Tag: google

  • گوگل نے اسرائیلی فوج کے ساتھ ہاتھ ملا لیا، ملازمین سراپا احتجاج بن گئے

    گوگل نے اسرائیلی فوج کے ساتھ ہاتھ ملا لیا، ملازمین سراپا احتجاج بن گئے

    سان فرانسسکو: گوگل نے اسرائیلی فوج کے ساتھ ہاتھ ملا لیا ہے، ایک ارب ڈالر سے زائد کے معاہدے پر ملازمین سراپا احتجاج بن گئے۔

    تفصیلات کے مطابق جمعرات کو امریکی شہر سان فرانسسکو میں گوگل کے دفاتر کے باہر گوگل کے کارکنوں سمیت سیکڑوں افراد نے اسرائیل کے ساتھ ٹیک کمپنی کے منصوبے کے خلاف احتجاج کیا۔

    گوگل نے اسرائیل کے ساتھ 1.2 بلین ڈالر کا معاہدہ کیا ہے، جس کے تحت گوگل اسرائیلی فوج اور حکومت کو کلاؤڈ سروسز فراہم کرے گا۔ جس پر گوگل ملازمین نے دیگر مظاہرین کے ساتھ مل کر سان فرانسسکو میں گوگل دفاتر کے سامنے کمپنی کے نمبس پروجیکٹ کے خلاف سخت احتجاج کیا۔

    مظاہرین نے غزہ میں شہید ہونے والی سافٹ ویئر انجنیئر مائی عبید کے لیے خصوصی احتجاج کیا اور معاہدہ واپس لینے کا مطالبہ کیا، مائی عبید گوگل کے فنڈ سے چلنے والے کوڈنگ بوٹ کیمپ، غزہ اسکائی گیکس کی گریجویٹ تھیں، اور 2020 میں گوگل فار اسٹارٹ اپ ایکسلریٹر پروگرام کا حصہ تھیں۔ انھیں 31 اکتوبر کو غزہ پر حملے میں اپنے پورے خاندان سمیت شہید کر دیا گیا تھا۔

    دوسری جانب اردن کے دارالحکومت عَمان میں نماز جمعہ کے بعد شہریوں کی بڑی تعداد نے غزہ پر اسرائیلی مظالم کے خلاف احتجاجی مظاہرے میں شرکت کی، مظاہرین نے فلسطین کی آزادی کے نعرے لگائے۔

  • گوگل کا غیر فعال جی میل اکاؤنٹس سے متعلق بڑا فیصلہ

    گوگل کا غیر فعال جی میل اکاؤنٹس سے متعلق بڑا فیصلہ

    کیلیفورنیا: سرچ انجن گوگل کی جانب سے یکم دسمبر کے بعد سے غیر فعال جی میل اکاؤنٹس کو بند کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ غیر فعال جی میل اکاؤنٹس کو یکم دسمبر کے بعد بالترتیب بند کر دیا جائے گا۔
    وہ صارفین جنھوں نے متعدد جی میل اکاؤنٹس بنا رکھے ہیں اور انھیں استعمال میں نہیں لایا جا رہا، انھیں بند کرنے سے پہلے وارننگ ای میل بھیجی جائے گی۔

    گوگل کا کہنا ہے کہ غیر فعال جی میل اکاؤنٹس ہیکنگ، فشنگ یا اسپم کی زد میں آ جاتے ہیں کیوں کہ انھیں نئی خصوصیات اور حفاظتی اقدامات کے ساتھ اپ ڈیٹ کرنا مشکل ہوتا ہے، اس لیے یہ فیصلہ سیکیورٹی سے متعلق کسی بھی مسئلے سے محفوظ رہنے کے لیے کیا جا رہا ہے۔

    ادارے کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ وہ اکاؤنٹس اس فیصلے سے مستثنیٰ ہوں گے جو یوٹیوب چینل یا ڈیجیٹل مارکیٹنگ سے جڑے ہوئے ہوں گے۔

    واضح رہے کہ جو لوگ جی میل اکاؤنٹ استعمال کرتے ہیں انھیں 2 سال میں ایک بار لازمی اپنے اکاؤنٹ پر کچھ نہ کچھ کرنا ہوتا ہے، مثلاً کسی ای میل کو ڈھونڈنا، ای میل کو پڑھنا وغیرہ۔

  • گوگل میپ کے 3 نئے فیچرز متعارف

    گوگل میپ کے 3 نئے فیچرز متعارف

    چاہے آپ کسی شہر کے رہائشی ہوں، یا کسی شہر میں اجنبی مہمان بن کر جائیں، گوگل آپ کو ہر جگہ پہنچنے کا آسان ترین راستہ بتاسکتا ہے۔

    گوگل میپ کی سروس اپڈیٹ ہونے والی ہے جس کے ذریعے اس سروس کی افادیت کو مزید بہتر بنایا جاسکتا ہے۔

    کمپنی 3 اہم فیچرز کا اضافہ کرنے والی ہے جس میں پہلا فیچر گلینس ایبل ڈائریکشنز کا ہے، یہ فیچر اس سروس کے استعمال میں سب سے بڑی تبدیلی قرار دی جارہی ہے۔

    دیکھا جاتا ہے کہ عام طور پر صارفین لائیو اپ ڈیٹ کےلیے میپ میں لوکیشن ڈال کر سفر شروع کرتے ہیں اور سفر کے ساتھ ساتھ میپ ان کو یہ بتاتا جاتا ہے کہ کس موڑ پر مڑنا ہے یا کونسا راستہ اختیار کرنا ہے۔

    اس فیچر کے بعد یہ سب معلومات بطور پری ویو دیکھی جا سکیں گی، اگر صارف کسی بتائے گئے رستے سے ہٹ کر چلنے لگے تو نقشے کی جانب سے دوسرا رستہ تجویز کردیا جائے گا۔

    اس کے علاوہ فیچر کے ساتھ فون کا لاک کھولے بغیر بھی اپ ڈیٹ دیکھی جاسکیں گی۔

    اس فیچر کے علاوہ گوگل ڈیسک ٹاپ کے لیے ری سینٹس نام کا فیچر بھی متعارف کروائے گا، یہ فیچر میپ پر تلاش کی گئی جگہوں کو خود بخود ایک جگہ اکٹھا کر دے گا۔ اس کے اندر ٹولز کی مدد سے صارف اپنی منزلوں کے لیے مرضی کا راستہ بنا سکیں گے اور جگہوں کا انتخاب دوسروں کے ساتھ شیئر کر سکیں گے۔

    متعارف کروایا جانے والا تیسرا اور آخری فیچر ایمرسیو ویو کا ہوگا، آئی او ایس اور اینڈرائڈ میپ کے لیے گوگل کی مصنوعی ذہانت سے چلنے والا یہ فیچر تصاویر کو ملا کر دنیا کا ہمہ پہلو نظارہ تشکیل دے گا۔

  • گوگل ڈوڈل سعودی ناول نگار کے نام

    گوگل ڈوڈل سعودی ناول نگار کے نام

    ریاض: معروف سعودی ناول نگار عبدالرحمٰن منیف کی 90 ویں سالگرہ کے موقع پر سرچ انجن گوگل نے اپنا ڈوڈل ان کے نام کردیا۔

    اردو نیوز کے مطابق سرچ انجن گوگل نے سعودی عرب کے ناول نگار عبدالرحمٰن منیف کی 90 ویں سالگرہ کے موقع پر گوگل ڈوڈل جاری کیا ہے۔

    گوگل کا کہنا ہے کہ سعودی ناول نگار، ناقد، دانشور اور صحافی عبدالرحمٰن منیف کی یاد میں ڈوڈل جاری کیا گیا ہے۔

    منیف سے متعلق گوگل کا ڈوڈل متحدہ عرب امارات، سعودی عرب، اردن، عراق، مصر، لیبیا، الجزائر اور مراکش میں دیکھا گیا۔

    گوگل نے سعودی ناول نگار کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے مختصر سا پیغام بھی جاری کیا جس میں تحریر تھا، عبدالرحمٰن منیف کا یوم پیدائش مبارک، آپ نے عربی ادب کی گراں قدر خدمات انجام دیں، عرب ادب میں آپ کے تعاون، سماجی و سیاسی مسائل کے تجزیے کے لیے آپ کا شکریہ۔

    عبدالرحمٰن منیف کون ہیں؟

    سعودی ناول نگار عبدالرحمٰن منیف 1933 میں اردنی دارالحکومت عمان میں پیدا ہوئے، ان کے والدین سعودی تھے۔

    انہوں نے ابتدائی اور یونیورسٹی کی سطح کی تعلیم اردن میں حاصل کی، 1952 میں قانون کی تعلیم کےلیے بغداد یونیورسٹی گئے اور پھر قاہرہ یونیورسٹی سے اعلیٰ تعلیم حاصل کی۔

    سنہ 1961 میں یونیورسٹی آف بلغراد سے پیٹرولیم اکنامکس میں پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کی، عملی زندگی کے آغاز میں بغداد میں آئل انڈسٹری میں ماہر اقتصادیات کے طور پر کام کیا، بعد ازاں شام اور اوپیک میں تیل کی وزارتوں کے لیے کام کیا۔

    عراق میں قیام کے دوران وہ ایک ماہنامہ کے مدیر رہے، انہیں بچپن سے ہی ادب اور لکھنے سے دلچسپی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ ادب کا کام شعور بیدار کرنا ہے۔

    عبدالرحمٰن منیف نے اپنی پہلی کتاب منظر عام پر آنے سے قبل کئی مختصر کہانیاں بھی لکھی ہیں۔

    انہوں نے سنہ 1973 میں اپنا پہلا ناول شائع کیا، ان کی کتاب نمک کے پانچ شہر سب سے معروف ہے جس میں انہوں نے بتایا کہ تیل کے دور میں عرب دنیا کیسے بدلی۔

    عبد الرحمٰن منیف کے 15 ناولوں اور افسانوں کا 10 سے زیادہ زبانوں میں ترجمہ ہوچکا ہے، انہوں نے اپنی تحریروں کے لیے کئی ایوارڈ بھی حاصل کیے۔

  • عالمی یوم خواتین پر گوگل کا بڑا اعلان

    عالمی یوم خواتین پر گوگل کا بڑا اعلان

    کراچی : گوگل  نے عالمی یوم خواتین پر پاکستان میں ویمن ٹیک میکرز(ڈبلیو ٹی ایم) ایونٹس کی میزبانی کا اعلان  کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق گوگل  نے عالمی یوم خواتین پر پاکستان میں 1550 سے زائد خاتون ڈیویلپرز کی معاونت کے لیے 7 ویمن ٹیک میکرز ایونٹس کی میزبانی کا اعلان  کردیا۔

    گوگل اس سال، پاکستان میں سات ویمن ٹیک میکرز(ڈبلیو ٹی ایم) ایونٹس منعقد کرے گا تاکہ پانچ شہروں میں 1,550سے زائد خاتون ڈیویلپرز کو اعانت فراہم کی جا سکے اور اْنھیں بااختیار بنایا جا سکے۔

    ویمن ٹیک میکرز خواتین کے لیے روئیت، کمیونٹی اور وسائل فراہم کرنے کے لیے گوگل کا ایک عالمی اقدام ہے۔

    یہ سات ایونٹس ریلیوں، ورکشاپس، نیٹ ورکنگ ایونٹس اور کانفرنسوں کی صورت میں منعقد ہوں گے اور مارچ سے مئی تک جاری رہیں گے، جس میں تیکنکی مہارت، اور ٹیکنالوجی سمیت مختلف شعبوں میں خواتین کو درپیش منفرد چیلنجوں پرقابو پانے کے لیے تربیت فراہم کی جائے گی۔

    اس سلسلے کا پہلا ایونٹ 8 مارچ، 2023ء کوعالمی یوم خواتین کے موقع پر منعقد کیا گیا۔

    اس سال،عالمی یوم خواتین کے موقع پر ویمن ٹیک میکرز کا موضوعDareToBe # ہے، جس کے ذریعے ہم خواتین کو بڑے خواب دیکھنے، خطرات مول لینے کی ہمت کرنے اور اعتماد برقرار رکھنے کی ترغیب دیتے ہیں۔

    خواہ یہ جرأتمندنہ، لچکدار اور اختراعی ہو، ہم ہر ایک کو اُن تمام طریقوں کے بارے میں سوچنے کی دعوت دیتے ہیں جن سے وہ سنہ 2023ء میں ”ڈئیرٹوبی“ (DareToBe)کریں گیں۔ مقامی ویمن ٹیک میکر ایمبیسیڈرز گوگل کے تعاون سے ایونٹس کی میزبانی کریں گیں۔

    ویمنٹ ٹیک میکر ایمبیسڈر پروگرام ٹیکنالوجی کے شعبے میں ایسی خواتین کی اعانت کرتا ہے، جو اثر پیدا کرنا چاہتیں ہیں اور اپنی کمیونٹیز کو لوٹانا چاہتیں ہیں اور ایک سفیر کے طور پر وہ سہ ماہی بنیادوں پر ایک یا زیادہ قائدانہ سرگرمیوں میں حصہ لے کر اپنی کمیونٹیز کے ساتھ مشغول ہوں گی۔

    اس بارے میں گوگل کے ریجنل ڈائریکٹر برائے پاکستان، بنگلہ دیش اور سری لنکا، فرحان ایس قریشی نے کہا:”ویمن ٹیک میکرز اپنی ایمبیسڈرزکے تعاون س منعقد کی جانے والی یہ تقریبات نہ صرف ٹیکنالوجی میں خواتین کی کامیابیوں کا اعتراف ہوں گی بلکہ مزید خواتین کی حوصلہ افزائی بھی کریں گیں کہ وہ بھی تیزی سے بڑھتی ہوئی ٹیک انڈسٹری میں شامل ہوں۔

    ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ برسوں کے دوران، ڈبلیو ٹی ایم اور اس کی ایمبیسیڈرز نے متعدد ایونٹس منعقد کیے ہیں جن سے خاتون ڈیویلپرز کو اُن کی حقیقی اور مکمل صلاحیت تک پہنچنے میں مدد ملی ہے۔

    فرحان ایس قریشی  نے بتایا کہ یہ پروگرام ٹیکنالوجی کے شعبے میں تنوع، مساوات اور شمولیت کو فروغ دے گا جو گوگل کا بنیادی مشن ہے۔

    گزشتہ برس منعقد کیے گئے ایک پروگرام کی شریک، مناہل قریشی نے ڈبلیو ٹی ایم میں اپنے تجربے کو یاد کرتے ہوئے کہا:”مقررین کے سیشن تعلیم، خاتون افرادی قوت، کمیونٹی کی تعمیر اور پاکستانی ٹیک میں خواتین کے لیے مستقبل کے امکانات کے حوالے سے بھرپور گفتگو پر مشتمل تھے۔

    مقررین نے انٹر ایکٹو مباحثوں اور بعد دلچسپ سوال و جواب کے سیشنز کے ساتھ آغاز کیا۔ تقریب کا ماحول بہت پرجوش اور مثبت تھا۔“

    اس سال ہمارے ڈبلیو ٹی ایم ایونٹس، پچھلے سال کے حوصلہ افزا نتائج پر تیار کیے گئے ہیں جن میں ہم نے ڈبلیو ٹی ایم سیشنز کے ایک سلسلے کے ذریعے پاکستان بھر میں 800 سے زائد خاتون ڈیویلپرز کو تربیت دی۔

    تقریبات میں، جو عالمی یوم خواتین کی تقریبات کے ایک جزو کے طور پر منعقد کیں گئیں تھیں، ان میں آن لائن تحفظ کے ساتھ کوڈنگ اور پریزینٹیشن کی مہارت جیسے اہم موضوات کا احاطہ کیا گیا تھا۔

    سنہ 2023ء کے ڈبلیو ٹی ایم سیشنز 8 مارچ،2023ء سے شروع ہو چکے ہیں اور پورے پاکستان میں 29 اپریل، 2023ء تک جاری رہیں گے۔ مزید معلومات کے لیے براہ مہربانی https://sites.google.com/view/iwd-wtm-2023-pakistan کا دورہ کیجیے

  • ایپل، گوگل اور ایمازون کے حوالے سے بری خبر

    ایپل، گوگل اور ایمازون کے حوالے سے بری خبر

    بڑی امریکی ٹیکنالوجی کمپنیوں کے حوالے سے بری خبر ہے کہ شیئر مارکیٹ میں ان کی حصص میں نمایاں کمی واقع ہو گئی ہے۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایپل، گوگل اور ایمازون کے حصص میں کمی واقع ہو گئی ہے، ان کمپنیوں کی جانب سے اپنی آمدن کے مایوس کن اعداد و شمار ظاہر کرنے کے بعد اس سیکٹر میں ترقی کے حوالے سے تشویش بڑھ گئی ہے۔

    جمعہ کو امریکی اسٹاک مارکیٹ نیسڈیک میں ایمازون اور گوگل کے حصص کی قیمت میں کمی واقع ہوئی، تاہم ایپل کے حصص کی قدر میں کمی کے بعد اضافے کا رجحان دیکھا گیا۔

    دوسری طرف امریکا میں 5 لاکھ سے زائد روزگار کے مواقع متعارف ہونے کے بعد بھرتیوں کے عمل میں تیزی آ گئی ہے، تاہم شرح سود میں اضافے سے متعلق ایک مرتبہ پھر تشویس پائی گئی ہے، اگرچہ ڈالر کی قدر میں مزید اضافہ ہو رہا ہے۔

  • پاکستان میں گوگل ایپلیکیشن سروسز معطل ہونے کا خدشہ

    پاکستان میں گوگل ایپلیکیشن سروسز معطل ہونے کا خدشہ

    اسلام آباد: وفاقی وزیر آئی ٹی نے پاکستان میں پیڈ گوگل ایپلی کیشن سروسز معطل ہونے کا خدشہ ظاہر کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر آئی ٹی سید امین الحق نے وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو خط لکھ کر اس خدشے کا اظہار کیا ہے کہ اسٹیٹ بینک کے اقدام سے پاکستان میں پیڈ گوگل ایپلیکیشن سروسز معطل ہو جائیں گی۔

    امین الحق کے مطابق کچھ روز قبل ٹیلی کام آپریٹرز کی جانب سے وزارت آئی ٹی کو خط لکھا گیا تھا، جس میں اسٹیٹ بینک کی جانب سے گوگل کو ادائیگی روکنے کے حوالے سے خدشات کا اظہار کیا گیا تھا، معاملے کی سنگینی پر تمام اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کے بعد وزارت خزانہ کو مراسلہ لکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔

    وفاقی وزیر نے خط میں لکھا کہ ٹیلی کام انڈسٹری پہلے ہی مشکلات کا شکار ہے، اس طرح کے فیصلے معاملات مزید خراب کر سکتے ہیں، اسٹیٹ بینک کی جانب سے ادائیگی روکنے سے پاکستان میں پیڈ گوگل ایپلی کیشن سروسز معطل ہوجائیں گی، اور فری گوگل ایپلیکیشنز کی سروسز برقرار رہیں گی۔

    ایپل کو ٹکر، اسمارٹ فونز کے حوالے سے ایلون مسک کا اعلان

    امین الحق کا کہنا تھا کہ بین الاقوامی اداروں کو ادائیگی روکنے کا عمل پاکستان کی ساکھ بھی متاثر کر سکتا ہے، اور پیڈ ایپلیکیشنز استعمال کرنے والے افراد کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

    انھوں نے خط میں مطالبہ کیا کہ وزیر خزانہ اس معاملے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے اسٹیٹ بینک کو ادائیگی جاری رکھنے کی ہدایت کریں، اور لکھا کہ ضروری ہے کہ مستقبل میں آئی ٹی و ٹیلی کام کے حوالے سے فیصلوں میں وزارت کی مشاورت لازمی شامل کی جائے۔

    واضح رہے کہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے غیر ملکی خدمات فراہم کرنے والوں کو 34 ملین ڈالر کی ادائیگی منسوخ کرنے کے بعد، پاکستان میں موبائل صارفین یکم دسمبر 2022 سے گوگل پلے اسٹور کی سروسز ڈاؤن لوڈ نہیں کر سکیں گے۔

  • گوگل کی جانب سے پاکستانی خواتین کے لیے بڑا قدم

    گوگل کی جانب سے پاکستانی خواتین کے لیے بڑا قدم

    کراچی: گوگل کی جانب سے پاکستانی خواتین کے لیے بڑا قدم اٹھایا گیا، خواتین کے عالمی دن کے موقع پر سیکڑوں خواتین کو ٹیکنالوجی سے متعلق تربیت فراہم کی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق گوگل کی ویمن ٹیک میکرز ایونٹس کے تحت اس سال 800 سے زائد پاکستانی خواتین ڈویلپرز کو تربیت فراہم کی گئی، ویمن ٹیک میکرز سیشنز میں آن لائن سیفٹی، کوڈنگ اور پریزینٹیشن اسکلز جیسے موضوعات شامل تھے۔

    گوگل کا کہنا تھا کہ وہ پاکستانی خواتین کی ٹیکنالوجی کے میدان میں اپنا کیرئیر بنانے کی حوصلہ افزائی کرتا ہے۔

    ویمن ٹیک میکرز ایمبیسیڈرز نے اس سال خواتین ڈیویلپرز کی کمیونٹی کے لیے بامقصد اور مددگار پروگرام منعقد کر کے زبردست کام کیا۔ توقع ہے کہ ٹیکنالوجی کے میدان میں مزید خواتین سامنے آئیں جو دیگر خواتین کے لیے رول ماڈل بن سکیں۔

    واضح رہے کہ گوگل 2013 سے عالمی یوم خواتین کی مناسبت سے 75 سے زائد ممالک میں ویمن ٹیک میکرز کے ہزاروں ایونٹس منعقد کرچکا ہے۔

  • گوگل کی نئی ٹیکنالوجی سے فوٹوگرافی میں شاندار تبدیلی

    گوگل کی نئی ٹیکنالوجی سے فوٹوگرافی میں شاندار تبدیلی

    امریکی ملٹی نیشنل ٹیکنالوجی کمپنی گوگل نے ایک نئی ٹیکنالوجی تیار کی ہے جو فوٹو گرافی کی دنیا کو بدل کر رکھ دے گی، اس کے ذریعے اندھیرے میں لی گئی تصاویر بھی نہایت بہتر ہوجائیں گی۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق گوگل نے ایک نئی اے آئی امیج نوائز ریڈکشن ٹیکنالوجی تیار کی ہے جو لوگوں کو اندھیرے میں دیکھنے میں مدد فراہم کرے گی جبکہ اس سے انتہائی کم روشنی میں بہترین تصاویر لینا بھی ممکن ہو جائے گا۔

    گوگل کی نئی تحقیق میں اس ٹیکنالوجی کے بارے میں بتایا گیا ہے کہ یہ کسی تاریک مقام کو طاقتور ڈی نوائزنگ سے فوٹو گرافی کے قابل بنا دے گا۔

    تحقیق میں کہا گیا کہ یہ ٹیکنالوجی کم روشنی میں لی جانے والی تصاویر میں زیادہ تفصیلات کا اضافہ کر دیتی ہے، محققین کا کہنا ہے کہ نورل ریڈینس فیلڈز ایک ایسی تکنیک ہے جو اندھیرے میں لی جانے والی تصاویر کا معیار بہتر بناتی ہے۔

    یہ ٹیکنالوجی کسی منظر میں کیمرا پوزیشن، ایکسپوزر اور ٹون میپنگ کو استعمال کر کے تصاویر کا معیار بہتر بناتی ہے، درحقیقت صرف موم بتی کی روشنی میں بھی ایسی تصاویر لینا ممکن ہے جیسے انہیں بہت زیادہ روشنی میں لیا گیا ہو۔

    تاہم یہ ٹیکنالوجی تحقیقی مرحلے سے گزر رہی ہے اور مستقبل میں کسی وقت اسے عام استعمال کے لیے متعارف کروائے جانے کا امکان ہے۔

  • گوگل پر یہ 7 چیزیں سرچ کرنے سے گریز کریں

    گوگل پر یہ 7 چیزیں سرچ کرنے سے گریز کریں

    دنیا کا سب سے بڑا سرچ انجن گوگل ایک کلک پر دنیا جہان کی معلومات فراہم کرسکتا ہے، چھوٹے سے پریشان کردینے والے سوال سے لے کر زندگی کے بڑے بڑے مسئلوں تک کا حل گوگل آپ کو بتا سکتا ہے۔

    لیکن بعض اوقات گوگل ہمیں مصیبت سے بھی دو چار کرسکتا ہے، ویسے تو بے شمار ایسی چیزیں ہیں جنہیں سرچ کرنے سے گریز کرنا چاہیئے، لیکن یہاں ہم آپ کو ان میں سے چند کے بارے میں بتا رہے ہیں۔

    بیماری کی علامات

    اگر آپ بیمار محسوس کر رہے ہیں تو ہرگز بیماری کی علامات گوگل نہ کریں، بعض اوقات گوگل مرض کی صحیح تشخیص نہیں کرتا، جب تشخیص غلط ہوگی تو آپ دوائیں بھی غلط استعمال کریں گے اور یہ بعض اوقات جان لیوا بھی ثابت ہو سکتا ہے، اس لیے اگر آپ بیمار ہیں تو ڈاکٹر سے رجوع کریں۔

    بم بنانے کی ترکیب

    گوگل پر جرائم، منشیات، بم یا کسی قسم کا ہتھیار بنانے کی ترکیب ڈھونڈنا آپ کو ناگہانی مشکلات میں ڈال سکتا ہے۔

    ملک کی سیکیورٹی ایجنسیاں اس طرح کے مواد پر نظر رکھتی ہیں اور آپ کے کمپیوٹر کا آئی پی ایڈریس ان کے ڈیٹا بیس میں آسکتا ہے، جس سے آپ نہ چاہتے ہوئے بھی مشکل میں پھنس سکتے ہیں۔

    اپنا نام

    گوگل پر اپنا نام ڈھونڈنے سے بھی گریز کریں، کیونکہ گوگل کے ڈیٹا بیس میں آپ کی پرانی تصاویر اور معلومات سامنے آئیں گی جو ہو سکتا ہے کہ آپ کے لیے زیادہ خوشگوار ثابت نہ ہو۔

    کھٹمل

    گھر میں کھٹمل ہوجائیں تو لوگ ان سے چھٹکارہ حاصل کرنے کے لیے ہر طریقہ آزماتے ہیں، اور بعض اوقات ان طریقوں کی تلاش میں گوگل کا سہارا بھی لیتے ہیں۔

    لیکن گوگل پر بیڈ بگز (کھٹمل) کو سرچ کرنا آپ کو وہم میں مبتلا کرسکتا ہے، گوگل پر موجود معلومات لوگوں کو اس بات پر بھی قائل کر سکتی ہے کہ 6 ٹانگوں والا یہ کیڑا آپ کے بستر میں چھپا ہوا ہے، چاہے ایسا نہ بھی ہو۔

    کھانے میں ملنے والی چیزیں

    اکثر ریستورانوں کی ناقص کارکردگی کے باعث کھانوں میں کچھ ایسی چیزیں نکل آتی ہیں کہ دیکھ کر ہمیشہ کے لیے دل اچاٹ ہوجائے، اگر آپ ان چیزوں سے جڑے واقعات کو پڑھ لیں گے تو آئندہ باہر کھانے کا سوچیں گے بھی نہیں۔

    ترجمہ

    اگر آپ کسی زبان کو سمجھنے کے لیے گوگل کا سہارا لیتے ہیں تو اس سے گریز کریں کیونکہ زیادہ امکان یہی ہے کہ آپ کے جملے کا مطلب بالکل بدل جائے گا۔

    مفت اینٹی وائرس ایپلی کیشنز اور سافٹ ویئر

    انٹرنیٹ پر بے شمار جعلی اینٹی وائرس ایپلی کیشنز اور سافٹ ویئرز موجود ہیں، اگر آپ کسی مستند ایپ یا سافٹ ویئر کی تلاش میں ہیں تو زیادہ امکان یہی ہوگا کہ اس کوشش میں آپ میل ویئر یا وائرسز انسٹال کرلیں گے۔