کراچی : عالمی منڈی میں سونے کی قیمت میں اضافے کے بعد پاکستان میں بھی فی تولہ نرخ بڑھا دیئے گئے جس کے نتیجے میں سونے کی قیمت ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔
تفصیلات کے مطابق ملک میں آج سونے کی قیمت میں 2 ہزار 200 روپے اضافہ ہوا ہے، جس کے بعد پاکستان میں سونے کی قیمت ملکی تاریخ میں سب سے زیادہ ہوگئی۔
قیمتوں میں اضافے کے نتیجے میں کراچی، حیدرآباد، ملتان، لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور اور کوئٹہ کی صرافہ مارکیٹوں میں سونے کی فی تولہ قیمت اضافے کے بعد ایک لاکھ 74 ہزار 900 روپے کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی، جب کہ دس گرام سونے کی قیمت بڑھنے کے بعد ایک لاکھ 49 ہزار 948 روپے ہوگئی۔
ذرائع کے مطابق بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں سونے کی فی اونس قیمت میں 3 ڈالر کا اضافہ ہوا اور عالمی مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت 1796 ڈالر کی سطح پر پہنچ گئی۔
علاوہ ازیں مقامی صرافہ مارکیٹوں میں چاندی کی قیمت میں بھی اضافہ ہوا ہے اور فی تولہ چاندی 40 روپے کے اضافے کے بعد 2020 روپے جب کہ دس گرام چاندی 34 روپے 29 پیسے کے اضافے کے بعد 1731 روپے 82 پیسے ہوگئی۔