Tag: Gov Sindh

  • کچھ ایسا ہورہا ہے جس سے پاکستان کو نقصان ہو:گورنر سندھ

    کچھ ایسا ہورہا ہے جس سے پاکستان کو نقصان ہو:گورنر سندھ

    گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا ہے کہ کچھ نہ کچھ ایسا ہورہا ہے جس سے پاکستان کو نقصان ہو۔

    تفصیلات کے مطابق گورنر سندھ کامران ٹیسوری کی ملائیشیا کے قونصل جنرل  کے ہمراہ 7 رکنی وفد نے ملاقات کی،  وفد میں ایئر ایشیا کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر بھی شامل تھے۔

     اس موقع پر گورنر سندھ نے کہا کہ پاک ملائیشیا دوطرفہ تعلقات وقت گزرنے کیساتھ مزید مستحکم ہورہے ہیں، ایئر ایشیاءکے آپریشن سے دوطرفہ تجارت اور سیاحت کو فروغ حاصل ہوگا۔

    گورنرسندھ کامران ٹیسوری نے کہا کہ آرمی چیف کومبارک باد دینا چاہتا ہوں کہ اگر ائیر ایشیا یا ملیشین حکومت پاکستان میں سرمایہ کاری کررہی ہے تو اس کی بڑی وجہ سپہ سالار عاصم منیر کا معیشت کی حفاظت کرنا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان کو نئی نئی خوشخبریاں مل رہی ہیں، آرمی چیف کا ذکر کیوں نہ کروں، جس نے میرے ملک کو ڈیفالٹ سے بچایا، اس ملک میں ون ونڈو ایس آئی ایف سی کا نفاذ کرکے بیرونی سرمایہ کاری لے کرآئے۔

    گورنرسندھ کامران ٹیسوری کا کہنا تھا کہ معیشت میں بہتری آرہی ہو اور سرحد کی حفاظت ہورہی ہو تو مجھ سمیت پوری قوم اپنے آرمی چیف سمیت پوری افواج کو سلام کرےگی۔

    ان کا کہنا تھا کہ کراچی پورے پاکستان کی معیشت کا حب ہے لیکن کچھ عناصر جو پاکستان کی ترقی نہیں دیکھنا چاہتے وہ حالات خراب کرتے ہیں، ابھی رات ہی کا واقعہ ہے کراچی میں ڈمپرز کو جلایا گیا۔

    گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ کچھ نہ کچھ ایسا ہورہا ہے جس سے پاکستان کو نقصان ہو، ہم نے دہشت گردی کا جواب پاکستان کی معیشت کو بہتر کرکے دینا ہے۔

    گورنر سندھ نے مزید کہا کہ ترقی کیلئے تمام اختلافات بھلا کر ایک ساتھ اٹھنا ہو گا، کراچی شہر لاوارث نہیں ہے میں یہاں کا گورنر ہوں، اس شہر کو لاوراث نہیں چھوڑیں گے، ٹریفک قوانین پر عملدرآمد سب کو کرنا چاہیے لیکن لاشوں پر سیاست نہیں ہونے دیں گے۔

  • نئے گورنر سندھ کامران ٹیسوری کون ہیں؟

    نئے گورنر سندھ کامران ٹیسوری کون ہیں؟

    کراچی: ایم کیو ایم رہنما کامران ٹیسوری گورنر سندھ کے عہدے پر فائز ہو گئے۔

    ایم کیو ایم پاکستان کے ڈپٹی کنوینر کامران ٹیسوری 5 مئی 1974 کو کراچی میں پیدا ہوئے، ان کا تعلق پاکستان کے ایک کاروباری خاندان سے ہے۔

    کامران ٹیسوری نے بھی اپنا خاندانی کاروبار سنبھالا اور سابق صدر پرویز مشرف کے دور میں 3 بار بزنس مین آف دا ایئر کا ایوارڈ جیتا۔

    کامران ٹیسوری نے 12 سال قبل سیاست میں قدم رکھا اور اپنے سیاسی سفر کا آغاز مسلم لیگ فنکشنل میں شمولیت اختیار کر کے کیا، 4 سال بعد کامران ٹیسوری نے مسلم لیگ فنکشنل کو خیرباد کہہ کر ایم کیو ایم پاکستان میں شمولیت اختیار کر لی۔

    صدر مملکت نے کامران ٹیسوری کی بطور گورنر سندھ تعیناتی کی منظوری دے دی

    متحدہ قومی موومنٹ پاکستان میں انھیں ڈپٹی کنوینر کا عہدہ ملا تاہم 2018 میں سینیٹ انتخابات میں ڈاکٹر فاروق ستار کے نامزد کردہ کامران ٹیسوری کو پارٹی کی جانب سے ٹکٹ نہ ملنے پر فاروق ستار نے ایم کیو ایم سے علیحدگی اختیار کر لی۔

    کامران ٹیسوری نے بھی فاروق ستار کا ساتھ دیا تھا، جس پر ایم کیو ایم نے فاروق ستار اور کامران ٹیسوری کو پارٹی سے نکال دیا۔

    9 ستمبر 2022 کو کامران ٹیسوری نے ایک بار پھر ایم کیو ایم پاکستان میں شمولیت اختیار کی اور رابطہ کمیٹی نے انھیں ڈپٹی کنوینر کے عہدے پر بحال کیا۔