Tag: Golimar

  • کراچی : ایک اور بچہ نالے میں گر کر لاپتہ

    کراچی : ایک اور بچہ نالے میں گر کر لاپتہ

    کراچی : گولیمار کی لیاری ندی میں8سال کے بچے کے گرنے کا ایک اور واقعہ پیش آیا ہے، اندھیرے کے باعث تلاش کا عمل روک دیا گیا۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ لاپتہ بچے کی شناخت 8سالہ حیدر کے نام سے ہوئی ہے۔

    نالے میں بچے کے گرنے کی اطلاع ملنے پر علاقہ مکین بڑی تعداد میں جمع ہوگئے اور بچے کی تلاش شروع کردی گئی تاہم ریسکیو اہلکاروں نے ہر ممکن کوشش کی لیکن لاپتہ بچے کو تاحال تلاش نہیں کیا جاسکا۔

    ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ رات کی تاریکی کے باعث ریسکیو آپریشن روک دیا گیا ہے، نالے میں پانی کا بہاؤ تیز ہونے اور کچرے کے باعث کارروائی میں مشکلات کا سامنا ہے۔

    ریسکیو کی غوطہ خور ٹیم نے رات ایک بجے تک بچے کی تلاش کا آپریشن جاری رکھا، ریسکیو اہلکار جائے وقوعہ پر موجود ہیں، تلاش کیلئے آپریشن صبح دوبارہ شروع کیا جائے گا۔

    واضح رہے کہ کراچی میں آئے روز بچوں کے نالوں اور گٹروں میں گر کر جاں بحق ہونے کے واقعات رپورٹ ہوتے ہیں لیکن متعلقہ حکام اور ادارے روایتی بیانات اور اقدامات پر ہی اکتفا کرتے ہوئے اگلے حادثے کی خبر انتظار کرتے ہیں۔

    گزشتہ ہفتے سہراب گوٹھ لیاری ندی میں2سال کے بچے کے گرنے کا واقعہ پیش آیا جبکہ رواں سال مارچ کے دوران گلشن اقبال 13 ڈی میں چھ سالہ بچہ ابیہان اور شاہ لطیف ٹاؤن میں تین سالہ بچہ محسن گٹر میں گِر کر ہلاک ہوا۔

  • متعدد افراد کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث لیاری گینگ وار کا ملزم گرفتار

    متعدد افراد کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث لیاری گینگ وار کا ملزم گرفتار

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے کارروائی کر کے لیاری گینگ وار کا اشتہاری ملزم گرفتار کرلیا، ملزم متعدد افراد کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث رہا۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے خفیہ اطلاع پر کراچی کے علاقے پرانا گولیمار میں کارروائی کی۔ انچارج سی ٹی ڈی چوہدری صفدر کا کہنا ہے کہ کارروائی میں لیاری گینگ وار کا اشتہاری شوٹر معراج عرف چھوٹو گرفتار کرلیا گیا۔

    چوہدری صفدر کا کہنا ہے کہ ملزم رحمٰن ڈکیت کا قریبی رشتہ دار اور گینگ وار ملزم ساجد واجد کا بھانجا ہے، ملزم قانون نافذ کرنے والے اداروں کو انتہائی مطلوب تھا۔

    انچارج کے مطابق گرفتار ملزم نے دوران تفتیش ٹارگٹ کلنگ کی وارداتوں کا انکشاف کیا ہے، ملزم نے سنہ 2012 سے 2019 تک 4 افراد کی ٹارگٹ کلنگ کی۔

    ملزم معراج نے سنہ 2019 میں پولیس اہلکار فاروق کو شہید کیا، سی ٹی ڈی، پولیس اہلکار فاروق کے قتل میں ملوث دیگر ملزمان کو پہلے ہی گرفتار کر چکی ہے۔

    انچارج سی ٹی ڈی کے مطابق ملزم قتل، اقدام قتل، دہشت گردی اور جلاؤ گھیراؤ میں ملوث ہے، گرفتار ملزم پرانا گولیمار اور لیاری سے بھتہ وصول کرتا تھا۔ گرفتار ملزم سے مزید تفتیش کا عمل جاری ہے۔

  • رینجرز کی کارروائی، اسلحہ اور منشیات کی بڑی کھیپ برآمد

    رینجرز کی کارروائی، اسلحہ اور منشیات کی بڑی کھیپ برآمد

    کراچی: رینجرز نے پرانا گولیمار  کے علاقےمیں واقع لیاری گینگ وار کے ملزم ریاست کے مکان پر چھاپہ مار کر اسلحہ، ایمونیشن اور منشیات بڑا ذخیرہ برآمد کرلیا۔

    ترجمان رینجرز سندھ کے مطابق کارروائی شہری کی اطلاع پر عمل میں لائی گئی جس میں اسلحے کی بڑی تعداد، ایمونیشن اور مشیات کا ذخیرہ برآمد کیا گیا ہے، برآمد کیے گئے اسلحے میں 11 عدد نائن ایم ایم پستول اور 43 میگزین، 9 عدد 30 بور پستول اور 22 عدد میگزین، دو عدد 22 بور پستول ، ایک 32 بور پستول شامل ہیں۔

    رینجرز کے ترجمان نے کہا ہے کہ کارروائی کے دوران 9 عدد ایس ایم جیز بمعہ 500 عدد میگزین، دو عدد 12 بور رپیٹر، ایک عدد ایئرگین، ایک عدد 30 بور ماؤزر ، مختلف اقسام کے پانچ ہزار راؤنڈز، 76 عدد مختلف اقسام کے گرنیڈاور ڈیٹونیٹر زشامل ہیں۔

    ترجمان رینجرز سندھ کے مطابق برآمد منشیات میں 841 کلوچرس، 122 کلوگرام ہیروین اور 480 بوتل دیسی شراب اورتین عدد وائرلیس سیٹ بھی شامل ہیں۔

    رینجرز اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ برآمد کیا جانے والا اسلحہ شہر میں بدامنی پھیلانے اور ٹارگٹ کلنگ کیلئے استعمال ہونا تھا، کارروائی شہری کی اطلاع پر عمل میں لائی گئی۔