Tag: gold price high level

  • سونا مہنگا ہوجائے گا، ماہرین نے خبردار کردیا

    سونا مہنگا ہوجائے گا، ماہرین نے خبردار کردیا

    کراچی : تین سالہ مندی کے بعد صرافہ مارکیٹ میں تیزی کی لہر آنے والی ہے، سونے مہنگا ہوجائے گا ماہرین نے خبردار کردیا۔

    رواں سال سونے کی قیمت میں پچیس فیصد تک کا اضافہ ہوچکا ہے، ماہرین کے مطابق عالمی معیشت کی غیریقینی صورتحال کی وجہ سے سرمایہ صرافہ مارکیٹ کا رخ کررہے ہیں،جب کہ امریکی انتخابات کی وجہ سے بھی سونے کی قیمت میں اضافے کا امکان ہے۔

    واضح رہے کہ عالمی مارکیٹ میں گزشتہ کاروباری ہفتے کے دوران سونے کے نرخ میں11ڈالر کی کمی دیکھی گئی جس کے بعد سونے کی فی اونس قیمت 1348 ڈالر سے گھٹ کر 1337ڈالر ہو گئی ، بین الاقوامی مارکیٹ میں سونے کے نرخوں میں کمی کے باوجود مقامی مارکیٹوں میں سونے کی قیمتوں میں اضافہ دیکھا گیا۔

    آل پاکستان سپریم کونسل جیولرز ایسوسی ایشن کی رپورٹ کے مطابق 7 دن کے دوران صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونے کی قیمت میں 850روپے کا اضافہ دیکھا گیا جس کے بعد کراچی ،حیدرآباد، لاہور،ملتان،فیصل آباد، راولپنڈی ،اسلام آباد اور کوئٹہ کی صرافہ مارکیٹوں میں سونے کی فی تولہ قیمت50ہزار950روپے سے بڑھ کر51ہزار800روپے ہوگئی۔

    معاشی تجزیہ کاروں کے مطابق عالمی مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کی جانب سے ڈالر کی طلب میں کمی اور سونے کی مانگ میں اضافہ ہوا ہے جس کے باعث اس کی قیمتوں میں اضافہ ہوا۔

  • سونے کی قیمت رواں سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی

    سونے کی قیمت رواں سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی

    کراچی: بین الاقوامی مارکیٹ میں سونے کی قیمت 11 ڈالر اضافے سے 1359 ڈالر فی اونس ہو گئی, جس کے بعد پاکستان میں سونے کی قیمت رواں سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔

    مقامی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونے کی قیمت 550 روپے اضافے کے بعد 51 ہزار 500 روپے ہوگئی جبکہ 10 گرام سونے کی قیمت بھی 441 روپے اضافے کے بعد 44 ہزار 142 روپے تک جا پہنچی۔

    آل سندھ صرافہ ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ قیمتوں میں اضافہ عالمی مارکیٹ میں قیمتوں کو مد نظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔

    واضح رہے کہ سال کے آغاز سے ہی سونے کی قیمتوں میں اضافے کا رجحان دیکھا جا رہا ہے، جنوری سے اب تک سونے کی فی تولہ قیمت میں 7 ہزار 200 روپے کا اضافہ جبکہ 10 گرام سونے کی قیمت میں 6 ہزار 171 روپے کا اضافہ ہوچکا ہے، اسی عرصے میں عالمی منڈی میں سونے کی قیمت 297 ڈالر فی اونس تک بڑھ چکی ہے۔

    معاشی تجزیہ کاروں کے مطابق عالمی مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کی جانب سے ڈالر کی طلب میں کمی اور سونے کی مانگ میں اضافہ ہوا ہے جس کے باعث اس کی قیمتوں میں اضافہ ہوا۔