Tag: Governor Punjab

  • یقین ہے فضل الرحمان ٹکراؤ والی سیاست میں نہیں جائیں گے، گورنر پنجاب

    یقین ہے فضل الرحمان ٹکراؤ والی سیاست میں نہیں جائیں گے، گورنر پنجاب

    لاہور : گورنر پنجاب چوہدری سرور نے کہا ہے کہ یقین ہے فضل الرحمان ٹکراؤ والی سیاست میں نہیں جائیں گے، امید ہے مذاکرات کے ذریعے ہی مسئلہ حل ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق گورنر پنجاب چوہدری سرور نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا مولانافضل الرحمان کیساتھ مذاکرات کر رہےہیں اور مذاکرات کامیاب ہوں گے، امید ہے ٹکراؤ والی سیاست نہیں ہوگی، سیاست دانوں کے بیانات ہمیشہ سخت ہوتے ہیں لیکن معاملات مذاکرات کے ذریعے ہی حل ہوتے ہیں۔

    گورنرپنجاب کا کہنا تھا کہ یقین ہے فضل الرحمان ٹکراؤوالی سیاست میں نہیں جائیں گے ، علماسے اپیل ہے ایک وفد بنا کر مولانا سے بات کرنےجائیں اور اس مشکل وقت میں اپنا کردار ادا کریں۔

    چوہدری سرور نے کہا پہلے بھی نہیں کہا کہ دھرنا ناجائز ہے نا اب کہتے ہیں ، دھرنے کو ناجائز نہیں کہا بلکہ یہ کہا ہے دھرنے کا وقت درست نہیں ، کراچی سے اسلام آباد کوئی رکاوٹ نہیں ڈالی، کوئی پکڑ دھکڑ نہیں ہوئی ، تمام شرکا کو آزادانہ طریقہ سے جانے دیا گیا۔

    مزید پڑھیں : نئے انتخابات کے لیے اپوزیشن کو 2023 کا انتظار کرنا پڑے گا، گورنر پنجاب

    ان کا مزید کہنا تھا کہ اس وقت ہماری تمام توجہ کشمیر پر ہونی چاہیے ، ہم دھرنے والوں کےساتھ تعاون کر رہے ہیں ، امید ہے مذاکرات کے ذریعے ہی مسئلہ حل ہوگا۔

    یاد رہے گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ وزیراعظم اور حکومت عوامی مینڈیٹ کے مطابق مدت پوری کرے گی، عوامی خدمت کا مشن جاری رہے گا، وزیراعظم عمران خان کے استعفے اور نئے انتخابات کا مطالبہ نوگو ایریا ہے، نئے انتخابات کے لیے اپوزیشن کو 2023 کا انتظار کرنا پڑے گا۔

  • کشمیر کے مسئلے پر سکھ ہمارے ساتھ کھڑے ہیں: گورنرپنجاب

    کشمیر کے مسئلے پر سکھ ہمارے ساتھ کھڑے ہیں: گورنرپنجاب

    لاہور: گورنرپنجاب چوہدری محمد سرور کا کہنا ہے کہ کرتارپور راہداری کھولنے کے فیصلے کو سکھ برادری نےخوش آمدید کہا، کشمیر کے مسئلے پر سکھوں نے کھل کر ہمارا ساتھ دیا۔

    تفصیلات کے مطابق صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ کرتارپورراہداری کھلنے سے سکھ ہمارے دوست بن گئے ہیں۔

    اپوزیشن کے دھرنے سے متعلق تبصرہ کرتے ہوئے چوہدری محمد سرور کا کہنا تھا کہ مولانافضل الرحمان کی احتجاج کی ٹائمنگ درست نہیں، اس موقع پر مسئلہ کشمیر پر یکجہتی کا مظاہرہ کرنا تھا۔

    انہوں نے کہا کہ پورے ملک میں احتجاج روکنے کی کہیں کوشش نہیں کی گئی، معاہدے کے مطابق احتجاج کرنے والے آگے نہیں جائیں گے، اسلامی اصولوں کے مطابق توقع ہے مولانا معاہدہ نہیں توڑیں گے۔

    باباگرو نانک کی 550 ویں سالگرہ، پاکستانی حکومت نے سکھوں کے دل جیت لئے

    خیال رہے کہ باباگرو نانک کی 550ویں سالگرہ پر یادگاری ٹکٹ کا اجرا کردیا گیا ہے، یادگاری ٹکٹ کرتارپورراہداری کھلنے کے دن سے دستیاب ہوں گے، کرتارپور راہداری کا افتتاح 9 نومبر کو کیا جائے گا۔

    مولانا فضل الرحمان نے اپوزیشن کی آل پارٹیز کانفرنس آج طلب کرلی

    دوسری جانب جمعیت علما اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے اپوزیشن کی آل پارٹیز کانفرنس آج طلب کرلی ہے، جس میں مشاورت کے بعد دھرنے کے مستقبل اور احتجاجی تحریک کے بارے میں اعلان کیا جائے گا۔

  • عوام کا پیسہ ضائع نہیں ہونے دیا جائے گا: گورنر پنجاب

    عوام کا پیسہ ضائع نہیں ہونے دیا جائے گا: گورنر پنجاب

    نیویارک: گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کا کہنا ہے کہ عوام کا پیسہ ضائع نہیں ہونے دیا جائے گا، حکومت مخالف احتجاج کے بجائے کشمیر سے یکجہتی حالات کا تقاضہ ہے۔

    تفصیلات کے مطابق گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے امریکی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ پارلیمانی نظام میں وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ کابینہ میں رد و بدل کر سکتے ہیں، پنجاب میں حالیہ تبدیلیوں میں وزیر اعظم کی رضا مندی شامل تھی۔

    گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے وزیر اعظم کی تائید سے فیصلے کیے، پنجاب میں شعبہ صحت میں کئی مسائل موجود ہیں۔ پنجاب کی وزیر صحت انہیں حل کرنے میں کامیاب ہوجائیں گی۔

    انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت گزشتہ دور حکومت میں شروع منصوبے مکمل کرے گی، اورنج لائن ٹرین پر 200 ارب لاگت آچکی ہے، منصوبہ مکمل کریں گے۔ یہ عوام کا پیسہ ہے اسے ضائع نہیں ہونے دیا جائے گا۔

    چوہدری سرور کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم واضح کر چکے عثمان بزدار ہی وزیر اعلیٰ پنجاب رہیں گے، حکومت مخالف احتجاج کے بجائے کشمیر سے یکجہتی حالات کا تقاضہ ہے۔ سیاسی جماعتیں فضل الرحمٰن کے اسلام آباد مارچ کا حصہ نہیں بنیں۔

    انہوں نے کہا کہ کرتار پور راہداری کا 85 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے، وزیر اعظم عمران خان 9 نومبر کو راہداری کا باضابطہ افتتاح کریں گے۔ افتتاحی تقریب میں بھارتی حکام کو بھی شرکت کی دعوت دیں گے۔

    گورنر پنجاب نے کہا کہ کالعدم تنظیموں کے خلاف کریک ڈاؤن میں خاطر خواہ اقدامات کیے۔ امید ہے پاکستان ایف اے ٹی ایف کو مطمئن کر پائے گا۔

  • لاہور: بابا گرو نانک کے 550 ویں جنم دن کے موقع پر عالمی کنونشن

    لاہور: بابا گرو نانک کے 550 ویں جنم دن کے موقع پر عالمی کنونشن

    لاہور: بابا گرو نانک کے 550 ویں جنم دن کے موقع پر منعقدہ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کا کہنا تھا کہ پاکستان میں تمام اقلیتی برادری کو یکساں حقوق حاصل ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق بابا گرو نانک کے 550 ویں جنم دن کے موقع پر لاہور میں کنونشن منعقد ہوا۔ کنونشن میں گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور اور وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے شرکت کی۔

    گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پہلا موقع ہے کہ گورنر ہاؤس میں عالمی کنونشن ہو رہا ہے، کانفرنس کا پہلا پیغام ہے پاکستان میں تمام مذاہب کے لوگ آزاد ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ حضور محمد ﷺ نے امن اور بھائی چارے کا پیغام دیا، پاکستان میں تمام اقلیتی برادری کو یکساں حقوق حاصل ہیں۔ اقلیتی برادری کو تحفظ دینا ہماری حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

    گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ بابا گرو نانک کے نام پر بننے والی یونیورسٹی عالمی معیار کی ہوگی، بابا گرو نانک یونیورسٹی میں تمام مذاہب پر پی ایچ ڈی کروائی جائے گی۔ صرف سکھوں ہی نہیں تمام مذاہب کے لوگوں کی زمینوں پر قبضے ہوئے ہیں، ہم ایک ایک انچ زمین قبضہ گروپوں سے واگزار کروائیں گے۔

    تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں آمد پر سکھ بھائیوں کو خوش آمدید کہتی ہوں، پاکستان کا چپہ چپہ سکھ بھائیوں کا خیر مقدم کرتا ہے، سکھ بھائیوں کی آمد ایک اہم موقع ہے۔

    فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وزیر اعظم کا کرتار پور راہداری کھولنے کا اقدام وسیع تر وژن کا عکاس ہے، ہر طرح کے بنیادی حقوق کا تحفظ ہمارا مقصد ہے۔ وزیر اعظم عمران خان مذہبی ہم آہنگی کو فروغ دے رہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ مظلوم کشمیری سکھ برادری کو اپنی طاقت سمجھتے ہیں، سکھ برادری دنیا بھر میں مظلوم کشمیریوں کی آواز بنیں گے، سکھ بڑے اہم موقع پر پاکستان آئے ہیں۔ انتہا پسندی کی سوچ جس بھی صورت میں ہو ختم کریں گے۔

    معاون خصوصی نے کہا کہ بھارت میں اقلیتوں کے ساتھ جو سلوک ہو رہا ہے اسے دنیا کے سامنے لائیں گے، مقبوضہ کشمیر کے لوگ سکھ برادری کو اپنی طاقت سمجھتے ہیں۔ یقین رکھتے ہیں سکھ برادری مظلوم کشمیریوں کی طاقت اور آواز بنے گی۔ لاہور سکھ برادری کا گھر ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ سکھوں کو مقدس مقامات پر تمام سہولتیں فراہم کریں گے، سکھ بار بار پاکستان آئیں اور پاکستان کی دنیا بھر میں سفارتکاری کریں۔ سب جانتے ہیں کہ امن کا دشمن کون ہے؟ ہم پر حملہ کیا گیا لیکن پائلٹ واپس بھیجنا امن کو ایک اور موقع دینا تھا۔ کشمیر میں جاری قتل ختم نہ ہوا تو پاکستان خاموش نہیں رہے گا۔

    خیال رہے کہ پاکستان جذبہ خیر سگالی اور مذہبی ہم آہنگی کو فروغ دینے کے لیے کرتار پور راہداری کا راستہ کھول چکا ہے، جس سے سکھ افراد کو بے حد آسانی ہوجائے گی۔ اس سے قبل دفتر خارجہ کی جانب سے بھی کہا جاچکا ہے کہ گرو نانک کے 550 ویں جنم دن پر یادگاری ٹکٹ جاری کیا جائے گا۔

  • آرٹیکل 370 کا خاتمہ: گورنر پنجاب نے برطانوی پارلیمنٹ کو خط لکھ دیا

    آرٹیکل 370 کا خاتمہ: گورنر پنجاب نے برطانوی پارلیمنٹ کو خط لکھ دیا

    لاہور: گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے آرٹیکل 370 سے متعلق برطانوی پارلیمنٹ کو خط لکھ کر زور دیا ہے کہ برطانوی پارلیمنٹ اور یورپی یونین بین الاقوامی مسائل کے حل میں اپنا کردار ادا کریں۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب کے گورنر چوہدری محمد سرور نے مقبوضہ کشمیر سے متعلق آرٹیکل 370 کے حوالے سے برطانوی پارلیمنٹ کو خط لکھ دیا۔ خط میں کہا گیا ہے کہ آرٹیکل 370 مسئلہ کشمیر کے حوالے سے قوانین کی خلاف ورزی ہے۔

    گورنر پنجاب کی جانب سے خط میں کہا گیا ہے کہ آرٹیکل 370 کو ختم کرنا خطے میں امن کو نقصان پہنچانے کا راستہ ہے، نریندر مودی نے کشمیر میں گھسنے کے لیے ایک اور چال چلی ہے۔

    خط میں کہا گیا ہے کہ بھارت کے 70 سالہ جھوٹ سے پردہ اٹھ گیا، بھارت کا سیاہ چہرہ بے نقاب ہو چکا ہے۔ کاغذی کارروائیوں سے کشمیریوں کے فیصلہ کو نہیں بدلا جاسکتا۔ کلسٹر بم کا استعمال اور لائن آف کنٹرول پر فائرنگ قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔

    گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ پلوامہ اٹیک کو بھی پاکستان سے منسوب کرنے کی ناکام کوشش کی گئی، وزیر اعظم نے بھارتی پائلٹ کو واپس کر کے امن کاپیغام بھیجا۔ پاکستان کی امن کے فروغ کی کوشش کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔

    خط میں استدعا کی گئی کہ برطانوی پارلیمنٹ اور یورپی یونین بین الاقوامی مسائل کے حل میں اپنا کردار ادا کریں، پاکستان کشمیریوں کے حقوق اور خطے میں امن کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کرے گا۔

    یاد رہے کہ 5 اگست کو بھارتی وزیر داخلہ امیت شاہ نے آرٹیکل 370 ختم کرنے کا بل بھارتی پارلیمنٹ میں پیش کیا تھا۔ بل کی تجاویز کے تحت غیر مقامی افراد مقبوضہ کشمیر میں سرکاری نوکریاں حاصل کرسکیں گے اور 370 ختم ہونے سے مقبوضہ کشمیرکی خصوصی حیثیت بھی ختم ہوجائے گی۔

    بعد ازاں بھارتی صدر نے آرٹیکل 370 ختم کرنے کے بل پر دستخط کر دیے اور گورنر کا عہدہ ختم کر کے اختیارات کونسل آف منسٹرز کو دے دیے۔

  • آرٹیکل 370 ختم کرنا عالمی قوانین کی دھجیاں اڑانے کے مترادف ہے: گورنر پنجاب

    آرٹیکل 370 ختم کرنا عالمی قوانین کی دھجیاں اڑانے کے مترادف ہے: گورنر پنجاب

    لاہور: گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کا کہنا ہے کہ بھارت کا آرٹیکل 370 ختم کرنا عالمی قوانین کی دھجیاں اڑانے کے مترادف ہے، ہم اقوام متحدہ کو خط لکھ رہے ہیں اور دوست ممالک سے رابطے کر رہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق گورنر پنجاب چوہدری سرور نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ طاقت سے لوگوں کے جذبات ختم کر کے امن نہیں لایا جا سکتا، امن انصاف کے بغیر نہیں آسکتا۔

    چوہدری سرور نے کہا کہ دنیا نے احساس کیا کہ جنگیں مسئلے کا حل نہیں، دہشت گردی کے خلاف ہم نے ہزاروں جانیں قربان کی ہیں۔ دہشت گردی سے سب سے زیادہ نقصان پاکستان کو ہوا۔

    انہوں نے کہا کہ مودی نے ہماری امن کی خواہش کو کمزوری سمجھا، مودی نے کہا پاکستان کو دنیا میں تنہا کردوں گا۔ بھارتی اپوزیشن جماعتیں بھی مودی کے اقدام کی مذمت کر رہے ہیں۔

    گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ کشمیریوں کو پیغام دیتا ہوں ہم آپ کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ بھارت کا آرٹیکل 370 ختم کرنا عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے، اقدام بین الاقوامی قوانین کی دھجیاں اڑانے کے مترادف ہے۔ جموں و کشمیر میں شہریوں کے لیے زندگی عذاب بنا دی گئی ہے۔

    انہوں نے مزید کہا کہ ہم اقوام متحدہ کو خط لکھ رہے ہیں، ہم دوست ممالک کے سربراہان سے رابطے کر رہے ہیں۔

    یاد رہے کہ 5 اگست کو بھارتی وزیر داخلہ امیت شاہ نے آرٹیکل 370 ختم کرنے کا بل بھارتی پارلیمنٹ میں پیش کیا تھا۔ بل کی تجاویز کے تحت غیر مقامی افراد مقبوضہ کشمیر میں سرکاری نوکریاں حاصل کرسکیں گے اور 370 ختم ہونے سے مقبوضہ کشمیرکی خصوصی حیثیت بھی ختم ہوجائے گی۔

    بعد ازاں بھارتی صدر نے آرٹیکل 370 ختم کرنے کے بل پر دستخط کر دیے اور گورنر کا عہدہ ختم کر کے اختیارات کونسل آف منسٹرز کو دے دیے۔

  • بھارت کے عزائم کو اقوام متحدہ، سلامتی کونسل اور ہرجگہ بے نقاب کریں گے، گورنرپنجاب

    بھارت کے عزائم کو اقوام متحدہ، سلامتی کونسل اور ہرجگہ بے نقاب کریں گے، گورنرپنجاب

    لاہور: گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کا کہنا ہے کہ وعدہ ہے ہماری حکومت بھارت کے مطالم کو پوری دنیا پر عیاں کرے گی۔

    تفصیلات کے مطابق ایوان قائد اعظم میں’’بےتیغ سپاہی‘‘ کی تقریب رونمائی سے گورنر پنجاب نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تحریک پاکستان کے حوالے سے اپنی یادداشت کو اس کتاب میں سمو دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ کتاب پاکستان کی ہر لائبریری میں ہونی چاہیے۔

    چوہدری محمد سرور نے کہا کہ وزیر اعظم کےدورے پر ٹرمپ کی ثالثی کی پیشکش مودی کو پسند نہیں آئی، پلواما کے واقعہ کے بعد مودی نے کہا تھا پاکستان کو تنہا کر دوں گا، وزیراعظم عمران خان کی لیڈر شپ میں بھارت کا پروپگنڈہ ختم کر دیا۔

    گورنر پنجاب نے کہا کہ بھارت لائن آف کنٹرول پرنہتے لوگوں پر کلسٹر بم استعمال کر رہا ہے، وعدہ ہے ہماری حکومت بھارت کے مطالم کو پوری دنیا پر عیاں کرے گی۔

    انہوں نے کہا کہ بھارت کے عزائم کو اقوام متحدہ، سلامتی کونسل اور ہرجگہ بے نقاب کریں گے۔

    چوہدری محمد سرور نے مزید کہا کہ کشمیری صرف آزادی، حق خودارادیت چاہتے ہیں، اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کو حل کیا جائے۔

  • حکومتی پالیسیوں کی کامیابی ہی اپوزیشن کی بے چینی کی اصل وجہ ہے‘ گورنرپنجاب

    حکومتی پالیسیوں کی کامیابی ہی اپوزیشن کی بے چینی کی اصل وجہ ہے‘ گورنرپنجاب

    لاہور: گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کا کہنا ہے کہ حکومت عوام کی فلاح وبہبود اور ان کے دیرینہ مسائل کے حل کے لیے دن رات کوشاں ہے۔

    تفصیلات کے مطابق گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور سے چیئرپرسن قائمہ کمیٹی داخلہ مسرت چیمہ نے ملاقات کرکے مجموعی سیاسی صورت حال، قانون سازی اور صاف پانی منصوبے کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔

    اس موقع پرگورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا کہ حکومت عوام کی فلاح و بہبود اور ان کے دیرینہ مسائل کے حل کے لیے دن رات کوشاں ہے۔

    چوہدری محمد سرور نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے وژن کے مطابق تعلیم، صحت اور پینے کے صاف پانی کی فراہمی ہماری ترجیحات میں شامل ہے اوراس میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی۔

    انہوں نے کہا کہ حکومت سابقہ حکمرانوں کے چھوڑے گئے پہاڑ جیسے مسائل کے باوجود درست سمت میں گامزن ہے اوراس کی پالیسیوں کے مثبت نتائج سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں اور یہی اپوزیشن جماعتوں کی بے چینی کی اصل وجہ ہے۔

    مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ موجودہ حکومت نے گورننس پر بھرپور توجہ دی ہے جس سے سرکاری محکموں کی کارکردگی میں بھی بہتری آئی ہے۔

    چیئرپرسن قائمہ کمیٹی داخلہ نے کہا کہ گورنر ہاﺅس کو عوام کے لیے کھولنا دو نہیں ایک پاکستان کی جانب عملی قدم ہے اور اس کے لیے گورنر چوہدری محمد سرور خصوصی مبارکباد اور ستائش کے مستحق ہیں۔

    مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ حکومت خواتین، بچوں کے حقوق اورعوامی فلاح کے حوالے سے قانون سازی پر خصوصی توجہ دے رہی ہے اور موجودہ حکومت نے ایک سال میں ریکارڈ قانون سازی کی ہے۔

  • کرپشن کے ذریعے معاشی دہشت گردی کرنے والے قومی مجرم ہیں، چوہدری محمد سرور

    کرپشن کے ذریعے معاشی دہشت گردی کرنے والے قومی مجرم ہیں، چوہدری محمد سرور

    لاہور : گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ معاشی دہشت گردی کرنے والے قومی مجرم ہیں، وفاقی اور پنجاب حکومت بجٹ میں غریب آدمی پر فوکس کریں گی اور زیادہ سے زیادہ ریلیف دیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور سے صوبائی وزیر ہاﺅسنگ میاں محمودالرشید اور تحریک انصاف کے ایم این اے فہیم خان نے ملاقات کی جس میں سیاسی، پارٹی سمیت دیگر امور کے حوالے سے بات چیت کی گئی۔

    اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا کہ کرپشن کے ذریعے معاشی دہشت گردی کرنے والے قومی مجرم ہیں، بعض عناصر ملک میں اقتصادی غیر یقینی صورتحال پیدا کرنے کی کوشش کررہے ہیں مگر ان کو ہر صورت ناکام بنائیں گے اور ملک میں اقتصادی استحکام قائم کر یں گے۔

    وفاقی اور پنجاب حکومت بجٹ میں غر یب آدمی پر فوکس کریں گی ان کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دیا جائے گا تحریک انصاف وزیراعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق کامیابی کے ساتھ آگے بڑھ رہی ہے۔

    چوہدری محمد سرور نے کہا کہ حکومت تجارتی اور صنعتی شعبوں سے متعلق مسائل سے آگاہ ہے،کاروباری برادری کو سازگار کاروباری ماحول مہیا کرنے کے لیے تمام تر اقدامات کئے جا رہے ہیں۔

    گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ کٹھن اقتصادی حالات میں مشکل فیصلے کرنے پڑ رہے ہیں لیکن حکومت معیشت کو بہتر کرنے کے لئے ہر ممکن کوشش کر رہی ہے تجارتی خسارے کو کم کرنے کیلئے غیر ضروری اور لگژری اشیاء کی درآمد کو روکنا حکومتی پالیسی کی اولین ترجیح ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ملک میں مشکل معاشی حالات ضرور ہیں مگر اس کے ذمہ دار70سالوں سے اقتدار کے مزے لوٹنے والے ہیں جنہوں نے ملک کو مسائل کے سواکچھ نہیں دیا۔

    انہوں نے کہا کہ معیشت کو درپیش مسائل حکومت اور تاجر برادری دونوں کی مربوط کوششوں سے حل کئے جا سکتے ہیں جس کے لیے تاجر برداری کو چاہیے وہ اپنا کردار ادا کریں حکومت بھی ملک میں تاجر برادری کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کر رہی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ تحر یک انصاف کی حکومت کا مشن صرف عام آدمی کی ترقی اور خوشحالی ہے جس کے لیے ملک کو معاشی طور پر مضبوط کر رہے ہیں۔

  • پاکستان کی عوام کرپٹ نہیں صرف چار فیصد اشرافیہ کرپٹ ہے، چوہدری محمد سرور

    پاکستان کی عوام کرپٹ نہیں صرف چار فیصد اشرافیہ کرپٹ ہے، چوہدری محمد سرور

    لاہور : گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ پاکستان کی عوام کرپٹ نہیں صرف چار فیصد اشرافیہ کرپٹ ہے، ہیلتھ سسٹم پر توجہ ناگزیر ہے،20 فیصد پولیس اہلکار ہیپاٹائٹس کا شکار ہیں۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں پاکستان اکیڈمی آف فیملی فیزیشنز کی جانب سے نجی ہوٹل میں انتیسویں سالانہ بین الاقوامی ڈاکٹرز کانفرنس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

    تقریب سے وزیراعظم کے مشیر نعیم الحق نے بھی خطاب کیا۔ چوہدری محمد سرور نے کہا کہ ملک میں صحت کے نظام پر بہت کام کرنے کی ضرورت ہے، دو ملین سئے زائد لوگ گندا پانی پینے پر مجبور ہیں، اسی وجہ سے کروڑوں لوگ ہیپاٹائٹس جیسے خطرناک مرض کا شکار ہیں۔

    ایک رپورٹ کے مطابق 20 فیصد پولیس اہلکار بھی ہیپاٹائٹس کا شکار ہیں۔ گورنر پنجاب کا مزید کہنا تھا کہ دو کروڑ بیس لاکھ بچے اسکولوں میں جانے کی بجائے گھروں میں کام کر رہے ہیں۔

    وزیر اعظم کی اوّلین ترجیح تعلیم اورصحت ہے، نعیم الحق 

    بین الاقوامی ڈاکٹرز کانفرنس سے خطاب میں مشیر وزیراعظم نعیم الحق کا کہنا تھا کہ عمران خان نے آج سے 25سال پہلے کینسر ہسپتال بنانے کا فیصلہ غریب عوام کے مفاد کیلئے کیا تھا۔

    وزیر اعظم کی اوّلین ترجیح تعلیم اورصحت ہے، ہم تعلیم کے سسٹم کو تبدیل کرنے کیلئے پانچ سال کی نہیں بیس سال کی پلاننگ کر رہے ہیں۔

    تقریب کے اختتام پر گورنر پنجاب چوہدری سرور نے ڈاکٹرز کو شیلڈز دیں جبکہ پاکستان اکیڈمی آف فیملی فیزیشنز کی جانب سے بھی گورنر پنجاب کو شیلڈ پیش کی گئی۔