Tag: Gov

  • توانائی بحران: حکومت کا سولر انرجی سے متعلق پالیسی لانے پر غور

    توانائی بحران: حکومت کا سولر انرجی سے متعلق پالیسی لانے پر غور

    اسلام آباد: وفاقی وزیر توانائی خرم دستگیر کا کہنا ہے کہ حکومت جلد سولر انرجی سے متعلق سہولت دینے کے لیے پالیسی لا رہی ہے، سولر پینل پر اس وقت کوئی ڈیوٹی نہیں ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سینیٹ اجلاس میں وفاقی وزیر توانائی خرم دستگیر نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ حکومت جلد سولر انرجی سے متعلق سہولت دینے کے لیے پالیسی لا رہی ہے، سولر کو فوسل فیول کے متبادل کے طور پر لانا چاہتے ہیں۔

    خرم دستگیر کا کہنا تھا کہ دیہی علاقوں میں ایک سے چار میگا واٹ کے سولر دینے جا رہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کی تمام عمارتوں کو سولر پر تبدیل کر رہے ہیں، سولر پینل پر اس وقت کوئی ڈیوٹی نہیں ہے۔

  • ملکی زرمبادلہ میں خطرناک کمی، حکومت کی 165 لگژری گاڑیوں کی بکنگ

    ملکی زرمبادلہ میں خطرناک کمی، حکومت کی 165 لگژری گاڑیوں کی بکنگ

    اسلام آباد: ملکی زرمبادلہ ذخائر میں خطرناک حد تک کمی کے باوجود حکومت نے 165 لگژری گاڑیوں کی بکنگ اور ان کے لیے ایل سیز کھولنے کا فیصلہ کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق ملک کے زرمبادلہ ذخائر میں خطرناک حد تک کمی کے باوجود لگژری گاڑیوں کے لیے ایل سیز کی پابندی میں نرمی کا عندیہ دے دیا گیا ہے۔

    ذرائع وزرات صحت کا کہنا ہے کہ 165 لگژری گاڑیوں کے لیے ایل سیز کا گرین سگنل دے دیا گیا، لگژری گاڑیوں کی قیمت 5 کروڑ کے لگ بھگ ہے۔

    ذرائع کے مطابق لگژری گاڑیوں کی بکنگ جنوری اور ڈلیوری مارچ میں ہوگی، پہلے مرحلے میں 65 اور دوسرے مرحلے میں 100 گاڑیوں کی بکنگ کی گئی ہے۔

    دوسری جانب مقامی کار مینو فیکچررز کو خام مال کی ایل سیز کھولنے میں مشکلات کا سامنا ہے، ملک میں تین بڑی کار مینو فیکچررز نے اپنی پیداوار بند کر رکھی ہے۔

    ایل سیز کے لیے پریشان مقامی کار مینو فیکچررز نے متعلقہ وزارتوں اور وزیر اعظم سے ایل سیز کھولنے کی اپیل کی ہے۔

  • پرائیویٹ اسکولز فیڈریشن ہٹ دھرمی پر اتر آئی

    پرائیویٹ اسکولز فیڈریشن ہٹ دھرمی پر اتر آئی

    اسلام آباد: وفاقی حکومت کے اسکول بند کرنے کے اعلان کے بعد آل پاکستان پرائیویٹ اسکولز فیڈریشن ہٹ دھرمی پر اتر آئی، فیڈریشن نے لانگ مارچ کرنے کی بھی دھمکی دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت کے پنجاب، خیبر پختونخواہ اور آزاد کشمیر کے مخصوص علاقوں میں تعلیمی ادارے 11 اپریل تک بند رکھنے کے اعلان کے بعد آل پاکستان پرائیویٹ اسکولز فیڈریشن ہٹ دھرمی پر اتر آئی۔

    فیڈریشن نے اسکولز بند کرنے سے انکار کر دیا۔ فیڈریشن کے سربراہ کاشف مرزا کا کہنا ہے کہ اسکولز مزید 11 اپریل تک بند نہیں ہوں گے۔

    انہوں نے کہا کہ تادیبی کاروائیاں بند نہ ہوئیں تو لانگ مارچ ہوگا، ڈبل شفٹ میں 50 فیصد حاضری کے ساتھ کلاسز میں تدریس جاری رہے گی، طلبا، اساتذہ و اسٹاف کی ویکسی نیشن ترجیحی بنیادوں پر کی جائے۔

    کاشف مرزا کا کہنا تھا کہ حکومتی و سیاسی اجتماعات کرونا وائرس پھیلاؤ کی اصل وجہ ہیں انہیں فوری بند کیا جائے۔ وزیر اعظم، چیف جسٹس، آرمی چیف اور این سی او سی غیر قانونی سیاسی اجتماعات رکوائیں اور تعلیمی سلسلہ بحال رکھا جائے۔

    انہوں نے کہا کہ سب کھلا ہے تو اسکولز مزید بند نہیں ہوں گے، مائیکرو لاک ڈاؤن کا آپشن استعمال کیا جائے۔ طلبا کا مزید تیسرا سال ضائع نہیں ہونے دیں گے۔

    کاشف مرزا کا کہنا تھا کہ یونیسف کے مطابق اسکولز کی بندش سے 4 کروڑ پاکستانی طلبا کی تعلیم مستقل متاثر ہوئی ہے، آن لائن تعلیم فلاپ ہوچکی ہے، آن لائن تعلیم کی سہولت ملک بھر میں محض 2 فیصد طلبا کو میسر ہے۔

    انہوں نے کہا کہ تعلیمی لاک ڈاؤن کے باعث 5 کروڑ طلبا کے تعلیمی نقصان کا ازالہ ناممکن ہے، ڈھائی کروڑ پاکستانی بچے پہلے ہی اپنے آئینی حق سے محروم ہیں۔

    فیڈریشن صدر کا مزید کہنا تھا کہ اقوام متحدہ، یونیسف، یونیسکو اور عالمی بنک ایڈوائزری کے مطابق کرونا وائرس میں بھی اسکولز کھلے رکھے جائیں، بند کرنے سے نقصانات زیادہ ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ نجی اسکولز کا معاشی قتل کیا جارہا ہے، بندش سے 10 ہزار اسکولز مکمل بند اور 7 لاکھ استاد بے روزگار ہوچکے ہیں۔

  • حکومت کا موسم سرما میں گیس کی قلت سے نمٹنے کے لیے اہم اقدام

    حکومت کا موسم سرما میں گیس کی قلت سے نمٹنے کے لیے اہم اقدام

    اسلام آباد: حکومت نے گیس کی قلت سے نمٹنے کے لیے اہم اقدام شروع کردیا، حکومت وصول کردہ بولیوں پر غور کے بعد دسمبر میں ایل این جی خریدنے کا فیصلہ کرے گی۔

    تفصیلات کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت نے گیس کی قلت سے نمٹنے کے لیے دسمبر سے ایل این جی خریداری کی تیاری شروع کردی ہے، دسمبر میں ایل این جی کے 6 کارگوز کے لیے عالمی کمپنیوں کی مہنگی ترین بولیاں وصول کی گئی ہیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ سرکاری کمپنی پی ایل ایل نے دسمبر کے لیے بولیاں طلب کر رکھی تھیں، پی ایل ایل نے ایل این جی کے 6 جہازوں کی بولیاں طلب کی تھیں۔

    ذرائع کے مطابق کمپنیوں نے خام تیل کی قیمت کے 15.87 سے 19.30 فیصد تک بولیاں دیں، حکومت بولیوں پر غور کے بعد دسمبر میں ایل این جی خریدنے کا فیصلہ کرے گی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ایل این جی سابق حکومت کے معاہدوں کے تحت خریدی جارہی ہے، ایل این جی خام تیل کی قیمت کے 11.62 سے 13.37 فیصد تک خریدی جا رہی ہے۔