Tag: Goats

  • ڈیڑھ فٹ کے بکروں نے عوام کو اپنی جانب متوجہ کر لیا

    ڈیڑھ فٹ کے بکروں نے عوام کو اپنی جانب متوجہ کر لیا

    کراچی: شہر قائد کی مویشی منڈی میں ڈیڑھ فٹ کے بکروں نے عوام کو اپنی جانب متوجہ کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق عید الاضحیٰ پر قربانی کی غرض سے سجائی جانے والی منڈی میں طرح طرح کے جانور پہنچنے لگے ہیں، نوشہرو فیروز سے آنے والے بکروں نے بھی منڈی میں دھوم مچا دی ہے۔

    پستہ قد بکروں، جنھیں چھوٹو، منا بھائی اور بالی کا نام دیا گیا ہے، کی منڈی میں جیسے ہی انٹری ہوئی، خریداری کے لیے آنے والے شہریوں کی دل چسپی کا مرکز بن گئے۔

    ٹاپروں کے شوقین بھی منڈی پہنچ گئے ہیں، بلاک 7 بکرا منڈی میں بونے بکروں کے گرد خواتین اور بچوں کا رش رہنے لگا ہے۔

    بکروں کے بیوپاری عبدالرزاق نے بتایا کہ چھوٹو اور منا بھائی کا وزن ڈیڑھ من اور قیمت 2 لاکھ 50 ہزار مانگ رہے ہیں، جب کہ بالی ایک من وزنی ہے، اور اس کی میں قیمت ایک لاکھ 80 ہزار طلب کر رہا ہوں۔

    واضح رہے کہ منڈی لائے جانے والے جانوروں کی تعداد ایک لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے، ایڈمنسٹریٹر مویشی منڈی مظفر حسن کا کہنا ہے کہ مویشی منڈی میں شہریوں کا رش بدستور بڑھ رہا ہے، اور جانوروں کی آمد کے سلسلے میں بھی تیزی آ گئی ہے۔

    ادھر میرپور خاص سے گلابی نسل کے 5 من وزنی بکرے بھی عوام کی توجہ کا مرکز بن گئے ہیں، ان بکروں کی قیمت 10 لاکھ طلب کی جا رہی ہے، بیوپاری کا کہنا ہے کہ ان بکروں کی مرغوب غذا دودھ، مکھن، تیل، گندم، اور مکئی ہے۔

    بیوپاری کے مطابق 2 سال سے چارے کی قیمت میں 3 گنا اضافہ ہونے کی وجہ سے بکروں کی ہر چیز مہنگی ہو چکی ہے، اس لیے ہم بھی لاگت کے حساب سے قیمت طلب کر رہے ہیں۔

  • بھیڑوں اور بکریوں نے لوگوں کو کرونا ویکسین لگوانے پر کیسے راغب کیا؟

    بھیڑوں اور بکریوں نے لوگوں کو کرونا ویکسین لگوانے پر کیسے راغب کیا؟

    جرمنی میں زیادہ سے زیادہ افراد کو کرونا وائرس کے خلاف ویکسی نیشن کی ترغیب دینے کے لیے بھیڑوں اور بکریوں کو بھی مہم میں شامل کرلیا گیا۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق روٹی کے لذیذ ٹکڑوں کی بدولت تقریباً 700 بھیڑ اور بکریاں ویکسی نیشن مہم میں شامل ہوگئیں، جس کا مقصد زیادہ سے زیادہ لوگوں کو کرونا وائرس کے خلاف ویکسین لگوانے کی ترغیب دینا تھا۔

    پیر کے روز جانوروں کو تقریباً 100 میٹر (330 فٹ) سرنج کی شکل میں ہیمبرگ کے جنوب میں شنورڈنگن کے ایک کھیت میں ترتیب دیا گیا۔

    اس موقع کے لیے چرواہے وائیبکے شمٹ کوچن نے اپنے جانوروں کے ساتھ مشق کرتے ہوئے کئی دن گزارے۔ وائیبکے شمٹ کوچن نے سرنج کی شکل میں روٹی کے ٹکڑے بچھا دیے، جنہیں بھیڑ اور بکریوں نے کھیت میں آنے کے بعد جلدی سے کھا لیا۔

    آرگنائزر ہانسپیٹر ایٹزولڈ کا کہنا تھا کہ یہ اقدام ان لوگوں کے لیے تھا جو ابھی تک ویکسین لگوانے سے ہچکچا رہے ہیں۔

    جرمنی کی حکومت نے کرونا وائرس کی تازہ ترین لہر کو شکست دینے کی کوشش میں ایک تیز رفتار ویکسی نیشن مہم کو اپنی اولین ترجیح بنا لیا ہے۔ پیر تک جرمنی میں ویکسین کی دو خوراکیں لینے والوں کی تعداد 71 فیصد ہو چکی ہے۔

  • درختوں پر چڑھنے والی بکریاں جنگلات میں اضافے کا سبب

    درختوں پر چڑھنے والی بکریاں جنگلات میں اضافے کا سبب

     کیا آپ نے ایسی بکریاں دیکھی ہیں جو درختوں پر چڑھ کر باآسانی اس کے اوپر پہنچ جاتی ہیں؟

    ایسی بکریاں عموماً شمالی افریقی ملک مراکش میں پائی جاتی ہیں اور انہیں درختوں پر چڑھتے دیکھنا خاصا دلچسپ تجربہ ہوسکتا ہے۔

    ایک عمومی خیال تھا کہ یہ بکریاں درختوں کو برباد کرنے کا سبب بنتی ہیں کیونکہ یہ درختوں کے اوپر چڑھ کر ان کے پھل کھا لیتی ہیں جبکہ ان کے چڑھنے اترنے کے باعث ٹہنیوں اور شاخوں کو بھی نقصان پہنچتا ہے۔

    تاہم ماہرین نے جب غور سے ان کی حرکات و سکنات کا مشاہدہ کیا تو انہیں علم ہوا کہ یہ بکریاں دراصل جنگلات اور درختوں میں اضافے کا سبب بن سکتی ہیں۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ جب یہ بکریاں درختوں پر چڑھ کر مختلف پھل اور پھول کھاتی ہیں تو اس دوران ان کے بیج وہیں تھوک دیتی ہیں۔ یہ بیج زمین میں جا کر نئے پودے اگانے کا سبب بنتے ہیں۔

    گویا ان بکریوں کی حیثیت بیجوں کو پھیلانے والوں کی سی ہے جو جنگلات، درختوں اور پودوں میں اضافے کا سبب بن سکتے ہیں۔

    یہ کام بکریوں کے علاوہ پرندے اور مکھیاں بھی انجام دیتی ہیں۔

    مزید پڑھیں: انسان کی بقا کے لیے مکھیاں ضروری

    پرندے اور مکھیاں جب پودوں پر بیٹھتی ہیں تو پودوں کے پولی نیٹس ان کے پیروں سے چپک کر جا بجا پھیل جاتے ہیں اس کے بعد جس جگہ یہ گرتے ہیں وہاں نئے پودے اگ آتے ہیں اور یوں پودوں کی تعداد میں اضافہ ہوتا ہے۔