اوکاڑہ: پنجاب کے سیلاب سے متاثرہ اوکاڑہ میں تمام سرکاری اور نجی اسکولوں کی چھٹیوں میں توسیع کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ کا کہنا ہے کہ سرکاری و پرائیویٹ اسکولوں کی چھٹیوں میں توسیع کا فیصلہ کیا گیا ہے، دریائے ستلج و راوی کے سیلاب سے متاثرہ 32 دیہات کے اسکول 7 ستمبر تک بند رہیں گے۔
چھٹیوں میں توسیع کا نوٹیفکیشن ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید نے جاری کیا، دوسری جانب ڈپٹی کمشنر نارووال حسن رضا نے سیلابی صورتحال کے پیش نظر ضلع کے تمام سرکاری و نجی تعلیمی ادارے بند رکھنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق نارووال بھر کے اسکول یکم ستمبر سے 5 ستمبر تک بند رہیں گے۔ یہ فیصلہ جاری ہنگامی صورتحال کے دوران طلباء، اساتذہ اور عملے کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے احتیاطی تدابیر کے طور پر کیا گیا۔
ضلعی حکام نے تصدیق کی کہ بندش کا اطلاق سرکاری اور نجی اداروں دونوں پر ہوگا، والدین اور طلباء کو مزید اپ ڈیٹس کے لیے اسکول انتظامیہ سے رابطے میں رہنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
حکام نے مزید کہا کہ یہ فیصلہ ضلع بھر میں سیلاب کی بگڑتی ہوئی صورتحال کے پیش نظر کیا گیا ہے، کیونکہ شدید بارشوں اور پانی کی بڑھتی ہوئی سطح نشیبی علاقوں کو متاثر کر رہی ہے۔
حکام نے بتایا کہ طوفانی بارشوں اور پنجاب کے دریاؤں میں غیر معمولی سیلاب نے کم از کم 33 افراد کی جانیں لے لی ہیں، 2,200 دیہات کو متاثر کیا ہے اور 700,000 سے زیادہ لوگوں کو نقل مکانی پر مجبور کیا ہے۔