Tag: Gol Gappay

  • گول گپے بھی وینڈنگ مشین سے دستیاب

    گول گپے بھی وینڈنگ مشین سے دستیاب

    باہر کے کھانے کھانے کے شوقین افراد لاک ڈاؤن کے دنوں میں سخت مشکل کا شکار ہیں، ایسے افراد کو اگر دکانیں کھلی ہوئی مل بھی جائیں تو وہ حفظان صحت کے اصولوں کا سوچتے ہوئے باہر کا کھانا کھانے سے گریز ہی کرتے ہیں۔

    تاہم ایسے افراد کے لیے خوشخبری ہے کہ بہت جلد اب گول گپے وینڈنگ مشین سے دستیاب ہوں گے۔

    بھارتی ریاست گجرات میں بھرت پرجپتی نامی ایک شخص نے وینڈنگ مشین کی طرز پر ایسی مشین بنائی ہے جو گول گپے فراہم کرسکتی ہے۔

    اس مشین کا طریقہ استعمال بھی وینڈنگ مشین کی طرح ہے، پیسے ڈالو، اپنی پسند کے گول گپے کا بٹن دباؤ اور تھوڑی دیر میں گول گپے ہاتھ میں ہوں گے۔

    اس مشین کی بدولت صاف ستھرے گول گپے کھائے جاسکتے ہیں جن کی تیاری میں کوئی انسانی عمل دخل نہیں ہوگا۔

    اس مشین کو تیار کرنے والے بھرت پیشے کے لحاظ سے موبائل ٹیکنیشن ہیں، بھرت کا کہنا ہے کہ وہ بہت چھوٹی عمر سے اس طرح کی مشینوں کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔

    بھرت کے مطابق انہوں نے یہ مشین 40 ہزار بھارتی روپے کی لاگت سے 6 ماہ میں تیار کی ہے۔ یہ مشین بجلی سے چلتی ہے تاہم اس میں 24 وولٹ کی بیٹری بھی ہے جو ایک بار چارج کرنے پر 6 گھنٹے تک کام کرسکتی ہے۔

    بھرت کا کہنا ہے کہ انہوں نے اس مشین کو مختلف الیکٹرانک ویسٹ سے بنایا ہے۔

    کیا آپ اس مشین کے بنے گول گپے کھانا چاہیں گے؟

  • مزیدار گول گپے گھر پر تیار کریں

    مزیدار گول گپے گھر پر تیار کریں

    گول گپے بچے اور بڑے سب ہی نہایت شوق سے کھاتے ہیں۔ آج ہم آپ کو گھر میں گول گپے تیار کرنے کی آسان ترکیب بتا رہے ہیں۔


    اجزا

    گول گپے کے لیے

    سوجی: 1 کپ

    میدہ: آدھا کپ

    ماش کی دال کا آٹا: 2 کھانے کے چمچ

    کلب سوڈا: گوندھنے کے لیے

    تیل: حسب ضرورت

    فلنگ کے لیے

    آلو ابلے ہوئے: 1 کپ

    بوندی: 2 کپ

    کھٹے پانی کے لیے

    پودینے کے پتے: آدھی گڈی

    ہری مرچ: 3 عدد

    پانی: 1 لیٹر

    اِملی کا گودا: آدھا کپ

    دھنیا بھنا اور پسا ہوا: 1 چائے کا چمچ

    زیرہ بھنا اور پسا ہوا: 1 کھانے کا چمچ

    لال مرچ پسی ہوئی: آدھا چائے کا چمچ

    نمک: آدھا چائے کا چمچ

    ادرک: دو کھانے کے چمچ

    لیموں کا رس: 3 کھانے کے چمچ


    ترکیب

    کھٹے پانی کے لیے

    بلینڈر میں پودینے کے پتے، ہری مرچ اور کٹی ادرک ڈال کر اچھی طرح پیس لیں۔

    اب اس پیسٹ کو پانی میں شامل کر دیں۔

    ساتھ ہی املی کا گودا، دھنیہ، زیرہ، پسی لال مرچ، نمک اور لیموں کا رس ڈال کر اچھی طرح مکس کریں۔

    اس کے بعد کھٹے پانی کو چھان کر فریج میں ٹھنڈا ہونے کے لیے رکھ دیں۔

    گول گپے کے لیے

    ایک پیالے میں سوجی، میدہ اور ماش کی دال کا آٹا مکس کریں۔

    پھر اسے حسب ضرورت کلب سوڈا ڈال کر گوندھ لیں۔

    آٹے کو 30 منٹ کے لیے رکھ دیں، پھر اسے دوبارہ گوندھیں۔

    اب ہتھیلی پر تھوڑی سی چکنائی لگا کر چھوٹے پیڑے بنائیں۔

    ہر پیڑے کو چھوٹی پوری کی شکل میں بیل لیں اور گیلے کپڑے کے درمیان میں دس منٹ کے لیے رکھ دیں۔

    آخر میں اسے گرم تیل میں ہلکی آنچ پر فرائی کریں کہ پھولنے لگیں۔

    پھر آنچ تیز کر کے خستہ ہوجانے تک فرائی کریں۔

    سرو کرنے کے لیے

    انگوٹھے کی مدد سے ایک گول گپے میں سوراخ کریں۔

    اس میں ابلے آلو اور پانی میں دس منٹ بھیگی ہوئی بوندی بھریں۔

    اگر پسند ہو تو املی کی چٹنی بھی ڈالیں۔

    آخر میں ٹھنڈے کھٹے پانی کے ساتھ پیش کریں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔