Tag: Good news

  • اچھی خبر: عید کے بعد سبزیوں کی قیمتیں کم ہو گئیں

    اچھی خبر: عید کے بعد سبزیوں کی قیمتیں کم ہو گئیں

    لاہور: پنجاب کے شہر لاہور میں عیدالاضحیٰ کے بعد سبزیوں کی قیمتیں کم ہونا شروع ہو گئیں۔

    تفصیلات کے مطابق عید قربان پر لاہور کے سبزی فروشوں نے بھی شہریوں کی جیبوں سے خوب قربانی لی، تاہم عید سیزن میں کمائی کے بعد سبزیوں کی قیمتیں کم کر دی گئی ہیں۔

    ٹماٹر 200 روپے سے 150 روپے فی کلو پر آ گئے ہیں، دوسری طرف سبزی فروشوں نے عید پر مہنگائی کا ملبہ افغانستان سے آنے والی فصل پر ڈال دیا ہے، ان کا کہنا ہے کہ مقامی فصل نہیں آ رہی ہے، اور کابل کا ٹماٹر مہنگا ہے۔

    ادھر تہوار آئے یا جائے کراچی کے ڈیری فارمرز پر کوئی اثر نہیں پڑتا، دودھ کی قیمت 210 سے بڑھا کر 230 روپے لیٹر کر دی، شہری دہائی دے رہے ہیں کہ اب چائے کیسے بنائیں، اور بچوں کو کیا پلائیں؟ آخر ہم شہری جائیں کہاں؟

    کراچی میں دودھ کے سرکاری نرخ 180 روپے ہیں، تاہم انتظامیہ اس پر عمل درآمد میں مکمل ناکام ہے، اور من مانی کرنے والے ڈیری فارمرز نے انتظامیہ کے اندازوں کو ذمہ دار ٹہرا دیا ہے، ان کا کہنا ہے کہ دودھ کی پیداواری لاگت کا تخمینہ 222 روپے لیٹر لگایا گیا ہے جو دراصل 242 روپے لیٹرتھا، مسئلہ جو بھی ہے پِس غریب عوام رہے ہیں۔

  • انٹرنیٹ استعمال کرنیوالے کم آمدنی والے افراد کے لیے بڑی خوشخبری

    انٹرنیٹ استعمال کرنیوالے کم آمدنی والے افراد کے لیے بڑی خوشخبری

    امریکا میں انٹرنیٹ سروس فراہم کرنے والی 20 کمپنیاں کم آمدن شہریوں کو رعایتی قیمت پر سروسز فراہم کرنے پر متفق ہوگئیں ہیں۔

    وائٹ ہاؤس کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق بائیڈن انتظامیہ اور ملک میں انٹرنیٹ سروس فراہم کرنے والی بیس بڑی کمپنیوں  کے درمیان سستا اور تیز ترین انٹرنیٹ فراہم کرنے کا معاہدہ طے پاگیا ہے، جس کے تحت کمپنیاں دیہی اور کم آمدن والے علاقوں میں شہریوں کو تیز ترین انٹرنیٹ سروسز فراہم کریں گی یا قیمتوں میں کمی کی جائے گی۔

    معاہدے کے تحت کم آمدن گھرانوں کو 30 ڈالر فی کس سبسڈی دی جائے گی، جس سے 48 ملین امریکی گھرانے مستفید ہوسکیں گے۔

    یہ بھی پڑھیں: انٹرنیٹ میں سست روی کی وجہ سامنے آگئی

    خیال رہے کہ امریکی صدر جو بائیڈن کی امریکی شہریوں کو تیز رفتار انٹرنیٹ تک رسائی فراہم کرنا اولین ترجیح رہی ہے، اور وہ متعدد بار کہہ چکے ہیں کہ تیز رفتار انٹرنیٹ سروس پرتعیش چیز نہیں بلکہ یہ ایک ضرورت ہے۔

    ان کا کہنا ہے کہ متوسط اور غریب گھرانوں کو تیز رفتار انٹرنیٹ تک رسائی میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے، کورونا وبا کے دوران ان کے بچوں کو فاصلاتی تعلیم اور اپنے اسائمنٹ کو مکمل کرنے میں بھی دشواری درپیش تھی۔

  • عمرہ زائرین کیلیے اچھی خبر

    عمرہ زائرین کیلیے اچھی خبر

    سعودی حکومت نے سفری پابندیوں میں نرمی کردی ہے اب 40 سال سے کم عمر مرد بغیر فیملی کے بعد عمرہ ادا کرسکیں گے۔

    سعودی حکومت نے سفری پابندیوں میں نرمی کا اعلان کیا ہے۔ اس حوالے سے سعودی سفارتخانے نے عمرہ ادائیگی سے متعلق سرکلر جاری کیا ہے۔

    سعودی سفارتخانے کے جاری سرکلر کے مطابق اب 40 سال سے کم عمر مرد بغیر فیملی کے بھی عمرہ ادا کرسکیں گے۔

    No description available.

    سرکلر کے مطابق 45 سال سے کم عمر خواتین کے بغیر محرم عمرہ ادائیگی کی پابندی بھی ختم کردی گئی ہے اور اب 45 سال سے کم عمر خواتین محرم کے بغیر بھی عمرہ ادائیگی کیلیے حجاز مقدس جاسکتی ہیں۔

    واضح رہے کہ سعودی عرب نے اس سے قبل ہر قسم کے انٹری ویزے رکھنے والے افراد کو عمرہ کرنے کی اجازت دینے کا اعلان کیا تھا۔

    مزید پڑھیں: سعودی عرب نے عمرہ زائرین کو بڑی خوشخبری سنادی

    اس کے لیے سعودی وزارت حج عمرہ نے عمرہ بکنگ کے لیے تین مراحل وضع کیے ہیں۔

    پہلا مملکت میں داخلے کا ویزا حاصل کرنا، دوسرا رجسٹریشن کے وقت اس کی معیاد کو یقینی بنانا اور تیسرا مرحلہ ایپلیکیشن پر اپائنٹمنٹ بک کرانا ہے۔

    سعودی وزارت حج و عمرہ کے مطابق مملکت سے باہر سے آنے والے زائرین کو عمرہ کی ادائیگی کے لیے ایپ کے ذریعے اپائنٹمنٹ بُک کرانا ہوگی۔ عمرہ اپائنٹمنٹ بکنگ کے زیادہ سے زیادہ چھ گھنٹے کے اندر سعودی عرب میں داخل ہونا لازمی ہوگا بصورت دیگر عمرے کی اجازت خود بخود منسوخ ہو جائے گی۔

  • سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری

    سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری

    سرکاری ملازمین کی یکم مارچ سے تنخواہوں میں 15 فیصد اضافہ ہوگا وزارت خزانہ کی جانب سے نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق وفاقی سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں فرق کم کرنےکامعاملہ طےہوگیا ہے۔

    سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 15 فیصد اضافہ ہوگا جس کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے، تنخواہوں میں یہ اضافہ یکم مارچ سے کیا جائیگا۔

    وزارت خزانہ نے 15 فیصد خصوصی الاؤنس کا نوٹیفکیشن جاری کیا ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ گریڈ ایک سے19 تک کے سول ملازمین کو یکم مارچ سے الاؤنس ملے گا۔

    وزارت خزانہ نےتمام متعلقہ وزارتوں کومراسلہ جاری کر دیا ہے تاہم پہلے سےہی 100 فیصد یا زیادہ الاؤنس لینےوالے اس اضافے سے مستفید نہیں ہوں گے۔

    واضح رہے کہ حکومت نے رواں ماہ کے آغاز میں ہی کم تنخواہ والے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کا اعلان کیا تھا۔

    مزید پڑھیں: حکومت کا سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کا اعلان

    حکومت نے کم تنخواہ والے سرکاری ملازمین کی تنخواہ میں 15 فیصد اضافے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ تنخواہوں میں اضافے کا اطلاق یکم مارچ سے ہوگا۔

  • انگریزی نہ جاننے والے واٹس ایپ صارفین کے لیے خوشخبری

    انگریزی نہ جاننے والے واٹس ایپ صارفین کے لیے خوشخبری

    واٹس ایپ انتظامیہ نے اپنی زبان کی پالیسی میں تبدیلی کی ہے اور 60 سے زیادہ زبانوں کو اینڈرائیڈ پراور40 کو آئی او ایس پر مربوط کیا ہے۔

    دنیا بھر میں رابطوں کے لیے سب سے واٹس ایپ سب سے مقبول پلیٹ فارم ہے اور ہر وہ شخص جو اینڈرائیڈ فون رکھتا ہے تقریباْ ناممکن ہے کہ وہ واٹس ایپ استعمال نہ کرتا ہو۔

    صرف پاکستان نہیں دنیا کے بیشتر ممالک میں کروڑوں ایسے صارفین ہیں جو انگریزی نہیں جانتے تو آپ واٹس ایپ کا استعمال کرتے ہیں لیکن انگریزی سے نابلد ہیں تو کوئی فکر نہیں یہ طریقہ استعمال کرکے اپنی زبان میں واٹس سے مستفید ہوں۔

    ایسے صارفین کے لیے واٹس ایپ انتظامیہ نے اپنی زبان کی پالیسی میں تبدیلی کی ہے اور 60 سے زیادہ زبانوں کو اینڈرائیڈ پراور40 کو آئی او ایس پر مربوط کیا ہے۔

    واٹس ایپ جن بہت سی زبانوں کو سپورٹ کرتا ہے، ان میں سے بہت سی علاقائی زبانیں ہیں جو ہر 1000 کلومیٹر کے فرق میں ابھرتی ہیں ان زبانوں میں ہندی، پنجابی، بنگالی، مراٹھی اور دیگر بہت سی زبانیں شامل ہیں۔

    لیکن یہاں آپ کو یہ واضح کرتے چلیں کہ واٹس ایپ صارفین کو واٹس ایپ سیٹنگ سے زبان کو تبدیل کرنے کی اجازت نہیں دیتا، لیکن آپ اپنے فون کی زبان تبدیل کر سکتے ہیں لیکن یہ تبدیلی صرف واٹس ایپ نہیں بلکہ دیگر ایپس پر بھی لاگو ہوگی۔

    تو اگر آپ اپنی زبان میں واٹس ایپ کا استعمال کرنا چاہتے ہیں اپنے واٹس ایپ اکاؤنٹ کو ذاتی نوعیت کا بنانا چاہتے ہیں اور اپنی رابطہ فہرست کے اندر اپنی پسند کی مقامی زبان میں بات چیت کرنا چاہتے ہیں تو اس کا طریقہ ہم آپ کو بتاتے ہیں۔

    فون کی زبان

    سب سے پہلے فون کی سیٹنگز میں جائیں، پھر سسٹم کا انتخاب کریں، وہاں لینگویج اور ان پٹ پر ٹیپ کریں۔

    ورچوئل کی بورڈ منتخب کریں اور کی بورڈ (جی بورڈ یا پلے اسٹور سے کوئی دوسرا کی بورڈ) منتخب کریں۔

    اب واٹس ایپ کھولیں اور وہ کی بورڈ منتخب کریں جسے آپ مطلوبہ زبان کے ساتھ استعمال کرنا چاہتے ہیں۔ آپ زبان کے لحاظ سے کی بورڈ کے درمیان ٹوگل بھی کر سکتے ہیں۔

    واٹس ایپ

    پلے اسٹور کھولیں اور کی بورڈ ڈاؤن لوڈ کریں جو اس زبان کو سپورٹ کرتا ہے جس میں آپ لکھنا چاہتے ہیں۔

    ڈاؤن لوڈ ہونے پر کنفیگریشن پاپ اپ میں کی بورڈ تک مکمل رسائی کی اجازت دیں۔

    واٹس ایپ لانچ کریں اور اپنی سہولت کے مطابق کی بورڈ کا انتخاب کریں۔

    مقامی زبان کو استعمال کرنے کے دوسرے طریقے بھی ہیں

    آپ گوگل ٹرانسلیٹ ایپ کی مدد لے سکتے ہیں اور جیسے ہی آپ ٹائپ کریں ٹیکسٹ کا ترجمہ کر سکتے ہیں۔

    بس گوگل ٹرانسلیٹ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں > مینو > سیٹنگز > ترجمہ کرنے کے لیے ٹیپ کریں۔

  • متحدہ عرب امارات سے پاکستان اور بھارت آنے والوں کے لیے خوشخبری

    متحدہ عرب امارات سے پاکستان اور بھارت آنے والوں کے لیے خوشخبری

    شارجہ میں قائم ایئر عربیہ نے برصغیر پاک وہند، مشرق وسطیٰ اور دیگر ممالک کے ایک درجن سے زائد شہروں کے لیے خصوصی کم کرایوں کا اعلان کیا ہے۔

    نئے اعلان کردہ کرایوں کے مطابق ریٹرن اکانومی کلاس کے لیے ٹکٹ کی کم از کم قیمت 760 درہم مقرر کی گئی ہے تاہم بجٹڈ کیریئر کے مطابق مسافروں کو اس پیشکش سے فائدہ اٹھانے کے لیے اتوار بیس فروری سے قبل ٹکٹ بک کروانا ہوں گے۔

    پاکستان جانے والوں کے لیے کراچی، سیالکوٹ اور فیصل آباد کے لیے مسافر بالترتیب 849، 949 اور 1040 درہم تک ریٹرن اکانومی کلاس ٹکٹ بک کرسکتے ہیں۔

    بھارت جانے کے خواہشمندوں کے لیے کوچی کے لیے 760 درہم، دہلی اور ممبئی 900درہم، احمد آباد کے لیے 1050 درہم اور بنگلورو کے لیے 1150 درہم میں ریٹرن ٹکٹ خریدا جاسکتا ہے۔

    کم لاگت والی یہ فضائی کمپنی متحدہ عرب امارات میں شارجہ اور راس الخیمہ سے کام کرتی ہے۔

    ایئر عربیہ نے مصر کے شہر اسکندریہ کے لیے 900 اور قاہرہ کے لیے 1050 درہم قیمت مقرر کی ہے۔

    ایئر عربیہ کے مطابق آرمینیا کے دارالحکومت یریوان کے لیے اکانومی کلاس کا ریٹرن ہوائی ٹکٹ 995 درہم سے شروع ہوتا ہے جب کہ 1400 درہم بیروت اور تبلیسی اور 1526 درہم ماسکو کے لیے ہے۔

  • خوشخبری، دوسرا ٹی ٹوئنٹی وہیل چیئر کرکٹ ایشیا کپ پاکستان میں‌ہوگا

    خوشخبری، دوسرا ٹی ٹوئنٹی وہیل چیئر کرکٹ ایشیا کپ پاکستان میں‌ہوگا

    دوسرے ٹی ٹوئنٹی وہیل چیئر کرکٹ ایشیا کپ کی میزبانی پاکستان کو مل گئی ہے ٹورنامنٹ آئندہ سال جنوری فروری میں منعقد ہوگا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق دوسرے ٹی ٹوئنٹی وہیل چیئر کرکٹ ایشیا کپ کی میزبانی دفاعی چیمپئن پاکستان کو مل گئی ہے ٹورنامنٹ آئندہ برس جنوری فروری میں ہوگا۔

    ترجمان پاکستان وہیل چیئر کرکٹ کونسل نے بتایا کہ اس بات کا فیصلہ دوسرے سالانہ اجلاس میں کیا گیا۔

    ترجمان کے مطابق ویڈیو لنک پر ہونے والے اجلاس میں پاکستان کو میزبانی کی منظوری دی گئی۔

    ترجمان نے بتایا کہ دوسرےٹی20ایشیاکپ میں8ایشیائی ممالک کی ٹیمیں شرکت کرینگی۔

    جو ٹیمیں اس ٹورنامنٹ میں شرکت کریں گی ان میں پاکستان کے علاوہ بھارت، بنگلادیش، نیپال، افغانستان، سری لنکا،ایران اور کمبوڈیا شامل ہیں۔

    ترجمان کے مطابق ایشیا کپ آئندہ سال جنوری اور فروری میں پاکستان کے5 شہروں میں منعقدہوگا۔

    پاکستان اس ٹورنامنٹ میں اپنے اعزاز کا دفاع کرے گا۔

    واضح رہے کہ پہلا ٹی ٹوئنٹی وہیل چیئر کرکٹ ایشیا کپ پاکستان نے جیتا تھا۔

    یہ ٹورنامنٹ نیپال کے دارالحکومت کھٹمنڈو میں کھیلا گیا تھا جس میں پاکستان کے علاوہ بھارت، بنگلہ دیش اور نیپال کی ٹیموں نے شرکت کی تھی۔

    فائنل میں پاکستان نے روایتی حریف بھارت کو شکست دے کر ایشیائی چیمپئن کا اعزاز حاصل کیا تھا۔

    بھارت نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 212 رنز بنائے تھے، جواب میں پاکستان نے محمد لطیف کی شاندار سنچری کی بدولت مطلوبہ ہدف 5وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا تھا۔

    محمد لطیف نے 62 گیندوں پر 152 رنز کی دھواں دھار اننگ کھیلی تھی۔

  • سوئی گیس کے ستائے شہریوں کے لیے خوشخبری، لکڑی کا چولہا تیار

    سوئی گیس کے ستائے شہریوں کے لیے خوشخبری، لکڑی کا چولہا تیار

    جلال پور بھٹیاں میں ایک کاریگر نے سوئی گیس کی قلت اور مہنگی ایل پی جی کو توڑ نکالتے ہوئے لکڑی کا چولہا تیار کرلیا۔

    ملک بھر میں گیس کی شدید قلت اور مہنگی ایل پی جی نے عوام کے حقیقت میں چولہے ٹھنڈے کیے ہوئے ہیں، اس کا حل ڈھونڈا ہے پنجاب کے شہر جلال پور بھٹیاں کے شہری نے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق جلال پور بھٹیاں کے ایک کاریگر نے ہاتھ سے اسٹیل سے بلور والا چولہا بنایا ہے، جو کوئلے اور لکڑی دونوں سے چل سکتا ہے۔

    چولہا بنانے والے کاریگر نے بتایا کہ چولہے میں نہ صرف کوئلہ بلکہ لکڑی کا ایک چھوٹا ٹکڑا ڈال کر اسے ایک گھنٹہ تک جلایا جاسکتا ہے۔
    کاریگر کے مطابق چولہے کی تیاری میں نصف گھنٹہ صرف ہوتا ہے۔

     

    گیس کی قلت اور مہنگی ایل پی جی کے ستائے عوام کے لیے یہ چولہا کسی نعمت سے کم نہیں یہی وجہ ہے کہ یہ لوگوں میں‌چولہا مقبولیت حاصل کررہا ہے اور لوگوں کی بڑی تعداد یہ چولہا خرید کراپنی ضرورت پوری کررہی ہے۔

  • کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے لیے آگئی اچھی خبر!

    کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے لیے آگئی اچھی خبر!

    اسٹار آل راؤنڈر شاہد آفریدی نے کورونا سے چھٹکارا پالیا ہے اور اب وہ پاکستان سپر لیگ سیون کے اگلے میچوں میں اپنی ٹیم کوئٹہ گلیڈیئٹر کو دستیاب ہوں گے۔

    پاکستان سپرلیگ شروع ہوا تو شائقین کے ساتھ کوئٹہ گلیڈیئٹر کو بھی سخت دھچکا لگا جب شاہد آفریدی کورونا وبا کا شکار ہونے کے باعث قرنطینہ میں چلے گئے، لیکن اب کوئٹہ گلیڈیئٹر کے ساتھ شائقین کرکٹ کے لیے بھی اچھی خبر آگئی ہے۔

    شاہد آفریدی کورونا سے چھٹکارا پانے کے بعد آئندہ میچوں میں اپنی ٹیم کے لیے میدان میں موجود ہوں گے۔

    ٹیم مینیجر اعظم کے مطابق شاہد آفریدی نے اپنا آئسولیشن پیریڈ مکمل کرلیا ہے اور وہ کل ٹیم ہوٹل آجائیں گے جہاں ان کا اینٹی جین ٹیسٹ ہوگا۔

    ٹیم منیجر نے بتایا کہ ٹیسٹ کی رپورٹ منفی آنے پر شاہد آفریدی کو تین روزہ قرنطینہ کے عمل سے نہیں گزرنا ہوگا۔
    منیجر اعظم کے مطابق رپورٹ منفی آنے کے بعد وہ تین فروری کے میچ کے لیے ٹیم کو دستیاب ہوں گے۔

    واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ کے آغاز سے قبل شاہد آفریدی کی کورونا رپورٹ مثبت آنے کے بعد انہوں نے خود کو اپنے گھر میں قرنطینہ کرلیا تھا جب کہ کوئٹہ گلیڈیئٹر نے ان کی جگہ حسان خان کو متبادل کے طور پر شامل کرنے کی درخواست کی تھی جو منظور ہوگئی تھی۔

    مزید پڑھیں: شاہدآفریدی کا کرونا ٹیسٹ مثبت آگیا

  • سعودی عرب نے اقامہ ہولڈرز کو خوشخبری سنادی

    سعودی عرب نے اقامہ ہولڈرز کو خوشخبری سنادی

    خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی ہدایت پر محکمہ پاسپورٹ نے بیرون مملکت پھنسے ہوئے مقیم غیرملکیوں کے اقاموں اورخروج وعودہ ویزوں (ایگزٹ ری انٹری) میں31 مارچ تک توسیع کی کارروائی شروع کی ہے۔

    شاہی ہدایت پر یہ توسیع مقابل مالی اور فیس کے بغیر کی جارہی ہے۔ سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق محکمہ پاسپورٹ نے بیان میں کہا کہ ’اقاموں اور خروج و عودہ ویزوں میں توسیع خودکار سسٹم کے تحت ہوگی اور یہ کام نیشنل انفارمیشن سینٹر کے تعاون سے کیا جائے گا۔

    غیرملکیوں یا ان کے سپانسرز کو محکمہ پاسپورٹ کے دفاتر آنا ہوگا نہ بیرون مملکت سعودی سفارتخانوں یا قونصلیٹ سے رجوع کرنا ہوگا۔

    بیان میں محکمہ پاسپورٹ نے بتایا کہ بیرون مملکت موجود ان مقیم غیرملکیوں کے اقاموں اور خروج و عودہ ویزوں میں توسیع ہوگی جو ایسے ممالک میں قیام پذیر ہوں گے جہاں سے کورونا وبا کے باعث مملکت آمد پر پابندی لگی ہوئی ہے۔

    اس توسیع سے وہ مقیم غیرملکی مستثنی ہوں گے جو مملکت سے نکلنے سے قبل یہاں کورونا ویکسین کی ایک خوراک لے چکے ہوں گے۔

    محکمہ پاسپورٹ کے مطابق ’بیرون مملکت ان وزیٹرز کے وزٹ ویزوں میں توسیع ہوگی جن کے ویزے وزارت خارجہ سے جاری کیے گئے ہوں اور ان کا تعلق ان ممالک سے ہو جہاں سے کورونا وبا کے باعث مملکت آمد پر پابندی ہے۔ ان کے ویزوں میں توسیع بھی31 مارچ 2022 تک ہوگی۔

    یاد رہے کہ اقاموں، خروج و عودہ اور وزٹ ویزوں میں توسیع کا فیصلہ بین الاقوامی وبا کے منفی اثرات سے نمٹنے کی مملکت کی کوششوں کا حصہ ہے۔