Tag: Government

  • وفاقی حکومت کا سندھ کا بلدیاتی نظام سپریم کورٹ میں چیلنج کرنے کا فیصلہ

    وفاقی حکومت کا سندھ کا بلدیاتی نظام سپریم کورٹ میں چیلنج کرنے کا فیصلہ

    اسلام آباد : وفاقی حکومت نے سندھ کا بلدیاتی نظام چیلنج کرنے کا فیصلہ کرلیا، وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا ہے کہ سندھ میں مقامی حکومت کا موجودہ نظام عوام کو بااختیار نہیں بناتا۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمرنے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا سپریم کورٹ میں سندھ کےمقامی حکومت کےنظام کیخلاف اپیل دائرکریں گے ، فیصلہ کل وزیراعظم کی سربراہی میں پی ٹی آئی کورکمیٹی اجلاس میں کیا گیا۔

    اسدعمر کا کہنا تھا کہ سندھ میں مقامی حکومت کا موجودہ نظام عوام کو بااختیارنہیں بناتا، یہ قانون آئین کےمطابق عوام کو سیاسی، انتظامی، مالی با اختیار نہیں کرتا۔

    یاد رہے چند روز قبل شہر قائد سے متعلق وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر کا کہنا تھا کہ جو حق دہائیوں سے نہیں ملا وہ دلانا ہے، مشترکہ جدوجہد ہے، کوشش ہے ساتھ مل کر کراچی کے لیے کام کریں، فروری کے پہلے ہفتے میں وزیراعظم کراچی آئیں گے اور منصوبوں کا افتتاح کریں گے، کراچی کے چھوٹے ترقیاتی منصوبے تو جاری ہیں، بڑے ترقیاتی منصوبے جلد شروع ہوں گے۔

    ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے اسد عمر کا کہنا تھا کہ کراچی میں انشا اللہ 162 ارب روپے سے زائد کے منصوبے ہوں گے، پانی کا منصوبہ کےفور تاخیر کا شکار ہوا، سندھ حکومت جیسے ہی کےفور پر رپورٹ مرتب کرے گی کابینہ سے منظور کرائیں گے۔

    انھوں نے کہا تھا کہ منصوبے کی لاگت کم سے کم دو گنا بڑھ چکی ہے، لاگت بڑھنے کے باوجود وفاقی حکومت کے فور منصوبے میں تعاون جاری رکھے گی، کراچی کے سب سے بڑے 2مسائل پانی اور ٹرانسپورٹ ہیں۔

    وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان نے جو وعدے کیے تھے ان پر لگن سے کام جاری ہے، وزیراعظم نے یہ کبھی نہیں کہا کہ نوکریاں صرف سرکار دے گی، نوکریاں سرکار میں بھی آتی ہیں اور پرائیوٹ سیکٹر میں بھی آتی ہیں۔

  • حکومت کا بلوچستان کی ترقی کے لیے اہم قدم

    حکومت کا بلوچستان کی ترقی کے لیے اہم قدم

    کوئٹہ: حکومت کا بلوچستان کی ترقی کے لیے اہم اقدام سامنے آگیا، صوبے کے 4شہروں میں ورچوئل یونیورسٹی کے کیمپس کھولنے کا اعلان کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے مختلف شہروں میں ورچوئل یونیورسٹی کے کیمپس کھولے جائیں گے۔ یونیورسٹی ترجمان نے تصدیق کردی۔ جن شہروں میں کیمپس کھولے جائیں گے ان میں پشین، تربت، اتل اور خضدار شامل ہیں۔

    ورچوئل یونیورسٹی اور بلوچستان یونیورسٹی آف انجینئرنگ میں معاہدہ طے پاگیا۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ وزارت آئی ٹی کی ہدایت پر معاہدے کو حتمی شکل دے دی ہے، کیمپس کے لیے عمارات بلوچستان یونیورسٹی فراہم کرے گی۔ صوبے کی ترقی کے لیے مستقبل میں مزید حکومتی اقدامات سامنے آئیں گے۔

    علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کا فاٹا،بلوچستان کےطلبا کومفت تعلیم فراہم کرنےکا اعلان

    خیال رہے کہ اکتوبر 2017 کو علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹرشاہد صدیقی نے انگریزی زبان وادب میں عصرحاضر کے رجحانات کے موضوع پر منعقدہ دو روزہ کانفرنس کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فاٹا اور صوبہ بلوچستان کے طلبا کو مفت تعلیم فراہم کرنے کا اعلان کیا تھا۔

    جبکہ صوبے میں تعلیم کے فروغ سمیت دیگر منصوبوں پر بھی کام جاری ہے جس کا مقصد بلوچستان کے عوام کی محرومیوں کو دور کرنا اور صوبے کو ترقی یافتہ بنانا ہے۔

  • حکومت نے 99 فیصد بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کا ہدف حاصل کرلیا

    حکومت نے 99 فیصد بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کا ہدف حاصل کرلیا

    اسلام آباد: وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا کا کہنا ہے کہ حالیہ مہم میں 99 فیصد بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کا ہدف حاصل کیا گیا، مہم میں مجموعی طور پر 2 لاکھ65ہزار ورکرز نے حصہ لیا۔

    تفصیلات کے مطابق انسداد پولیو مہم کے خاتمے پر معاون خصوصی صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ رواں سال 111 پولیو کیس رپورٹ ہونے کے بعد مہم کی اہمیت بڑھ گئی تھی، بلوچستان اور کےپی کے دورافتادہ اضلاع سے اعداد وشمار آنا باقی ہیں، اعدادوشمار کے مطابق 39.1 ملین(99 فیصد) بچوں کو حفاظتی قطرے پلائے گئے۔

    انہوں نے بتایا کہ کراچی، کوئٹہ، خیبر، پشین اور قلعہ عبداللہ میں آج اور کل بھی حفاظتی قطرے پلائے جائیں گے، مہم کا آغاز وزیراعظم نے بچوں کو انسداد پولیو کے قطرے پلا کر کیا تھا، وزیراعظم کا اقدام پولیو کے خلاف قومی یکجہتی کی بڑی علامت ہے، تمام وزرائے اعلیٰ اور سیاسی جماعتوں نے مہم کی کامیابی میں کردار ادا کیا۔

    انسدادِ پولیو مہم میں عدم دل چسپی، کامران آفریدی عہدے سے فارغ

    ظفرمرزا کا کہنا تھا کہ موذی مرض کے خاتمے کے لیے تمام مکتبہ فکر اپنا کردار ادا کریں، ہمیں پولیو وائرس کے خاتمے میں مشکلات کا سامنا ہے، عالمی برادری پولیو کے خاتمے کے لیےتعاون کررہی ہے، مشترکہ کوششوں سے پاکستان کو پولیو فری ملک بنا ئیں گے۔

    خیال رہے کہ رواں برس ملک بھر میں پولیو کیسز میں تشویشناک اضافہ دیکھنے میں آیا ہے اور اب تک سامنے آنے والے پولیو کیسز کی تعداد 100 ہوگئی ہے، یہ شرح سنہ 2015 سے بھی زیادہ ہے جب ملک میں 54 پولیو کیسز رپورٹ کیے گئے۔

  • جعل سازی کے ذریعے کویتی شہریت حاصل کرنے والے کے ساتھ کیا ہوا؟

    جعل سازی کے ذریعے کویتی شہریت حاصل کرنے والے کے ساتھ کیا ہوا؟

    کویت سٹی: جعل سازی کے ذریعے کویت کی شہریت حاصل کرنا خلیجی باشندے کو مہنگا پڑگیا، 7 سال قید بامشقت اور بھاری جرمانے کی سزا سنا دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق کویت کی اعلیٰ عدالت نے ایک ایسے خلیجی باشندے کو سزا سنائی جس نے جعل سازی کے ذریعے کویت کی شہریت حاصل کی اور عسکری شعبے میں اپنے پیشہ وارانہ خدمات بھی سرانجام دے رہا تھا۔

    غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق خلیجی باشندے کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی، جبکہ ملزم کو 7 برس قید بامشقت ا اور ایک لاکھ 67 ہزار دینار جرمانے کی سزا سنائی گئی ہے، دریں اثنا عدالت نے شہریت میں جعلسازی کے دیگر 8 ملزمان کو بری کردیا۔ کویت غیرملکیوں کو اپنے ملک میں داخلے کے لیے قوانین بھی سخت کررہا ہے۔

    کویت کے پبلک پراسیکیوشن نے الزام عائد کیا تھا کہ مذکوہ شخص نے قومی شناختی کارڈ، برتھ اور شہریت کے سرٹیفکیٹ سمیت دیگر سرکاری دستاویزات سے متعلق جعل سازی کی تھی، اسی بنیاد پر انہیں کویت قوانین کے تحت سزا سنائی گئی۔

    خیال رہے کہ پراسیکیوشن نے خلیجی باشندے کی شناخت ظاہر نہیں کی، تاہم سعودی عرب، کویت، امارات، بحرین، عمان اور قطر جی سی سی میں شامل ہونے کی وجہ سے خلیجی کہلاتے ہیں۔

    کویت آنے کیلئے چال چلن کی سند لازمی قرار

    واضح رہے کہ حال ہی میں حکام نے کویت آنے والے غیر ملکیوں کے لیے نئی شرط رکھ دی ہے، ملک میں داخل ہونا ہے تو چال چلن کی سند(کریکٹر سرٹیفکیٹ) لازمی ہونی چاہیئے۔ کویت حکام نے پہلی بار اقامہ ویزے پر آنے غیرملکیوں کے لیے نیا قانون نافذ کردیا، اب غیر ملکیوں کے کریکٹر کا جائزہ لیا جائے گا، کسی بھی قسم کے جرائم میں ملوث افراد کویت کا ویزا حاصل کرنے سے محروم رہیں گے۔

  • خیبرپختونخوا میں کھیلوں کے فروغ کیلئے 40کروڑ کے منصوبوں کی منظوری

    خیبرپختونخوا میں کھیلوں کے فروغ کیلئے 40کروڑ کے منصوبوں کی منظوری

    پشاور: خیبرپختونخوا حکومت کا بڑا اقدام سامنے آگیا، صوبے میں کھیلوں کے فروغ کے لیے 40کروڑ کے منصوبوں کی منظوری دے دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا میں 40 کروڑ کی رقم کھیلوں سے متعلق مختلف منصوبوں پر خرچ کی جائے گی، کے پی کے حکومت نے صوبے میں سیاحت سمیت کھیل کے فروغ کا بھی بیڑا اٹھا لیا ہے۔

    صوبائی وزیرسیاحت عاطف خان کا کہنا ہے کہ منصوبے کے تحت چترال میں 15 پولوگراؤنڈ پر 12 کروڑ سے زائد خرچ کیے جائیں گے، مردان میں اسپورٹس سٹی کی فزیبلٹی اسٹڈی پر2 کروڑ کی منظوری دی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ 8 تعلیمی اداروں میں اسکواش کورٹس کے لیے 11 کروڑ کی منظوری دی گئی ہے۔ جبکہ حیات آباد اسپورٹس کمپلیکس میں سوئمنگ پول کے لیے 10 کروڑ رکھے گئے ہیں۔ عالمی معیار کے ٹینس کورٹ کے لیے ایک کروڑ روپے خرچ کیے جائیں گے، ہری پور میں میدان بنانے کے لیے ایک کروڑ 60 مختص ہے ہیں۔

    سیاحت کے فروغ کیلئے پاکستان میں ٹورازم زون بنا رہے ہیں، عاطف خان

    ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کے وژن کے مطابق کھیلوں کے فروغ پر کام جاری ہے، 9 سال بعد صوبے میں نیشنل گیمز کا انعقاد کیا گیا، پاکستان کو کھیل کے حوالے سے ایک مثالی ملک بنانا چاہتے ہیں۔

    سینیٹر عاطف خان نے کہا کہ صوبے میں پہلی بار کھلاڑیوں کے لیے ماہانہ معاوضہ پروگرام شروع کیا، گولڈ میڈل کھلاڑیوں کو 20، سلور کو 15 جبکہ برونزمیڈل کھلاڑیوں کو 10 ہزار ملیں گے، کھلاڑیوں کو ماہانہ اعزازیہ جنوری سے شروع ہوجائے گا۔

  • کویت آنے کیلئے چال چلن کی سند لازمی قرار

    کویت آنے کیلئے چال چلن کی سند لازمی قرار

    کویت سٹی: حکام نے کویت آنے والے غیر ملکیوں کے لیے نئی شرط رکھ دی، ملک میں داخل ہونا ہے تو چال چلن کی سند(کریکٹر سرٹیفکیٹ) لازمی ہونی چاہیئے۔

    تفصیلات کے مطابق کویت حکام نے پہلی بار اقامہ ویزے پر آنے غیرملکیوں کے لیے نیا قانون نافذ کردیا، اب غیر ملکیوں کے کریکٹر کا جائزہ لیا جائے گا، کسی بھی قسم کے جرائم میں ملوث افراد کویت کا ویزا حاصل کرنے سے محروم رہیں گے۔

    غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق کویت آنے کے خواہش مند افراد اپنے ہی ملک سے کریکٹر کا سرٹیفکیٹ حاصل کرسکتے ہیں جبکہ ملک میں داخل ہونے کے بعد کویت کے متعلقہ اداروں سے بھی اعلیٰ اخلاق کی سند حاصل کرنا ہوگی۔

    کویت وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ دنیا بھر میں تمام کویت سفارت خانوں اور قونصلیٹ کو مذکورہ قوانین کی تفصیلات فراہم کردی گئی ہیں جس میں پہلی بار اقامہ ویزے پر آنے والے غیر ملکیوں کے لیے چال چلن کی سند اپنے ہمرا رکھنا لازمی قرار دیا گیا ہے۔

    کویت آنے والے امیدواروں کی سند کویتی سفارتخانے یا قونصلیٹ سے تصدیق کروائی جائے۔ چال چلن کا سرٹیفکیٹ 3 ماہ سے زیادہ پرانا نہ ہو، ورنہ قابل قبول تصور نہیں کیا جائے گا۔

    خیال رہے کہ کویت میں کریکٹر سرٹیفکیٹ حاصل کرنے کے لیے مخصوص پولیس اسٹیشن سے رابطہ کیا جاتا ہے جس کے بعد امیدوار کی فنگر پرنٹ لی جاتی ہے اور باریک بینی سے جائزہ لیا جاتا ہے کہ مذکورہ شخص کسی قسم کے جرائم میں ملوث تو نہیں ہے، بعد ازاں سرٹیفکیٹ کا اجرا ہوتا ہے۔

  • چیف الیکشن کمشنر کی تقرری ، حکومت نے 3 نام تجویز کردیئے

    چیف الیکشن کمشنر کی تقرری ، حکومت نے 3 نام تجویز کردیئے

    اسلام آباد : وفاقی‌ حکومت کی جانب سے چیف الیکشن کمشنرکی تقرری کے لئے 3 نام سامنے آگئے ، جن میں بابریعقوب،فضل عباس میکن اور عارف خان شامل ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق چیف الیکشن کمشنرکی تقرری کے معاملے پر وفاق نے3نام تجویز کردیئے، امیدواروں میں بابریعقوب،فضل عباس میکن اور عارف خان کے نام شامل ہیں ، وزیراعظم عمران خان نے تینوں نام تجویز کرنے کی منظوری دے دی۔

    تجویز کئے گئے ناموں میں سے بابر یعقوب خان پہلے ہی سیکرٹری الیکشن کمیشن کے طور پر کام کر چکے ہیں جبکہ فضل عباس میکن بطور کابینہ سیکرٹری ریٹائر ہوئے ہیں جبکہ تجویز کیا گیا تیسرا نام سابق وفاقی سیکرٹری عارف خان کا ہے۔

    گذشتہ روز وزیر دفاع پرویز خٹک کا کہنا تھا کہ کہ الیکشن کمیشن کے ممبران کےلئے جلد اتفاق ہوجائے گا، چیف الیکشن کمشنر کےلئے وزیراعظم نے تاحال نام فائنل نہیں کئے۔

    اس سے قبل پارلیمانی کمیٹی میں الیکشن کمیشن کے ارکان کے ناموں پرحکومت اوراپوزیشن میں اتفاق نہ ہوسکا تھا، سندھ اور بلوچستان کی دو نشستوں پر بارہ نام زیر غور آئے، شیریں مزاری کا کہنا تھا کہ چیف الیکشن کمشنرکی سبکدوشی کےبعدتینوں ارکان کے تقرر کا فیصلہ کیاجائے گا۔

    مزید پڑھیں : اپوزیشن چیف الیکشن کمشنر کی تقرری کا معاملہ سپریم کورٹ لے گئی

    بعد ازاں اپوزیشن چیف الیکشن کمشنر کی تقرری کا معاملہ سپریم کورٹ لے گئی تھی، درخواست میں کہا گیا تھا سپریم کورٹ ممکنہ آئینی بحران حل کرنے کیلئے مناسب فیصلہ کرے، ارکان کی تقرری کے لیے پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس ناموں پر غور و فکر کے بعد ختم ہوگیا۔

    یاد رہے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے چیف الیکشن کمشنرکےتقررکیلئے3نام وزیراعظم عمران خان کوبھجوائے تھے، جس میں ناصرمحمودکھوسہ،جلیل عباس جیلانی اور اخلاق احمد تارڑ کے نام شامل ہیں۔

    خیال رہے چیف الیکشن کمشنرسردار رضا چھ دسمبر کو ریٹائرڈ ہوجائیں گے ، الیکشن کمشنر کی ریٹائرمنٹ کے بعد الیکشن کمیشن غیر فعال ہوجائے گا، سرداررضا نے 6 دسمبر2014 کو عہدہ سنبھالا تھا۔

  • عراق میں حکومت مخالف مظاہرے جاری، سرکاری دفتر پر حملہ

    عراق میں حکومت مخالف مظاہرے جاری، سرکاری دفتر پر حملہ

    بغداد: عراق میں حکومت مخالف مظاہروں کا سلسلہ تاحال جاری ہے، مظاہرین نے سرکاری عمارت پر دھاوا بول دیا۔

    تفصیلات کےمطابق عراق میں مہنگائی اور کرپشن کے خلاف ملک گیراحتجاج جاری ہے، مختلف شہروں میں مظاہرین اور پولیس میں جھڑپیں ہوئیں جس کے باعث متعدد افراد زخمی ہوگئے۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق بغداد، کربلا اور دیگر شہروں میں مظاہرین نے ٹائر جلائے اور پولیس پر پتھراؤ کیا، مختلف علاقوں میں سیکیورٹی اہلکاروں سے جھڑپ میں درجنوں شہری زخمی ہوئے جن میں کئی کی حالت تشویش ناک ہے۔

    جبکہ مظاہرین نے عراق کی سرکاری عمارت پر دھاوا بولا تاہم پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے مظاہرین کی کوششیں ناکام بنا دیں، پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے آنسوگیس کی شیلنگ اور فائرنگ کی جس سے متعدد افراد زخمی ہوگئے۔

    عراق میں حکومت مخالف مظاہرے، ہلاکتوں کی تعداد 339 ہوگئی

    خیال رہے کہ عراق کے مختلف شہروں میں کرپشن اور مہنگائی کے خلاف شہری سراپا احتجاج ہیں، گزشتہ دنوں جنوبی شہر بصریٰ اور نصیریہ میں پولیس اور مظاہرین کے درمیان جھڑپوں کے نتیجے میں 6 افراد ہلاک ہوئے تھے، جبکہ عراقی شہر ام قصر میں پولیس کی فائرنگ سے 9 مظاہرین جان کی بازی ہار گئے تھے۔

    اس طرح اکتوبر سے جاری مظاہروں میں اموات کی تعداد 340 ہوگئی، اقوام متحدہ نے سنگین صورت حال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے فریقین کو معاملہ حل کرنے پر زور دیا ہے۔

  • عراق میں حکومت مخالف مظاہرے، ہلاکتوں کی تعداد 339 ہوگئی

    عراق میں حکومت مخالف مظاہرے، ہلاکتوں کی تعداد 339 ہوگئی

    بغداد: عراق کے مختلف شہروں میں حکومت مخالف پرتشدد مظاہروں کے دوران ہلاکتوں کی تعداد 339 ہوگئی اور ہزاروں افراد زخمی ہوئے۔

    تفصیلات کے مطابق عراق کے مختلف شہروں میں کرپشن اور مہنگائی کے خلاف شہری سراپا احتجاج ہیں، گزشتہ روز جنوبی شہر بصریٰ اور نصیریہ میں پولیس اور مظاہرین کے درمیان جھڑپوں کے نتیجے میں 6 افراد ہلاک ہوگئے۔

    غیر ملکی خبررساں ادارے کا کہنا ہے کہ عراقی شہر ام قصر میں پولیس کی فائرنگ سے 9 مظاہرین جان کی بازی ہار گئے، اس طرح اکتوبر سے جاری مظاہروں میں اموات کی تعداد 339 ہوگئی، اقوام متحدہ نے سنگین صورت حال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے فریقین کو معاملہ حل کرنے پر زور دیا ہے۔

    ملکی وزیرداخلہ خلیل المحنہ کے مطابق چوبیس گھنٹوں کے دوران تین مظاہرین بغداد میں مارے گئے، جلاؤ گھراؤ اور احتجاج کی آڑ میں مظاہرین نے سیکیورٹی اہلکاروں پر بھی حملہ کیا جس کے باعث 33 اہلکار ہلاک ہوئے۔

    یاد رہے کہ عراق کے مختلف علاقوں میں یکم اکتوبر سے حکومت مخالف مظاہروں کا آغاز ہوا جو ہر گزرتے دن کے ساتھ شدت اختیار کرتے جارہے ہیں، مظاہرین نے حکومت پر کرپشن کا الزام عائد کرتے ہوئے وزیراعظم عادل عبدالمہدی سے فوری عہدہ چھوڑنے کا مطالبہ کیا ہوا ہے۔

    خیال رہے کہ 9 نومبر کو عراقی صدر برہم صالح نے اپنے سرکاری خطاب میں ملک بھر میں نئے انتخابات کرانے کا عندیہ دیتے ہوئے بتایا تھا کہ وزیر اعظم عادل عبدالمہدی عہدہ مشروط طور پر چھوڑنے کے لیے تیار ہیں۔

  • پاکستانی نژاد سابق رکن یورپین پارلیمنٹ سجاد کریم کیلئے بڑا اعزاز

    پاکستانی نژاد سابق رکن یورپین پارلیمنٹ سجاد کریم کیلئے بڑا اعزاز

    مانچسٹر: پاکستانی نژاد سابق رکن یورپین پارلیمنٹ سجاد کریم ایک اور اعزاز اپنے نام کرنے والے ہیں، آذربائیجان حکومت نے انہیں ایوارڈ کے لیے نامزد کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستانی نژاد سابق رکن یورپین پارلیمنٹ سجاد کریم کو ایوارڈ یورپین پارلیمنٹ میں آذربائیجان کے لیے خدمات کے عوض دیا جارہا ہے۔

    ایورڈ آذربائیجان کی 100 سالہ سالگرہ تقریبات کے موقع پر دیا جائے گا، حکام سجاد کریم کی خدمات اور کارکردگی کے معترف ہیں۔

    پاکستانی نژاد سجاد کریم نارتھ ویسٹ برطانیہ سے یورپین پارلیمنٹ کے رکن تھے، سجاد کریم نے یورپین یونین کے صدر کے انتخاب میں بھی حصہ لیا تھا۔

    سجادکریم نے پاکستان کو جی ایس پی درجہ دلوانے میں بھی کردار ادا کیا۔ خیال رہے کہ سجاد کریم نے ای یو پارلیمنٹ میں فرینڈز آف پاکستان گروپ قائم کیا، وہ سابق برطانوی وزیراعظم ڈیویڈ کیمرون کے قریبی ساتھی سمجھے جاتے ہیں۔

    ڈاکٹر سجاد کریم یورپین انٹرنیشنل ٹریڈ ایوارڈ کیلئے نامزد

    یاد رہے کہ سال 2014 میں پاک اور یورپ کے تعلقات خوشگوار بنانے کی کاوش کے اعتراف میں پاکستان کی یونیورسٹی آف مینجمنٹ و ٹیکنالوجی لاہور نے انہیں ڈاکٹریٹ کی اعزازی ڈگری سے نوازا تھا۔

    واضح رہے کہ رواں سال فروری میں ڈاکٹر سجاد کریم کو یورپین انٹرنیشنل ٹریڈ ایوارڈ کیلئے نامزد کیا گیا تھا۔