Tag: Government

  • بلوچستان بھر میں تجاوزات کے خلاف آپریشن کا آغاز

    بلوچستان بھر میں تجاوزات کے خلاف آپریشن کا آغاز

    کوئٹہ: بلوچستان حکام نے سرکاری اور نجی اراضی پر قبضہ مافیا اور تجاوزات کرنے والوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کا آغاز کردیا۔

    ترجمان حکومت بلوچستان لیاقت شاہوانی نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کی خصوصی ہدایت پر بلوچستان بھر میں تجاوزات کے خلاف کاروائی کا آغاز ہو چکا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ اب سرکاری اور نجی اراضی پر قبضہ مافیا اور تجاوزات کرنے والوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

    ان کا کہنا تھا کہ تجاوزارت کے خلاف آپریشن میں رکاوٹ پیدا کرنے والوں کے خلاف کسی قسم کی کوئی نرمی نہیں برتی جائے گی۔

    لیاقت شاہوانی نے کہا کہ کرپٹ عناصر کو رعایت دینا ملک و قوم کے ساتھ ناانصافی کرنے کے مترادف ہے اس لیے حکومت فیصلہ کر چکی ہے، اب وقت آ گیا ہے کہ ہر کوئی اپنی ملکی و قومی زمہ داری خوش اصلوبی سے سر انجام دے۔

    ترجمان صوبائی حکومت نے کہا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ اور انہیں بنیادی سہولتوں کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ صوبہ کی معاشی بہتری کے لیے حکومت جلد ایک انٹرنیشنل انوسٹمنٹ کانفرنس کا انعقاد کرے گی تاکہ مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقعوں کو بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرتے ہوئے فارن ڈائریکٹ انوسٹمنٹ (FDI) کو بڑھایا جا سکے۔

  • گزشتہ دس برس میں سرکاری خزانے سے ذاتی دوروں پر آنے والے اخراجات وصول کرنے کا فیصلہ

    گزشتہ دس برس میں سرکاری خزانے سے ذاتی دوروں پر آنے والے اخراجات وصول کرنے کا فیصلہ

    اسلام آباد: حکومت نے 2008 سے 2018 تک ذاتی سفری اخراجات سابق حکمرانوں سے وصول کرنے کا فیصلہ کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے خصوصی پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ سابق حکمرانوں نے پی آئی اے کو چنگچی کی طرح استعمال کیا، پی آئی اے کے پائلٹس ان کےذاتی ڈرائیور کی ڈیوٹیاں ادا کرتے رہے۔

    انھوں نے کہا کہ وی آئی پی پروازں پر ایک ارب چھ کروڑ سے زائد کا نقصان ہوا، اہل خانہ کے لیے طیارے استعمال کئے گئے، لندن میں میاں صاحب جتنے دن زیرعلاج رہے، اس جگہ کو کیمپ آفس بنا دیا گیا، طیارہ لندن میں کھڑا رکھنے سے پی آئی اے کوکروڑوں روپے کا نقصان ہوا۔

    بھٹو زندہ ہے کا نعرہ لگانے کے لئے پی آئی اے بے دردی سے سکھر ڈائیورٹ ہوتی رہی، پی آئی اے کے ساتھ ایسا سلوک کیا گیا، جو کرائے کی سائیکل کے ساتھ بھی نہیں کیاجاتا، سیاسی بنیاد پر بلاجواز بھرتیاں کی گئیں، ادارے کے تینتیس دفاتر یونین کے قبضے میں ہیں۔

    مزید پڑھیں: حکومت کا اپوزیشن کے خلاف سخت لائحہ عمل اپنانے کا فیصلہ

    انھوں نے کہا کہ سابق صدر ممنون حسین کے دہی بھلے کا ستائیس کروڑ کا بل بھی عوام نے ادا کیا، دہی بھلے کھانے کا 27کروڑ کابل بھی عوام نے ادا کیا.

    انھوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم عمران خان کا دورہ امریکا انتہائی اہم اور کامیاب رہا، عالمی سطح پر پاکستان کا مثبت امیج اجاگر ہوا، کل ایک سیاسی ٹولے نے یوم سیاہ کی آڑ میں انتشارپھیلانے کی کوشش کی، عوام نےان کے منہ پرسیاہی مل دی.

    انھوں نے کہا کہ وزیر اعظم کے اقدامات سے پی آئی اے اخراجات میں 20 فیصد کمی آئی، دو ماہ کے اندر پی آئی اے کو 46 ملین کی آمدن ہوئی، امید ہے کہ پی آئی اے کی انتظامیہ خسارہ ختم کرکے آمدنی کی طرف بڑھے گی.

  • حکومت ملکی مفاد کو مقبولیت پر ترجیح دے رہی ہے، شاہد رشید بٹ

    حکومت ملکی مفاد کو مقبولیت پر ترجیح دے رہی ہے، شاہد رشید بٹ

    اسلام آباد: اسلام آباد چیمبر آف کامرس کے سابق صدر شاہد رشید بٹ نے کہا ہے کہ حکومت نے ملکی مفاد میں اپنی مقبولیت داؤ پر لگا دی ہے، جو بہت بڑی قربانی ہے۔

    اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے ملک چلانے کے لئے ماضی کی طرح قرضوں کے بجائے ٹیکسوں پر انحصار کرنے کی پالیسی اپنائی ہے، جس کی حمایت کرتے ہیں کیونکہ یہ اغیار کی غلامی سے نکلنے اور خود انحصاری کے لئے ضروری ہے۔

    شاہد رشید بٹ کا کہنا تھا کہ اگر ماضی کی حکومتیں سستی شہرت کے لئے ٹیکس معاملات پر یو ٹرن نہ لیتیں تو آج ملک کا یہ حال ہوتا نہ سو ارب ڈالر سے زیادہ کے قرضے ہوتے۔

    ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو درپیش چیلنجز میں ہچکولے کھاتی معیشت کو مستحکم کرنا موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے، جس کے لئے سخت اقدامات مجبوری ہیں۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ ملک میں ٹیکس ادا نہ کرنے کا کلچر پروان چڑھا یا گیاہے، جس نے ملکی معیشت کی بنیادیں ہلا ڈالی ہیں، حکومت عوام کی اس روش کو بدل رہی ہے کیونکہ یہ ریاست کی سلامتی کے لئے مسئلہ بن چکی ہے اس لئے عوام حکومت سے تعاون کریں۔

  • تیونس کی سرکاری عمارتوں نقاب پر پابندی عائد

    تیونس کی سرکاری عمارتوں نقاب پر پابندی عائد

    تونس : افریقی ملک تیونس کی حکومت نے دہشت گردی کے حالیہ واقعات کے پیش نظر سرکاری دفاترو عوامی مقامات پر خواتین کے نقاب پہننے پر پابندی عائد کردی۔

    تفصیلات کے مطابق تیونس کے وزیر اعظم یوسف الشاھد کی جانب جاری ہونے والے سرکاری حکم نامے میں اعلان کیا گیا ہے کہ آئندہ سرکاری دفاتر میں خواتین کے نقاب پہن کر آنے پر پابندی ہوگی ، پابندی کا مقصد عوام کی حفاظت کو یقینی بناناہے۔

    ایک دائیں بازو کی جماعت نے حکومت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ حکومت اس بات کو یقینی بنائے کہ خواتین کے نقاب لگانے پر پابندی عارضی ہوگی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ کچھ مسلمان خواتین کی جانب سے نقاب کپڑوں کو چھپانے کےلیے پہنا جاتا ہے اور نقاب مسلم عقیدے کی نشانی بھی ہے۔

    واضح رہے کہ تیونس پر طویل عرصے تک حکومت کرنے والے حاکم زین العابدین کی جانب سے نقاب اور حجاب پر پابندی عائد تھی لیکن سنہ 2011 کے حکومت کا تختہ الٹے جانے کے بعد ریاست میں نقاب و حجاب عام ہوگیا تھا۔

    جمعے کے روز وزیر اعظم یوسف الشاھد کی جانب ایک سرکلر پر دستخط کیے ہیں جس میں عوامی انتظامیہ اور سرکاری دفاتر کے اندر سیکیورٹی خدشات کے باعث چہرے کو چھپانے پر پابندی عائد ہوگی۔

    تیونس لیگ برائے دفاع انسانی حقوق کے ترجمان جمیل ایم سلیم کا کہنا تھا کہ حکومت کی جانب سے پابندی عارضی قرار دینے کو کہا۔

    ان کا کہنا تھا کہ ’ہم لباس کی آزادی کے قائل کے ہیں لیکن آج ہم موجودہ حالات کے ساتھ ہیں، ہم نقاب پر پابندی کی وجہ تلاش کرلی ہے کہ تیونس اور پورے خطے میں دہشت گردانہ حملوں کا خطرہ ہے۔

    انہوں نے حکومت سے درخواست کی کہ حالات معمول پر آنے کے بعد نقاب سے پابندی ختم کردی جائے۔

    خیال رہے کہ 27 جون کو شمالی افریقی ملک تیونس میں 2 خودکش دھماکے ہوئے تھے جس کے نتیجے میں 2 افراد ہلاک اور 7 زخمی ہوگئے تھے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ سنہ2015 میں ہونے والے خونریز حملوں، جن میں سیکیورٹی فورسز اور سیاحوں کو نشانہ بنایا گیا تھا، کے بعد تیونس میں اس پر دوبارہ پابندی کا مطالبہ کیا جارہا تھا۔

  • ماؤ باغیوں کے ساتھ جھڑپ کے دوران 3 بھارتی فوجی ہلاک

    ماؤ باغیوں کے ساتھ جھڑپ کے دوران 3 بھارتی فوجی ہلاک

    نئی دہلی : بھارتی حکام نے تصدیق کی ہے کہ ماؤ باغیوں سے جھڑپ کے دوران مسافر بس بھی لپیٹ میں آ گئی،جس کےباعث گولی کی زد میں آکر بس میں سوار ایک شہری بھی ہلاک ہوگیا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق بھارتی حکام کے مطابق ملک کے وسطی حصے میں ما باغیوں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں نیم فوجی دستوں کے تین اہلکار ہلاک اور ایک زخمی ہو گئے ۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ جھڑپ میں مسافر بس بھی لپیٹ میں آ گئی اور گولی لگنے سے اس میں سوار ایک شہری کے ہلاک ہونے کی بھی تصدیق کی گئی ہے۔

    بھارتی نشریاتی ادارے کا کہنا تھا کہ یہ جھڑپ چھتیس گڑھ کے ضلع بیجا پور میں ہوئی۔ جھڑپ میں مسافر بس بھی لپیٹ میں آ گئی اور گولی لگنے سے اس میں سوار ایک شہری کے ہلاک ہونے کی بھی تصدیق کی گئی ہے۔

    بھارتی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ یہ نہیں بتایا گیا کہ عام شہری باغیوں کی گولی سے ہلاک ہوا یا نیم فوجی دستوں کے فائر کا نشانہ بنا۔ چھتیس گڑھ ما نواز باغیوں کی مسلح سرگرمیوں سے شدید متاثر ہے۔

  • فریڈیرکسن ڈنمارک کی کم عمر ترین وزیر اعظم ہوں گی

    فریڈیرکسن ڈنمارک کی کم عمر ترین وزیر اعظم ہوں گی

    کوپن ہیگن : عام انتخابات کے تقریباتین ہفتے بعد مسلسل مذاکرات کے نتیجے میں ملکر حکومت بنانے پر اتفاق رائے ہو گیا، ڈنمارک کی آئندہ وزیر اعظم سوشل ڈیموکریٹ خاتون سیاستدان مَیٹے فریڈیرکسن ہوں گی۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ان کی پارٹی اور بائیں بازو کی طرف جھکاؤ رکھنے والی دیگر جماعتوں کے مابین ملک میں عام انتخابات کے تقریباتین ہفتے بعد مسلسل مذاکرات کے نتیجے میں یہ اتفاق رائے ہو گیا ہے کہ کوپن ہیگن میں اگلی حکومت یہی جماعتیں مل کر بنائیں گی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ اس بات کا اعلان مَیٹے فریڈیرکسن نے دیگر جماعتوں کے رہنماؤں کے ساتھ مل کر ایک پریس کانفرنس میں کیا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ ڈینش سوشل ڈیموکریٹس کی قیادت میں بننے والی یہ حکومت تاہم ایک اقلیتی حکومت ہو گی۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا تھا کہ سینٹر لیفٹ بلاک کی چند چھوٹی جماعتوں نے بھی نئی مخلوط حکومت کی حمایت کا یقین دلایا ہے، اکتالیس سالہ مَیٹے فریڈیرکسن ڈنمارک کی تاریخ کی سب سے کم عمر سربراہ حکومت بھی ہوں گی۔

  • صحت، روزگار اور اصلاحاتی پروگرام سمیت اکنامک خود مختاری پر کام جاری ہے: عثمان ڈار

    صحت، روزگار اور اصلاحاتی پروگرام سمیت اکنامک خود مختاری پر کام جاری ہے: عثمان ڈار

    لزبن: وزیراعظم کے معاون خصوصی عثمان ڈار کا کہنا ہے کہ ملکی تقدیر نوجوانوں کے ہاتھوں بدلے گی، صحت، روزگار اور اصلاحاتی پروگرام سمیت اکنامک خود مختاری پر کام جاری ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کے معاون خصوصی کا ورلڈیوتھ منسٹرز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پاکستان نوجوانوں کے لیے تیزی سے اصلاحاتی ایجنڈے پر کام کررہا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے پہلی بار نوجوانوں کیلئے اسٹریٹیجک روڈمیپ تشکیل دیا، "کامیاب نوجوان پروگرام” موجودہ حکومت کا لینڈمارک منصوبہ ہے۔

    عثمان ڈار کا کہنا ہے کہ نیشنل یوتھ ڈویلپمنٹ فریم نوجوانوں کی تعمیروترقی میں مددگار ثابت ہوگا، وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں نوجوانوں کو بااختیار بنانے پر پوری توجہ ہے۔

    وزیراعظم عمران خان کا نوجوانوں کے لیے “نیا پاکستان یوتھ پروگرام”لانچ کرنے کا فیصلہ

    ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان میں 68فیصد نوجوان ملکی تقدیر بدلنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

    خیال رہے کہ گذشتہ سال نومبر میں وفاقی حکومت نے کہا تھا کہ ملک بھر میں نوجوانوں کے لیے بڑا پروگرام لانچ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، وزیراعظم منصوبے کا باقاعدہ اعلان خود کریں گے، عمران خان کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت کےقیام میں نوجوانوں کا کردارفراموش نہیں کرسکتے۔

  • ملک چلانے کے لیے سیاسی درجہ حرارت نیچے لانا ہوگا: سعد رفیق

    ملک چلانے کے لیے سیاسی درجہ حرارت نیچے لانا ہوگا: سعد رفیق

    اسلام آباد: مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما سعد رفیق نے کہا ہے کہ ملک چلانے کے لیے سیاسی درجہ حرارت نیچے لانا ہوتا ہے.

    ان خیالات کا اظہار انھوں نے اسمبلی میں تقریر کرتے ہوئے کیا. ان کا کہنا تھا کہ یہ نہیں ہوتا کہ دباؤ ڈال کر لوگوں کی ضمانتیں منسوخ کرائی جائیں.

    سابق وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ ہمارے مزید ساتھی جیلوں میں آئیں گے، لیکن یاد رکھیں کہ آپ بھی نہیں بچ سکتے، پانچ سال آرام سےنہیں نکلتے اور ایسے تو دو بھی نہیں نکلیں گے.

    انھوں نے حکومت پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ این آراو دینا منتخب وزیراعظم کا کام نہیں، منتخب وزیراعظم این آراو دینے کی پوزیشن نہیں رکھتا، اگر اصرار ہے، تو خود کو سلیکٹڈ مان لیں.

    سعد رفیق نے کہا کہ بجٹ نے تنخواہ دار طبقے کی چیخیں نکلوا دی ہیں، ریئل اسٹیٹ کی تباہی میں یہ بجٹ آخری کیل ثابت ہوگا، کیا کرپشن صرف سیاستدانوں تک محدود ہے ، کیا پولیس، ایف بی آر کسٹمز سب دودھ کے دھلے ہیں.

    مزید پڑھیں: اضافی ریل گاڑیاں حادثات کی وجہ بن رہی ہیں: سابق وزیر ریلوے سعد رفیق

    جو حکومت 4ہزارارب ٹیکس اکٹھانہ کرسکی وہ آگے کیسے کام کرے گی، ہم سے حساب مانگتے ہیں تو وہ ہمارے منصوبے سامنے ہیں، اورنج لائن،موٹرویز،لواڑی ٹنل تمام تر منصوبے ہم نے بنائے، ادھر بی آرٹی کے لئے پشاور میں گڑھے کئے گئے ہیں.

    آج ریلوے کا کباڑہ کردیا گیا ہے، پینشنرز اور ملازمین کو ادائیگیاں نہیں کی جارہیں نقصان پاکستان کاہورہا ہے، موجودہ دورحکومت میں ملک کو ریورس گیئر لگا دیا ہے.

    اس موقع پر انھوں‌ نے اسپیکر کا پروڈکشن آرڈر جانے کرنے پر شکریہ ادا کیا.

  • ہمارا واسطہ کھلنڈروں سے پڑا ہے، عوام ان سے ضرور نمٹیں گے: حمزہ شبہاز

    ہمارا واسطہ کھلنڈروں سے پڑا ہے، عوام ان سے ضرور نمٹیں گے: حمزہ شبہاز

    لاہور: مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ ہمارا واسطہ کھلنڈروں سے پڑا ہے، عوام ایک دن ان سےضرورنمٹیں گے.

    ان خیالات کا اظہار انھوں نے پنجاب اسمبلی آمد پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا. ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی والوں نے لوگوں سے زندگی چھین لی.

    حمزہ شہباز نے کہا کہ آج عوام کے پاس دو وقت کی روٹی تک نہیں ہے، ہر آنے والا دن لوگوں کی تشویش میں اضافہ کر رہا ہے.

    اپوزیشن لیڈر پنجاب حمزہ شہباز نے کہا کہ یہ سمجھتے ہیں کہ ہمیشہ اقتدار میں رہیں گے، ایسا نہیں‌ ہے، بہت جلد خان صاحب کا محاسبہ ہو گا.

    حمزہ شہباز نے پی اے سی چیئرمین شپ کے سوال کے جواب پر کہا کہ ہمارا واسطہ کھلنڈروں سے پڑا ہے،عوام ان سے ضرور نمٹیں گے.

    مزید پڑھیں: ن لیگ پہلے بھی متحد تھی آج بھی  متحد ہے: حمزہ شہباز

    یاد رہے کہ آج قومی اسمبلی سے بجٹ پاس کرانے کی حکمت عملی طے کرنے کے لئے پی ٹی آئی کی پارلیمانی پارٹی اجلاس ہوا.

    اجلاس میں‌ وزیراعظم عمران خان نے کہا اپوزیشن احتجاج کا شوق پورا کرے کوئی پرواہ نہیں، ہمیں کارکردگی سے جواب دینا ہے۔

  • حکومت تاجروں کے مسائل حل کرے گی: زلفی بخاری

    حکومت تاجروں کے مسائل حل کرے گی: زلفی بخاری

    اسلام آباد: وزیر اعظم کے مشیر زلفی بخاری نے کہا ہے کہ کاروباری برادری ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے، حکومت تاجروں کے مسائل حل کرے گی۔

    تفصیلات کے مطابق زلفی بخاری کا کہنا تھا کہ حکومت تاجروں کے مسائل سے آگاہ ہے جنھیں ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا تاکہ وہ یکسوئی سے اپنا کام کر سکیں۔

    وزیر اعظم کے مشیر زلفی بخاری نے یہ بات بزرگ تاجر رہنما جہانگیر اختر سے ایف سکس مرکز میں واقع ان کے بھوک ہڑتالی کیمپ میں بات چیت کرتے ہوئے کی۔

    انھوں نے جہانگیر اختر کو مسائل کے حل کی یقین دہانی کروائی اور ٹیلی فون پر ان کی بات وزیر اعظم کے مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد سے کروائی، جہانگیر اختر نے عبدالرزاق داؤد کو بھی اپنے مطالبات سے آگاہ کیا۔

    انھوں نے کہا کہ تمام ٹیکس گزار تاجروں کو خودکار طریقہ سے چیمبروں کا ممبرتسلیم کیا جائے تاکہ اصل قیادت سامنے آ سکے، عبدالرزاق داؤد نے ان کی بات غور سے سنی اور کہا کہ اگرآپ کے مطالبات کاروباری برادری اور ملک و قوم کے مفاد میں ہوئے تو انھیں ضرور تسلیم کیا جائے گا۔

    انھوں نے جہانگیر اختر کو اپنے دفتر آنے کی دعوت دی تاکہ کاروباری برادری کے مسائل اور ان کے حل پر تفصیلی بات چیت ہو سکے، ان یقین دہانیوں کے بعد جہانگیر اختر نے اپنی بھوک ہڑتال ختم کر دی۔