Tag: gold

  • مصری حکومت کی ایک ماہ کے دوران 44 ٹن سونے کی خریداری

    مصری حکومت کی ایک ماہ کے دوران 44 ٹن سونے کی خریداری

    قاہرہ: مصر نے گزشتہ 1 ماہ کے دوران 44 ٹن سونا خریدا ہے جس کے بعد مصر خطے میں سب سے زیادہ سونے کے اثاثے رکھنے والے ملک کی حیثیت حاصل کرلی ہے۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق مصر کے سینٹرل بینک نے فروری 2022 کے دوران 44 ٹن سونا خرید کر 2022 کی پہلی سہ ماہی میں سونے کے خریداری کے حوالے سے دنیا کے سب سے بڑے سینٹرل بینک ہونے کا اعزاز اپنے نام کرلیا۔

    پوری دنیا میں اب یہ سوال کھڑا ہوگیا کہ آخر مصر نے ایک ماہ کے دوران اتنا زیادہ سونا کیوں خریدا ہے۔

    ماہر اقتصادیات ہانی ابو الفتوح کا کہنا ہے کہ مصری سینٹرل بینک کے پاس فروری 2022 کے آخر میں سونے کے محفوظ ذخائر 125 ٹن تک پہنچ گئے، یہ مصر میں غیر ملکی محفوظ کرنسی کی قدر کے حوالے سے 17 فیصد کے لگ بھگ ہے۔

    ابو الفتوح کا کہنا تھا کہ نئے سودے کے بعد مصر نے خطے میں سب سے زیادہ سونے کے اثاثے رکھنے والے ملک کی حیثیت حاصل کرلی ہے۔

    ابو الفتوح نے کہنا تھا کہ مصر نے 44 ٹن سونا کیوں خریدا، اس کے کئی اسباب ہوسکتے ہیں۔ پہلی بات تو یہ ہے کہ دنیا بھر کے سینٹرل بینکوں نے گزشتہ برسوں کے دوران امریکی ڈالر پر انحصار کم کیا ہے۔

    امریکی معیشت اور ڈالر کے مستقبل کے حوالے سے اٹھنے والے سوالات کو مدنظر رکھتے ہوئے دنیا بھر کے ممالک ڈالر پر انحصار کم کر رہے ہیں اور سونے پر انحصار بڑھ رہا ہے۔

    سونا ایسی دھات ہے جسے آسانی سے فروخت کیا جا سکتا ہے اور اس پر دنیا بھر کے ممالک، کمپنیاں اور ادارے انحصار کرتے ہیں۔

    ابو الفتوح نے مزید کہا کہ اتنا زیادہ سونا خریدنے کا ایک سبب یہ بھی ہوسکتا ہے کہ مصر، روس سے گندم درآمد کرنے کے لیے کرنسی کے بجائے سونا استعمال کرے۔

  • سونا مزید مہنگا ہو گیا

    سونا مزید مہنگا ہو گیا

    کراچی: ملک میں سونا مزید مہنگا ہو گیا ہے، جب کہ ڈالر بھی ملک کی تاریخ کی بلند ترین سطح پر آ گیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان میں ایک تولہ سونے کی قیمت ایک لاکھ 30 ہزار 998 روپے ہوگئی، جب کہ ایک گرام سونے کی قیمت 11 ہزار 231 روپے اور ایک ملی گرام سونا 11 روپے 23 پیسے کا ہو گیا۔

    متحدہ عرب امارات میں 10 گرام سونے کی قیمت 2 ہزار 394 درہم ہو گئی، جب کہ ایک گرام سونے کی قیمت 239 درہم اور ایک ملی گرام سونا 23 فلس کا ہو گیا۔

    ادھر انٹر بینک میں ڈالر بھی ملک کی تاریخ کی بلند ترین سطح پر آ گیا ہے، انٹر بینک میں ڈالر 2 پیسے مہنگا ہو گیا، اسٹیٹ بینک کے مطابق ڈالر آج 178 روپے 63 پیسے پر بند ہوا۔

    فاریکس ڈیلرز کے مطابق اوپن مارکیٹ میں ڈالر 180 روپے پر فروخت ہو رہا ہے۔

  • سونے کے زیورات کی خریداری، سعودی وزارت تجارت کی اہم ہدایات

    سونے کے زیورات کی خریداری، سعودی وزارت تجارت کی اہم ہدایات

    ریاض: سعودی وزارت تجارت نے سونے کے زیورات کی خریداری اور اس کے حوالے سے صارف کے حقوق سے متعلق ہدایات جاری کی ہیں۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی وزارت تجارت نے کہا ہے کہ سونا خریدنے والے صارف کا حق ہے کہ اگر موتیوں کا وزن 5 فیصد سے زیادہ ہو تو بل میں اس کا بھی اندراج کیا جائے۔

    وزارت تجارت کا کہنا ہے کہ سونا خریدنے والے صارف کا حق ہے کہ خریدے گئے زیور کے قیراط، زیور ساز کی علامت کا اندراج اور اگر پرانا زیور فروخت کیا جارہا ہو تو ایسی صورت میں بل میں اس کا تذکرہ بھی کیا جائے۔

    وزارت کے مطابق دکاندار سے تفصیلی بل بھی طلب کیا جا سکتا ہے جس میں شوروم کا نام، اس کا پتہ، لائسنس نمبر، کمرشل رجسٹریشن کا نمبر، ٹیلی فون نمبر، سودے کی تاریخ، سونے کا وزن، زیور کی تفصیل اور گاہک کا نام شامل ہو۔

    اگر زیور میں موتی جڑے ہوئے ہوں تو ایسی صورت میں ان کا وزن 5 فیصد سے زیادہ ہونے کی صورت میں بل میں اس کی نشاندہی ضروری ہے، بل میں قیمتی پتھر اور سونے کا وزن بھی لکھا جائے۔ قیمتی پتھروں سے مراد الماس، یاقوت، زمرد اور قدرتی موتی شامل ہیں۔

    وزارت تجارت نے مزید کہا کہ بل میں قیمتی پتھر کا نام، اس کی نوعیت، صنف، اس کی عمدگی کا معیار، شکل و صورت، وزن وغیرہ تمام تر تفصیلات درج کی جائیں۔

  • سعودی عرب میں سونے کی قیمت میں کمی

    سعودی عرب میں سونے کی قیمت میں کمی

    ریاض: سعودی عرب میں سونے کی قیمت میں کمی کا رجحان دیکھا گیا، تاجروں کا کہنا ہے کہ عالمی مارکیٹ میں طلب اور رسد کے مطابق قیمتوں کا تعین کیا جاتا ہے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں کمی کے اثرات سعودی عرب کی گولڈ مارکیٹ پر بھی پڑے ہیں، جمعے کے روز مملکت میں بھی سونے کے نرخوں میں کمی کا رجحان دیکھا گیا۔

    جمعے کے روز سعودی عرب میں 24 قیراط ایک گرام سونا 213.47 ریال میں فروخت ہوا جبکہ 21 قیراط والے ایک گرام سونے کی قیمت 186.79 ریال (49.79 ڈالر ) رہی۔

    سونے کی قیمتوں میں کمی کے اثرات 18 قیراط والے سونے پر بھی پڑے جس کا ایک گرام 160.10 ریال (42.68 ڈالر) میں فروخت کیا گیا۔

    مملکت کی گولڈ مارکیٹوں میں 14 قیراط والے ایک گرام سونے کے بھاؤ 124.52 ریال (33.20 ) ڈالر رہے، ایک اونس والے سونے کے بسکٹ کی قیمت جمعے کو 6 ہزار 639 ریال (1770 ڈالر) رہی جبکہ گزشتہ ماہ آخری ہفتے میں ایک اونس والے بسکٹ کی مالیت 7 ہزار 53 ریال تھی۔

    گولڈ مارکیٹ میں سونے کی گینی کی قیمت 1494 ریال (398.36 ڈالر) رہی، اس حوالے سے سونے کے تاجروں کا کہنا ہے کہ عالمی مارکیٹ میں طلب اور رسد کے مطابق قیمتوں کا تعین کیا جاتا ہے۔

  • افغانستان میں سونے کے سب سے بڑے ذخیرے کی تلاش شروع

    افغانستان میں سونے کے سب سے بڑے ذخیرے کی تلاش شروع

    کابل: افغانستان میں موجود اہم اور دنیا کے سب بڑے سونے کے ذخائر’بیکٹرین ٹریژر‘ کی تلاش کا کام شروع کر دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق دنیا کے سونے کے سب سے بڑے ذخیرے کی تلاش شروع ہو گئی، افغانستان میں ثقافتی کمیشن کے نائب سربراہ احمد اللہ واثق کا کہنا ہے کہ اگر اس ذخیرے کو افغانستان سے باہر منتقل کیا گیا ہے، تو یہ ملک کے خلاف غداری ہے۔

    طالبان حکومت کے ذمہ دار کا کہنا تھا کہ ان کی حکومت سونے کے اس ذخیرے کے سلسلے میں سخت اقدامات کرنے جا رہی ہے۔

    واضح رہے کہ دنیا میں سونے کے بڑے ذخائر میں شامل بیکٹرین (bactrian gold) ذخیرہ 40 برس قبل شبرغان سے برآمد ہوا تھا، اور سابقہ حکومت نے اس ذخیرے کو فروری میں صدارتی محل منتقل کر دیا تھا۔

    بیکٹرین ٹریژر افغانستان کا ایک اہم اثاثہ سمجھا جاتا ہے، جسے فروری 2021 میں سابق حکومت صدارتی محل میں لائی تھی اور لوگوں کے لیے نمائش کے لیے رکھا گیا تھا۔

    سوویت اور امریکی سائنس دانوں کا دعویٰ ہے کہ افغانستان میں تانبے، باکسائٹ، خام لوہے کے ساتھ ساتھ سونا اور سنگ مرمر اور لیتھیم جیسی بہت قیمتی معدنیات ہیں، ان سے حاصل ہونے والی کمائی لوگوں کی زندگی بدل سکتی ہے۔

  • ’جعلی سونے‘ میں اصلی سونا چھپا ہوتا ہے، سائنس دانوں کا انکشاف

    ’جعلی سونے‘ میں اصلی سونا چھپا ہوتا ہے، سائنس دانوں کا انکشاف

    سائنس دانوں نے انکشاف کیا ہے کہ جعلی سونے پائرائٹ میں بھی اصلی سونا چھپا ہوتا ہے، اس انکشاف کے بعد اب پائرائٹ سے بھی سونے کے حصول کی امید پیدا ہو گئی ہے۔

    پائرائٹ (Pyrite) ایک ایسی معدنیات ہے جسے ’احمقوں کا سونا‘ (fool’s gold) کہا جاتا ہے کیوں کہ اس کے زرد رنگ کے کرسٹل سے کان کنوں کو یہ دھوکا ہو جاتا تھا کہ شاید انھیں سونا مل گیا ہے۔

    پائرائٹ ایک ایسی دھات ہے جو فولاد کے ساتھ رگڑ کھانے پر چنگاری پیدا کرتا ہے اور اسے آگ کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے، لیکن یہ اپنی رنگت سے قریب تر دھات، یعنی سونے، کے مقابلے میں اس کی کوئی حیثیت نہیں ہے۔

    تاہم اب سائنس دانوں نے دریافت کیا ہے کہ لوہے اور گندھک سے مل کر بننے والے پائرائٹ کے کرسٹل ڈھانچے میں سونے کی ایک قسم چھپی ہوتی ہے، لیکن اسے سمجھنا ایک پیچیدہ عمل ہے۔

    محققین کے مطابق پائرائٹ زمین کی سطح کے نیچے پتھروں کے اندر پایا جاتا ہے اور بعض اوقات سونے کے اصلی ذخائر کے قریب ہی ہوتا ہے، اس کی ساخت کرسٹل صورت میں ہوتی ہے، جو پتھر کے اندر بڑھتی اور پھیلتی جاتی ہے، جب بھی کرسٹل میں اضافہ ہوتا ہے تو یہ قریب موجود ایٹم کے بندھن توڑ دیتے ہیں، یہ ایٹمی بندھن جب دوبارہ بنتے ہیں تو ان میں تھوڑے بہت نقص رہ جاتے ہیں، جنھیں dislocations کہتے ہیں۔ اور ہر ڈِس لوکیشن انسانی بال کی چوڑائی سے ایک لاکھ گنا چھوٹی ہوتی ہے۔ نئی تحقیق کے مطابق ان ڈِس لوکیشنز میں واقعی سونے کے ذرات ہو سکتے ہیں۔

    اسے ’خفیہ سونا‘ کہا جا رہا ہے کیوں کہ یہ اتنی معمولی مقدار میں ہوتا ہے کہ اسے خورد بین (مائیکرو اسکوپ) سے بھی نہیں دیکھا جا سکتا بلکہ اسے ایٹم پروب کہلانے والے ایک آلے سے دیکھا جاتا ہے، جو پائرائٹ کے کرسٹل ڈھانچے میں موجود سونے کی مقدار کا تجزیہ کرنے کے لیے ضروری ہے۔

    گو کہ یہ عام سونے جتنا قیمتی اور ’آسانی‘ سے حاصل ہونے والا نہیں، لیکن سائنس دانوں کا کہنا ہے کہ اگر درست طریقہ کار اختیار کیا جائے تو یہ بھی اتنا ہی منافع بخش اور قیمتی ہے، جتنا کہ عام سونا۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ ایسا بالکل ممکن ہے کہ مستقبل میں زیورات میں استعمال ہونے والا سونا بھی دراصل پائرائٹ سے نکالا جائے، گو کہ یہ کافی مشکل کام ہوگا، تاہم اس وقت ماہرین ایسے طریقے دریافت کرنے کی کوشش کر رہے ہیں جو ماحول دوست ہوں اور پائرائٹ میں چھپے اس سونے کو نکال سکیں۔

    پائرائٹ بہت عام پائی جانے والی معدنیات ہے، صرف کرسٹل صورت میں موجود پائرائٹ ہی میں کوئی قابلِ ذکر سونا ہوگا۔

  • ٹوکیو اولمپکس میں ایک اور ریکارڈ

    ٹوکیو اولمپکس میں ایک اور ریکارڈ

    ٹوکیو اولمپکس میں ٹرائیتھلون کے مقابلے میں فلورا ڈفی کے میڈل کی بدولت برمودا اولمپکس میں گولڈ میڈل جیتنے والا دنیا کا سب سے کم آبادی والا ملک بن گیا ہے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق 33 سالہ فلورا ڈفی چوتھی مرتبہ اولمپکس میں شریک ہوئیں اور 56 خواتین کے مقابلے میں ٹرائیتھلون میں پہلی پوزیشن حاصل کر کے طلائی تمغہ جیتنے کا اعزاز حاصل کر لیا۔

    انہوں نے ایک گھنٹہ 55 منٹ اور 36 سیکنڈز میں یہ فاصلہ طے کیا جبکہ انگلینڈ کی جیارجیا ٹیلر براؤن دوسرے اور امریکا کی کیٹی زیفرس نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔

    یہ 63 ہزار آبادی کے حامل ملک برمودا کا اولمپکس میں پہلا گولڈ میڈل ہے اور اس کے ساتھ ہی وہ اولمپک کا طلائی تمغہ جیتنے والا دنیا کا سب سے کم آبادی والا ملک یا خطہ بن گیا ہے۔

    اس سے قبل اولمپک میں میڈل جیتنے والے سب سے کم آبادی والے ملک کا اعزاز بھی برمودا کے پاس ہی تھا جب 1976 میں کلیرنس ہل نے باکسنگ میں کانسی کا تمغہ اپنے نام کیا تھا۔

    33 سالہ ڈفی نے کہا کہ میں پانچ سال سے شدید دباؤ کا شکار تھی اور مجھے کبھی بھی اولمپکس فیورٹ تصور نہیں کیا گیا۔

    انہوں نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ برمودا میں سب خوشی سے پاگل ہو رہے ہوں گے جس کی وجہ سے یہ میرے لیے بہت اہمیت کا حامل ہے، یہ میرا خواب تھا جو آج پورا ہوگیا۔

    یاد رہے کہ بچپن میں ڈفی کو برطانیہ کی نمائندگی کی پیشکش کی گئی تھی لیکن انہوں نے اسے ٹھکرا دیا تھا اور 2018 کے کامن ویلتھ گیمز میں برمودا کے لیے چیمپیئن بننے والی دنیا کی پہلی خاتون بننے کا اعزاز حاصل کر کے تاریخ رقم کی تھی۔

    ان کا کہنا تھا کہ مجھے فخر ہے کہ میں برمودا کے لیے میڈل جیتنے والی پہلی ایتھلیٹ اور خاتون ایتھلیٹ بن گئی ہوں اور امید ہے کہ اپنے ملک میں کئی لوگوں کے لیے تحریک کا سبب بنوں گی۔

  • زیادہ سونا نکالنے والے ممالک میں 3 عرب ملک شامل

    زیادہ سونا نکالنے والے ممالک میں 3 عرب ملک شامل

    لندن: ایک عالمی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ دنیا بھر میں زیادہ سونا نکالنے والے ممالک میں 3 عرب ملک بھی شامل ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ورلڈ گولڈ کونسل کی جانب سے 2020 کے دوران دنیا بھر میں سونے کی کانوں کی پیداوار سے متعلق رپورٹ جاری کی گئی ہے، جس میں زیادہ سونا نکالنے والے ممالک کی فہرست دی گئی ہے جو 43 ممالک پر مشتمل ہے، ان ممالک نے مجموعی طور پر 3 ہزار 478 ٹن سے زیادہ سونا نکالا۔

    رپورٹ کے مطابق دنیا بھر میں سب سے زیادہ سونا پیدا کرنے والے ممالک میں 3 عرب ملک بھی شامل ہیں، تاہم یہ عرب ملک اب بھی مقدار کے لحاظ سے بہت سارے ممالک سے بہت پیچھے ہیں۔

    ان عرب ممالک میں سوڈان پہلے نمبر پر ہے، جب کہ سب سے زیادہ سونا پیدا کرنے والے 20 ممالک میں سوڈان کا شمار ہے، عرب مالک میں دوسرے نمبر پر ماریطانیہ ہے جو عالمی فہرست میں 35 ویں نمبر پر ہے، جب کہ تیسرے نمبر ہے عرب ملک مصر ہے جو عالمی سطح پر 36 ویں نمبر پر ہے۔

    ماریطانیہ نے 15.6 ٹن اور مصر نے 14.1 ٹن سونا نکالا، جب کہ چین وہ ملک ہے جو عالمی سطح پر سر فہرست ہے، چین نے 2020 کے دوران سب سے زیادہ سونا نکالا، اور کل عالمی پیداوار کا 11 فی صد چین کے حصے میں آیا، اس نے 368.3 ٹن سونا نکالا۔

    عالمی سطح پر روس دوسرے نمبر پر ہے، جس نے 331.1 ٹن سونا نکالا، آسٹریلیا 327.8 ٹن کے ساتھ تیسرے، امریکا 190.2 ٹن کے ساتھ چوتھے، کینیڈا 170.6 ٹن کے ساتھ پانچویں، گھانا 138.7 ٹن سے چھٹے، برازیل 107 ٹن سے ساتویں، ازبکستان 101.7 ٹن سے آٹھویں، میکسیکو 101.6 ٹن سے نویں اور انڈونیشیا 100.9 ٹن سے دسویں نمبر پر ہے۔

  • لاک ڈاؤن میں نرمی: بھارت اور چین میں سونے کی طلب میں اضافہ

    لاک ڈاؤن میں نرمی: بھارت اور چین میں سونے کی طلب میں اضافہ

    نئی دہلی / بیجنگ: بھارت اور چین میں کرونا وائرس کے لاک ڈاؤن میں نرمی آنے کے بعد سونے کی خریداری میں اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق بھارت اور چین میں رواں ہفتے سونے کی مانگ میں اضافہ دیکھنے میں آیا تاہم ڈیلروں کو اب بھی ڈسکاؤنٹ دینے پر مجبور کیا گیا تھا۔

    بھارت میں کووڈ 19 کی پابندیوں میں نرمی کے بعد کاروبار میں کچھ بہتری کے آثار نظر آئے ہیں۔ بھارت کی کچھ ریاستوں میں کرونا انفیکشن کی شرح کم ہونے کے بعد پابندیوں میں نرمی آنا شروع ہو گئی ہے۔

    ممبئی بلین ڈیلر کے ریڈھی سیدھی بلینز کے ڈائریکٹر مکیش کوٹھاری نے کہا کہ کچھ ریاستوں میں بتدریج کاروبار کھل رہے ہیں، چونکہ کرونا وائرس کے نئے کیسز میں کمی آرہی ہے، توقعات یہ ہیں کہ زیادہ تر ریاستیں اگلے چند ہفتوں میں پابندیوں میں نرمی کر دیں گی۔

    سونے کے ڈیلروں نے سرکاری ڈومیسٹک قیمتوں پر 12 ڈالر فی اونس تک کی چھوٹ کی پیشکش کی جس میں 10.75 فیصد درآمد اور 3 فیصد سیلز لیویز شامل ہیں۔

    پچھلے ہفتے سے اس میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی، وسط ستمبر 2020 کے بعد سے اس سطح پر رعایت نہیں دیکھی گئی۔

    ممبئی میں سونے کے ایک دوسرے ڈیلر نے کہا کہ جیولرز شک میں تھے، وہ نہیں جانتے کہ ڈیمانڈ کتنی جلدی بحال ہوگی۔ اسی وجہ سے وہ اعلیٰ سطح پر خریداری کرنے میں دلچسپی نہیں دکھا رہے۔

    بھارت میں جمعے کو مقامی سونے کے نرخ 49 ہزار 200 روپے فی 10 گرام رہے، بھارت میں مئی میں سونے کی درآمدات دگنی بڑھ کر 12 ٹن ہو گئی ہیں۔

    چین میں کووڈ 19 کی سخت پابندیوں کے درمیان سونے کی رعایتی قیمت عالمی قیمت کے مقابلے میں 7 سے 12 ڈالر فی اونس ہوگئی۔

    ایم کے ایس میں گریٹر چین کے ریجنل ڈائریکٹر برنارڈ سین نے کہا کہ ہمیں یقین ہے کہ طلب جاری رہے گی اگرچہ فراہمی کم ہو جائے گی، چین پریمیم کی سطح پر دوبارہ تجارت کرے گا۔

    سنگاپور کے ڈیلر گولڈ سلور سینٹرل کے منیجنگ ڈائریکٹر برائن لین نے کہا کہ ہم نے ریٹیل اور یہاں تک کہ ہول سیل سے بھی کم طلب دیکھی ہے۔

    ڈیلرز کو اگلے ہفتے سے پابندیوں میں نرمی آنے کے بعد بہتر کاروبار کی امید ہے۔

  • سعودی عرب: سونے کی قیمت میں اضافہ

    سعودی عرب: سونے کی قیمت میں اضافہ

    ریاض: سعودی عرب میں سونے کے نرخوں میں اضافہ ہوگیا، منگل کو 1 گرام سونے کی قیمت 182.82 ریال تک جا پہنچی۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی گولڈ مارکیٹ میں منگل کو سونے کے نرخ بڑھ گئے، عالمی سطح پر سونے کے نرخوں سے سعودی مارکیٹ بھی متاثر ہوئی ہے۔

    سعودی عرب میں سب سے زیادہ 21 قیراط سونے کی مانگ رہتی ہے، خلیج کے علاقے میں بھی یہی صورتحال ہے۔

    منگل کو 21 قیراط ایک گرام سونے کی قیمت 182.82 ریال رہی جبکہ 24 قیراط ایک گرام سونا 208.94 ریال میں دستیاب رہا۔

    18 قیراط ایک گرام سونے کی قیمت 156.71 ریال ریکارڈ کی گئی جبکہ 14 قیراط سونے کی قیمت 121.88 ریال رہی۔

    سعودی مارکیٹ میں ایک اونس سونا 6 ہزار 502.50 ریال میں فروخت ہوتا رہا جبکہ 21 قیراط 8 گرام سونے کا بسکٹ 1 ہزار 462.58 ریال میں فروخت ہوا۔

    عالمی مارکیٹ میں پیر کو سونے کے نرخوں میں اضافہ ہوا تھا۔ اس کی وجہ امریکی قانون کی منظوری کے بعد افراط زر میں اضافے کو بتایا جارہا ہے تاہم امریکی بانڈز کے منافع میں اضافے کا سونے پر اثر امریکی سینٹرل بینک کی وفاقی کونسل کی میٹنگ سے قبل ہی پڑ گیا تھا۔