لاہور : حکومت پنجاب اور ٹرانسپورٹرز کے درمیان جرمانوں پر ڈیڈلاک کا خاتمہ ہوگیا، گورنر پنجاب نے ٹرانسپورٹرز سے کامیاب مذاکرات کرکے ہڑتال ختم کروادی۔
تفصیلات کے مطابق گورنر پنجاب چوہدری سرور نے ٹرانسپورٹرز کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت پنجاب اور ٹرانسپورٹرزکے درمیان جرمانوں پر ڈیڈلاک ختم ہو گیا ہے۔
چوہدری سرور کا کہنا تھا کہ ٹرانسپورٹرزکے3ایشوز صوبائی اور وفاقی حکومت سے متعلق ہیں، ٹرانسپورٹرز کے مسائل کے حل کیلئے4رکنی کمیٹی بنائی ہے، اعتماد ہے کہ جلد مسائل پر قابو پالیا جائے گا۔
گورنر پنجاب نے کہا کہ پولیس کی تحویل میں ٹرک جلد مالکان کو واپس کیےجائیں گے، ان کے جائز مطالبات فوری حل کرنے کی پوری کوشش کریں گے اور جو لوگ پولیس کی زیرحراست ہیں جلد رہا کیا جائے گا۔
اس موقع پر چیئرمین ٹرانسپورٹرز الائنس عصمت اللہ نیازی کا ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کیا۔ عصمت اللہ نیازی نے کہا کہ گورنر پنجاب کے وعدوں پر پورا یقین ہے۔
انہوں نے کہا کہ انشااللہ 31جنوری سے پہلے ہمارےمسائل حل ہوجائیں گے، یقین دہانی کرانے پر گورنرپنجاب کے مشکورہیں، آج رات سے کاروبار معمول کے مطابق چلائیں گے۔
چیئرمین ٹرانسپورٹرز الائنس نے مزید کہا کہ ایکسل ویٹ گڈز ٹرانسپورٹ کا بڑا مسئلہ ہے، بات چیت میں کسٹم کے مسائل سے متعلق بھی گفتگو کی گئی۔