Tag: governor rule in sindh

  • ‘صدر پاکستان کہیں گے تو سندھ میں  گورنر راج لگایا جائے گا’

    ‘صدر پاکستان کہیں گے تو سندھ میں گورنر راج لگایا جائے گا’

    کراچی : گورنر سندھ عمران اسماعیل کا کہنا ہے کہ صدر پاکستان کہیں گے تو گورنر راج لگا یا جائے گا لیکن فی الحال ایسا کچھ نہیں ہورہا ، شیخ رشید نے وزیر داخلہ کی حیثیت سے تجویز دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں مزار قائد پر حاضری کے بعد میڈیا سے گفتگو میں گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا کہ ڈاکٹر عارف علوی میرے باس ہیں گورنر راج صدر پاکستان کی ایماء پر لگایا جاتا ہے اگر صدر پاکستان کہیں گے تو لگاؤ گا لیکن ایسا کچھ ہونہیں رہا۔

    عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم ، ق لیگ اور بلوچستان عوامی پارٹی اپنا فیصلہ کرنے میں آزاد ہیں، منحرف اراکین نے جو کیا میرے نزدیک وہ غداری ہے ایسی قانون سازی ہونی چاہیے کہ وہ ایسی جرات نہ کریں۔

    گورنر سندھ نے کہا کہ مارچ بہت اہم مہینہ رہا او آئی سی کا بہت بڑا ڈیلیگیشن پاکستان آیا ہوا ہے، اسکوائش مقابلے ہوئے ، آسٹریلیا ٹیم پاکستان آئی ہوئی ہے، ہماری سیکورٹی ٹیم نے بہت اچھی سیکورٹی دی۔

    کشمیریوں کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ ہم آج کے دن کشمیری بھائیوں کو بھی نہیں بھولتے وہاں غیر انسانی سلوک روا رکھا جا رہا  ہے دنیا کی آنکھیں بند ہیں ہماری خواہش ہے کہ دنیا ادھر بھی دیکھے۔

  • ہمت ہے تو گورنر راج لگا کر دکھاؤ، بلاول بھٹو  کا عمران خان کو  چیلنچ

    ہمت ہے تو گورنر راج لگا کر دکھاؤ، بلاول بھٹو کا عمران خان کو چیلنچ

    اسلام آباد : پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے وزیراعظم عمران خان کو چیلنچ کیا ہے کہ ہمت ہے تو گورنر راج لگا کر دکھاؤ۔

    تفصیلات کے مطابق پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے سندھ میں گورنر راج کی‌ خبروں پر سماجی رابطے ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا ہمت ہے تو گورنر راج لگا کر دکھاؤ عمران خان، کل نہیں بلکہ آج گورنر راج لگاؤ، ان شااللہ ہم سب یہاں اسلام آباد آکرآپ کو جواب دیں گے۔

    یاد رہے وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے وزیراعظم عمران خان کو سندھ گورنرراج کی سمری پیش کی تاہم فیصلہ نہ ہوسکا۔

    بعد ازاں وزیر اعظم کی زیر صدارت اجلاس میں اراکین کی اکثریت نے بھی سندھ میں گورنر راج کی مخالفت کی اور رائے دی کہ اگر سندھ میں‌ گورنر راج لگایا گیا تو اس سے معاملات مزید خراب ہو سکتے ہیں۔

    اراکین کا کہنا تھا کہ گورنر راج سے قانونی معاملات میں بھی پیچیدگیاں پیدا ہوں گی، اراکین کی رائے سن کر وزیر اعظم عمران خان نے معاملے پر مزید غور کرنے کی ہدایت کر دی۔

    گذشتہ روز شیخ رشید نے وزیراعظم عمران خان کو سندھ میں گورنرراج کی تجویز دی تھی ، جس پر وزیراعظم نے بھی گورنر راج کی تجویز کی تائید کی تھی۔