Tag: GOOD MORNING PAKISTAN

  • میں نے محبت کرنا راجر سے سیکھا، حنا خواجہ

    میں نے محبت کرنا راجر سے سیکھا، حنا خواجہ

    کراچی : پاکستان شوبز کی معروف اداکارہ حنا خواجہ بیات اپنے مرحوم شوہر کا تذکرہ کرتے ہوئے جذباتی ہوگئیں ان کا کہنا تھا کہ میں نے محبت کرنا راجر سے سیکھا۔

    اے آر وائی ڈیجیٹل کے پروگرام گڈ مارننگ پاکستان میں ٹیلی وژن ڈراموں کی معروف اداکارہ حنا خواجہ بیات نے شرکت کی اور اپنی نجی زندگی کے بارے میں کچھ باتیں ناظرین سے شیئر کیں۔

    میزبان ندا یاسر سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے اپنے مرحوم شوہر روجر بیات داؤد کے ساتھ گزارے ہوئے دنوں کی یادیں بیان کیں۔

    انہوں نے بتایا کہ میں نے راجر سے محبت کرنا سیکھا، کیونکہ میرے شوہر بہت اچھے اخلاق کے مالک تھے اپنوں کے ساتھ ساتھ غیر لوگ بھی ان کی بہت عزت اور تعریف کیا کرتے تھے۔

    انہوں نے بتایا کہ ہمارے درمیان بے حد محبت تھی، اور ہم آپس میں لڑتے بھی بہت تھے، میاں بیوی ہونے کے ساتھ ساتھ ہم بہت اچھے دوست بھی تھے، میں آج بھی ان کی کمی شدت سے محسوس کرتی ہوں۔

    انہوں نے مزید کہا کہ میرے میاں کا دل بہت بڑا اور نیک تھا وہ ہمیشہ مسکراتے رہتے، ان کا اللہ پر ایمان بہت مضبوط تھا۔ میری ان سے چھوٹی موٹی باتوں پر اکثر وقت لڑائی ہوتی رہتی مگر دونوں ایک دوسرے کی دل سے بہت عزت کرتے تھے۔

    یاد رہے کہ اداکارہ حنا خواجہ بیات کے شوہر روجر بیات داؤد کا رواں سال جنوری میں کینسر کے مرض میں مبتلا ہونے کے بعد انتقال ہوگیا تھا۔

    اداکارہ اکثر اپنے شوہر کے ساتھ گزارے ہوئے30سال کے خوشگوار لمحات کی یادگار تصاویر سوشل میڈیا پر مداحوں کیلئے شیئر کرتی رہتی ہیں۔

  • صحافی چاند نواب کا اپنی ویڈیو سے متعلق دلچسپ انکشاف، ویڈیو دیکھیں

    صحافی چاند نواب کا اپنی ویڈیو سے متعلق دلچسپ انکشاف، ویڈیو دیکھیں

    کراچی : مشہورِ زمانہ پاکستانی صحافی چاند نواب کی ماضی میں وائرل ہونے والی دلچسپ ویڈیو کے چرچے آج بھی زبان زدعام ہیں، وہ اپنے مخصوص انداز سے لوگوں کی توجہ کا مرکز بن گئے تھے اور وہ ویڈیو سوشل میڈیا پر اب بھی زیرِگردش ہے۔

    اے آر وائی ڈیجیٹل کے پروگرام گڈ مارننگ پاکستان میں انہیں بحیثیت مہمان مدعو کیا گیا، انہوں نے میزبان ندا یاسر کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے اس منظر کا پس منظر بیان کیا کہ اُس وقت ان کی کیا کیفیت تھی۔

    چاند نواب نے بتایا کہ سال 2007 میں عید کی آمد آمد تھی اور میں ایک نجی چینل کیلئے بیپر ریکارڈ کروا رہا تھا، مجھے میری خاتون ڈائریکٹر نیوز کی جانب سے شدید دباؤ تھا کہ جلدی بیپر دوں کیونکہ اس وقت کینٹ اسٹیشن سے آخری ٹرین روانہ ہورہی تھی۔

    بیپر ریکارڈ کروانے کے بعد مجھے یقین تھا کہ نوکری سے نکال دیا جاؤں گا لیکن اللہ کا کرم ہوا کہ سی او نے مجھے حوصلہ دیا کہ کوئی بات نہیں آپ کام جاری رکھیں، تاہم بعد ازاں وہ ویڈیو یوٹیوب پر اتنی وائرل ہوئی جس کا اندازہ مجھے بھی نہیں تھا۔

    انہوں نے بتایا کہ اداکار یاسر نواز ایک فلم بنا رہے تھے جس میں وہ اس منظر کو فلم مین شامل کرنا چاہ رہے تھے تو انہوں نے مجھ سے رابطہ کیا۔

    واضح رہے کہ چاند نواب ان دنوں اے آر وائی نیوز کی رپورٹنگ ٹیم کا حصہ ہیں، انہوں نے اپنی چالیس سالہ صحافتی زندگی میں کئی ایوارڈز اپنے نام کیے، اس کے علاوہ پاکستان لیول پر فٹبال بھی کھیلی اور بحیثیت ایتھلیٹ کئی ریسیں بھی جیت چکے ہیں۔

    چاند نواب کی کراچی ریلوے اسٹیشن پر رپورٹنگ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر بے انتہا وائرل ہوئی تھی اس ویڈیو میں چاند نواب عید پر کراچی سے ملک کے دیگر علاقوں میں جانے والوں پر ایک رپورٹ بنارہے تھے، اس ویڈیو کی مقبولیت کا اندازہ اس بات سے بخوبی لگایا جاسکتا ہے کہ اس کی نقل بھارتی اداکار نوازالدین صدیقی نے فلم ’بجرنگی بھائی جان‘ میں بھی کی۔

  • حنا الطاف نے اپنے کیریئر کا آغاز کیسے کیا؟

    حنا الطاف نے اپنے کیریئر کا آغاز کیسے کیا؟

    معروف اداکارہ حنا الطاف کا کہنا ہے کہ انہیں کیریئر کی ابتدا میں زیادہ مشکلات نہیں اٹھانی پڑیں اور انہیں جلدی جلدی مواقع ملتے گئے۔

    معروف پاکستانی اداکارہ حنا الطاف نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام گڈ مارننگ پاکستان میں شرکت کی اور اپنی پیشہ وارانہ زندگی کے بارے میں بتایا۔

    انہوں نے کہا کہ انہوں نے اپنا پہلا آڈیشن 18 سال کی عمر میں وی جے کے لیے دیا تھا، اس کے بعد کئی آڈیشنز دیے۔

    حنا کا کہنا ہے کہ پھر ایک دن انہیں اچانک رات میں کال آئی کہ کیا وہ اگلی صبح پروگرام کر سکتی ہیں؟ پروگرام کی میزبان کسی وجہ سے چلی گئی تھیں اور ان کی جگہ پر فوری طور پر دوسرا شخص چاہیئے تھا۔

    انہوں نے کہا کہ وہ پروگرام کرنے چلی گئیں، سب کچھ بالکل ٹھیک ہوا اور پھر وہ مستقل شو کرنے لگیں۔ اس کے بعد انہوں نے اے آر وائی کے ساتھ ایک لمبا عرصہ کام کیا۔

    حنا کا کہنا تھا کہ اداکاری کے لیے بھی انہیں اچانک ہی آڈیشن دینے کا کہا گیا اور ان کا وہ آڈیشن بہت برا ہوا تھا، اس کے باوجود ان کا انتخاب کرلیا گیا۔ اس کے بعد انہوں نے متعدد ڈراموں میں کام کیا۔

  • "جو شخص آپ کی خامیاں بتائے اس کو ضرور اپنے ساتھ رکھیں”

    "جو شخص آپ کی خامیاں بتائے اس کو ضرور اپنے ساتھ رکھیں”

    کراچی : پاکستان ٹیلی وژن کی سینئر اداکارہ روبینہ اشرف کا کہنا ہے کہ میں نے اپنے شوہر کے ساتھ مل کر اپنی زندگی بہتر بنانے میں بہت محنت کی ہے۔

    پاکستان شوبز کی باصلاحیت اداکارہ ہدایت کارہ اور پروڈیوسر روبینہ اشرف نے پاکستان کے کئی نامور ڈراموں میں اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھائے جن میں کسک، ہزاروں راستے، تپش اور بدلتے موسم کے علاوہ گل رانا اور دو بول سمیت دیگر ڈرامے بھی شامل ہیں۔

    سینئر اداکارہ روبینہ اشرف نے اے آر وائی ڈیجیٹل کی رمضان اسپیشل ٹرانسمیشن "شان سحر” میں میزبان ندا یاسر کے شو میں شرکت کی۔

    میزبان ندا یاسر کی جانب سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ ایک ایسا وقت بھی زندگی میں آتا ہے جب ہمیں زندگی سے کچھ چاہئے ہوتا ہے اور ذمہ داری بھی ہم نے خود ہی لی ہو لیکن ضروری نہیں کہ اس کیلئے کسی بھی گھر کے فرد سے کچھ مانگیں۔ اس کیلئے مسلسل محنت اور جدوجہد نہایت ضروری ہے۔

    روبینہ اشرف کا کہنا تھا کہ میرے بچے جب چھوٹے تھے تو ان کی ذمہ داری کے ساتھ گھر بنانے کیلئے بھی بہت محنت کرنا پڑی اور جب آپ کو آپ کی محنت کا پھل مل جاتا ہے تو جو خوشی اس وقت محسوس ہوتی ہے وہی زندگی محسوس ہوتی ہے۔

    ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ زندگی میں کوئی بھی شخص جو آپ کی تعریف کرتا ہے اسے بے شک سیریس نہ لیں لیکن جو آپ کو آپ کی خامیاں بتائے اس کو ضرور اپنے ساتھ رکھیں۔

    یاد رہے کہ عالمی وبا کورونا وائرس کے جب دنیا بھر میں وار جاری تھے اس دوران پاکستان میں بھی متعدد سیاست دانوں سمیت معروف شخصیات بھی اس وائرس سے متاثر ہوئی تھیں جن میں اداکارہ روبینہ اشرف بھی شامل تھیں۔

    اداکارہ روبینہ اشرف کو ایک ڈرامے کی شوٹنگ کے دوران ہی کوویڈ ہوگیا تھا جس کی وجہ سے ڈرامے کی شوٹنگ روکنا پڑی اور ان کے صحت یاب ہونے کے بعد تقریباً ڈیڑھ ماہ بعد یہ ڈرامہ مکمل کیا گیا۔ اداکارہ روبینہ اشرف نے بتایا کہ جب انہیں کوویڈ ہوا تو وہ شروع کا ایک ہفتہ گھر میں ہی رہیں لیکن جب ان کی طبیعت بگڑنے لگی تو انہیں ہسپتال منتقل کیا گیا۔

  • ماہ رمضان میں چکن حلیم سے افطار کریں، آسان ترکیب

    ماہ رمضان میں چکن حلیم سے افطار کریں، آسان ترکیب

    شہر قائد کا مشہور کراچی حلیم تو سب ہی نے کھایا ہوگا کیا ہی اچھا ہو اگر یہی ذائقہ دار اور لیس دار حلیم گھر میں بھی بنایا جاسکے اور ماہ رمضان میں اسے اپنے دسترخوان کی زینت بنائیں۔

    اس حوالے سے اے آر وائی ڈیجیٹل کے پروگرام گڈ مارننگ پاکستان میں دیگی چکن حلیم بنانے کا آسان طریقہ بتایا گیا ہے، ویڈیو کو دیکھیں اور گھر میں بنا کر سب کو پیش کریں۔

    اجزائے ترکیبی

    ہڈی کے بغیر چکن ………… ایک کلو
    چنے کی دال ………… 100 گرام
    ماش کی دال ………… 100 گرام
    مونگ کی دال ………… 100 گرام
    مسور کی دال ………… 100 گرام
    ثابت گندم ………… 500گرام
    چاول (ایک گھنٹہ بھگوئے ہوئے) ………… 100 گرام
    پانی ………… 6 کلو گرام
    نمک ………… حسب ذائقہ
    سرخ مرچ پاؤڈر ………… 3کھانے کا چمچ
    ہلدی پاؤڈر ………… 3کھانے کے چمچ

    گرم مصالحہ پاؤڈر ………… 2کھانے کے چمچ
    چاٹ مصالحہ ………… 2کھانے کے چمچ
    چکن کی یخنی ………… 6کپ
    زیرہ پاؤڈر ………… 2کھانے کے چمچ
    لیموں کا رس ………… 4کھانے کے چمچ

    سجاوٹ کے لئے …………
    ہرا دھنیا (کٹا ہوا) ………… 3سے 4 کھانے کے چمچ
    ہری مرچیں (کٹی ہوئی) ………… 2سے 3کھانے کے چمچ
    ادرک (لمبائی میں کٹا ہوا) ………… 2سے 3کھانے کے چمچ
    تلی ہوئی پیاز ………… 50 گرام

    چاٹ مصالحہ ………… 2سے3 کھانے کے چمچ
    لیموں کے قتلے ………… 4سے 6عدد

    طریقہ کار :

    ایک بڑے برتن میں تیل ڈال کر تمام مصالحے اور 4کپ پانی شامل کریں۔ 40سے 45تک تمام دالیں، گندم اور چکن کے مکمل گلنے تک پکائیں۔ فوڈپراسیسر میں اس مکسچر کو گرائنڈ کریں۔ ایک بڑے موٹے پیندے کے برتن میں یہ مکسچر اور حصہ ب کے اجزائے ترکیبی شامل کردیں ہلکی آنچ پر 15سے 20منٹ تک پکائیں۔ اس مکسچر کو لکڑی کے چمچ سے اس وقت تک ہلاتے رہیں جب تک یہ مکمل طور پر پک کر گاڑھا نہ ہوجائے۔ سجاوٹ کی تمام چیزیں ڈال کر روٹی یا نان کے ساتھ پیش کریں۔ آپ بیف سے بھی حلیم بنا سکتے ہیں وہی اس کی اصل ترکیب میں شامل ہے۔

  • ساجد حسن نے اپنی ہونے والی بیوی کو "مرنے کی بد دعا” کیوں دی؟

    ساجد حسن نے اپنی ہونے والی بیوی کو "مرنے کی بد دعا” کیوں دی؟

    کراچی : پاکستان شوبز کے لیجنڈ اداکار ساجد حسن نے شادی سے پہلے اپنی ہونے والی بیوی کو ایسا پیغام دیا کہ سننے والے ہنس ہنس کر لوٹ پوٹ ہوگئے۔

    پاکستان کے مشہور ترین ڈراموں”دھوپ کنارے”، "خلیج”، "ستارہ اور مہر النسا” اور دیگر میں اپنی شاندار اور برجستہ اداکاری کے جوہر دکھانے والے ساجد حسن نے اے آر وائی ڈیجیٹل کے پروگرام گڈ مارننگ پاکستان میں شرکت کی ان کے ہمراہ ان کی اہلیہ شکیلہ ساجد بھی موجود تھیں۔

    اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ساجد حسن اور ان کی اہلیہ نے اپنی شادی سے پہلے کی زندگی کے بارے میں بتایا اور یہ بھی بتایا کہ ان دونوں کی پہلی ملاقات کب کیسے اور کہاں ہوئی؟

    پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے ساجد حسن کی اہلیہ شکیلہ ساجد نے بتایا کہ یہ مجھ سے باتیں کرنے کیلئے بار بار فون کیا کرتے تھے اور میں ہربار ان کو منع کردیا کرتی تھی۔

    ایک دن ایسا ہوا کہ انہوں نے مجھ سے کہا کہ میں کسی کام سے لاہور جارہا ہوں اور اگر میری واپسی پر آپ نے ہاں نہ کی تو "اللہ کرے آپ مرجائیں” یہ بات سن کر میزبان ندا یاسر نے بھی زور دار قہقہہ لگایا۔

    اس دوران ساجد حسن کی کیفیت "کاٹو تو لہو نہیں” کے مصداق تھی اور وہ بار بار گفتگو کا زاویہ بدلنے کی کوشش کرتے رہے تاہم ان کی اہلیہ نے بھی ہار نہ مانی اور سارا قصہ بیان کیا۔

    ایک سوال کے جواب میں ساجد حسن کا کہنا تھا کہ مجھے ایسی ہی بیوی چاہیے تھی جسے میری بالکل پرواہ نہ ہو کہ میں کب آتا ہوں کہاں جاتا ہوں، اس دوران دونوں میاں بیوی کے درمیان دلچسپ نوک جھوک بھی ہوتی رہی۔

  • بھارتی فلم میں کام کی پیشکش کیسے ہوئی؟ سلمان شاہد نے بتادیا

    بھارتی فلم میں کام کی پیشکش کیسے ہوئی؟ سلمان شاہد نے بتادیا

    کراچی : پاکستانی فلم، تھیٹر اور ٹیلی وژن معروف اداکار سلمان شاہد نے بتایا ہے کہ کس طرح ان کو بھارتی فلم میں کام کرنے کی پیشکش ہوئی۔

    پاکستان ٹی وی کے معروف اداکارسلمان شاہد نے بتایا ہے کہ وہ کس طرح شوبز کی فیلڈ میں آئے اور ان کا ٹیلی وژن سے تعلق کس طرح شروع ہوا۔

    ٹیلی ویژن پر شوخ اور سنجیدہ کرداروں کے لحاظ سے اداکار سلمان شاہد شعبہ اداکاری میں ایک منفرد مقام رکھتے ہیں، ان کی بے ساختہ اور برجستہ اداکاری نے ٹی وی ڈراموں کو سپرہٹ بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔

    ٹی وی ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھا نے والے معروف اور سینئر اداکار سلمان شاہد اور ان کی اہلیہ طاہرہ سلمان نے اے آر وائی ڈیجیٹل کے پروگرام گڈ مارننگ پاکستان میں شرکت کی اور اپنی زندگی میں پیش آنے والے حالات و واقعات سے ناظرین کو آگاہ کیا۔

    بھارتی فلم میں نصیرالدین شاہ کے ساتھ کام کرنے کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ مجھے خود نہیں معلوم کہ یہ آفر کیسے ہوئی حالانکہ مجھ سے زیادہ مشہور اور قابل اداکار موجود تھے بہرحال اس لیے میں خود کو بہت خوش قسمت تصور کرتا ہوں۔

    انہوں نے کہا کہ میں بچپن میں اپنی امی سے ساتھ تھیٹر جایا کرتا تھا، اس لیے شروع سے ہی اداکاری کا شوق پروان چڑھا اور اداکاری کی ابتدا بھی تھیٹر سے ہی کی تھی۔

  • لیجنڈ اداکار شکیل نے اہم راز سے پردہ اٹھا دیا

    لیجنڈ اداکار شکیل نے اہم راز سے پردہ اٹھا دیا

    کراچی : ماضی کے معروف ٹی وی اداکار شکیل نے بتایا ہے کہ وہ کس طرح شوبز کی فیلڈ میں آئے اور ان کا ٹیلی وژن سے تعلق کس طرح شروع ہوا۔

    ٹیلی ویژن پر شوخ اور سنجیدہ کرداروں کے لحاظ سے اداکار شکیل جن کا پورا نام شکیل یوسف ہے شعبہ اداکاری میں ایک منفرد مقام رکھتے ہیں، ان کی بے ساختہ اور برجستہ اداکاری نے ٹی وی ڈراموں کو سپرہٹ بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔

    ٹی وی ڈراموں کو اپنی شاندار اداکاری سے بام عروج پر پہچانے والے پاکستان شوبز کے معروف اور سینئر اداکار شکیل نے اے آر وائی ڈیجیٹل کے پروگرام گڈ مارننگ پاکستان میں شرکت کی اور اپنی زندگی میں پیش آنے والے حالات و واقعات سے ناظرین کو آگاہ کیا۔

    پروگرام کی میزبان ندا یاسر کی جانب سے پوچھے گئے ایک سوال پر کہ ٹی وی پر پہلی بار کیسے آئے یا اس کی شروعات کیسے ہوئی؟ جس کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ مجھے اداکاری کا کوئی شوق نہیں تھا بلکہ جب پہلی بار آفر ہوئی تھی تو منع کردیا تھا۔

    شکیل نے کہا میں اپنی والدہ کے ساتھ ایک تقریب میں گیا تھا وہاں پر اس زمانے کے ایک مشہور فلم ڈائریکٹر ایس ایم یوسف بھی موجود تھے، تو انہوں نے مجھ سے پوچھا کہ فلم میں کام کرو گے؟ تو میں نے فوراً ہی منع کردیا کیونکہ اس زمانے میں فلموں میں کام کرنا اچھا نہیں سمجھا جاتا تھا۔

    جس کے بعد مجھے انہوں نے تھیٹر میں کام کرتے ہوئے دیکھا تو کافی دن بعد دوبارہ فلم کی آفر کی، اداکار شکیل نے بتایا کہ میں نے اس شرط پر فلموں میں کام کیا کہ میں دن میں اپنی ملازمت کروں گا اور رات کو فلم میں کام، تو یہ میری ابتدا تھی۔

  • ماورا حسین کی بغیر میک اپ تصاویر وائرل

    شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ ماورا حسین کی بغیر میک اپ تصاویر مداحوں کو بھا گئیں۔

    فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر ماورا حسین نے نئی تصاویر شیئر کیں جس میں انہیں مہرون ویلویٹ کے سوٹ میں خوشگوار موڈ میں دیکھا جاسکتا ہے۔

    انہوں نے تصاویر شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں لکھا کہ ‘Winter sun got me like’انہوں نے نو میک اپ اور نو فلٹرز کے ہیش ٹیگ بھی استعمال کیے۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by MAWRA HUSSAIN (@mawrellous)

    اداکارہ نے چند گھنٹوں قبل یہ تصاویر شیئر کیں جسے ہزاروں کی تعداد میں مداح دیکھ چکے ہیں اور ان کی تصاویر کی تعریف کررہے ہیں۔

    ماورا حسین سوشل میڈیا پر کافی متحرک رہتی ہیں اور گاہے بگاہے اپنی تصاویر شیئر کرتی رہتی ہیں جسے ان کے مداح بھی پسند کرتے ہیں انہوں نے گزشتہ دنوں بچپن کی تصویر بھی شیئر کی تھی جو وائرل ہوگئی تھی۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by MAWRA HUSSAIN (@mawrellous)

    اے آر وائی ڈیجیٹل کے پروگرام ’گڈ مارننگ پاکستان‘ میں اداکارہ ماورا اور عروا حسین نے شرکت کی اور میزبان ندا یاسر کی جانب سے پوچھے گئے مختلف سوالات کے جوابات دیے۔

     ماما کے ساتھ مجھے درزی کے پاس جانے میں مزہ آتا تھا،ماورا حسین

    ماورا نے بتایا تھا کہ ’ماما کے ساتھ مجھے درزی کے پاس جانے میں مزہ آتا تھا اب بھی ایسا ہی ہے میں ڈیزائن دیکھ کر پھر کپڑوں کا انتخاب کرتی ہوں۔

    اداکارہ کا کہنا تھا کہ  ’عروہ کو کپڑے سلوانے نہیں ہوتے تو وہ درزی کے پاس کیوں جائیں گی لیکن میں کپڑوں کے ڈیزائن دیکھ کر پھر خریدتی ہوں یا پھر سلواتی ہوں۔‘

    یاد رہے کہ ماورا حسین نے اے آر وائی ڈیجیٹل کے ڈرامہ سیریل ’میں بشریٰ‘ میں اداکاری کے جوہر دکھائے تھے۔

  • بیوی کے انتقال کے بعد زندگی کیسے گزری؟ حنیف راجہ ذکر پر افسردہ ہوگئے

    کراچی : معروف کامیڈین اور ٹی وی میزبان حنیف راجہ اپنی مرحومہ اہلیہ کا ذکر کرتے ہوئے افسردہ ہوگئے انہوں نے بتایا کہ میری وائف بہت جلدی مجھے اور بچوں کو چھوڑ کر چلی گئیں۔

    اے آر وائی ڈیجیٹل کے پروگرام گڈ مارننگ پاکستان میں حنیف راجہ نے بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کی ان کے ہمراہ ان کا بیٹا بہو اور صاحبزادی بھی موجود تھیں۔

    پروگرام کی میزبان ندا یاسر نے باتوں باتوں میں ان کی مرحومہ اہلیہ کا ذکر چھیڑ دیا جس کے جواب انہوں نے انتہائی افسردگی کے ساتھ اپنی اہلیہ کی موت اور اس کی وجہ بیان کی۔

    حنیف راجہ نے کہا کہ میری اہلیہ کو سال 2012 میں کینسر تشخیص ہوا تھا میں نے ہرممکن طریقے سے ان کا بھرپور علاج بھی کروایا لیکن وہ یہ تکلیف سال 2018 تک 6 سال سہتی رہیں۔

    ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ اس دوران میں نے کبھی میڈیا یا انڈسٹری کے دوستوں سے اس بات کا تذکرہ کبھی نہیں کیا کیونکہ اکثر لوگ یہ سمجھیں گے کہ شاید میں امداد مانگ رہا ہوں۔

    حنیف راجہ کا کہنا تھا کہ میری اہلیہ بہت باہمت خاتون تھیں میں جب بھی اس حوالے سے پریشان ہوتا تھا تو وہی میرا حوصلہ بڑھاتی تھیں اور انہوں نے بچوں کا بھی بہت اچھے طریقے سے خیال رکھا۔

    انہوں نے بتایا کہ کینسر کی مریضہ ہونے کے باوجود جب وہ اپنی کیمو تھراپی کروانے جاتی تھیں تو بچوں کیلئے خود کھانا بنا کر جاتی تھیں۔ ان کا انتقال رمضان المبارک کی 27ویں شب کو ہوا تھا۔

    اس موقع پر حنیف راجہ کے بچوں نے بتایا کہ پاپا نے ہم سے کبھی کچھ نہیں چھپایا، پاپا نے بھی ہمیں بہت ہمت دی انہوں نے ہمیں مما کی بیماری سے متعلق سب کچھ بتادیا تھا تاکہ ہم ذہنی طور پر تیار رہیں۔

    واضح رہے کہ حنیف راجہ کے بیٹے کی شادی اکتوبر 2022 میں منعقد ہوئی جس میں جس میں دوست احباب، عزیز واقارب اور اہم شخصیات نے شرکت کی۔ حنیف راجہ نے بتایا کہ نکاح کے وقت میرا بیٹا احمد راجہ اپنی ماں کو یاد کرتے ہوئے پھوٹ پھوٹ کر روتا رہا۔