Tag: Governor House Punjab

  • دیسی گھی اور میوے : مقروض ملک کے حکمرانوں کی شاہ خرچیاں

    دیسی گھی اور میوے : مقروض ملک کے حکمرانوں کی شاہ خرچیاں

    لاہور : پاکستان جیسے چھوٹے، غریب اور مقروض ملک میں حکمرانوں کی شاہ خرچیاں کسی امیر ممالک کے حکمرانوں کے جیسی ہیں جبکہ ہمارے یہاں آمدنی چوّنی اور خرچ روپیہ ہے۔

    ہمارے حکمران ایک طرف تو عالمی ادارے آئی ایم ایف کی منتیں اور ترلے کرکے مشکل ترین شرائط پر قرضہ حاصل کرتے ہیں تو دوسری طرف حکومتی شاہ خرچیاں ان کے سادہ زندگی گزارنے جیسے بیانات کی نفی کرتی ہیں۔

    اس غریب ملک کے حکمرانوں کی شاہ خرچیوں کا بھی ایک منظر ملاحظہ کریں یہ اس گھناؤنی اور شرمناک تصویر کی صرف ایک چھوٹی سی جھلک ہے ورنہ تفصیل میں جائیں تو دانتوں تلے انگلیاں دبا کر بیٹھ جائیں گے۔

    ایک رپورٹ کے مطابق گورنر ہاؤس پنجاب کی انتظامیہ کی جانب سے کھانے پینے کی اشیاء پر75لاکھ روپے خرچ کرنے کا منصوبہ سامنے آیا ہے جس میں دیسی گھی، بادام، چھوارے، شہد، بادیان خطائی پر خطیر رقم خرچ کی جائے گی۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ گورنرہاؤس میں کھانے پینے کی اشیاء کیلئے75 لاکھ روپے کے ٹینڈرز جاری کیے گئے ہیں۔

    ایک ٹینڈر میں 10کلو دیسی گھی،20 کلو گری بادام،5کلو چھوارے کی خریداری اور10کلو شہد،5کلو پستا،20کلو چیز، 10کلو بادیان خطائی شامل ہیں۔

    اس کے علاوہ 150بوٹلز کافی جار سمیت دیگر کھانے پینے کی اشیاء اور گورنرہاؤس کی مکینیکل ٹرانسپورٹ سامان کیلئے10لاکھ روپے کے ٹینڈرز جاری کیے گئے ہیں۔

  • لاہور: گورنر ہاؤس پنجاب کی دیواریں گرانے کا کام شروع

    لاہور: گورنر ہاؤس پنجاب کی دیواریں گرانے کا کام شروع

    لاہور: وزیرِ اعظم عمران خان کا ایک اور وعدہ پورا ہو گیا، گورنر ہاؤس پنجاب کی دیواریں گرانے کا کام شروع کر دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیرِ اعظم عمران خان کی ہدایت پر گورنر ہاؤس پنجاب کی بیرونی دیواریں گرانے کا کام شروع ہو گیا ہے۔

    [bs-quote quote=”گورنر ہاؤس کی کسی بھی عمارت کو گرایا نہیں جا رہا ہے۔” style=”style-7″ align=”left” color=”#dd3333″ author_name=”وفاقی وزیر تعلیم”][/bs-quote]

    الحمرا ہال کے سامنے مال روڈ پر گورنر ہاؤس کے جنگلے اتارے جا رہے ہیں، وزیرِ اعظم نے دورۂ لاہور کے موقع پر گورنر ہاؤس کی دیواریں گرانے کا حکم دیا تھا۔

    خیال رہے کہ وزیرِ اعظم عمران خان نے بہتّر گھنٹے میں گورنر ہاؤس پنجاب کی دیواریں گرانے کا حکم دیا تھا۔

    دوسری طرف وفاقی وزیرِ تعلیم شفقت محمود نے بتایا ہے کہ کراچی اور پشاور کے گورنر ہاؤسز میں تبدیلیاں لائی جا رہی ہیں، گورنر ہاؤس کی کسی بھی عمارت کو گرایا نہیں جا رہا ہے۔


    یہ بھی پڑھیں:  گورنرہاؤس کی کسی بھی عمارت کوگرایا نہیں جا رہا‘ شفقت محمود


    شفقت محمود کا کہنا تھا کہ گورنر ہاؤس کی چاردیواری کی جگہ خوب صورت جنگلے کی تنصیب ہوگی، گورنر ہاؤس میں آرٹ گیلری اور میوزیم قائم کیا جائے گا۔

    انھوں نے کہا کہ نتھیا گلی گورنر ہاؤس کو ہوٹل میں تبدیل کیا جا رہا ہے، جب کہ کراچی اور پشاور کے گورنر ہاؤسز میں تبدیلیاں لائی جا رہی ہیں۔

    واضح رہے کہ عمران خان نے انتخابی مہم میں‌ گورنر ہاؤسز سمیت حکومتی عمارتوں سے متعلق کئی وعدے کیے تھے۔

  • لاہور : تفریح کیلئے آئے ہوئے لوگوں نے گورنر ہاؤس کی جھیل کا پُل توڑ دیا

    لاہور : تفریح کیلئے آئے ہوئے لوگوں نے گورنر ہاؤس کی جھیل کا پُل توڑ دیا

    لاہور : گورنر ہاؤس پنجاب میں جھیل کے پُل پر گنجائش سے زیادہ لوگ کھڑے ہونے سے پُل ٹوٹ گیا لوگ پانی میں جا گرے، انتظامیہ کی ہدایات کے باوجود لوگوں نے عمل نہیں کیا۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور میں چھٹی کے روز لوگوں کی بڑی تعداد نے گورنر ہاؤس کا رخ کیا، گورنر ہاؤس پنجاب کو لاہور کے شہریوں نے ایک بار پھر تختہ مشق بنا ڈالا۔

    پہلے کچرے کے ڈھیر لگائے، فرنیچر توڑ ڈالا، درختوں سے پھل لے اڑے اور اب کی بار گورنر ہاؤس پنجاب میں جھیل کے پُل پر گنجائش سے زیادہ لوگ کھڑے ہو گئے جس کا نتیجہ یہ ہوا کہ پُل ہی نیچے آگیا۔

    پل کھڑے سارے لوگ جھیل میں جا گرے، لوگوں کو کشتیوں کے ذریعے پانی سے نکالا گیا، وزیر اعظم عمران خان نے تو عوام کا خیال کیا لیکن لوگوں نے گورنر ہاؤس پنجاب کا خیال نہیں کیا۔

    یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے تفریح کیلئے آئے لاہور کے شہریوں نے گورنر ہاؤس میں کچرے کے ڈھیر لگا دیئے تھے، کھانے کے ڈسپوزل برتن اور شاپر چھوڑ گئے تھے فرنیچر کا حشر نشر کر دیا اور درختوں سے پھل بھی توڑ لئے گئے تھے۔

    اس کے علاوہ گزشتہ روز گورنر ہاؤس لاہور میں شہریوں کی جانب سے پارکوں اور دیگر اشیاء کو پہنچائے جانے والے نقصانات کے بعد پنجاب حکومت نے گورنر ہاؤس کو عوام کیلئے کھولے جانے سے متعلق ہدایات جاری کی تھیں ۔

    مزید پڑھیں: گورنر ہاؤس پنجاب اتوار کے روز صرف فیمیلز کے لیے کھولا جائے گا، ہدایات جاری

    ہدایات کے مطابق گورنر ہاؤس اتوار کے روز صرف فیمیلز کے لیے کھولا جائے گا، کھانے پینے کی اشیاء ساتھ لانے کی ممانعت ہوگی، ترجمان کا کہنا تھا کہ گورنر ہاؤس قومی اثاثہ ہے اس کی دیکھ بھال ہم سب کی ذمہ داری ہے۔

  • عوام حکمرانوں کو اپنائیں گے تو ہی ہم ایک ناقابل تسخیرقوم بنیں گے، وزیراعظم عمران خان

    عوام حکمرانوں کو اپنائیں گے تو ہی ہم ایک ناقابل تسخیرقوم بنیں گے، وزیراعظم عمران خان

    اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے بالآخر گورنر ہاؤس لاہور کے دروازے پاکستانی عوام پرکھل گئے، عوام حکمرانوں کو اپنائیں گے تو ہی ہم ایک ناقابل تسخیرقوم بنیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ بالآخر گورنر ہاؤس لاہور کے دروازے پاکستانی عوام پرکھل گئے، استعمار اور نوآبادیات کی نشانیاں ایک ایک کرکے زمین بوس ہو رہی ہیں، عوام حکمرانوں کو اپنائیں گے تو ہی ہم ایک ناقابل تسخیرقوم بنیں گے۔

    گذشتہ روز وزیرِ اعظم عمران خان کی ہدایت پر گزشتہ روز گورنر ہاؤس پنجاب عوام کی سیر و تفریح کے لیے کھولا گیا تھا تاہم لاہور کے شہریوں نے غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے اسے ایک ہی دن میں کچرے کے ڈھیر میں تبدیل کردیا تھا۔

    مزید پڑھیں : گورنر ہاؤس پنجاب عوام کی سیر و تفریح کے لیے کھول دیا گیا

    یاد رہے گورنر پنجاب چوہدری سرور نے  گورنرہاؤس عوام کے لئے کھولنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ گورنرہاؤس عوام کی ملکیت ہے، اب امیرغریب سے برابر ہیں، ناانصافی کے خلاف جہاد کریں گے۔

    چوہدری سرور  کا کہنا تھا کہ پاکستان اشرافیہ کے لئے نہیں20 کروڑعوام کے لئے بنایا گیا، ناانصافی کے خلاف جہاد جاری رہے گا، سرکاری عمارتیں ملک کا اثاثہ ہیں، احتساب پٹواری یا سپاہی کے بجائے اوپر کی سطح سے شروع ہوگا۔

    خیال رہے کہ وزیرِ اعظم عمران خان کی ہدایت پر تمام صوبوں کے گورنر ہاؤس عوام کے لیے کھولے جا رہے ہیں، اس سلسلے میں اب تک سندھ، مری اور پنجاب کے گورنر ہاؤسز عوام کے لیے کھولے جا چکے ہیں۔

     

  • لاہور کے شہریوں نے گورنر ہاؤس کو کچرے کا ڈھیر بنا دیا

    لاہور کے شہریوں نے گورنر ہاؤس کو کچرے کا ڈھیر بنا دیا

    لاہور: پاکستان تحریکِ انصاف نے ملک کے گورنر ہاؤسز کھولنے کا وعدہ پورا کر دیا لیکن لاہور کے شہریوں نے گورنر ہاؤس پنجاب کو کچرے کا ڈھیر بنا دیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیرِ اعظم عمران خان کی ہدایت پر گزشتہ روز گورنر ہاؤس پنجاب عوام کی سیر و تفریح کے لیے کھول دیا گیا، تاہم لاہور کے شہریوں نے غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے اسے ایک ہی دن میں کچرے کے ڈھیر میں تبدیل کر دیا۔

    گورنر ہاؤس کی سیر کے لیے پہلی بار آنے والے شہریوں نے خوب صورت لان میں جگہ جگہ کھانے پینے کی اشیا، خالی بوتلیں اور تھیلیاں پھینک دیں۔

    صرف یہی نہیں بلکہ انتہائی غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے فرنیچر کو بھی نقصان پہنچایا، شیشے توڑ دئیے، اور درختوں پر لگے پھلوں کو بھی نہ چھوڑا۔

    خیال رہے کہ وزیرِ اعظم عمران خان کی ہدایت پر تمام صوبوں کے گورنر ہاؤس عوام کے لیے کھولے جا رہے ہیں، اس سلسلے میں اب تک سندھ، مری اور پنجاب کے گورنر ہاؤسز  عوام کے لیے کھولے جا چکے ہیں۔


    یہ بھی پڑھیں:  گورنر ہاؤس پنجاب کل پہلی بار عوام کے لیے کھولا جائے گا


    وزیرِ اعظم عمران خان نے اسلام آباد میں پارٹی وزرا کے ایک اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ہدایت کی تھی کہ پنجاب اور خیبر پختونخوا کے گورنر ہاؤسز بھی عوام کے لیے کھولے جائیں۔

  • گورنر ہاؤس پنجاب کل پہلی بار عوام کے لیے کھولا جائے گا

    گورنر ہاؤس پنجاب کل پہلی بار عوام کے لیے کھولا جائے گا

    لاہور: سندھ اور مری گورنر ہاؤس کے بعد وزیرِ اعظم عمران خان کی ہدایت پر گورنر ہاؤس پنجاب بھی کل پہلی بار عوام کے لیے کھولا جا رہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق گورنر ہاؤس پنجاب بھی عوام کے لیے کھولنے کا فیصلہ کر لیا گیا، کل عوام پہلی بار پنجاب گورنر ہاؤس کی اندر سے سیر کریں گے۔

    گورنر پنجاب چوہدری سرور کے اعلان کے مطابق اتوار کو گورنر ہاؤس عوام کے لیے کھلا رہے گا، صبح 10 سے شام 5 بجے تک فیملیز گورنر ہاؤس کی سیر کر سکیں گی۔

    گورنر ہاؤس پنجاب میں چڑیا گھر، جھیل سمیت دیگر مقامات کی سیر کی جا سکے گی، لوگوں کے استقبال کے لیے صوبائی وزرا اور اراکینِ اسمبلی گورنر ہاؤس میں موجود ہوں گے۔

    گورنر ہاؤس سے جاری ہدایات کے مطابق آنے والی فیملیز الحمرا کی طرف موجود گیٹ سے اندر داخل ہو سکیں گی، گھرانوں کے سر براہ کے پاس شناختی کارڈ ہونا لازمی ہوگا۔


    یہ بھی پڑھیں:  مری: گورنرہاؤس سیاحوں کے لیے کھول دیا گیا


    یاد رہے کہ وزیرِ اعظم عمران خان کی ہدایت کے مطابق سب سے پہلے سندھ کے گورنر عمران اسماعیل نے گورنر ہاؤس سندھ عوام کے لیے کھولا تھا، جس کے بعد مری کا گورنر ہاؤس بھی کھولا گیا۔

    وزیرِ اعظم عمران خان نے اسلام آباد میں پارٹی وزرا کے ایک اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ہدایت کی تھی کہ پنجاب اور خیبر پختونخوا کے گورنر ہاؤسز بھی عوام کے لیے کھولے جائیں۔