسٹھ رکنی دستہ آٹھ کھیلوں میں حصہ لے گا جن میں بیڈمنٹن، کشتی، نشانہ بازی، جمناسٹکس، باکسنگ، ویٹ لفٹنگ، ٹیبل ٹینس اور ایتھلیٹکس شامل ہیں، پہلی بار پاکستان کا قومی کھیل ہاکی کامن ویلتھ گیمز میں شامل نہیں ہے، پاکستان بارہویں مرتبہ دولت مشترکہ کھیلوں میں حصہ لے رہا ہے۔

    اس سے قبل گیارہ ایونٹس میں پاکستان نے مجموعی طور پر چوبیس گولڈ میڈلز حاصل کیے ہیں جن میں سے بیس طلائی تمغے کشتی میں ملے ہیں، پرتھ میں ہونے والے انیس سو چونسٹھ کے کامن ویلتھ گیمز میں پاکستان کی کارکردگی سب سے نمایاں رہی، ان مقابلوں میں قومی ایتھلیٹس نے آٹھ طلائی تمغے اپنے سینوں پر سجائے، دوہزار دس میں ہونے والے مقابلوں میں پاکستان نے دو گولڈ میڈل اپنے نام کئے،اس بار بھی پاکستان سے ریسلنگ میں میڈلز کی توقع کی جارہی ہے۔