Tag: Goodwill Ambassador

  • مہوش حیات لڑکیوں کے حقوق کے لیے خیر سگالی سفیر مقرر

    مہوش حیات لڑکیوں کے حقوق کے لیے خیر سگالی سفیر مقرر

    معروف اداکارہ مہوش حیات کو پاکستان میں لڑکیوں کے حقوق کے لیے خیر سگالی سفیر مقرر کردیا گیا۔ مہوش حیات پاکستان بھر میں لڑکیوں کے حقوق اور ان کی تعلیم کے لیے کام کریں گی۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ویڈیو جاری کرتے ہوئے مہوش حیات نے بتایا کہ وزارت انسانی حقوق حکومت پاکستان نے انہیں پاکستان میں لڑکیوں کے حقوق کے لیے خیر سگالی سفیر مقرر کیا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ یہ میرے لیے نہایت فخر کی بات ہے کہ میں لڑکیوں کو ان کے حقوق دلوانے میں ایک اہم کردار ادا کرسکوں۔ میں ایسا پاکستان دیکھنا چاہتی ہوں جہاں لڑکیوں کو تعلیم حاصل کرنے کے مواقع دیے جائیں۔

    مہوش نے کہا کہ آپ سب بھی اس مشن میں میرا ساتھ دیں کیونکہ میرا ماننا ہے کہ اگر لڑکیوں کو ان کے حقوق دیے جائیں تو وہ دنیا بدل سکتی ہیں۔

    مہوش حیات نے یہ اعلان لڑکیوں کے عالمی دن کے موقع سے ایک روز قبل کیا۔ وہ پہلے ہی ملک بھر میں مختلف اداروں کے ساتھ مل کر لڑکیوں کی تعلیم کے لیے کام کر رہی ہیں۔

    مہوش گزشتہ کچھ عرصے سے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی بربریت کے خلاف کھل کر بولتی نظر آئیں۔ انہوں نے کئی بین الاقوامی فورمز پر بھی اپنا نقطہ نظر بیان کیا جبکہ کئی مواقعوں پر وہ بالی ووڈ میں مسلمانوں کو غلط انداز میں پیش کیے جانے اور بھارتی اداکاروں کے دوغلے رویوں پر بھی بات کرتی نظر آئیں۔

    انہوں نے بھارتی اداکارہ پریانکا چوپڑا کو بھی اس وقت تنقید کا نشانہ بنایا جب وہ اقوام متحدہ میں امن کی خیر سگالی سفیر ہونے کے باوجود کھل کر لائن آف کنٹرول پر بھارتی بربریت کی حمایت کرتی رہیں۔

  • شہزاد رائے اقوام متحدہ کے سفیر مقرر

    شہزاد رائے اقوام متحدہ کے سفیر مقرر

    کراچی: اقوام متحدہ کے ادارہ برائے منشیات و جرائم نے پاکستانی معروف گلوکار شہزاد رائے کو اپنا خیر سگالی سفیر مقرر کردیا۔

    یاد رہے کہ شہزاد رائے ماضی میں رومانوی گانے گانے کے بعد اب سماجی خدمات میں مصروف ہیں جبکہ ان کے بنائے ہوئے گانے بھی معاشرتی مسائل اور خرابیوں کی طرف نشاندہی کرتے ہیں۔

    انہیں ان کی سماجی خدمات کے اعتراف میں پاکستان کے اعلیٰ ترین سول اعزاز ستارہ امتیاز سے بھی نوازا جا چکا ہے۔

    یو این او ڈی سی کے ڈائریکٹر نے شہزاد رائے کی تقرری کے موقع پر کہا، ’بطور گلوکار اور سماجی کارکن شہزاد رائے نے اپنے پورے کیرئیر کے دوران غیر قانونی منشیات کی روک تھام کے لیے اپنی پوری کوشش کی ہے‘۔

    ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی عوام میں بطور گلوکار اور خصوصاً نوجوانوں میں ان کی مقبولیت کے ذریعے پاکستان میں منشیات کے خاتمے کی کوششیں کی جاسکیں گی۔

    اپنی تقرری پر شہزاد رائے نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اسے اپنے لیے باعث فخر قرار دیا اور منشیات اور جرائم کے خاتمے کے لیے یو این او ڈی سی کے کام کی تعریف کی۔

    انہوں نے کہا، ’مجھے ان بچوں کو دیکھ کر بہت افسوس ہوتا ہے جب وہ معمولی جرائم، منشیات کے استعمال یا خرید و فروخت کی وجہ سے جیل میں بند ہوتے ہیں۔ اگر میں ان بچوں میں صرف کسی ایک بچے کو بھی جیل سے نکالنے میں کامیاب رہا، اور کسی ایک نوجوان کو بھی منشیات کی لت سے چھٹکارہ دلانے میں مدد فراہم کرسکا تو مجھے فخر ہوگا کہ میں کچھ تبدیلی لے آیا‘۔

    یاد رہے کہ اس سے قبل پاکستان سے معروف مصورہ اور سماجی کارکن منیبہ مزاری کو بھی اقوام متحدہ کی جانب سے خیر سگالی سفیر مقرر کیا جاچکا ہے۔

    منیبہ اقوام متحدہ برائے خواتین (یو این ویمن) کی جانب سے پاکستان میں صنفی مساوات اور خواتین کی خود مختاری کے لیے کام کر رہی ہیں۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔