Tag: Governor KP

  • گورنر کے پی نے صوبے میں عام انتخابات کی تاریخ دے دی

    گورنر کے پی نے صوبے میں عام انتخابات کی تاریخ دے دی

    پشاور: گورنر خیبر پختون خوا نے صوبے میں عام انتخابات کے لیے 28 مئی کی تاریخ دے دی، انھوں نے کہا کہ اداروں کی رپورٹ ہے اور مجھے بھی لگتا ہے کہ الیکشن ممکن نہیں۔

    خیبر پختون خوا کے گورنر غلام علی اور الیکشن کمیشن کے درمیان مشاورتی اجلاس کے بعد گورنر نے صوبے میں عام انتخابات کے لیے 28 مئی کی تاریخ دے دی۔

    غلام علی نے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن کے ساتھ ان کی اچھے ماحول میں مشاورت ہوئی، سپریم کورٹ کے فیصلے پر عمل درآمد کے لیے ہم سب پابند ہیں۔

    انھوں نے کہا کہ ہمارا اصل مسئلہ امن و امان کا تھا، صورت حال بہتر نہیں ہوئی تو مشکلات ہوں گی، کل بھی ٹانک میں مردم شماری کے دوران پولیس کو نشانہ بنایا گیا، اب الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے کہ ان حالات میں الیکشن کی طرف جاتے ہیں یا نہیں، اداروں کی رپورٹ ہے اور مجھے بھی لگتا ہے کہ الیکشن ممکن نہیں۔

    گورنر غلام علی نے کہا بہت سارے سوالات اٹھے تھے اور اٹھیں گے مگر ہم نے سب الیکشن کمیشن کو بتا دیا ہے، ہمارے قبائلی لوگ احتجاج پر ہیں، قبائلی عمائدین کے خدشات اور تحفظات سامنے رکھے ہیں، مجھ پر صوبے کے لوگوں اور ضم شدہ علاقوں کا دباؤ تھا، تاریخ دینا میری آئینی ذمہ داری ہے جو پوری کر دی۔

    انھوں نے کہا کہ ’’میں نے صدر مملکت کو کہا کہ آپ نے بہت جلدی تاریخ دے دی، کوشش تھی صدر پاکستان اور الیکشن کمیشن اور میں ساتھ بیٹھ کر بات کرتے، اب الیکشن کی تاریخ اس لیے دی کیوں کہ رمضان بھی آ رہے ہیں۔‘‘

    گورنر نے کہا ’’میری خواہش ہے تمام اسمبلیوں پر انتخابات ایک ہی دن ہوں، سیاسی جماعتوں سے رابطے شروع کر رہا ہوں، پی ٹی آئی سمیت تمام جماعتیں ایک ہی دن الیکشن چاہتی ہیں، زمان پارک سے رابطہ ہوا ہے ان کی بھی یہی خواہش ہے۔‘‘

  • کے پی انتخابات کی تاریخ کے لیے اجلاس نتیجہ خیز ثابت نہ ہو سکا

    کے پی انتخابات کی تاریخ کے لیے اجلاس نتیجہ خیز ثابت نہ ہو سکا

    اسلام آباد: خیبر پختون خوا میں انتخابات کی تاریخ کے سلسلے میں الیکشن کمیشن کی ٹیم اور گورنر غلام علی میں مشاورتی اجلاس بے نتیجہ ثابت ہو گیا۔

    ذرائع کے مطابق کے پی انتخابات کی تاریخ کے لیے منعقد ہونے والا اہم اجلاس نتیجہ خیز ثابت نہ ہو سکا، اجلاس میں گورنر کے پی کی جانب سے صوبے میں انتخابات کے لیے تاریخ نہیں دی گئی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ گورنر غلام علی کا مؤقف تھا کہ ’’صوبے میں امن کے مسائل کے باعث فوری انتخابات نہیں کرا سکتے۔‘‘

    ذرائع نے بتایا کہ الیکشن کمیشن کی ٹیم کے سامنے کئی سوالات رکھے گئے اور صوبے میں امن عامہ اور سیکیورٹی کے مسائل پر بات کی گئی، الیکشن کمیشن کی ٹیم کو بتایا گیا کہ صوبے میں امن عامہ کے مسائل کے باعث فی الحال فوری انتخابات ممکن نہیں ہیں۔

    الیکشن کمیشن کے ایک اعلیٰ افسر نے اے آر وائی نیوز کو بتایا کہ مشاورتی ٹیم نے بات چیت کے بارے میں کمیشن کو فوری آگاہ کر دیا ہے، اور الیکشن کمیشن جلد اس پر اپنا مؤقف پیش کرے گا۔

    واضح رہے کہ صوبے میں عام انتخابات کے حوالے سے الیکشن کمیشن کی جانب بنائی گئی 3 رکنی ٹیم گورنر ہاؤس خیبر پختون خوا گئی تھی، ٹیم میں سیکریٹری، اسپیشل سیکریٹری اور ڈی جی لا شامل تھے، جنھوں نے گورنر سے صوبائی انتخابات کی تاریخ پر مشاورت کی۔

  • سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد گورنر کے پی کا اہم فیصلہ

    سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد گورنر کے پی کا اہم فیصلہ

    پشاور: خیبر پختون خوا کے گورنر غلام علی نے سپریم کورٹ کا فیصلہ آنے پر کہا ہے کہ اگر الیکشن کمیشن رابطہ نہیں کرے گا تو میں خود اس سے رابطہ کروں گا۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب اور کے پی انتخابات کے حوالے سے لیے گئے از خود نوٹس کیس میں سپریم کورٹ نے اپنا تحریری فیصلہ جاری کر دیا ہے، سپریم کورٹ نے تین دو کی اکثریت سے فیصلے میں کہا کہ الیکشن کمیشن 90 دن میں دونوں صوبوں میں انتخابات کرائے۔

    گورنر کے پی غلام علی نے کہا کہ تحریری فیصلے پر من و عن عمل کریں گے، حکم سر آنکھوں پر، الیکشن کی تاریخ کا اعلان تو کرنا ہے، اس کے سوا کوئی چارہ نہیں، حالات جو بھی ہوں سپریم کورٹ کے فیصلے کو مانیں گے۔

    انھوں نے کہا ’’یہ بات ریکارڈ پر ہے کہ میں نے دو تین بار مشاورت کی، اب ضروری ہے کہ صدر اور میں آپس میں مشاورت کریں۔‘‘

    غلام علی کا کہنا تھا کہ ان کے کسی بھی عمل کو عدالت نے غلط نہیں کہا، ملک کو مزید بحران میں لے جانے کی بجائے سپریم کورٹ کے فیصلے پر عمل کریں گے۔

    سپریم کورٹ کا پنجاب اور خیبر پختونخوا میں 90 دن میں انتخابات کرانے کا حکم

    واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے اپنے تحریری فیصلے میں کہا ہے کہ گورنر کے پی کا انتخابات کا اعلان نہ کرنا آئین سے انحراف ہے، کے پی اسمبلی گورنر نے توڑی اس لیے تاریخ دینا بھی گورنر کا اختیار ہے۔

    فیصلے میں کہا گیا ہے کہ صدر کی کے پی انتخابات کے لیے دی گئی 9 اپریل کی تاریخ کالعدم قرار دی جاتی ہے، اب گورنر کے پی الیکشن کمیشن سے مشاورت کر کے تاریخ دیں۔

  • الیکشن کی تاریخ دے کر ریاست کو مشکلات میں نہیں ڈال سکتا، گورنر کے پی

    الیکشن کی تاریخ دے کر ریاست کو مشکلات میں نہیں ڈال سکتا، گورنر کے پی

    مردان : گورنر خیبرپختونخوا غلام علی نے کہا ہے کہ الیکشن کی تاریخ دے کر ریاست کو مشکلات میں نہیں ڈال سکتا، کوشش ہے کہ تمام جماعتوں کو ایک میز پر بٹھا سکوں۔

    یہ بات انہوں نے مردان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کا ہر فیصلہ مانیں گے، امید ہے اعلیٰ عدالت کوئی ایسا فیصلہ نہیں کرے گی جس سے انارکی پھیلے۔

    گورنرخیبرپختونخوا نے کہا کہ چار سال میں سیاست کی اقدار کو ملیا میٹ کردیا گیا، میری بات نہیں مانی گئی اب اسمبلی توڑنے اور استعفے دینے پر پچھتا رہے ہیں۔

    غلام علی کا کہنا تھا کہ کوشش ہے کہ تمام جماعتوں کو ایک میز پر بٹھا سکوں، پاکستان کے آئین میں90دن میں الیکشن کی بات ہے تو آرٹیکل254بھی موجود ہے، وزیر اعلٰی کے پی مشاورت سے صوبے میں معاملات چلا رہے ہیں۔

    ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی جیل بھرو تحریک کا پتہ تھا کہ کوئی گرفتاری نہیں دے گا، آئی ایم ایف سے معاہدہ کرکے خلاف ورزی عمران خان نے کی تھی۔