Tag: going to London

  • شہباز شریف نے ملک سے باہر جانے کی تیاری کرلی

    شہباز شریف نے ملک سے باہر جانے کی تیاری کرلی

    اسلام آباد : ن لیگ کے صدر اور اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے ملک سے باہر جانے کی تیاری کرلی، ان کا کہنا ہے کہ طبی معائنے اور پوتے پوتی کو دیکھنے لندن جارہا ہوں۔

    تفصیلات کے مطابق اپوزیشن لیڈر شہبازشریف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے تازہ پپغام میں کہا ہے کہ لندن کا مختصر دورہ کرنے جا رہا ہوں تاکہ اپنے پوتا پوتی کو دیکھ سکوں۔

    وہاں جاکر اپنا طبی معائنہ بھی کراؤں گا اور انشااللہ جلد وطن واپس آؤں گا، عدالتی حکم پر مجھے ضمانت ملی، میرا نام ای سی ایل سے نکالا جاچکا ہے۔

    ان کا مزید کہنا ہے کہ اللہ نے میرے چھوٹے بیٹے سلمان شہباز کو اولاد نرینہ سے نواز ا ہے جبکہ بڑے بیٹے حمزہ شہباز کو شادی کے 20سال بعد اولاد کی نعمت دی ہے ۔

    حمزہ شہباز کی نو مولود لڑکی کا پیدائش کے ایک ہفتے بعد دل کا آپریشن ہوا لیکن میں نے ابھی تک دونوں پوتا پوتی کو نہیں دیکھا کیونکہ میں حراست میں رہا اور میرا نام ای سی ایل میں بھی موجود تھا۔

    شہباز شریف نے مزید کہا ہے کہ حمزہ شہباز کی نو مولود بچی کا لندن میں دل کا آپریشن ہوا لیکن نام ای سی ایل میں ہونے کی وجہ سے وہ اپنی بچی کو بھی نہیں دیکھ سکا۔

  • نواز شریف کا ایک بار پھر لندن جانے کا فیصلہ

    نواز شریف کا ایک بار پھر لندن جانے کا فیصلہ

    لاہور: سابق وزیراعظم نواز شریف نے ایک بار پھر لندن جانے کا فیصلہ کرلیا، آج انہوں نے توسیع شدہ برطانوی ویزا حاصل کرلیا، دوسری جانب احتساب عدالت نے انہیں تاحال حاضری سے استثنیٰ نہیں دیا۔

    تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت سے حاضری کا استثنیٰ نہ ملنے کے باوجود سابق وزیراعظم نواز شریف نے دوبارہ لندن جانے کا فیصلہ کیا ہے جس کے لیے وہ آج برطانوی ویزا سینٹر پہنچے اور توسیع شدہ برطانوی ویزا حاصل کرلیا۔

    اطلاعات ہیں کہ وزیر اعظم نواز شریف کی لندن روانگی کل متوقع ہے دوسری جانب احتساب عدالت نے انہیں تاحال حاضری سے استثنی نہیں دیا ہے۔


    اے آر وائی نیوز کے نمائندے الفت مغل نے بتایا کہ نواز شریف نے برطانوی ویزا سینٹر کے حکام سے ملاقاتیں بھی کیں، کلثوم نواز کی طبعیت تاحال خراب ہے جس کے باعث امکان ہے کہ وہ کل صبح ہی لندن روانہ ہوجائیں گے۔

    اس ضمن میں اے آر وائی نیوز نے احتساب عدالت کا تحریری فیصلہ حاصل کرلیا جس کے مطابق نواز شریف کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست پر فیصلہ ہونا ابھی باقی ہے۔


    اے آر وائی نیوز کے نمائندے ذوالقرنین حیدر نے بتایا کہ احتساب عدالت نے کل بچوں اور ان کے خلاف مقدمات کی سماعت کی جس کا تحریری فیصلہ جاری کیا ہے جس میں بتایا کہ نواز شریف کی جانب سے دی گئی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست پر فیصلہ کیا جانا باقی ہے۔
    تحریری فیصلے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ملزم نواز کو ریفرنس کی کاپیاں فراہم کردی گئی ہیں، حسن، حسین ، صفدر اور مریم کو طلب کیا گیا لیکن وہ پیش نہی ہوئے ان کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیے گئے ہیں اور انہیں دو تاریخ کو پیش ہونا ہوگا۔

    نمائندے نے بتایا کہ ریفرنس کی کاپیاں اس وقت فراہم کی جاتی ہیں جن کسی ملزم پر فرد جرم عائد کرنی ہو تو ان چاروں کو بھی ریفرنس کی کاپیاں فرد جرم عائد کرنے کے لیے ہی فراہم کی گئی ہیں، دو تاریخ کو ان پر فرد جرم عائد کی جائے گی۔

    احتساب عدالت کے تحریری فیصلے کے مطابق بدانتظامی کی وجہ سے کیس کی مزید سماعت نہیں کی جاسکی، آئندہ سماعت پر مزید بحث کی جائے گی۔

  • عمران فاروق قتل کیس: ایف آئی اے کی ٹیم لندن بھیجنے کا فیصلہ

    عمران فاروق قتل کیس: ایف آئی اے کی ٹیم لندن بھیجنے کا فیصلہ

    اسلام آباد: عمران فاروق قتل کیس کی تحقیقات میں پیش رفت کے لیے ایف آئی اے کی ٹیم لندن بھیجنے کا فیصلہ کرلیا جو 30 گواہوں کے بیانات ریکارڈ کرے گی۔

    اے آر وائی نیوز کے نمائندہ اسلام آباد ذوالقرنین حیدر کے مطابق برطانیہ کی سیکریٹری داخلہ امبر روڈ نے پاکستان کا دورہ کرتے ہوئے وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان سے ملاقات کی تھی جس میں عمران فاروق قتل کیس پر بات کی گئی۔

    ملاقات میں فیصلہ کیا گیا کہ ایف آئی اے کی ایک ٹیم لندن روانہ کی جائے گی جو وہاں پہنچ کر مقد مہ کے 30 گواہان کے بیانات ریکارڈ کرے گی، جائے وقوع کا دورہ کرے گی اور اسکاٹ لینڈ یارڈ کی جانب سے حاصل کردہ دیگر شواہد کا بھی جائزہ لے گی۔


    مزید اطلاعات ہیں کہ گواہوں میں ایک ڈرائیور بھی شامل ہے جب کہ وہ افراد بھی شامل ہیں جنہوں نے ملزمان کو ٹھہرایا تھا ان کے بھی بیانات ریکارڈ کیے جائیں گے۔

    واضح رہے کہ پاکستان کے دورے پر آئی ہوئی برطانیہ کی سیکریٹری داخلہ امبر روڈ  اور چوہدری نثار نے 21 مارچ کو اسلام آباد میں مشترکہ پریس کانفرنس کی تھی جس میں چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ بانی ایم کیو ایم کا معاملہ دونوں ممالک میں رنجش کا باعث ہے، بانی ایم کیو ایم کا مسئلہ گزشتہ 4 سال سے اٹھا رہے ہیں۔

    یہ پڑھیں: عمران فاروق قتل کیس میں انصاف ہوگا، برطانوی سیکریٹری داخلہ

    جواب میں سیکریٹری داخلہ برطانیہ نے یقین دہانی کرائی تھی کہ عمران فاروق قتل کیس میں انصاف کے تقاضے پورے کیے جائیں گے، ہماری کوشش ہوگی کہ حق اور سچ کی ہر صورت جیت ہو، بانی ایم کیو ایم کے معاملات پولیس دیکھ رہی ہے ہر صورت انصاف ہوگا،  برطانیہ میں غیر قانونی سرگرمیوں کی بالکل اجازت نہیں ہے۔