Tag: Golf tournament

  • دفاعی چیمپیئن وحید بلوچ نے گالف ٹورنامنٹ جیت لیا

    کراچی: دفاعی چیمپیئن وحید بلوچ نے 12 واں رشید ڈی حبیب قومی رینکنگ گالف ٹورنامنٹ جیت لیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے وحید بلوچ نے 11 انڈر پار کے ساتھ 12 واں رشید ڈی حبیب قومی رینکنگ گالف ٹورنامنٹ جیت لیا، محمد شہزاد نے دوسری اور شبیر اقبال نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔

    کراچی گالف کلب میں بینک الحبیب کے تعاون سے ہونے والا 4 روزہ رشید ڈی حبیب گالف ٹورنامنٹ دفاعی چیمپیئن وحید بلوچ کی جیت پر اختتام پذیر ہوا۔

    ایونٹ کے آخری روز کراچی گالف کلب کے وحید بلوچ چھائے رہے، وحید بلوچ نے 72 ہولز کے بعد 11 انڈر پار کے ساتھ مسلسل دوسری مرتبہ اعزاز حاصل کیا۔

    کراچی کے محمد شہزاد 10 انڈر پار کے ساتھ دوسرے اور اسلام آباد کے شبیر اقبال 8 انڈر پار کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہے۔

    ٹورنامنٹ کی مجموعی انعامی رقم ایک کروڑ روپے رکھی گئی تھی، فاتح گالفر وحید بلوچ کو ٹرافی اور 9 لاکھ 28 ہزار روپے دیے گئے، جب کہ ہول اِن وَن کرنے پر 14 سالہ اشعث امجد کو کار کی چابی دی گئی۔

    مہمانِ خصوصی سربراہ پاک بحریہ ایڈمرل امجد خان نیازی نے بینک الحبیب کے چیئرمین عباس ڈی حبیب کے ہمراہ انعامات تقسیم کیے۔

    ایڈمرل امجد خان نیازی کا کہنا تھا کہ ٹورنامنٹ بہت شان دار رہا، گالف کے فروغ میں بینک الحبیب کا کردار نمایاں ہے، پاکستان نیوی ایسی کاوش کو سراہتا ہے۔

    ایڈمرل امجد خان نیازی اور چیئرمین بینک الحبیب عباس ڈی حبیب نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز ہفتے کے دن 14 سالہ اشعث امجد نے بلیو کورس کے 13 ویں ہول میں ’ہول اِن ون‘ کر کے بہترین کامیابی حاصل کی تھی۔ اشعث امجد جونیئر کیٹگری لیڈر بورڈ میں 9 اوور پار کے ساتھ پانچویں نمبر پر رہے۔ بینک الحبیب کی جانب سے اشعث کو نئی ٹویوٹا کار انعام میں دی گئی ہے۔

  • سعودی عرب میں پہلی بار خواتین کھلاڑیوں کی سرگرمیوں کیلئے بڑا فیصلہ

    سعودی عرب میں پہلی بار خواتین کھلاڑیوں کی سرگرمیوں کیلئے بڑا فیصلہ

    ریاض : سعودی عرب میں رواں برس نومبر میں پہلی مرتبہ پیشہ ور خواتین کھلاڑیوں کے گالف کے بین الاقوامی سطح کے دو ٹورنامنٹ منعقد کیے جارہے ہیں۔

    سعودی لیڈیز انٹرنیشنل کے نام سے پہلا ٹورنامنٹ نومبر کی 12 سے 15 تاریخ تک منعقد ہو گا جب کہ دوسرا ‘سعودی لیڈیز ٹیم انٹرنیشنل’ ٹورنامنٹ نومبر کی 17 سے 19 نومبر تک کھیلا جائے گا۔

    برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق یہ دونوں ٹورنامنٹ ‘رائل گرین گالف کلب’ میں کھیلے جائیں گے۔ پہلا ٹورنامنٹ اس سال مارچ میں منعقد ہونا تھا لیکن کورونا وائرس کی وبا کی وجہ اس کو مؤخر کر دیا تھا۔

    لیڈیز یورپین ٹور کے چیف ایگزیکٹیو الیگزنڈر آرمس نے کہا ہے کہ ‘ہم اس بارے میں بہت پرجوش ہیں کہ ہم سعودی عرب میں پیشہ ور خواتین کھلاڑیوں کے پہلا ٹورنامنٹ منعقد کرانے کی تاریخ رقم کر رہے ہیں۔’

    انھوں نے مزید کہا کہ وہ ایک مشکل سال میں خواتین کھلاڑیوں کے دو گالف ٹورنامنٹ کروانے کے وعدوں کو پورے کیے جانے پر بہت شکر گزار ہیں۔

    اس ٹورنامنٹ میں ‘سنگل’ مقابلوں کو جیتنے والی کھلاڑی کو دس لاکھ ڈالر کا انعام رکھا گیا ہے جبکہ ٹیم مقابلوں میں جیتنے والی کھلاڑیوں کو پانچ لاکھ ڈالر کا انعام دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔ ٹیم مقابلوں میں ایک پیشہ وار کھلاڑی کے ساتھ یہ غیر پیشہ ور یا شوقیہ کھلاڑی کے ساتھ ٹیم بنا کر شرکت کرنا ہوگی۔

    دونوں ٹورنامنٹ حفظان صحت کی تمام احتیاطی تدابیر اختیار کر کے بنائے گئے محفوظ ماحول میں کرائے جائیں گے۔ ویلز سے تعلق رکھنے والی ایمی بولڈن جنھوں نے اپنے کرئیر کا پہلا ٹورنامنٹ سوئس لیڈیز اس ماہ جتیا ہے ان کا کہنا ہے کہ ویمن گالف کو فروغ دینے کا عزم واقعی ہی بہت حوصلہ افزا ہے۔

    انھوں نے کہا کہ اس ٹورنامنٹ سے کھلاڑیوں کو ایک ہفتہ اور ملے گا جہاں وہ اپنے کھیل کے جوہر دکھا سکیں اور اس کے ساتھ ہی اس کھیل کو ایک نئے ملک میں کھیل سکیں جہاں ناقابل یقین گالف کورس کے ارگرد کے انتہائی خوبصورت مناظر دیکھنے کو ملیں گے۔