Tag: globally

  • عالمی سطح پر تیل مہنگا ہونے سے مہنگائی بڑھی، شہباز شریف

    عالمی سطح پر تیل مہنگا ہونے سے مہنگائی بڑھی، شہباز شریف

    کراچی : وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ گزشتہ حکومت نے آئی ایم ایف سے معاہدہ کرکے توڑدیا، عالمی سطح پر تیل مہنگا ہونے سے مہنگائی بڑھی۔

    یہ بات شہباز شریف نے کراچی میں تاجروں اور صنعت کاروں سے خطاب کرتے ہوئے کہی، انہوں نے کہا کہ گزشتہ ایک سال میں جو کچھ ہوا سب آپ کے سامنے ہے۔

    وزیراعظم کا کہنا تھا کہ جب ہم حکومت میں آئے تو مہنگائی بہت زیادہ تھی کیونکہ گزشتہ حکومت نے آئی ایم ایف سے معاہدہ کرکے توڑدیا تھا۔

    ان کا کہنا تھا کہ ایسا نہیں ہے کہ جب ہم نے حکومت سنبھالی تو مہنگائی نہیں تھی، پچھلی حکومت نے آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدہ کرکے توڑا، پچھلے سال ملک میں سیلاب نے تباہی مچادی تھی۔

    گیس کی قیمت سے متعلق انہوں نے بتایا کہ کورونا کے دنوں میں گیس کی قیمتیں زمین پر آگئی تھیں، لیکن پچھلی حکومت نے گیس کا سودا نہیں کیا جس سے ملک کو کافی نقصان ہوا۔

    شہبازشریف نے کہا کہ آئی ایم ایف نے بعد میں سخت شرائط رکھیں جسے ماننا پڑا، کورونا کے دوران گیس کی قیمتیں نیچے آچکی تھی اس وقت گیس نہیں لی گئی اور عالمی سطح پر تیل مہنگا ہونے سے بھی مہنگائی بڑھی۔

    انہوں نے بتایا کہ دوست ممالک کی مدد سے ادائیگیوں کا گیپ مکمل کرلیا ہے، ملک میں ایک سال سے سیاسی عدم استحکام ہے، آئی ایم ایف کی تمام شرائط 100فیصد پوری کردی ہیں۔

    وزیراعظم نے کہا کہ پچھلے ایک سال میں معاشرے کے ہر طبقے میں تقسیم ہوئی،9مئی کو وہ ہوا جو دشمن کبھی سوچ بھی نہیں سکتا تھا، احتجاج پہلے بھی ہوئے لیکن کسی نے ملک دشمنی نہیں کی۔

  • وزیراعظم  عمران خان کا گستاخانہ خاکوں کا معاملہ عالمی سطح پر اٹھانے کا اعلان

    وزیراعظم عمران خان کا گستاخانہ خاکوں کا معاملہ عالمی سطح پر اٹھانے کا اعلان

    اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ حضرت محمد ﷺکی شان میں گستاخی کسی صورت قبول نہیں، گستاخانہ خاکوں کا معاملہ عالمی سطح پر اٹھاؤں گا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا ، اجلاس میں ملکی سیاسی،سلامتی اورمجموعی صورتحال پرغورکیا گیا۔

    وفاقی کابینہ نے فرانس میں گستاخانہ خاکوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی ، اجلاس میں وزیراعظم نے کابینہ ارکان سے ناموس رسالت پر خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا گستاخانہ خاکوں کا معاملہ عالمی سطح پر اٹھاؤں گا، حضرت محمد ﷺکی شان میں گستاخی کسی صورت قبول نہیں۔

    عمران خان کا کہنا تھا کہ اظہار آزادی رائے اورگستاخی میں فرق ہے، ناموس رسالت کا مقدمہ خود لڑوں گا، گستاخانہ خاکوں سےکروڑوں مسلمانوں کےجذبات مجروح ہوئے۔

    کابینہ اراکین نے کہا کہ آزاد اظہار رائے کی آڑ میں نفرت پھیلائی جا رہی ہے، جس پر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ دنیا کو اسلامو فوبیا سے باہر نکلنا ہو گا، عالمی برادری دہرا معیار ختم کرے۔

    یاد رہے وزیر اعظم عمران خان نے ٹویٹ میں گستاخانہ خاکوں کے سلسلے میں فرانسیسی صدر کے ایک بیان پر رد عمل میں کہا تھا کہ فرانسیسی صدر انتہا پسندی مسترد کرنے کی بجائے تقسیم کو بڑھاوا دے رہے ہیں، جہالت پر مبنی بیانات انتہا پسندی کو مزید فروغ دیتے ہیں، دنیا مزید تقسیم کی متحمل نہیں ہو سکتی۔

    عمران خان کا کہنا تھا کہ لیڈر کی پہچان یہ ہے کہ وہ انسانوں کو متحد کرتا ہے، جیسے نیلسن منڈیلا نے تقسیم کی بجائے لوگوں کومتحد کیا۔

  • آج دنیا پناہ گزینوں کا عالمی دن منارہی ہے

    آج دنیا پناہ گزینوں کا عالمی دن منارہی ہے

    آج پاکستان سمیت دنیا بھر میں پناہ گزینوں کا عالمی دن منایا جارہا ہے، پاکستان گزشتہ 4 دہائیوں سے پندرہ لاکھ سے زائد مہاجرین کی مہمان نوازی کررہا ہے۔

    اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے سنہ 2001 میں ایک قرارداد کے تحت ہر سال 20 جون کو پناہ گزینوں کا عالمی دن منانے کا فیصلہ کیا تھا، جس کا مقصد عوام میں پناہ گزینوں سے متعلق شعور اجاگر کرنا تھا جو جنگ، نقصِ امن یا کئی دیگر وجوہات کی بناء پر اپنا گھر بار چھوڑ کر دیگر ممالک میں پناہ گزینوں کی زندگی گزار رہے ہیں۔

    ہر سال 20 جون کو عوام میں یہ سوچ پیدا کی جاتی ہے کہ باحالت مجبوری اپنا مسکن و وطن ترک کرنے والے مہاجرین کے حقوق اور ضرورتوں کا خیال رکھیں۔

    اقوام متحدہ میں پناہ گزینوں کا ادارہ یونائیٹڈ نیشن ہائی کمشنرفاررفیوجیز اور مختلف انسانی حقوق کی تنظیمیں دنیا کے سو سے زائد مما لک میں اس دن کو خوب جذبہ سے مناتے ہیں۔ پاکستان میں بھی ہر سال 20 جون کا دن پناہ گزینوں کے عالمی دن کے طور پرمنایا جاتا ہے۔

    اقوام متحدہ ادارہ برائے پناہ گزین کا کہنا تھا کہ عالمی سطح پر جنگوں، بدامنی، نسلی تعصب، مذہبی کشیدگی، سیاسی تناؤ اور امتیازی سلوک کے باعث آج بھی کروڑوں افراد پناہ گزینوں کی حیثیت سے دوسرے ممالک کے رحم و کرم پر زندگی گزارنے پر مجبور ہیں جو غربت کے ساتھ ساتھ بنیادی حقوق سے بھی محروم رہتے ہیں۔

    اقوام متحدہ کے ادارہ برائے پناہ گزین کا کہنا تھا کہ جنگوں اور دیگر پُر تشدد واقعات کے باعث ابتک 7 کروڑ 10 لاکھ افراد اپنے گھربار چھوڑ کر دوسرے ممالک میں پناہ گزینوں کی زندگی گزار رہے ہیں، بدھ کو جاری کردہ رپورٹ کے مطابق دنیا کے 20 سب سے زیادہ آبادی والے ممالک میں گزشتہ برس 20 لاکھ افراد نے پناہ لی ہے۔

    یونائیٹڈ نیشن ہائی کمشنرفاررفیوجیز نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ 7 کروڑ پناہ گزینوں کی حیران کن ہے جو گزشتہ دو دہائی کی نسبت دوگنی تعداد ہے اور ان پناہ گزینوں میں زیادہ تر افراد کا تعلق شام، افغانستان، جنوبی سوڈان، میانمار اور صومالیہ سے ہے۔

    یو این ایچ سی آر کا کہنا ہے کہ گزشتہ ایک دہائی میں پناہ گزینوں کی تعداد میں 65 فیصد اضافہ ہوا ہے،گزشتہ برس کے اختتام تک پناہ گزینوں کی تعداد 70.8 ملین تھی جبکہ 2017 میں پناہ گزینوں کی تعداد 68.5 ملین تھی۔

    گزشتہ ایک دہائی کے دوران ہر پانچ میں سے تین افراد یا 4 کروڑ 10 لاکھ سے زائد افراد کو کسی نہ کسی مجبوری کے باعث اپنے آبائی وطن کو ترک کرکے کسی دوسرے ملک میں پناہ لینے پر مجبور ہوا ہے۔

    افغانستان میں امن و امان کی مخدوش حالت کے پیش نظر پاکستان میں اس وقت لاکھوں کی تعدا د میں افغان بطورمہاجر گزشتہ 37 سال سے پناہ گزین ہیں۔ پاکستان اس وقت جہاں خود امن و امان، معاشی و انرجی بحران مختلف بحرانوں کا شکار ہے ، ایسے حالات میں پناہ گزینوں کی یہ بڑی تعداد پاکستان کے لیے معاشی طور پر مزید مسائل پیدا کرنے کا باعث بن رہی ہے، جب کہ افغانستان کی صورت حال اب بہتری کی جانب گامزن ہے، ایسے میں حکومت پاکستان افغان پناہ گزینوں کو واپس اپنے ملک بھیجنے کے لئے اقدامات کررہی ہے، واپسی پر ان خاندانوں کو معقول وظیفہ بھی دیا جارہا ہے مگر اس کے باوجود لاکھوں افغان پناہ گزین واپس جانے کے لئے تیار ہی نہیں ہیں۔

    کانگو میں پناہ لینے افریقی ملک روانڈ کی خواتین عالمی یوم پناہ گزین پر ہاتھ سے بنائی ہوئی اشیاء فروخت کررہی ہیں

    شام میں مسلمانوں پر جاری بد ترین مظالم ، بیرونی مداخلت اور اندرونی انتشار کے باعث 20 لاکھ سے زائد افراد کو دوسرے ممالک میں پناہ گزین ہیں اور ایسے افراد اردن، لبنان، ترکی، یورپ اور عراق میں پناہ گزینوں کی زندگی بسر کرنے پر مجبور ہیں۔ جبکہ اسرائیلی جارحیت کے باعث فلسطینی مسلمان اپنا وطن چھوڑ کر دوسرے ممالک کے رحم و کرم پر ہیں اور پناہ گزینوں کے کیمپوں میں رہنے پر مجبور ہیں۔

    فلسطین کے بعد مہاجرین کے حوالے سے بڑا ملک افغانستان ہے جس کے 26 لاکھ 64 ہزار افراد مہاجر کی حیثیت سے دوسرے ممالک میں موجود ہیں، عراق کے 14 لاکھ 26 ہزار افراد، صومالیہ کے 10 لاکھ 7 ہزارافراد، سوڈان کے 5 لاکھ سے زائد افراد دوسرے ملکوں میں پناہ گزینی کی زندگی گزار رہے ہیں۔

    پناہ گزینوں کے اس عالمی دن کا پیغام ہے کہ اقوام عالم کو چاہئے وہ اقوام متحدہ کے کردار کواس قدر مضبوط بنائیں کہ وہ ملکوں، قوموں کے درمیان تنازعات، شورشوں اور نقص امن کی صورتحال پر اپنا موثر کردار ادا کرسکے، تاکہ دنیا بھر کے ممالک میں امن و امان کی صورتحال بہتر ہواور کسی کو کسی دوسرے ملک میں پناہ گزینی کی زندگی بسر کرنے پر مجبور نہ ہونا پڑے۔