Tag: GLOF

  • وادی ہنزہ میں ایمرجنسی صورتحال کے پیش نظر تیاریاں جاری

    وادی ہنزہ میں ایمرجنسی صورتحال کے پیش نظر تیاریاں جاری

    گلگت: وادی ہنزہ میں شیشپر گلیشیئر سے پانی کے اخراج میں اضافے کا خطرہ ہے، ایمرجنسی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیاریاں جاری ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق گلگت بلتستان کی وادی ہنزہ میں شیشپر گلیشیئر سے پانی کے اخراج میں اضافے کا خطرہ ہے، کسی بھی ایمرجنسی صورتحال سے نمٹنے کے لیے گلگت بلتستان ایمرجنسی سروسز کی تیاریاں جاری ہیں۔

    عملے کو ایمرجنسی گاڑیوں سمیت حسن آباد پل کے اطراف میں تعینات کیا گیا ہے۔

    دوسری جانب وزیر خارجہ بلاول بھٹو کا کہنا ہے کہ جھیل پھٹنے کی صورتحال سے ہنگامی بنیادوں پر نمٹنے کی ضرورت ہے، یقینی بنایا جائے کہ مقامی آبادیوں کو نقصان نہ پہنچے اور راستے کھلے رہیں۔

    بلاول بھٹو کا کہنا ہے کہ موسمیاتی تبدیلیوں پر شتر مرغ کی طرح ریت میں مزید سر چھپایا نہیں جا سکتا، موسمیاتی تبدیلیوں پر اجتماعی و مربوط کوششیں حالات کا تقاضہ ہیں۔

  • چترال میں گلیشیئر پھٹنے سے بچی جاں بحق، متعدد گھر تباہ

    چترال میں گلیشیئر پھٹنے سے بچی جاں بحق، متعدد گھر تباہ

    پشاور: صوبہ خیبر پختونخواہ کے ضلع چترال میں گلیشیئر پھٹنے سے آنے والے سیلابی ریلے سے 1 بچی جاں بحق جبکہ متعدد گھر تباہ ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق چترال میں یار خون لشٹ کے مقام پر گلیشیئر پھٹنے سے متعلق رپورٹ جاری کردی گئی، ڈپٹی کمشنر کی مرتب کردہ رپورٹ صوبائی حکومت کو ارسال کردی گئی۔

    رپورٹ کے مطابق 14 اگست کو یار خون لشٹ کے مقام پر گلیشیئر پھٹنے سے سیلابی صورتحال ہوئی، سیلابی ریلے میں بہنے والی بچی کی لاش نکال لی گئی، جاں بحق بچی کا تعلق یار خون سے ہے۔

    رپورٹ میں کہا گیا کہ متاثرہ علاقے میں 25 گھروں کو بھی نقصان پہنچا، سیلابی ریلے میں 17 گھر مکمل طور پر بہہ گئے جبکہ 8 گھروں کو جزوی نقصان پہنچا ہے۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ متاثرہ علاقے میں 59 گھروں میں 3 ٹن امدادی سامان بھیج دیا گیا، تمام رابطہ سڑکیں ٹریفک کے لیے بحال کردی گئی ہیں۔